مرکزی سیکرٹریٹ میں خوبصورت اور باوقار تقریب کا انعقاد
تحریک منہاج القرآن کے 27 ویں یوم تاسیس کے سلسلے میں مورخہ 18 اکتوبر کو یوم تاسیس کی پر وقار تقریب مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوئی۔ اس تقریب کی صدارت شیخ الاسلام کے لخت جگر محترم صاحبزادہ حسین محی الدین قادری نے کی۔ مرکزی امیر تحریک صاحبزادہ مسکین فیض الرحمن درانی، ناظم اعلی ڈاکٹر رحیق احمد عباسی، نائب ناظم اعلی شیخ زاہد فیاض، نائب امیر تحریک بریگیڈئر (ر) اقبال احمد خان، سینئر نائب ناظم اعلی کرنل (ر) محمد احمد، سید علی غضنفر کراروی، ناظم امور خارجہ جی ایم ملک، امیر پنجاب احمد نواز انجم، ناظم میڈیا ڈاکٹر شاہد محمود، مفتی عبدالقیوم خان ہزاروی، پروفیسر محمد نواز ظفر، پروفیسر ایس ایم شفیق، ناظم یوتھ ساجد محمود بھٹی، چوہدری محمد اشرف، سید منظور احمد ترمذی کے ساتھ مرکزی نظامتوں اور شعبہ جات کے ناظمین بھی معزز مہمانوں میں موجود تھے۔ ان کے علاوہ تحریک منہاج القرآن کے مرکز کے کارکنان اور منہاج القرآن ویمن لیگ کی خواتین بھی پروگرام میں شریک تھیں۔
پروگرام کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ اس کے بعد نظامت ممبر شپ کے سینئر نائب ناظم سرفراز احمد خان نے نعت مبارکہ پیش کی۔ پروگرام کی نقابت کے فرائض میاں عبدالرسول سندھو نے انجام دیئے۔ ناظم یوتھ ساجد محمود بھٹی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ آج ہمارے لیے دو عیدیں ہیں۔ ایک عید الفطر اور دوسری تحریک کے 27 ویں یوم تاسیس کی خوشی ہے۔ آج ہم سب کو عید الفطر کی خوشی کے بعد تحریک کے ساتھ عملی وابستگی کے عہد کی تجدید کرنی ہو گی۔ ہم تحریک کا 27 واں یوم تاسیس ایک ایسے موقع پر منا رہے ہیں جب تحریک منہاج القرآن 17 واں سالانہ شہر اعتکاف کامیابی سے منعقد کر چکی ہے۔ اس موقع پر ہماری خوشیاں دوبالا ہیں جس پر ہم بہت خوش ہیں۔
تحریک منہاج القرآن پنجاب کے امیر محترم احمد نواز انجم نے کہا کہ ان دو خوشیوں کے موقع پر ہمارے لیے مزید مسرت یہ بھی تھی کہ ہم نے عید الفطر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے ساتھ گزاری۔ ان کی سنگت میں عید کی خوشیاں سب کے لیے بڑھ گئیں ہیں۔ آج ہم اس یوم تاسیس پر تحریک اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے ساتھ وابستگی کے عہد وفا کی تجدید کرتے ہیں۔
ناظم امور خارجہ جی محترم ایم ملک نے کہا کہ شیخ الاسلام نے آج سے 27 برس قبل جو سفر تنہا شروع کیا۔ اس کا پہلا درس قرآن شادمان کے ایک گھر میں منعقد ہوا۔ اس موقع پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے بڑے پر اعتماد کے ساتھ کہا تھا کہ آج ایک گھر سے شروع ہونے والا چند افراد پر مشتمل یہ قافلہ ایک دن دنیا کے کونے کونے تک پھیل جائے گا۔ الحمد للہ آج تحریک منہاج القرآن دنیا کے تمام براعظموں میں منظم انداز میں موجود ہے۔ اسلام کی توقیر اور وقار کی بحالی کے لیے ہمیں اس قافلہ تحریک منہاج القرآن کو ابھی بہت آگے اس جگہ لے کر جانا ہے جس کی منزل مصطفوی انقلاب ہے۔
محترم مفتی عبدالقیوم خان ہزاروی نے کہا کہ ہم کو اس موقع پر اپنی عید کی خوشیوں میں اپنے ارد گرد کے غرباء اور بنیادی حقوق سے محروم طبقات کو بھی شامل کرنا ہے۔ تحریک منہاج القرآن نے ہمیشہ ایسے مواقع پر احساس محرومی سے لبریز لوگوں کا ساتھ دیا ہے۔ آج اس مہم کو ملک بھر میں عام کرنے اور شعور پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ تحریک کے 27 ویں یوم تاسیس کے موقع پر ہم اس امر کی پختگی کا مزید عہد کرتے ہیں۔
نظامت میڈیا کے ڈائریکٹر محترم ڈاکٹر شاہد محمود نے کہا کہ تحریکی حوالے سے آج کا دن بہت اہم ہے۔ اس روز ہمیں اپنے سابقہ کارکردگی کا جائزہ لے کر مستقبل کی حکمت عملی طے کرنی ہو گی۔ یوم تاسیس کے موقع پر ہم سب کو انفرادی سطح پر اپنے ہدف کا خود اور عملی تعین کرنا ہو گا۔ اس کے بعد آئندہ کی کارکردگی اور اہداف کے لیے ہمیں ایک دوسرے کے لیے مثالی نمونہ بننا ہو گا۔
