چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے 7 فروری 2020ء سے یکم مارچ 2020ء تک یورپ کا تاریخی تنظیمی و تربیتی دورہ کیا۔ اس دوران وہ سویڈن، ڈنمارک، ناروے، نارتھ اٹلی، سائوتھ اٹلی، فرانس، برطانیہ، جرمنی، سپین اور آسٹریلیا تشریف لے گئے جہاں انہوں نے ممتاز پاکستانیوں، علمائے کرام، مختلف شعبہ جات کے ماہرین، نوجوانوں اور منہاج القرآن انٹرنیشنل یورپ کے رہنمائوں اور تنظیمی عہدیداروں سے ملاقاتیں کیں۔ چیئرمین سپریم کونسل کے دورے کی مختصر روداد ماہنامہ منہاج القرآن کے قارئین کے مطالعہ کیلئے پیش خدمت ہے۔
دین اسلام کی ترویج و اشاعت میں جہاں بے مثال، لازوال قربانیاں کارفرما ہیں وہاں حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سمیت ان کے اصحاب کے اسفار کا بھی مرکزی کردار ہے۔ غارِ حرا کا تفکر و تدبر ہو یا وادی طائف کے خونچکاں مناظر، شعب ابی طالب کا سفر ہو یا ہجرت حبشہ وہجرت مدینہ، اس سفر در سفر سے دینِ اسلام کی حقانیت کا سورج چہار دام اپنی کرنیں بکھیرتا نظر آتا ہے۔ ریاستِ مدینہ کے قیام کے بعد اصحابِ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم جو تاجدار انبیاء حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے براہ راست فیض یافتہ تھے، وہ ایک لمحہ کیلئے بھی آرام سے نہ بیٹھے اور مصطفوی انقلاب کا پرچم لے کر نگر نگر، گلی گلی، کوچہ کوچہ میں گئے۔ اصحاب رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اس سفر کی برکت سے اسلام کی روشنی اندھیروں میں ڈوبے ہوئے خطوں کو تاباں و منور کرتی رہی اور یوں اس سفر کی برکت سے قرآن و سنت کا حقیقی پیغام مختصر عرصہ میں دنیا کے گوشے گوشے تک پہنچ گیا۔
یہ کہنا مبالغہ آرائی نہ ہو گا کہ اسلام قربانی اور سفر سے پھیلا اور اس کا دوام اور استحکام بھی سفر سے جڑاہے۔ سورہ آل عمران میں ارشاد باری تعالیٰ ہے:
کُنْتُمْ خَیْرَ اُمَّةٍ اُخْرِجَتْ لِلنَّاسِ تَاْمُرُوْنَ بِالْمَعْرُوْفِ وَتَنْهَوْنَ عَنِ الْمُنْکَرِ وَتُؤْمِنُوْنَ بِاللهِ.
’’تم بہترین اُمّت ہو جو سب لوگوں (کی رہنمائی) کے لیے ظاہر کی گئی ہے، تم بھلائی کا حکم دیتے ہو اور برائی سے منع کرتے ہو اور اللہ پر ایمان رکھتے ہو‘‘۔
(آل عمران، 3: 110)
امر بالمعروف و نہی المنکر ایک دینی تقاضا ہے، اسلامی تعلیمات فرد کے اصلاح احوال کی تلقین تک محدود نہیں ہیں بلکہ مصطفوی تعلیمات کا مرکز و محور اصلاحِ احوال کے ساتھ ساتھ اصلاحِ معاشرہ بھی ہے۔ تحریک منہاج القرآن کے کارکنان، رفقاء اور ذمہ داران اس امر سے بخوبی آگاہ ہیں کہ بانی تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری پاکستان کی وہ واحد شخصیت ہیں جنہوں نے اصلاحِ احوال اور اصلاحِ معاشرہ کے نبوی مشن کا پرچم تھام کر 4 دہائیاں پاکستان کے ہر صوبے، ہر ضلع، ہر تحصیل، ہر شہر، ہر گائوں یہاں تک کہ یونین کونسل تک کا سفر کیا اور امر بالمعروف و نہی عن المنکر کے حکم پر اس کی روح کے مطابق عملدرآمد کیا۔ 4دہائیاں تو پاکستان میں اس قرآنی حکم پر عمل ہوتا رہا اور اب دو دہائیوں سے پوری دنیا میں اس قرآنی حکم کی بجا آوری ہورہی ہے اور آج اگر عقیدۂ توحید، عقیدۂ رسالت سمیت جملہ عقائد اور علوم القرآن، علوم الحدیث کی صحیح تصویر عامۃ الناس کے سامنے پیش ہورہی ہے تو اس کے پس پردہ شیخ الاسلا م ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اور ان کے فرزندان ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، ڈاکٹر حسین محی الدین قادری اور تحریک کے جملہ قائدین وعہدیداران کی محنت اور مسلسل سفر کارفرما ہے۔
