امت مسلمہ میں جاری گروہی فسادات اور فرقہ پرستی کے خاتمے کے لئے جید علماء و مشائخ کا خصوصی اعلامیہ
گزشتہ ماہ اگست میں مختلف طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے دنیا بھر کے جید علماء اور مبلغین کی جانب سے اسلامی ممالک بالخصوص عراق میں جاری گروہی فسادات کی مذمت کا خصوصی اعلامیہ جاری کیا گیا۔ اس اعلامیہ میں درج ذیل نکات شامل ہیں:
- اللہ تعالی کے نزدیک انسانی جان (خواہ وہ مسلمان ہو یا غیر مسلم) کی حرمت و تقدس بہت زیادہ ہے، اس لئے اللہ تعالی نے اس کے قتل کو گناہ عظیم اور پوری انسانیت کا قتل قرار دیاہے۔
- بیشک عقیدہ اور شریعت مسلمانوں میں سے کسی کی تکفیر جائز قرار نہیں دیتی اور ایسے تمام فتاوٰی باطل ہیں جن میں مذہب کے مخالفین یا کسی مخصوص گروہ کے مخالفین کو کافر قرار دیا گیا ہے۔ پس تکفیر کے فتاوٰی کی بناء پر خون بہانا اور قتل وغارت گری کرنا کسی جان کی بے حرمتی ہے اور اللہ تعالیٰ نے اسے حرام قرار دیا ہے۔
- اسلامی ممالک بالخصوص عراق میں جو ظلم وستم ڈھایا جا رہا ہے، بے گناہ لوگوں کا قتل عام جاری ہے، مساجد و مزارات اور عبادت گاہوں کو تباہ کیا جارہا ہے، مقدس مقامات کی بے حرمتی کا سلسلہ جاری ہے، یہ تمام حرام افعال ہیں اور تمام مذاہب اور اسلامی فرقے اس عمل کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔
اس اعلامیہ پر شام، مصر، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، یمن اور دیگر اسلامی ممالک متعدد جید علماء نے دستخط کئے۔
تحریک منہاج القرآن کی عالمی امن کے قیام اور امت مسلمہ کے حوالے سے قابل قدر خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے طابہ فاؤنڈیشن (TABA FOUNDATION) کے بانی محترم الحبیب علی زین العابدین الجفری (یمن) نے اس حوالے سے پاکستان سے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی رائے کو بھی اس اعلامیہ میں شامل کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔
شیخ الاسلام نے اس اعلامیہ کے حوالے سے انھیں تائیدی کلمات سے نوازتے ہوئے فرمایا کہ تحریک منہاج القرآن اوّل دن سے ہی اتحادِامت، فرقہ پرستی کے خاتمہ، بین المذاہب ہم آہنگی اور رواداری کو فروغ دینے میں کوشاں ہے۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ اپنے محبوب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے وسیلہ سے ہمیں امت مسلمہ میں جاری گروہی فسادات اور فرقہ پرستی کے خاتمہ کی توفیق عطا فرمائے اور امت مسلمہ کو اتفاق و اتحاد کی نعمت سے بہرہ ور فرمائے۔ آمین بجاہ سید المرسلین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم۔