تحریک منہاج القرآن کے اہداف عالیہ میں سے ایک عظیم ہدف رجوع الی القرآن ہے۔ روز اول ہی سے بانی تحریک شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری مد ظلہ العالی نے اس تحریک کا خمیر قرآن حکیم سے اٹھایا ہے۔ اس ضرورت کو محسوس کیا گیا کہ عامۃ الناس کا قرآن کریم سے ربط و تعلق استوار کرنے کا اہتمام کیا جائے۔ جس میں انہیں صحتِ لفظی کے ساتھ قرآن پڑھنا، گہرے فکر و تدبر کے ساتھ ترجمہ قرآن، علوم الحدیث سے شناسائی اور ابلاغ کا طریقہ سکھایا جائے۔ امت کی ایک ایسی اکثریت تک ان علوم کی رسائی ممکن بنانا جنہیں براہِ راست مدارسِ دینیہ سے ان علوم کی تحصیل کا موقع نہیں ملتا۔
مقامی سطح پر جا کر ان علوم و فنون کو سکھانے کا اہتمام کرنے کے لئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی ہدایات کی روشنی میں نظامتِ تربیت تحریک منہاج القرآن میں شعبہ کورسز کا قیام عمل میں لایا گیا۔ اس شعبہ میں علامہ حافظ محمد سعید رضا بغدادی کی سربراہی میں علامہ محمود مسعود قادری (مرکزی کوآرڈینیٹر کورسز)، علامہ محمد سرفراز قادری (سینئر ڈپٹی ڈائریکٹر)اور علامہ حسن محمود جماعتی (سینئر ڈپٹی ڈائریکٹر) خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ شعبہ کورسز کے زیر اہتمام ملکی، صوبائی اور ضلعی سطح پر قرآن و حدیث پر مشتمل شارٹ کورسز کا انعقاد کیا گیا۔ ملکی، صوبائی اور ضلعی سطح پر ڈپلومہ ان قرآن سٹڈیز کے کیمپس کے ذریعے پندرہ ہزار معلمین و معلمات تیار کیے گئے جن کے ذریعے ملک کے طول و عرض میں لاکھوں افراد تک علومِ قرآنیہ کے انوار کو پہنچایا گیا۔شعبہ کورسز کے زیر اہتمام منعقدہ جملہ کورسز کو تمام شعبہ ہائے زندگی کے افراد اور دنیا بھرسے مرد خواتین کے ہاں یکساں پذیرائی حاصل ہوئی۔
جب سال 2020ء میں کرونا وبا اور اور عالمی سطح پر لاک ڈاؤن کی وجہ سے لوگ اپنے گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے تو اس موقع پر تحریک منہاج القرآن کے شعبہ کورسزنے لوگوں کے وقت کو مفید اور کارآمد بنانے کے لئے آن لائن درج ذیل تدریسی کورسز کا اہتمام کیا، جن کو دنیا بھر میں بہت پذیرائی حاصل ہوئی:
1۔ عریبک لینگوئج کورس
لاک ڈاون کے دوران سب سے پہلا منعقد ہونے والا کورس عریبک لینگوئج کورس تھا ۔ یہ اپنی نوعیت کا پہلا اور منفرد کورس تھا جس میں دنیا بھر سے 120 ممالک کے 8ہزار افراد نے بذریعہ آن لائن داخلہ لیا۔ کورس کے لیکچرز منہاج القرآن کے آفیشیل فیس بک پیج پر براہ راست نشر کیے گئے جن کی یومیہ Reach اوسطاً ایک لاکھ سے زائد رہی۔ 25 روزہ اس کورس کی روزانہ ایک گھنٹہ کلاس میں محترم حافظ محمد سعید رضا بغدادی (ڈائریکٹر کورسز)نے نے عربی گرائمر، روزہ مرہ زندگی کے معمو لات پر مکالمہ جات اور الفاظ و معانی کی تدریس کی۔
2۔ عرفان التجوید و القرأۃ کورس
