پیغام شہادتِ امام حسین علیہ السلام کانفرنس
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے عاشورہ محرم الحرام کی شب مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقدہ ’’پیغام شہادت امام حسین علیہ السلام کانفرنس‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ شہادت امام حسین علیہ السلام کے بعد کائنات انسانی کو دو کردار مل گئے، یزیدیت جو بد بختی، ظلم، استحصال، جبر، تفرقہ پروری، قتل و غارت گری اور خون آشامی کا استعارہ بن گئی اور حسینیت صبر، شکر، عدل، امن، وفااور تحفظ دین مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی علامت ٹھہری۔ انہوں نے کہاکہ نوجوان اور خواتین شہدائے کربلا کی مقدس زندگیوں کے مطالعہ کو اپنے معمولات کا حصہ بنائیں اور انکی فکر پر چلیں۔
کانفرنس کا اہتمام منہاج القرآن علماء کونسل کی طرف سے کیا گیا جس میں تحریک منہاج القرآن کے صدر محترم ڈاکٹر حسین محی الدین قادری، ناظم اعلیٰ محترم خرم نواز گنڈا پور، محترم علامہ حاجی امداد اللہ، محترم علامہ میر آصف اکبر، محترم مولانا اسلم ندیم نقشبندی، محترم مولانا حافظ نعمان جالندھری، محترم علامہ نیاز حسین بخاری نے خطاب کیا۔ اس مو قع پر عوامی تحریک کے مرکزی رہنماؤں اور مختلف مکاتب فکر کے رہنماؤں کی ایک بڑی تعداد شریک ہوئی۔
منہاجینز پارلیمنٹ کا اجلاس 2016ء
(رپورٹ: کامران صدیق نوری/ فیصل نذیر وڑائچ): 14 اگست 2016ء کو شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی زیرصدارت منہاجینز پارلیمنٹ کا اجلاس مرکزی سیکرٹریٹ لاہور الصفہ ھال میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں محترم ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے خصوصی شرکت کی۔ اجلاس میں جامعہ اسلامیہ منہاج القرآن اور منہاج یونیورسٹی لاہور کے سیشن 1991ء سے 2016ء تک کے سیشنز کے فاضلین شریک تھے۔ اجلاس دو سیشنز پر مشتمل تھا، پہلے سیشن میں منہاجینز پارلیمنٹ نے مشاورت کے بعد ورکنگ پلان کو منظور کیا جبکہ دوسرے سیشن میں شیخ الاسلام نے منہاجینز پارلیمنٹ سے خطاب کیا۔
منہاجینز پارلیمنٹ کے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے صدر منہاجینز ڈاکٹر ابوالحسن الازہری نے جامعہ اسلامیہ منہاج القرآن اور منہاج یونیورسٹی لاہورکے 24 سیشنز میں 1000 سے زائد فارغ التحصیل منہاجینز کی دنیا بھر میں تعلیمی، تنظیمی اور فلاحی میدان میں کلیدی خدمات کو بیان کیا۔اجلاس کے دوسرے سیشن میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری خصوصی طور پر شریک تھے۔ آپ نے منہاجینز کے درج ذیل نومنتخب عہدیداران سے حلف لیا:
محترم ڈاکٹر ابوالحسن الازہری (صدر منہاجینز)، محترم محمد جواد حامد (سینئر نائب صدر)، محترم نعیم الدین چوہدری ( نائب صدر)، محترم محمد عباس نقشبندی (نائب صدر)، محترم ڈاکٹر ممتازالحسن باروی (نائب صدر)، محترم مفتی ارشاد حسین سعیدی (نائب صدر)، محترم شہزاد رسول قادری (سیکرٹری جنرل)، محترم محمد افضل قادری (سیکرٹری فنانس)، محترم عین الحق بغدادی (سیکرٹری میڈیا)، محترم عبد الستار منہاجین (سیکرٹری آئی ٹی)، محترم غلام مرتضیٰ علوی (سیکرٹری ٹریننگ)، محترم محمد حسین آزاد (کوآرڈینیٹر مشائخ)، محترم حافظ غلام فرید (ناظم تنظیمات منہاجینز)، محترم حافظ نیاز احمد (سیکرٹری پلاننگ)، محترم کامران صدیق نوری (ڈپٹی سیکرٹری میڈیا)، محترم محمد یامین مصطفوی (ڈپٹی سیکرٹری آئی ٹی)، محترم صاحبزادہ محمد افتخارالحسن (ڈپٹی سیکرٹری ٹریننگ)، محترم حافظ صفدر علی (ڈپٹی کوآرڈینیٹر ٹیچرز ونگ)، محترم ڈاکٹر شفاقت علی بغدادی (کوآرڈینیٹر شریعہ کالج)، محترم علامہ غلام ربانی تیمور (سیکرٹری دعوت)، محترم فیصل نذیر وڑائچ (کوآرڈینیٹر آفس)
دوسرے سیشن میں محترم ڈاکٹر ابو الحسن الازہری (صدر منہاجینز) نے جملہ منہاجینز کی طرف سے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اور محترم ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کو خوش آمدید کہا اور منہاجینز کی مجموعی کارکردگی سے آگاہ کیا۔
