مذہب کا اصل مقصد انسانی زندگی میں تہذیب اور نظم پیدا کرنا ہے۔ انسان کی تمام ضروریات ظاہریہ و باطنیہ کا اہتمام مذہبی رسوم و رواج کے ذریعے کیا گیا ہے۔ دنیا کے تمام مذاہب تزکیہ نفس و روح اور اخلاق حسنہ کی ترویج کا درس دیتے ہیں مگر دین اسلام کو یہ امتیاز حاصل ہے کہ وہ بنی نوع انسان کی دینی و دنیوی تمام ضروریات کے لیے راہنمائی فراہم کرتا ہے۔
اسلام کے ارکان خمسہ میں سے ایک اہم رکن روزہ ہے جو کہ رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں فرض کیا گیا ہے۔ یوں تو حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی امت پر اللہ رب العزت کے بے شمار انعامات و احسانات ہیں مگر ماہ رمضان المبارک اللہ کا خاص انعام ہے جس میں ہر چھوٹے سے چھوٹے عمل پر بے پناہ اجرو ثواب کی نوید سنائی گئی ہے اور گذشتہ گناہوں کی مغفرت کا اعلان کیا گیا ہے۔
روزہ جہاں بے پناہ اجرو ثواب کا باعث بنتا ہے وہیں انسانی زندگی میں نظم پیدا کرتا ہے۔ خاص اوقات کار کی پیروی کرنا، عبادات اور دنیوی معاملات میں توازن پیدا کرنا اور اخلاق حسنہ پر عمل پیرا ہونا رمضان المبارک کے خواص میں سے ہے۔ روزہ انسان کو روحانی زندگی کی تکمیل میں مدد دیتا ہے اور قرب الہٰی کا باعث بنتا ہے۔ اللہ رب العزت نے تمام امتوں پر روزہ فرض کیا ہے۔
منہاج القرآن ویمن لیگ دعوت و تبلیغ حق کے عظیم فریضہ کی ادائیگی کے لیے ہمہ وقت مختلف جہتوں میں سرگرم عمل رہتی ہے مگر رمضان المبارک جیسے بابرکت مہینے میں جب عوام الناس کے دلوں کی کھیتیاں نرم ہوتی ہیں اور خواص و عام کی روح اپنے خالق حقیقی کی طرف متوجہ ہوتی ہے یہی وجہ ہے کہ منہاج القرآن ویمن لیگ نظامت دعوت و تربیت نے رمضان المبارک میں منفرد اخلاقی و روحانی نوعیت کی سرگرمیوں کے لیے ایک جامع پلان مرتب کیا ہے۔
امید ہے کہ یہ رمضان المبارک کے مہینے کی مسلسل جدوجہد مثبت نتائج کے حصول میں پیش خیمہ ثابت ہوگی۔
دورانیہ: 25 شعبان المعظم تا 15 شوال
پروگرامز: استقبال رمضان المبارک، قرآنی خوانی/ ماہانہ ختم الصلوۃ علی النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم بعنوان استقبال رمضان، دروس عرفان القرآن، اجتماعات صلوٰۃ التسبیح، ماہانہ شب بیداری و ختم الصلوۃ النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ، عید ملن پارٹی۔
ان تمام سرگرمیوں کی تفصیل آگے ملاحظہ فرمائیں:
استقبال رمضان:
رمضان المبارک وہ بابرکت مہینہ ہے جس کا انتظار امت مسلمہ کو پورا سال بے چین کیے رکھتا ہے اور اس کی آمد قریب آتے ہی ہر مومن کا دل شاد ہوجاتا ہے۔ رمضان المبارک میں اللہ رب العزت کی خاص رحمتوں کا نزول ہوتا ہے اور ان رحمتوں، برکتوں اور انعامات کا استقبال خوش دلی سے کرنا ہر مسلمان کے لیے باعث سعادت ہے۔
دورانیہ: رمضان المبارک کے استقبال کے لیے 25 شعبان المعظم سے 30 شعبان المعظم کا دورانیہ مختص کیا گیا ہے۔
سیدہ کائناتؓ کانفرنس:
چونکہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی خصوصی ترجیحات میں خواتین کی مذہبی و روحانی، علمی و فکری، شعوری اور علمی و اخلاقی تربیت شامل ہیں یہی وجہ ہے کہ آپ نے اس عظیم مشن مصطفوی کے قیام کو عمل میں لاتے ہی خواتین کے لیے ایک منفرد اور منظم فورم تشکیل دیا جسے آج دنیا منہاج القرآن ویمن لیگ کے نام سے جانتی ہے۔ آپ نے خواتین کو سیدہ کائناتؓ کے اسوہ پر عمل پیرا ہونے کی ترغیب دی اور اسلامی حدود کے اندر رہتے ہوئے اپنے حقوق اور ذمہ داریاں سرانجام دینے کا شعور بخشا۔
