ویمن لیگ کے زیراہتمام 3 روزہ تربیتی کیمپ، چاروں صوبوں سے خواتین کی شرکت
منہاج القرآن ویمن لیگ نے 11 سے 13 نومبر تک تربیتی تنظیمی کیمپ کا انعقاد کیا جس میں ملک بھر سے ضلعی اور تحصیلی تنظیمات نے شرکت کی۔ پہلے دن کے سیشن کا آغاز تلاوت کلامِ پاک سے حافظہ ایمن یوسف ناظمہ نظامتِ اطفال نے کیا۔ پشاور سے سیدہ زرتاج بخاری نے ہدیہ نعت پیش کیا۔ سیشن کی ابتدا مرکزی ناظمہ تربیت عائشہ مبشر نے ملک بھر سے آئی تنظیمات کو استقبالیہ پیش کر کے کی اور کیمپ کے شیڈیول پر بریفنگ دی۔ مرکزی ناظمہ ویمن لیگ محترمہ افنان بابر نے عہدیداران سے گزشتہ سال کی کارکردگی رپورٹ لی اور ہر تحصیلی عہدیدار سے اس کے علاقے کی سیاسی، سماجی اور مذہبی صورتحال اور رحجانات پر تبادلہ خیال کیا۔ تمام ضلعی عہدیداران نے معاشرے میں پھیلتی کرپشن اور بے راہ روی، وسائل کی عدم دستیابی پر اپنے تفکر اور خدشات کا اظہار کیا۔
کیمپ کے دوسرے دن تلاوت کلام پاک اور ہدیہ نعت سے آغاز کیا گیا۔ محترمہ افنان بابر نے فیلڈ کی صورتحال کی مناسبت سے تیار کردہ مفصل ورکنگ پلان پیش کیا جس میں منہاج القرآن کی تینوں مذہبی معاشرتی، جہتوں کو کور کیا گیا اور مختلف پروجیکٹس بمع سلیبس متعارف کروائے جن میں میلاد مہم پلان ، اربعینات ، حیٰ علٰی الفلاح، الہدایہ اور داعی کا نصاب شامل ہیں بعد ازاں ان تمام پروجیکٹس کی مکمل بریفنگ دی گئی۔ مرکزی نائب ناظمِ اعلٰی محترم تنویر احمد خان صاحب نے تحریک کے مراحل خمسہ پر خصوصی گفتگو کی۔
تیسرے روز منہاج القرآن ویمن لیگ کی نظامتِ اطفال نے اپنا ورکنگ پلان پیش کیا اور فیلڈ میں بچوں کی تعلیم و تربیت کے حوالے سے سلیبس اور ایکٹویٹیز کی تفصیل بیان کی ۔ آخر میں تنظیمی عہدیداران نے اپنا فیڈ بیک کیمپ کے حوالے سے دیا۔ اور اختتام پر دعا کی گئی اور ظہرانے کے بعد تنظیمات کو رخصت کیا گیا۔
تربیتی کیمپ کا اہتمام محترمہ شاہدہ مغل، محترمہ فرح ناز، محترمہ افنان بابر، محترمہ عائشہ شبیر، محترمہ اقرا یوسف جامی، محترمہ سنبل اعوان، محترمہ ام کلثوم قمر، محترمہ زینب ارشد، محترم ام حبیبہ، محترمہ شمائلہ وسیم نے کیا۔ کامیاب تربیتی کیمپ کے اہتمام پر ڈاکٹر طاہرالقادری نے ویمن لیگ کی جملہ عہدیداران اور نائب ناظم اعلیٰ کوآرڈینیشن محترم تنویر خان کو مبارکباد دی۔ تربیتی ورکشاپ میں جن پانچ پروگرامز کی منظوری دی گئی ان میں اربعینات، حی علی الفلاح، الہدایہ وائس، ایگرز و داعی نصاب شامل ہیں۔
لاہور: منہاج کالج برائے خواتین میں سہ روزہ تربیتی اعتکاف
منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیراہتمام منہاج کالج برائے خواتین ٹاؤن شپ، لاہور میں سہ روزہ نفلی و تربیتی اعتکاف ہوا۔ 31 اکتوبر 2016ء کو اعتکاف کے دوسرے روز منہاج القرآن ویمن لیگ کی طرف سے منعقدہ سیشن میں ’’النصیحہ‘‘ کے موضوع پر تربیتی لیکچر دیتے ہوئے مرکزی ناظمہ ویمن لیگ افنان بابر نے خواتین کی اخلاقی معاشرتی اور روحانی کردار کی تشکیل پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے کہا کہ خواتین اخلاقی پختگی اور اخلاقی اقدار کے احیاء کے بغیر بہتر معاشرہ تشکیل نہیں دے سکتیں، بالخصوص بچوں کی شخصیت اور تربیت میں اخلاق کا مرکزی کردار ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے اخلاقی اقدار کی بحالی پر ہمیشہ زور دیا ہے۔ انہوں نے اجتماعی اعتکاف میں ’’خلق عظیم‘‘ کے موضوع پر لیکچرز دئیے، کیونکہ آج معاشرے میں اعلی اخلاق کے فروغ کی بہت کمی محسوس کی جا رہی ہے۔
سیدہ زینب (ع) کانفرنس، ٹیکسلا