شیخ الاسلام نے منہاجینز پارلیمنٹ کے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے فرمایا کہ منہاجینز مصطفوی مشن کا ہراول دستہ اور سرمایہ ہیں۔ یہ مشن اور تحریک اللہ کا فضل اور بہت بڑا انعام ہے اس کے لیے اپنی کاوشوں کو اور آگے بڑھائیں اور رب کے حضور سجدہ ریز ہوں۔ تمام منہاجینز اعلیٰ صلاحیتوں کے مالک ہیں مگر ان میں سے چند ایسے ہیں کہ جن کی مثال نہیں ملتی۔ ان میں جواد حامد ہے جو پورے مقدمہ انقلاب کا امین ہے اور سانحہ ماڈل ٹائون کا مستغیث ہے۔ یہ شرف کسی اور منہاجین کو حاصل نہیں ہوا۔ اسی طرح نعیم الدین چوہدری ایڈووکیٹ ہے جو سانحہ ماڈل ٹاون کیس کے ڈاکومنٹس اور ریکارڈ کا محافظ ہے۔ سہیل احمد رضا ہے جو سب سے زیادہ وسیع المشرب منہاجین ہے۔ ڈاکٹر نعیم انور نعمانی میرا بڑا قابل فخر بیٹا ہے یہ اولیں پی ایچ ڈی کرنے والوں میں سے ہے۔ اور اس کی اھلیہ ڈاکٹر شاھدہ نعمانی نے ویمن میں سے پہلی پی ایچ ڈی کی ڈگری لی ہے۔ آپ سارے بیٹے اور بیٹیاں قابل فخر ہیں۔
آپ تمام ہراول دستہ ہیں۔ اس تحریک کا عَلم بلند کریں۔ فتح انشااللہ قریب ہے۔ آپ کی فتح کو کوئی نہیں روک سکتا۔ جن کو اللہ پاک اتنا عزم، استقامت، حوصلہ اور جرات دے تو پھر ان کی کامیابی اور کامرانی کو کوئی روک نہیں سکتا۔ آپ کا اس تحریک میں لیڈنگ رول ہونا چاہیے۔آپ کو اس سے غرض نہیں ہے کہ آپ تحریک میں صدر ہیں یا نہیں ہیں، یہ یاد رکھیں کہ آپ نے اس درس گاہ سے پرورش پائی ہے، اس فکراور اس آئیڈیالوجی اور اس تحریک کے مشعل بردار ہیں، آپ کو کوئی عہدہ نہیں چاہیے آپ نے از خود اس کو لیڈ کرنا ہے۔ منہاجینز ہونا اتنا بڑا شرف ہے جس کا آپ تصور بھی نہیں کر سکتے۔ اس کو آپ کامیابی سے لے کر آگے بڑھیں۔
برطانیہ: الہدایہ یوتھ کیمپ 2016ء
منہاج القرآن انٹرنیشنل برطانیہ نے 27 سے 29 اگست 2016ء کو Stoke on Trent میں سالانہ تین روزہ ’الہدایہ یوتھ کیمپ‘ کا انعقادکیا۔ یورپ اور برطانیہ سے سینکڑوں طلباء و طالبات نے کیمپ میں شرکت کی۔ اس کیمپ کا مقصد برطانیہ اور یورپ میں مقیم مسلمان نوجوانوں کو شدت پسندی، انتہا پسندی، بنیاد پرستی اور اسلام فوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحانات اور ان کے تدارک کے بارے میں علمی و عملی آگاہی فراہم کرنا تھا۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل کے صدر محترم ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے الہدایہ یوتھ کیمپ 2016ء کی صدارت کی۔ محترم علامہ سہیل احمد صدیقی اور محترم ڈاکٹر زاہد اقبال سمیت مختلف مکتبہ ہائے فکر سے وابستہ اسکالرز، علمائے کرام اور ماہرین تعلیم نے کیمپ کے سیشنز میں مختلف موضوعات پر خطابات کیے۔ اس کے ساتھ محفل نعت، محفل سماع اور کھیلوں سمیت مختلف تفریحی سرگرمیاں بھی کیمپ کا حصہ تھیں۔
محترم ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کیمپ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے پوری امت مسلمہ اور انسانیت کو امن کی تعلیمات دی ہیں۔ آپ نے دہشت گردی کے خلاف مدلل فتویٰ اور نوجوان نسل کے لیے ’نصابِ امن‘ جاری کر کے علمی محاذ پر تاریخی کارنامہ سرانجام دیا۔ اب نوجوان نسل کا فریضہ ہے کہ وہ اس علمی اسلحہ سے لیس ہوکر معاشرتی برائیوں کا خاتمہ کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے نوجوان نسل پر زور دیا کہ وہ علم کی طاقت سے انتہاپسندی کا مقابلہ کریں۔ اس کے لیے طلبا عصری علوم کے ساتھ دینی علوم کے حصول پر بھی توجہ دیں۔ دینی درسگاہیں جدید علوم اور جدید طرز تعلیم اپناتے ہوتے ہوئے نوجوان نسل کی راہنمائی کریں، جو وقت کی ضرورت ہے۔
کیمپ کے اختتامی سیشن میں منہاج القرآن انٹرنیشنل برطانیہ کے صدر محترم سید علی عباس شاہ بخاری اور سیکرٹری جنرل محترم معظم رضا نے اظہار خیال کیا۔ انہوں نے شرکا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ کیمپ سے صحت مند اور پرامن معاشرے کی تشکیل میں مدد ملے گی اور امت مسلمہ کے عزت و وقار میں اضافے ہوگا۔ الہدایہ کیمپ کے اختتام پر امت مسلمہ کی سلامتی، پاکستان کے استحکام و ترقی اور آپریشن ضرب عضب کی کامیابی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