جیسا کہ آپ کے علم میں ہے کہ تحریک منہاج القرآن کی رفاقت کا آغاز تحریک کے قیام کے ساتھ ہی ہو گیا تھا۔ 1981ء میں رفاقت کا ماہانہ زرتعاون 25 روپے طے کیا گیا تھا۔ یہ زرتعاون رفیق کی جانب سے تحریک کے مالی وسائل میں معاونت کی ایک صورت تھی۔ ابتدائی 7 سال میں اس زرتعاون کے عوض رفقاء کو باقاعدہ لٹریچر کے طور پر کوئی میٹریل ارسال نہیں کیا جاتا تھا۔ بعد ازاں اپریل 1987ء میں ماہنامہ منہاج القرآن کا آغاز ہوا، اسی سال تحریک کی مرکزی مجلس شوریٰ نے فیصلہ کیا کہ رفقاء کو مرکز کی جانب سے باخبر رکھنے اور تربیت کے مقاصد کے پیشِ نظر مجلہ ارسال کیا جائے چنانچہ 20 سال قبل مجلہ کی ترسیل کا آغاز ہو گیا لیکن مالی طور پر رفقاء پر اضافی بوجھ نہ ڈالاگیا اور زرتعاون میں سے ہی مجلہ کی قیمت اور ترسیل کے اخراجات کا انتظام کیا جاتا رہا۔ 1981 تا 2007ء، اس 26 سالہ سفر کے دوران ملکی معیشت میں کئی نشیب و فراز آئے، ہر چیز کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں۔ لامحالہ اس کا اثر ماہنامہ منہاج القرآن کی پرنٹنگ، اس کی کاسٹ اور ترسیل پر بھی پڑا۔ مجلہ جو ابتدائی سالوں میں اڑھائی تین روپے میں تیار ہوکر چار روپے تک بمعہ جملہ اخراجات ارسال کیا جاتا تھا، اب اس کی Printing اور ترسیل پر تقریباً 17 روپے اخراجات آتے ہیں۔
کچھ ماہ قبل تحریک کی CWC میں رفاقت کے زرتعاون میں اضافہ کی تجویز زیر غور آئی اور اس سلسلہ میں ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کی گئی جس نے اضافہ کی مختلف تجاویز پیش کیں۔ CWC نے یہ تجاویز ایگزیکٹو کونسل اور مرکزی مجلس شوریٰ کے اجلاسوں میں منظوری کے لئے پیش کیں۔ ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس مورخہ 23 جون 2007ء میں ان تمام تجاویز کو زیر بحث لایا گیا۔ سنٹرل ایگزیکٹو کونسل نے ان سفارشات کی روشنی میں (i ) ماہانہ زرتعاون 35 روپے اور سالانہ 400 روپے مقرر کرنے کی منظوری دی۔ (ii) تاحیات رفاقت کے سلسلہ میں فیصلہ کیا گیا کہ اس کا زرتعاون حسب سابق 5000 ہی رہے گا لیکن تاحیات رفقاء کو مجلہ کی اعزازی ترسیل 10 سال تک کی جائے گی، جو تاحیات رفقاء اس مدت کے بعد مجلہ حاصل کرنا چاہیں گے وہ مجلہ کی سالانہ زرِ خریداری ادا کرکے مجلہ حاصل کرسکیں گے۔ (iii) مجلہ کی سالانہ خریداری 250 روپے کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ سنٹرل ایگزیکٹو کونسل نے یہ فیصلہ جات توثیق کے لئے مجلس شوریٰ کے اجلاس منعقدہ 24 جون 2007ء میں پیش کئے۔ اگرچہ شوریٰ کی سادہ اکثریت نے زرتعاون 35 روپے ماہانہ کرنے کی تجویز کی منظوری دے دی تھی مگر اس فیصلے کی اہمیت کے پیش نظر شوریٰ میں حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا اور اتفاق رائے سے فیصلہ کیا گیا کہ ان فیصلہ جات کو بطور تجاویز جملہ تحصیلی تنظیمات کو بھجوایا جائے گا اور ان سے تحریری آراء لی جائیں گی جن کو Compile کرکے ایگزیکٹو کونسل کے آئندہ اجلاس میں پیش کیا جائے گا اور اس معاملے پر حتمی فیصلے کا اختیار ایگزیکٹو کونسل کو دیا گیا۔ تحصیلی تنظیمات کو مورخہ 18 اگست 2007ء کو اپنی تجاویز ارسال کرنے کے لئے خط ارسال کیا گیا، جس کے جواب میں چند تنظیمات نے اپنا Feed Back بھجوایا ہے جبکہ تنظیمات کی اکثریت نے اس تجویز سے اتفاق کیا ہے۔ یہ معاملہ سنٹرل ایگزیکٹو کے اجلاس مورخہ 18 نومبر 2007ء میں تنظیمات کے Feed Back کے ساتھ رکھا گیا۔ تفصیلی بحث کے بعد سنٹرل ایگزیکٹو کونسل نے درج بالا تجاویز کی کثرت رائے سے منظوری دی ہے، لہٰذا:
- یکم جنوری 2008ء سے رفاقت کا ماہانہ زرِ اعانت 35 روپے، سہ ماہی 100 روپے اور سالانہ 400 روپے نافذ العمل ہوگا۔
- تاحیات رفاقت کا زرتعاون حسب سابق 5000 روپے ہوگا لیکن تاحیات رفقاء کو مجلہ کی اعزازی ترسیل کا عرصہ 10 سال طے کیا گیا۔ 10 سال کے بعد تاحیات رفاقت کا اعزاز تو برقرار رہے لیکن اگر اس مدت کے بعد کوئی تاحیات رفیق مجلہ حاصل کرنا چاہیں گے تو سالانہ زرِخریداری ادا کرکے حاصل کرسکیں گے۔ جن تاحیات رفقاء کی تاحیات رفاقت کی مدت 10 سال مکمل ہو چکی ہے انہیں جون 2008ء تک اعزازی مجلہ کی ترسیل کی جائے گی اور اس طرح اس فیصلہ کا اطلاق یکم جولائی 2008ء سے ہوگا۔
- ماہنامہ منہاج القرآن کا سالانہ زرِ خریداری 250 روپے سالانہ ہوگا اور اس کا اطلاق بھی یکم جنوری 2008ء سے ہوگا۔
امید ہے تنظیمات و رفقاء تحریک کے وسیع تر مفاد میں ان فیصلہ جات پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں گی۔
المشتہر: نظامت ممبر شپ تحریک منہاج القرآن
فون نمبر: 140-140-111-42-0092 ایکسٹینشن : 139
(ممبرشپ ہیلپ لائن 4432717-0300 سرفراز احمد خان)