مسوڑھوں کی سوجن دور کرنے کے طریقے
بچوں کے جب دانت نکلتے ہیں تو ایسے میں اکثر ان کے مسوڑھے سوجھ جاتے ہیں۔ بڑوں میں کسی تیز دوا مثلاً پارہ وغیرہ کے کسی مرکب کو بے احتیاطی سے استعمال کرنے، خون کی خرابی، دانت ہلنے یا مسوڑھوں کی رگیں کمزور ہوجانے کے سبب مسوڑھوں پر سوجن آجاتی ہے۔ یہ سوجن پہلے مسوڑھوں اور پھرپورے منہ میں دکھن کی وجہ بنتی ہے۔ اس مسئلہ کے حل کے لئے چند تجاویز درج ذیل ہیں جو آپ کو اس تکلیف سے نجات دلانے میں معاون کردار ادا کرسکتی ہیں۔
- اگر بچوں کو دانت نکلنے کی تکلیف سے ورم ہوگیا ہو تو شہد میں تھوڑا سا نمک ملائیں اور روزانہ مسوڑھوں پر ملیں تاکہ دانت جلدی نکل آئیں۔ اس کے علاوہ سہاگہ شہد میں ملاکر مسوڑھوں پر ملنے سے سوجن دور ہوجاتی ہے۔
- اگر بڑوں میں کسی خرابی کے باعث مسوڑھوں پر ورم ہو تو اس کا علاج کروائیں۔ دانت اگر ہلنے لگیں اور اس نے جڑ چھوڑ دی ہو تو دانت نکلوادیں۔
- مہندی کے پتے لے کر ان کو پانی میں چائے کی مانند ابال کر چھان لیں اس پانی سے دن میں تین سے چار مرتبہ کلیاں کرنے سے آرام آئے گا۔ اگر اس پانی میں تھوڑی مقدار میں پھلوں کا سرکہ ملادیں تو اس کے فوائد میں خاطر خواہ اضافہ ہوجائے گا۔
- کلونجی کو توے پر جلاکر راکھ بنالیں۔ اس راکھ کو سرکہ میں حل کرکے منہ کے اندر لگالیں مسوڑھوں کی سوجن کیڑا لگنے اور دانت کے درد میںبھی یہ نسخہ اکسیر ہے۔ سرکہ آپ کے مسوڑھوں میں لگے گا لیکن بعد میں فائدہ ہوگا۔
- مسوڑھوں پر شہد سے ہلکی مالش کرنے سے آرام آجاتا ہے۔
- مسوڑھوں کی سوجن، وٹامن سی کی کمی کی وجہ سے بھی ہوسکتی ہے اس کے لئے سنگترے کے رس میں شہد ملاکر استعمال کریں۔
- جامن کی چھال کا جوشاندہ بناکر اس سے کلیاں کرنے سے افاقہ ہوتا ہے۔
- زیتون کا پھل اور اس کے پتوں کا رس نکال کر اس قدر پکائیں کہ وہ شیرے کی مانند گاڑھا آمیزہ بن جائے۔ اسی آمیزے میں تھوڑا سا پانی شامل کرکے کلیاں کرنے سے مسوڑھوں کی سوجن دور ہوجاتی ہے اور مسوڑھوں میں مضبوطی پیدا ہوتی ہے۔
- نیم کے پھولوں کو پانی میں جوش دے کر ان سے غرارے کریں۔ مسوڑھے مضبوط ہوتے ہیں۔
- انار کے پھول سکھا کر باریک پیس لیں۔ صبح شام منجن کی طرح لگائیں۔
- جامن کی چھال کو خشک کرکے باریک پیس کر چھان لیں اور صبح و شام بطور منجن مسوڑھوں پر مل کر پانی سے صاف کرلیں۔
- سبز پوست اخروٹ مسوڑھوں پر ملنے سے آرام آجاتا ہے۔ اس سے مسوڑھے مضبوط بھی ہوتے ہیں۔
- بعض دفعہ بادی کے مرض کے باعث مسوڑھے سوج جاتے ہیں۔ داڑھ کے نیچے ادرک کا ٹکڑا رکھ کر چبالیں اور اسے گال کے اندر دبالیں۔ اس طرح مسوڑھوں سے بادی پانی خارج ہوجاتا ہے اور سوجن کم ہوجاتی ہے۔
- کیکر کا کوئلہ لے کر باریک پیس کر رکھ لیں صبح و شام منہ دھونے سے پہلے انگلی سے آہستہ آہستہ ملیں اس سے مسوڑھوں کی سوجن دور ہوجائے گی۔