حمد باری تعالیٰ
خدا ہی کو زیبا ہیں سب خوبیاں
جو ہے پاک پروردگارِ جہاں
قیامت کے دن کا ہے مالک وہی
جو دے گا جزا سب کو اعمال کی
فقط ہم تجھے پوجتے ہیں خدا
تجھی سے مدد مانگتے ہیں سدا
دکھا ہم کو یا رب رہِ مستقیم
ہمیں راہِ حق پر چلا اے کریم
تو ان پاک لوگوں کا رستہ دکھا
کہ جن پر سدا فضل تیرا ہوا
نہ ان کا، ہوا جن پہ نازل غضب
نہ گمراہوں کی رہ دکھا میرے رب
ہماری دعا کر قبول اے خدا
ترے بن نہیں کوئی سنتا دعا
(حدید مرزا)
نعتِ رسولِ مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم
حُسنِ عمل پہ اپنے نہ کچھ اعتبار کر
’’ہے مغفرِت کی آرزو تو اُن سے پیار کر‘‘
دل میں بسا کے حُسنِ رُخِ مصطفیٰ کی یاد
بختِ خزاں نصیب کو رشکِ بہار کر
نکلیں شعاعیں نور کی تیرے وجود سے
پڑھ پڑھ درود ایسا اسے تابدار کر
کرکے نثار ان پہ زر و مال و جان و دل
خود کو فدائے خاکِ رہِ یارِ غار کر
پابوسی حضور کا موقع ہوا نصیب
اچھا کیا ہے مجھ کو لحد میں اتار کر
ہمذالی لمحہ لمحہ پڑھیں دھڑکنیں دُرود
دل کا نبی سے رابطہ یوں اُستوار کر
(انجینئر اشفاق حسین ہمذالی)