{فرمان الہٰی}
فَاسْتَجَبْنَا لَهُ وَوَهَبْنَا لَهُ يَحْيٰی وَاَصْلَحْنَا لَهُ زَوْجَهُط اِنَّهُمْ کَانُوْا يُسٰرِعُوْنَ فِی الْخَيْرٰتِ وَيَدْعُوْنَنَا رَغَبًا وَّرَهَبًاط وَکَانُوْا لَنَا خٰشِعِيْنَ. وَالَّتِیْٓ اَحْصَنَتْ فَرْجَهَا فَنَفَخْنَا فِيْهَا مِنْ رُّوْحِنَا وَجَعَلْنٰهَا وَابْنَهَآ اٰيَةً لِّلْعٰلَمِيْنَ. اِنَّ هٰذِهِ اُمَّتُکُمْ اُمَّةً وَّاحِدَةً وَّاَنَا رَبُّکُمْ فَاعْبُدُوْنِ. وَتَقَطَّعُوْٓا اَمْرَهُمْ بَيْنَهُمط کُلٌّ اِلَيْنَا رٰجِعُوْنَ. فَمَنْ يَّعْمَلْ مِنَ الصّٰلِحٰتِ وَهُوَ مُؤْمِنٌ فَـلَا کُفْرَانَ لِسَعْيِهِج وَاِنَّا لَهُ کَاتِبُوْنَ.
(الانبياء، 21: 90-94)
’’تو ہم نے ان کی دعا قبول فرما لی اور ہم نے انہیں یحییٰ (علیہ السلام) عطا فرمایا اور ان کی خاطر ان کی زوجہ کو (بھی) درست (قابلِ اولاد) بنا دیا۔ بے شک یہ (سب) نیکی کے کاموں (کی انجام دہی) میں جلدی کرتے تھے اور ہمیں شوق و رغبت اور خوف و خشیّت (کی کیفیتوں) کے ساتھ پکارا کرتے تھے، اور ہمارے حضور بڑے عجزو نیاز کے ساتھ گڑگڑاتے تھے۔ اور اُس (پاکیزہ) خاتون (مریم علیہا السلام) کو بھی (یاد کریں) جس نے اپنی عفت کی حفاظت کی پھر ہم نے اس میں اپنی روح پھونک دی اور ہم نے اسے اور اس کے بیٹے (عیسیٰ علیہ السلام) کو جہان والوں کے لیے (اپنی قدرت کی) نشانی بنا دیا۔ بے شک یہ تمہاری ملت ہے (سب) ایک ہی ملت ہے اور میں تمہارا رب ہوں پس تم میری (ہی) عبادت کیا کرو۔ اور ان (اہلِ کتاب) نے آپس میں اپنے دین کو ٹکڑے ٹکڑے کر ڈالا، یہ سب ہماری ہی جانب لوٹ کر آنے والے ہیں۔ پس جو کوئی نیک عمل کرے اور وہ مومن بھی ہو تو اس کی کوشش (کی جزا) کا انکار نہ ہوگا، اور بے شک ہم اس کے (سب) اعمال کو لکھ رہے ہیں‘‘۔
(ترجمه عرفان القرآن)
{نعتِ رسولِ مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم}
فضل رب العلی اور کیا چاہئے؟
مل گئے مصطفی اور کیا چاہئے؟
دامنِ مصطفی جس کے ہاتھوں میں ہو
اس کو روزِ جزا اور کیا چاہئے؟
ان کی دربار میں حاضری ہوگئی
مل گیا مدعا اور کیا چاہئے؟
گنبدِ سبز خوابوں میں آنے لگا
حاضری کا صلہ اور کیا چاہئے؟
جالیوں سے ہے مَس سینۂ پر خطا
دردِ دل کی دوا اور کیا چاہئے؟
بھیک کے ساتھ ہی ان کے دربار سے
مل رہی ہے دعا اور کیا چاہئے؟
میری ہر سانس وقفِ ثناء نبی
فیضِ مدح و ثناء اور کیا چاہئے؟
شافعِ حشر ہیں تاجدارِ حرم
امتِ بے نوا اور کیا چاہئے؟
عاصیوں پہ کرم ہر عطا پر عطا
رحمتِ مصطفی اور کیا چاہئے؟
جیتے جی لطف سرکار سے مل گیا
خلد میں داخلہ اور کیا چاہئے؟
یہ جبیں اور ریاض الجنۃ کی زمیں
اب قضا کے سوا اور کیا چاہئے؟
ہے سکندر ثناء خوانِ شامِ امم
عزت و مرتبہ اور کیا چاہئے؟
(سکندر لکھنوی)