رمضان المبارک سال2020 ء میں عرفان التجوید و القراۃ کورس کا اہتمام کیا گیا جس میں دنیا بھر سے پانچ ہزار افراد نے رجسٹریشن کروائی۔ اس کورس کے لیکچرز منہاج ٹی وی پر نشر کیے گئے۔ بیس روزہ اس کورس میں مدارس دینیہ میں مروجہ دو سالہ نصابِ تجوید بیس دن میں مکمل پڑھایا گیا۔ جس میں قواعدِ تجوید کے ساتھ ساتھ قرأت کی عملی مشق بھی کروائی گئی۔ اس کورس میں محترم حافظ محمد سعید رضا بغدادی (ڈائریکٹر کورسز) نے تدریس کے فرائض سرانجام دیئے۔
3۔ فنِ خطابت و نقابت کورس
علماء، طلبہ اور عوام الناس کیے لئے فنِ خطابت اورحسنِ کلام کی اہمیت کے پیش نظر 15 روزہ فنِ خطابت و نقابت کورس کا اہتمام کیا گیا۔ ڈیڑھ گھنٹے کے دورانیہ پر مشتمل کلاس کو دو حصوں میں تقسیم کیا گیا۔ جس کے پہلے حصے میں خود اعتمادی کے حصول کا طریقہ اور موضوعات کی تیاری کے طریقہ کار پر محترم محمود مسعود قادری ( مرکزی کوآرڈینیٹر کورسز)نے تدریس کی۔ جب کہ دوسرے حصے میں محترم علامہ محمد سرفراز قادری (سینئر ڈپٹی ڈائریکٹر )نے خطابت و نقابت کی عملی مشق کروائی۔ عوام کے بھرپور اصرار پر اور پذیرائی پر یہ کورس دو مرتبہ منعقد کیا گیا۔ جس میں 600 سے زائد افراد نے شرکت کی۔
4۔ عالمی فنِ قرأت کورس
یہ کورس اپنی نوعیت کا پہلا منفرد، تاریخی اور عالمی کورس ہے۔ جس میں دنیا بھر سے فنِ قرأت کے جیدترین اساتذہ کرام نے ایک پلیٹ فارم پر جمع ہو کر دنیا بھر سے ہزاروں افراد کو فن تجوید و قرات کی تدریس کی۔ اس کورس میں قواعدِ تجوید کی تدریس محترم حافظ محمد سعید رضا بغدادی نے کی جبکہ فضیلۃ الشیخ محمود سمیر خطاب (مصر)، فضیلۃ الشیخ حاج مہدی حسنی (ایران)، فضیلۃ الشیخ ڈاکٹر عبد المعین محمد اکرام (مدینہ منورہ)، فضیلۃ الشیخ قاری سید صداقت علی(پاکستان)، فضیلۃ الشیخ قاری کرامت علی نعیمی (پاکستان)، فضیلۃ الشیخ قاری سید خالد حمید کاظمی الازھری (پاکستان)، فضیلۃ الشیخ قاری اللہ بخش نقشبندی (پاکستان)، قاری نور احمد چشتی (پاکستان) اور قاری محمد عثمان قادری (پاکستان) نے صحتِ تلفظ کے ساتھ قرأتِ قرآن اورخصوصی طور پر لہجات و مقاماتِ قرآن کی عملی مشق بھی کروائی۔
5۔ عرفان الفقہ کورس
دورِ جدید میں پیش آمدہ نت نئے مسائل اور عوام کی بنیادی فقہی ضروریات کے پیش نظر جنوری 2021ء میں عرفان الفقہ کورس کا اہتمام کیا گیا۔ اس کورس میں تعارفِ فقہ، قرآن و حدیث کی روشنی میں فقہ کی ضرورت و اہمیت ، فقہا ء اور مذاہب اربعہ کے تعارف کے علاوہ اصول فقہ، طہارت، نماز، روزہ، زکوۃ، حج و عمرہ، نکاح و طلاق، تجہیز و تکفین اور جدید مسائل کے ساتھ ساتھ آداب و معاملات کے موضوعات پر تدریس کی گئی۔اس کورس میں مفتی اعظم منہاج القرآن مفتی عبد القیوم خان ہزاروی،شیخ القرآن و الحدیث پروفیسر محمد نواز ظفر چشتی، علامہ محمود مسعود قادری (مرکزی کوآرڈینیٹر کورسز)، علامہ محمد سرفراز قادری (سینئر ڈپٹی ڈائریکٹر ) اور علامہ حسن محمود جماعتی (سینئر ڈپٹی ڈائریکٹر) نے تدریس کے فرائض سرانجام دیئے۔
