منہاج ویلفیئر فائونڈیشن کے زیر اہتمام شادیوں کی 9 ویں سالانہ اجتماعی تقریب 14 اپریل 2013ء کو منہاج یونیورسٹی (بغداد ٹائون لاہور) کے گرائونڈ میں منعقد ہوئی 24 جوڑوں کا نکاح ہوا۔ جس میں ایک مسیحی اور 23 مسلمان جوڑے رشتہ ازدواج میں بندھ گئے جبکہ واہ کینٹ میں 12، فیصل آباد میں 25، خانقاہ ڈوگراں میں 25، بدوملہی میں 5، سیالکوٹ میں 12، دولتالہ میں 36شادیوں کا اہتمام کیا گیا۔ منہاج ویلفیئر فائونڈیشن کی طرف سے ہر دلہن کو ڈیڑھ لاکھ روپے مالیت کا گھریلو سامان اور جیولری سیٹ تحفے میں دیا گیا۔ 1500مہمانوں کے لئے کھانے کا اہتمام کیا گیا۔ مرکزی تقریب کی صدارت مرکزی امیر تحریک محترم صاحبزادہ مسکین فیض الرحمن درانی نے فرمائی جبکہ صاحبزادہ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری مہمان خصوصی تھے۔ دیگر مہمانوں میں اداکار حبیب الرحمن، اداکار عثمان پیرزادہ، منہاج ویلفیئر ہالینڈ کے صدر ڈاکٹر عابد عزیز، مفتی اعظم تحریک علامہ مفتی عبدالقیوم خان ہزاروی اور مرکزی ناظم رابطہ صاحبزادہ محمد حسین آزاد الازہری شامل تھے۔
اس موقع پر تقریب کے مہمان خصوصی صاحبزادہ ڈاکٹر حسن محی الدین القادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تحریک منہاج القرآن چاہتی تو یہ شادی پر اخراجات کی رقم منہاج ویلفیئر فائونڈیشن آپ کو گھر بھی بھجواسکتی تھی لیکن یہاں پر پروگرام منعقد کرنے کا مقصد انسانی مساوات قائم کرنا ہے جو کہ آقاA کی سنت بھی ہے۔ یہاں سب کو ایک جیسا جہیز دیا، ایک جیسا کھانا کھایا، ایک جیسا ویلکم کیا۔ اس فرق کو مٹادیا کہ یہ کس ملک سے تعلق رکھتا ہے یا یہ کس مذہب سے تعلق رکھتا ہے؟ یہاں مسیحی برادری کو اسی طرح پرتپاک انداز کے ساتھ مساوات پر مبنی شہری حقوق دیئے جو کہ آقاA کی حیات مبارکہ سے ثابت ہے۔ لہذا ضرورت اس امر کی ہے کہ اس دور فتن میں تمام پاکستان یکجان ہوکر اس کی بقا و سا لمیت پر دھیان دیں اور ایسی مثال پیش کریں جیسے کسی شاعر نے خوب کہا ہے!
ایک ہی صف میں کھڑے ہوگئے محمود و ایاز
نہ کوئی بندہ رہا نہ بندہ نواز
ساتھ ہی آپ نے بتایا کہ یہاں اجتماعی شادیوں کا مقصد جوڑوں کو کچھ ذمہ داریوں میں بھی پابند کرنا ہوتا ہے جن کا انہیں حیا رہتا ہے کہ آگے کی زندگی کس طریقے سے گزاریں کہ دین و دنیا کی بھلائی نصیب ہوسکے۔ عثمان پیرزادہ نے کہا کہ مجھے یہاں آکر بے حد خوشی ہوئی ہے اس دور میں جب لوگوں کو روٹی، کپڑا، مکان جیسی بنیادی ضروریات فراہم نہیں ہورہیں اور پاکستانی عوام کا جینا محال ہورہا ہے۔ منہاج ویلفیئر فائونڈیشن کا یہ بہت اچھا قدم ہے کہ ماں، باپ پر ایک بہت بڑی ذمہ داری جو اس دور فتن میں بوجھ سمجھی جارہی ہے جس کا نبھانا محال ہوچکا ہے۔ فائونڈیشن اس بوجھ کو ختم کرنے میں اہم کردار ادا کررہی ہے۔ اللہ رب العزت ان کو دین و دنیا میں بلندیاں عطا فرمائے۔ اسی طرح اداکار حبیب نے بھی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اس لائحہ عمل کو بہت سراہا۔
شادیوں کی اجتماعی تقریب میں ہر جوڑے کا الگ الگ نکاح منہاج القرآن کے مرکزی ناظم رابطہ علماء و مشائخ صاحبزادہ محمد حسین آزاد الازہری کے علاوہ ناظم علماء کونسل پنجاب علامہ میر محمد آصف اکبر نے پڑھایا۔ جبکہ مسیحی جوڑے کا نکاح ان کے پادری نے پڑھایا۔ اجتماعی نکاح کا خطبہ حضرت علامہ مفتی عبدالقیوم خان ہزاری نے دیا اور دعا مرکزی امیر تحریک منہاج القرآن صاحبزادہ مسکین فیض الرحمن درانی نے کرائی جس کے بعد جملہ مہمانوں کے لئے وسیع پیمانے پر کھانے کا اہتمام کیا گیا۔