تحریک منہاج القرآن کے نائب ناظم اعلی محترم شیخ زاہد فیاض نے کہا کہ میں آج سے 23 برس قبل پاکستان کی ایک ممتاز سیاسی پارٹی کا جیالہ کارکن تھا۔ تاہم جب شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے 1989ء میں موچی دروازہ لاہور میں جلسہ کیا اور اپنے پروگرام کا اعلان کیا تو اس کے بعد ہماری فیملی نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کا ساتھ دینے کا فیصلہ کیا۔ اس دن سے ہم تحریک منہاج القرآن میں شامل ہو گئے۔ اس کے بعد میں نے جولائی 1991ء میں پہلی بار فرانس میں ایک میلاد کا پروگرام کیا اور اس موقع پر وہاں تحریک منہاج القرآن کی بنیاد رکھ دی۔ اس کے بعد آج تک ہم استقامت کے ساتھ تحریک کے ساتھ منسلک ہیں۔ آج اس یوم تاسیس کے موقع پر ہم اپنے عہد کی تجدید کے ساتھ شیخ الاسلام کے ساتھ عہد وفا کو پختہ کرتے ہیں۔
ناظم اعلی محترم ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن کو جو دنیا میں عروج ملا ہے وہ سب شیخ الاسلام کی شبانہ روز محنتوں کا ثمر ہے۔ ہم سب ان کے ساتھ دست و بازو بننے کے لیے کوشاں ہیں۔ تحریک منہاج القرآن آج دنیا میں اسلام کے پیغام امن و محبت کو عام کر رہی ہے۔ ہماری یہ کوشش مصطفوی انقلاب کے عملی ظہور تک جاری رہے گی۔ ہم شہر اعتکاف کے کامیاب انعقاد پر بہت خوش ہیں۔ ہم عید کی خوشی کے بعد تحریک کے یوم تاسیس کو اظہار تشکر کے طور پر منا رہے ہیں۔
تقریب کے صدر محترم صاحبزادہ حسین محی الدین قادری نے اپنے صدرارتی کلمات میں کہا کہ آج ہم جس تحریک کے یوم تاسیس پر جمع ہیں۔ اس کی بنیاد شیخ الاسلام نے جس وقت رکھی تو اس وقت سے لیکر ان کا وژن آج بھی واضح ہے۔ شیخ الاسلام نے مصطفوی انقلاب کو اپنی منزل منتخب کیا۔ اس سے جو سفر طے ہوا اس کے بعد دعا ہے کہ اس خواب کی عملی تصویر اور تعبیر بھی وہ اپنی زندگی میں دیکھیں۔ انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن اس صدی کی تجدیدی تحریک اور شیخ الاسلام اس وقت مجدد امت ہیں۔ اللہ تعالی کے خاص کرم و فضل اور حضور صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے نعلین پاک کے تصدق سے تحریک منہاج القرآن کا ہر آنے والا لمحہ گزرے ہوئے وقت سے بہتری کی طرف رواں دواں ہے۔
یہ حضور صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے لئے اللہ تعالیٰ کے فرمان وَلَلْآخِرَةُ خَيْرٌ لَّكَ مِنَ الْأُولَى کا فیض ہے کہ تحریک منہاج القرآن بھی اپنے اول دن سے کامیابی اور ترقی کی طرف گامزن ہے اور ہر آنے والا دن اس کے لئے کامیابیوں اور مقبولیت کی نوید لے کر آرہا ہے۔ امسال محفل میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور شہر اعتکاف کی رونقیں اس کا بین ثبوت ہیں۔ منہاج القرآن دین اسلام کے پیغام کو دنیا بھر میں پہنچا رہا ہے۔ ہم نے ایک کارکن ہونے کے ناطے عوام میں شعور کی بیداری اور تربیت احوال کرنی ہے۔ آج اس موقع پر ہم یہ دعا کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ مصطفوی انقلاب کی منزل کو ہمارا مقدر بنا اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی رفاقت و سنگت میں منزل کے حصول کے لئے تن من دھن قربان کرنے کی توفیق عطا فرما۔
تقریب میں تحریک منہاج القرآن کے عظیم شہداء محترم مخدوم تنویر احمد قریشی، محمد اقبال منہاجین اور محمد اجمل قادری شہید کی خدمات پر انہیں خصوصی طور پر خراج تحسین پیش کیا گیا۔ تقریب کے آخر میں دعا سے قبل یوم تاسیس کا کیک کاٹا گیا۔ صاحبزادہ حسین محی الدین قادری اور تحریک کے دیگر مرکزی قائدین نے باری باری کیک کاٹا۔ اس موقع پر شکیل احمد طاہر نے تحریکی ترانہ بھی پڑھا۔ محترم مسکین فیض الرحمن درانی کی اختتامی دعا سے پروگرام کا اختتام ہوا۔