منہاج القرآن ویمن لیگ ٹیکسلا نے مورخہ 16 اکتوبر کو سیدہ زینب علیہا السلام کانفرنس کا انعقاد کیا جس میں کثیر تعداد میں رفقاء اور ویمن لیگ کی کارکنان نے شرکت کی۔ کانفرنس میں ناظمہ راولپنڈی ناہید مظہر نے اپنی ایگزیکٹو کے ہمراہ شرکت کی اور واہ کینٹ کی نائب صدر مسز فرحت اظہر بھی شریک ہوئیں۔ مرکزی ویمن لیگ کی نمائندگی مرکزی ناظمہ محترمہ افنان بابر اور زونل ناظمہ شمالی پنجاب عائشہ مبشر نے کی۔ کانفرنس کا آغاز تلاوت کلام پاک اور ہدیہ نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے کیا گیا۔ محترمہ ناہید مظہر نے حیات سیدہ بتول علیہا السلام پر سیر حاصل گفتگو کی۔ مہمان خصوصی پروفیسر فضل جان نے اسلام اور کربلا کے تعلق پر روشنی ڈالی۔ محترمہ عائشہ مبشر نے اپنے خطاب میں سیدہ زینب علیہا السلام کے انقلابی کردار اور دربار یزید میں انکی دلیری اور جرات کو آج کے دور کی خواتین کے لیے مشعلِ راہ قرار دیا۔ مرکزی ناظمہ محترمہ افنان بابر نے منہاج القران ویمن لیگ کی ورکنگ کو سیدہ زینب علیہا السلام کے انقلاب آفریں کردار سے منسوب کیا آخر میں صدر ویمن لیگ ٹیکسلا نے تمام مہانانِ گرامی کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب کا اختتام دعائیہ کلمات سے ہوا اور تمام ورکرز اور رفقاء نے سیدہ علیہا السلام کے کردار کو اپنا شعار بنانے کا عہد کیا۔
سیدہ زینب علیہا السلام کانفرنس، میر پور آزاد کشمیر
منہاج القرآن ویمن لیگ میر پور آزاد کشمیر نے مورخہ 30 اکتوبر کو سیدہ زینب کانفرنس منعقد کی جس میں مرکزی ناظمہ افنان بابر نے خصوصی خطاب کیا اور سیدہ زینب کی ذات کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔ کانفرس میں خصوصی شرکت میر پور یونیورسٹی کی پروفیسر اور اکنامکس ڈیپارٹمنٹ کی ہیڈ نے کی انہوں نے بھی خصوصی گفتگو کرتے ہوئے منہاج القرآن کی خدمات کو سراہا۔ ذونل ناظمہ کشمیرمحترمہ ام کلثوم نے میر پور تنظیم کو کامیاب پروگرام کرنے پر مبارک باد پیش کی اور خصوصی دعا کے بعد میر پور کی کارکنان کے ساتھ ایک میٹنگ میں انکے اہداف کی بریفنگ دی گئی اور آئندہ کی حکمت عملی بتائی گئی۔
ماہانہ مجلس ختم الصلوۃ علی النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم (نومبر 2016ء)
تحریک منہاج القرآن کے گوشہ درود کی مجلس ختم الصلوۃ علی النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا ماہانہ پروگرام 5 نومبر کو مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا۔ گوشہ درود کی روحانی محفل کی صدارت تحریک منہاج القرآن کے مرکزی صدر محترم ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کی۔ مرکزی قائدین اور علماء و مشائخ کے علاوہ خواتین و حضرات کی بڑی تعداد نے اجتماع میں شرکت کی۔ پروگرام کا آغاز شب 9 بجے تلاوت و نعت سے ہوا۔ اس موقع پر محترم قاری نور محمد چشتی نے اپنی مسحور کن آواز میں صحیفۂ انقلاب کی تلاوت کر کے شرکاء کے قلوب و اذہان کو روحانی جلا بخشی۔ محفل نعت میں ثناء خوانوں نے اپنے خوبصورت انداز میں نعتیہ کلام پیش کیے۔
ماہانہ مجلس ختم الصلوۃ علی النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں محترم ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے خصوصی خطاب فرمایا۔ انہوں نے کہا کہ خدمت دین اور حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت دو لازم و ملزوم پہلو ہیں۔ ہم میں سے جو لوگ خدمت دین کے لیے وقف ہیں لیکن ان کے قلب و جاں سرکار دوعالم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت سے خالی ہیں تو وہ اپنا محاسبہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ آقا نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے صدقہ سے کائنات ہست و بود قائم ہے۔ اس لیے کائنات انسانی و کائنات دو عالم میں کوئی بھی شے آقا علیہ السلام کی محبت سے خالی پیدا نہیں کی گئی۔ آج ہم خود کو نبی کا امتی کہلواتے ہیں تو ہمیں اپنے سینوں میں حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت اور عشق کا چراغ جلانا ہوگا۔