6۔ سفرِ نور کورس
امسال رمضان المبارک میں پہلی دفعہ قرآنی انسائیکلوپیڈیا کے مضامین پر مشتمل دورۂ قرآن بعنوان ’’سفر نور کور س‘‘ کا انعقاد کیا گیا۔ ایک ماہ کے دورانیے پر مشتمل اس کورس میں روزانہ دو گھنٹے کی کلاس میں حافظ محمد سعید رضا بغدادی (ڈائریکٹر کورسز) نے تجوید القرآن، عربی گرامر، لغت القرآن، علوم القرآن، تفسیر القرآن، بالخصوص قرآن کے اخلاقی، روحانی، علمی، فکری، اصلاحی، تنظیمی، تحریکی و انقلابی، انفرادی و عائلی اور سماجی پہلوؤں کا احاطہ کیا گیا۔ جسے ہر خاص و عام کی طرف سے بھر پور پذیرائی حاصل ہوئی۔ سفر نور کورس میں 700فیملیز نے دنیا بھر سے رجسٹریشن کروائی۔ اس کورس کے لیکچرز کو یوٹیوب پر بھی لائیو نشر کیا گیا اور ہزاروں کی تعداد میں دنیا بھر سے لوگوں نے اس سے استفادہ کیا۔ اس کورس میں پاکستان سمیت امریکہ، انگلینڈ، جرمنی، فرانس، ڈنمارک، ناروے، عرب امارات، قطر، عمان، ہانگ کانگ، سعودی عرب، انڈیا اورمقبوضہ جموں کشمیر سے شرکاء نے شرکت کی۔
اختتامی تقریب سفرِ نور کورس
اس کورس کی اختتامی تقریب 3 جون 2021ء کو مرکزی سیکرٹریٹ پر منعقد ہوئی جس میں پاکستان کی معروف علمی وروحانی ، صحافتی و ادبی اور کاروباری شخصیات شریک ہوئیں جن میں محترم صاحبزاد ہ سلطان احمد علی (سجادہ نشین حضرت سلطان باھو)، محترم آغا جعفر روناس (ڈائریکٹر جنرل خانہ فرہنگ اسلامی جمہوریہ ایران)، محترم آغا سید جواد حسین نقوی (سربراہ جامعہ عروۃ الوثقی لاہور)، محترم علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی (ناظم اعلیٰ جامعہ نعیمیہ لاہور)، امجد چوہدری (چیئرمین لاہور بزنس مین فرنٹ)، سید عظمت علی شاہ (کوآرڈینیٹر گورنر پنجاب برائے بزنس کمیونیٹی)، محترم بابر بٹ (صدر آل پاکستان سمال ٹریڈرز اینڈ انڈسٹریز)، محترمہ صوفیہ بیداربخت (معروف کالم نگار)، محترم خرم نواز گنڈاپور (ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن)، محترم پروفیسر سلیم احمد چوہدری (نائب ناظم اعلیٰ تربیت TMQ) اور محترم نور اللہ صدیقی (نائب ناظم اعلیٰ میڈیا افیئرزTMQ) شامل ہیں۔ اس تقریب میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے خصوصی گفتگو فرمائی۔ تقریب میں ڈائریکٹر کورسز حافظ محمد سعید رضا بغدادی نے تحریک منہاج کے بینر تلے رجوع الی القرآن کے عالمی پراجیکٹ کا اعلان کیا۔ تقریب کے اختتام پر ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن محترم خرم نواز گنڈا پور نے شعبہ کورسز کی قرآنی علوم کے لئے خدمات کو سراہا ۔ معزز مہمانوں نے رجوع الی القرآن کے اس عظیم مشن کی ترویج و اشاعت کے لیے تحریک منہاج القرآن کے شانہ بشانہ کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