منہاج القرآن کے علمائے کرام، نظامت دعوت و تربیت سمیت تحریک کے جملہ فورمز کے صدور سالہا سال مصطفوی تعلیمات کا پرچم تھامے مسلسل سفر میں رہتے ہیں اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور ان کے اصحاب کی سنت کو زندہ رکھے ہوئے ہیں۔ ولادتِ مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا مبارک ماہ ربیع الاول ہو، رمضان المبارک کی مبارک گھڑیاں ہوں یا عاشورہ محرم الحرام، تحریک منہاج القرآن نے مصطفوی و حسینی پیغام کو خاص و عام تک پہنچانے میں کبھی تساہل سے کام نہیں لیا ۔قرآن پاک میں مختلف مقامات پر مومنوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ:
قُلْ سِیْرُوْا فِی الْاَرْضِ ثُمَّ انْظُرُوْا کَیْفَ کَانَ عَاقِبَةُ الْمُکَذِّبِیْنَ.
’’فرما دیجیے کہ تم زمین پر چلو پھرو، پھر (نگاہِ عبرت سے) دیکھو کہ (حق کو) جھٹلانے والوں کا انجام کیسا ہوا‘‘۔
(الانعام، 6: 11)
اس سیر کا مقصد یہ ہے کہ زمین پر اللہ کی نشانیاں دیکھیں، نافرمانوں کے انجام ملاحظہ کریں اور اس سے عبرت حاصل کریں اور اپنے اس مشاہدے کے نتیجے میں مصطفوی زندگی کے قالب میں خود کو ڈھالیں۔
مذکورہ قرآنی حکم پر ان کی روح کے مطابق عمل کرنے کی سعادت بھی منہاج القرآن کی مرکزی قیادت اور اس کے جملہ قائدین کے حصے میں آئی ہے۔ ملکی و بین الاقوامی سفر کے نتیجے میں میسر آنے والے مشاہدات اور تجربات کا فائدہ بھی 22کروڑ آبادی والے ملک پاکستان کو پہنچ رہا ہے۔ اگر آج ہم بین الاقوامی معیار کی منہاج یونیورسٹی لاہور، کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز، منہاج گرلز کالج، آغوش آرفن کیئر ہوم، آغوش گرائمر سکول، منہاج ایجوکیشن سوسائٹی، منہاج ویلفیئر فائونڈیشن اور منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ جیسے ممتاز ادارے دیکھتے ہیں تو ان کے پیچھے منہاج القرآن کی قیادت کا بین الاقوامی سفر اور اس کے نتیجے میں حاصل ہونے والا مشاہدہ اور ویژن کار فرما ہے۔
چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری اصلاحِ احوال، اصلاحِ معاشرہ و دین حق کا یہ پیغام یورپ، برطانیہ، آسٹریلیا، امریکہ، نارتھ امریکا ہر جگہ لے کر جاتے ہیں اور الحمدللہ اس سفر کی برکت سے دنیا بھر میں آباد مسلم خاندانوں کی نئی نسل جو برگشتہ دین ہو چکی تھی، دوبارہ مصطفوی تعلیمات اور مشن مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا حصہ بن رہی ہے۔ ہر سال یورپ، برطانیہ، امریکہ، پاکستان میں اصلاحِ احوال، تزکیہ نفس، تصفیہ قلب کیلئے تربیتی کیمپس منعقد ہوتے ہیں اور ان کیمپس میں نوجوان بڑھ، چڑھ کر حصہ لیتے اور گریہ و زاری کرتے نظر آتے ہیں۔ 21 ویں صدی کے دجالی ماحول کے اندر کردار سازی اور عقائد کے تحفظ کے باب میں یہ غیر معمولی کامیابی ہے جو حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے نعلین پاک کے تصدق سے منہاج القرآن اور اس کی قیادت کے حصے میں آئی ہے۔سفر اور اس کی برکتوں کے ضمن میں حکیم الامت علامہ محمد اقبال ؒ فرماتے ہیں:
سمجھتا ہے تُو راز ہے زندگی
فقط ذوقِ پرواز ہے زندگی
بہت اس نے دیکھے ہیں پست و بلند
سفر اس کو منزل سے بڑھ کر پسند
سفر زندگی کے لیے برگ و ساز
سفر ہے حقیقت، حضَر ہے مجاز
ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے اپنے دورہ یورپ کے دوران مختلف مکاتبِ فکر کے علمائے کرام سے ملاقاتیں بھی کیں، ان کی گفتگو کا مرکز و محور امن، محبت، اعتدال، توازن، رواداری کی اعلیٰ انسانی اقدار پر عمل پیرا ہونا تھا۔ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے ناروے اوسلو میں مختلف علمائے کرام سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا:
امت مسلمہ کو فرقہ واریت نے ناقابل تلافی نقصان پہنچایا، اتحاد امت کیلئے آج بھی علماء مرکزی کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے تمام مسالک کے علماء کرام کو ایک پلیٹ فارم پر جمع ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اتحادِ امت سے ہی اسلام کی نشاۃ ثانیہ ہے، یہی اقدار اتحاد امت کیلئے خیر کا باعث بنیں گی۔ انہوں نے اس موقع پر قرآنک انسائیکلوپیڈیا، احادیث مبارکہ کے انسائیکلوپیڈیا، علوم القرآن، علوم الحدیث اور فرقہ واریت کے خاتمہ کیلئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی علمی، تحقیقی کاوشوں پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔
چیئرمین سپریم کونسل نے ناروے میں النور اسلامک سنٹر بائزن کا خصوصی دورہ بھی کیا، یہ وہ جگہ ہے جہاں اگست 2019ء میں ایک دہشتگرد نے حملہ کیا تھا۔ یہاں کے دورہ کی دعوت سید محمد اشرف شاہ نے دی تھی، اس موقع پر یہاں کے روح رواں پروفیسر عطاء المصطفیٰ بھی موجود تھے۔
چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے اوسلو ناروے میں تحریک منہاج القرآن کے جملہ فورمز کے ورکرز کنونشن میں بھی شرکت کی اور اعلیٰ کارکردگی پر ذمہ داران و کارکنان میں اسناد تقسیم کیں۔
چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری سے ناروے میں مختلف شعبہ جات کے اسکالرز اور پروفیشنلز نے ملاقات کی۔ ملاقات میں منہاج القرآن انٹرنیشنل اوسلو ناروے کے رہنماء علامہ نور احمد نور، علامہ عدیل ہاشمی اور علامہ صداقت علی قادری بھی اس موقع پر موجود تھے۔ اس موقع پر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج دنیا تیزی سے ترقی کر رہی ہے، سائنس و ٹیکنالوجی کے میدان میں پیچھے رہ جانے والی اقوام آنے والے دور کا مقابلہ نہیں کر سکیں گی، اس لیے ہمیں سائنس و ٹیکنالوجی اور متعلقہ شعبہ جات میں متعارف ہونے والے تجدیدی رحجانات کو اپنانا ہو گا۔ آج تعلیم، سائنس اور ٹیکنالوجی کے زمانہ میں مسلم دنیا کو ایک بار پھر رومی و رازی اور غزالی پیدا کرنے ہوں گے۔
یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ چیئرمین سپریم کونسل کے حالیہ دورہ یورپ کے دوران 175 سے زائد بیرون ملک آباد شہریوں نے منہاج القرآن کی لائف ممبر شپ حاصل کی۔ دورہ اٹلی کے دوران اٹلی کے شہروں نووارا، میکراٹا، نیپولی، بول زانو، ایریزو، فیرنز، سینٹو، ویرونا، بریشیا، دیزیو، سیریاتے کے عہدیداروں اور رہنمائوں نے ان سے ملاقات کی۔
چیئرمین سپریم کونسل نے سائوتھ اٹلی کے شہر کارپی میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 69 ویں سالگرہ کا کیک کاٹا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین سپریم کونسل کا کہنا تھا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے نوجوان نسل کی تربیت کیلئے تحریر و تقریر کا جو سلسلہ قائم کیا ہے اس نے نہ صرف عامۃ الناس کو اسلام کی صحیح تصویر دیکھنے اور حقیقت جاننے کے لائق بنایا ہے بلکہ یہ تحریریں اور تقریریں ہر خاص و عام کی تربیت کا بھی سبب ہیں۔