وطن عزیز میں پچھلے کچھ سالوں سے خواتین کے حقوق اور ان کی آزادی کے مطالبوں کے نام پر کچھ ایسے تہذیب وکو مذہب کے ساتھ جوڑ کر خواتین کو ان کے اصل مقام سے دور رکھا گیا اور ایسے نظریات نے جگہ بنالی ہے جو نہ تو اسلام سے کچھ تعلق رکھتے ہیں نہ تہذیب و تمدن ان کی اجازت دیتا ہے اور نہ ہی کوئی لبرل آزاد جمہوری موڈریٹ ذہن ان کو قبول کرتا ہے۔
ایسے حالات میں منہاج القرآن ویمن لیگ کی یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ شیخ الاسلام کی تربیت کی روشنی میں امت مسلمہ کی بہنوں، بیٹیوں اور مائوں کو ان کی عظمت و رفتہ کی یاد دلایں جو صرف اسوہ سیدہ کائناتؓ کا پرچار کرنے سے ہی ممکن ہے۔
چونکہ سیدہ کائناتؓ کا یوم وصال 3رمضان المبارک ہے۔ اسی مناسبت سے مرکزی نظامت دعوت و تربیت نے اس سال بھی خصوصی طور پر سیدہ کائنات ؓ کانفرنسز کے لیے ایک لائحہ عمل تیار کیا ہے۔ اس کانفرنس کا لائحہ عمل پیش کیا جارہا ہے تاکہ بحسن و خوبی اس کا انعقاد کیا جاسکے۔
عنوان:
خواتین کی کامیابی کا راستہ: اسوہ فاطمۃ الزہراءؓ یا خواتینِ اسلام کی فوزو فلاح: اسوہ فاطمۃ الزہراءؓ
ذیلی عنوانات:
- سیدہ کائنات اور عظمت نسواں
- سیرت سیدہ کائنات اور حقیقتِ آزادی نسواں
- عہد حاضر میں خدمتِ دین کے تقاضے اور خواتین کی ذمہ داریاں
- اسوہ سیدہ کائنات اور مقصدِ حیات کا شعور
- مناقب سیدہ فاطمۃ الزہراءؓ (قرآن حکیم کی روشنی میں)
- نصرت دین میں سیدہ فاطمۃ الزہراءؓ کا کردار
دروس ترجمہ القرآن کامطالعہ:
ماہ رمضان المبارک کا قرآن مجید سے ایک خاص تعلق ہے یہی وہ مہینہ ہے جسے نزول قرآن سے نسبت حاصل ہے اور اس بابرکت مہینے میں قرآن کی تلاوت، قرآن فہمی اور قرآن مجید سے الفت و محبت میں غیر معمولی اضافہ ہوجاتا ہے۔ تحریک منہاج القرآن کی دعوتی فکر میں رجوع الی اللہ اور رجوع الی الرسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بعد رجوع الی القرآن ایک عظیم فریضہ ہے۔ امت مسلمہ میں قرآن فہمی کو فروغ دینے کے لیے منہاج القرآن ویمن لیگ نظامت دعوت و تربیت نے ضلعی و تحصیلی تنظیمات کے لیے پلان ترتیب دیا ہے جو کہ درج ذیل ہے:ـ
دروس قرآن کے موضوعات:
5 روزہ دروس عرفان القرآن کے موضوعات درج ذیل ہوں گے:
- قرآنی تعلیمات کی روشنی میں فضیلت رمضان + ایمان کی حقیقت
- قیام اللیل، خشیت الہٰی اور گریہ و زاری+ ایمان، یقین اور صحبت صالح سے تقویٰ کا حصول
- نور الہٰی کے سرچشمے قرآن اور صاحب قرآن صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم
- حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا حسن خَلق اور حسن خُلق
- روزہ اور معمولات نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم
صلٰوۃ التسبیح برائے جمعۃ المبارک:
رمضان المبارک میں جہاں تلاوت قرآن مجیدکا شغف بڑھتا ہے وہیں قیام و سجود کا ذوق بھی عام مہینوں کی نسبت زیادہ ہوتا ہے۔ عام طور پر خواتین جمعۃ المبارک کے دن صلوٰۃ التسبیح کا خاص اہتمام کرتی ہیں اس مبارک مہینے میں تمام عبادتوں کا اجرو ثواب کئی گنا بڑھ جاتا ہے اور صلوٰۃ التسبیح کو احادیث میں فرشتوں کی عبادت کے مماثل قرار دیا گیا۔ لہذا روحانی بلندی اور سکون قلب کے حصول کے لیے صلوٰۃ التسبیح کے اجتماعات منعقد کرانا بھی اس سال رمضان المبارک کے ورکنگ پلان کا حصہ ہے۔