منہاج یونیورسٹی لاہور اور ایف سی کالج یونیورسٹی کے شعبہ ڈائیلاگ اینڈ ایکشن کے زیر اہتمام 8 دسمبر 2015ء کو ایف سی کالج یونیورسٹی لاہور میں ’’پیس آن ارتھ‘‘ کے عنوان سے سیمینار منعقد ہوا۔
اس سیمینار میں وائس چیئرمین بورڈ آف گورنرز منہاج یونیورسٹی محترم ڈاکٹر حسین محی الدین قادری، ایف سی یونیورسٹی کے نائب صدر جان جوزف، ڈاکٹر چارلس رمزے، منہاج یونیورسٹی کے وائس چانسلرڈاکٹر اسلم غوری، سابق وزیر تعلیم میاں عمران مسعود، رجسٹرار ایف سی یونیورسٹی ڈاکٹر حامد سعید، ڈاکٹر رابرٹ، خرم نواز گنڈا پور، میجر (ر) محمد سعید، جی ایم ملک، فادر جمیز چنن، بشپ منورمل، ارون کمال، پرکاش سنگھ، ڈاکٹر نصیر احمد، کرنل احمد، سجاد العزیز، جاوید قادری، ساجد بھٹی اور ڈائریکٹر انٹر فیتھ ریلیشنز سہیل احمد رضا خصوصی طور پر شریک ہوئے۔
ایف سی کالج یونیورسٹی کے رجسٹرار ڈاکٹر حامد سعید نے یونیورسٹی آمد پر محترم ڈاکٹر حسین محی الدین کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ 1981ء میں اس یونیورسٹی میں ڈاکٹر محمد طاہرالقادری صاحب نے ’’انقلاب اسلام کی نظر میں‘‘ کے موضوع پر ایک فکر انگیز خطاب کیا تھا جو آج بھی ہمیں یاد ہے۔ ہمیں خوشی ہے کہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری صاحب کے بیٹے بھی ان کے علمی و ادبی اثاثوں کے محافظ اور مبلغ ہیں۔
- سیمینار کے مہمان خصوصی محترم ڈاکٹر حسین محی الدین نے کہا کہ پیغمبرانِ خدا زمین پر تعلیم عام کرنے، انصاف کا بول بالا کرنے اور امن برپا کرنے کے احکامات خداوندی کے ساتھ معبوث ہوئے۔ صوفیاء کرام نے اسلام کی حقیقی تصویر پیش کی۔ آج کے اس پلیٹ فارم سے ہمارا یہ پیغام ہے کہ امن اور محبت کو عام کیا جائے۔ اپنے ملک اور دنیا سے پیار کیا جائے اور خود کو سچا اور دوسرے کو جھوٹا ثابت کرنے کی منفی دوڑ ختم کر دی جائے۔ دہشت گردی کے خلاف مسلم اور عیسائی دنیا کو مل کر چلنا ہو گا۔ جانوروں کے حقوق کا تعین کرنے والا اسلام بے گناہوں کی جانیں لینے کی اجازت کیسے دے سکتا ہے؟
- ڈاکٹر جان جوزف نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کا فروغ امن نصاب مسلمانوں کی نہیں پوری انسانیت کی خدمت ہے۔
- سابق وزیر تعلیم میاں عمران مسعود نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کیلئے یونیورسٹیوں کے اندر مکالمہ ہونا چاہیے۔ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری دنیا میں اسلام کی حقیقی تعلیمات کے فروغ پر خراج تحسین کے مستحق ہیں۔
- ڈاکٹر چارلس رمزے نے کہا کہ تعلیم، انصاف کا بول بالا اصل خدمت اور عبادت ہے۔ ہمیں خوشی ہے کہ اسلامی سکالرز دہشت گردوں کے نکتہ نظر کو قرآن و سنت کی روشنی میں دلائل کے ساتھ مسترد کر کے نئی نسل کی رہنمائی کررہے ہیں۔ دہشت گردی کو اسلام سے جوڑنا فکری بددیانتی ہے۔
اس سیمینار میں حضور نبی اکرم صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم اور حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے یوم ولادت کے سلسلے میں کیک کاٹے گئے۔ محترم ڈاکٹر حسین محی الدین اور ڈاکٹر جان جوزف نے منہاج یونیورسٹی اور ایف سی یونیورسٹی کے طلباء و طالبات سے ملکر امن کی شمع روشن کی اور عزم کیا کہ بین المذاہب ہم آہنگی اور انسانی بھائی چارہ کے فروغ کیلئے دونوں یونیورسٹیوں کے طلباء اور طالبات علاقائی اور عالمی امن کیلئے مل کر کام کرینگے اور اس فروغ امن جدوجہد میں دیگر یونیورسٹیوں کے طلباء اور اساتذہ کو بھی شامل کیا جائے گا۔
اس موقع پر منہاج القرآن انٹرفیتھ ریلیشنز کے ڈائریکٹر محترم سہیل احمد رضا کو بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کیلئے شاندار خدمات انجام دینے پر ایوارڈ سے نوازا گیا۔