اٹلی کے شہر نووارا میں چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری سے اٹالین مسلمانوں کی تنظیم اٹالین اسلامک ریلیجئس کمیونٹی کے اعلیٰ سطحی وفد نے ملاقات کی۔ اس موقع پر منہاج القرآن انٹرنیشنل اٹلی کے ہنماء بھی موجود تھے۔ ملاقات میں مسلم رہنماوں نے ڈاکٹر حسن محی الدین قادری سے باہمی دل چسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر اٹلی سمیت پورے یورپ میں مسلم کمیونٹی کے مسائل حل کرنے میں ایک دوسرے سے باہمی تعاون کا اعادہ کیا گیا۔ وفد کے سربراہ نے ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کو اٹلی میں مستقبل قریب میں منعقد ہونے والی ایک اہم کانفرنس میں شرکت کی پیشگی دعوت بھی دی۔
اس دورہ کے دوران کوپن ہیگن ڈنمارک میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 69 ویں سالگرہ پر قائد ڈے کے حوالے سے خصوصی تقریب کا انعقاد بھی کیا گیا، اس تقریب میں مفتی ارشاد حسین سعیدی، بلال اوپل، اشفاق شیخ، علامہ اعجاز ملک نے خصوصی شرکت کی۔ چیئرمین سپریم کونسل نے یونیورسٹی آف کراچی سے ایم فل کی ڈگری بعنوان ’’اسلام کی نشاۃ ثانیہ کیلئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی خدمت کا تحقیقی مطالعہ‘‘ مکمل کرنے پر انہیں انسائیکلوپیڈیا کا سیٹ بطور تحفہ دیا اور مبارکباد دی۔
ڈنمارک میں مختلف شعبہ جات میں بطور پروفیشنل خدمات انجام دینے والے منہاجین سکالرز نے چیئرمین سپریم کونسل سے خصوصی ملاقات کی۔ منہاجین وفد کی سربراہی علامہ ارشاد حسین سعیدی اور علامہ محمود شاہ نے کی، ناصر علی اعوان بھی اس موقع پر موجود تھے۔
ڈنمارک میں چیئرمین سپریم کونسل نے فورم ایگزیکٹوز سے بھی خصوصی ملاقات کی۔ ڈنمارک میں منہاج یوتھ لیگ کے پلیٹ فارم سے چیئرمین سپریم کونسل نے فکر انگیز خطاب کیا جس کا موضوع تھا ’’اللہ کا دوست کیسے بنا جائے؟ ‘‘ اس موقع پر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ ہدایت کے حصول کے لیے کسی کامل کی صحبت کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔ شیخ الاسلام بہترین شیخ اس لیے بنے کہ انہوں نے اپنے شیخ کی صحبت میں رہ کر سلوک ومعرفت کی منازل طے کیں۔ اللہ سے دوستی کے طلبگار کو علم ہونا چاہیئے کہ اللہ سے دوستی کا طریقہ اسکے محبوبین سے محبت اور انکی صحبت ہے۔
یہ پروگرام منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک کے ذیلی مرکز ویلبی پہ منعقد ہوا جس میں لبنان اور گیمبیا کے بعض نوجوان بھی شامل تھے جنہوں نے بعد میں چیئرمین سپریم کونسل سے ملاقات بھی کی۔ اس نشست میں علامہ اعجاز ملک، شیخ اشفاق احمد، سید محمود شاہ، ڈاکٹر عرفان ظہور، فیصل مجید، تمام فورمز کے صدور اور رہنما شریک تھے۔
مالمو سویڈن میں بھی قائد ڈے کی خصوصی تقریب منعقد ہوئی۔ اس موقع پر مقررین کی طرف سے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی علمی، دینی، تجدیدی خدمات پر زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا۔اس تقریب میں یورپی کونسل کے صدر ظلِ حسن بھی خصوصی طور پر شریک تھے۔
محترم ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کے اس دورہ کی تادم تحریر موصول ہونے والی رپورٹس کو شامل اشاعت کر لیا گیا ہے، یورپ کے بقیہ ممالک کے دورہ جات کی رپورٹ موصول ہونے پر انہیں اس دورہ کی رپورٹ کے حصہ دوم میں شاملِ اشاعت کیا جائے گا۔