محترم ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن کے کارکنان خوش قسمت ہیں جنہیں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے ہر لمحہ آقا علیہ السلام کی محبت کا درس دیا۔ آج دنیا کے کونہ کونہ میں محبت مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم تحریک منہاج القرآن کی پہچان بن چکی ہے۔ یہی ہمارا عقیدہ ہے کہ آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت ہی دنیا و آخرت میں ہماری کامیابی اور نجات کا ذریعہ بنے گی۔ پروگرام کا باقاعدہ اختتام مرکزی امیر تحریک حضرت صاحبزادہ مسکین فیض الرحمن درانی صاحب کی رقت آمیز خصوصی دعا سے ہوا۔
شب بیداری۔ تحصیل گوجرہ
مورخہ11-10-16 بروز منگل کو تحصیل گوجرہ میں شب بیداری کا انعقاد ہوا جس میں تمام عہدیداران اور کارکنان نے شرکت کی۔ جس میں باقاعدہ محفل ہوئی۔ صلوٰۃ التسبیح پڑھی گئی اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا خطاب سنایا گیا۔ جس کا عنوان ذکر شہادت امام حسین علیہ السلام تھا۔
سیدہ زینب علیہا السلام کانفرنس۔ سوڈی
مورخہ 16-10-16 کو سیدہ زینب علیہا السلام کانفرنس منعقد کی گئی جس میں صدر اور ناظمہ نے شرکت کی۔ جس میں خصوصی خطاب محترمہ عائشہ انقلابی کا تھا جس کا عنوان محبت اہل بیت تھا۔
سیدہ زینب علیہا السلام کانفرنس
مورخہ 27-10-16 بروز جمعرات کو الفلاح پبلک سکول مدینہ ٹاؤن میں سیدہ زینب علیہا السلام کانفرنس کا انعقاد ہوا۔ خصوصی نعت منہاج نعت کونسل سے پیش کی۔ خصوصی خطاب محترمہ عائشہ انقلابی نے کیا۔ جس کا عنوان ذکر امام حسین اور پیغام سیدہ زینب علیہا السلام تھا۔ جس میں خواتین کی تعداد 300سے 400 تک تھی۔
استقبال ربیع الاول ۔ معمولاتِ ماہ میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم
جتنا عظیم مہمان ہو اس کا استقبال بھی اسی عظمت اور شان سے ہو نا چاہیے۔اس ماہِ مسرت کے وسیلے سے دنیا میں مسرتیں آئیں، غموں کی کالی گھٹا چھٹ گئی،دکھوں نے اپنے ڈیرے اٹھا لیے ،رب کی رحمت بارش کی طرح برسنے لگیں۔پرندوں نے مسرتوں کے نغمے الاپے،پھولوں اور کلیوں نے خوشبوؤں کو بکھیرا،سورج نے اپنی کرنیں اور چاند نے اپنی چاندنی لوٹادی، قمریوں نے مرحبا کے ترانے گائے غرض یہ کہ آمدِ مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر کائنات کا ذرہ ذرہ محوِ رقص ہوتا ہے اور ہوائیں وجد میں ہو تی ہیں تو پھر امتی اپنے آقاو مولا تاجدارِ کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی آمد پر کیوں نہ خوشیاں منائے بہاروں کے شہنشاہ ماہ کا پر مسرت استقبال کیوںنہ کریں۔اس حکمِ خداوندی کی بجا آوری کے لیے منہاج القرآن ویمن لیگ نے اس ماہِ ِ ذیشان کا استقبال اسی شان و شوقت سے منانے کا ہر سال کی طرح اس سال بھی اعادہ کیا ہے۔
- ربیع الاول کا چاند اہتمام سے دیکھا جائے اور اسکی مبارک باد دی جا ئے اپنے تمام احباب کو۔
- اپنے گھروں کی چھتوں پر چراغاں کا اہتمام ہر صورت کیا جائے اگربرقی لائٹس کا نظام نہ ہو سکے تومٹی کے دیے جلا کر گھروں کو روشن کریں اور اپنے احباب کو ترغیب دیں۔
- اپنی آنے والی نسلوں کو حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت سے آشنا کرنے کے لیے انکو ہر ایکٹیوٹی میں ساتھ رکھیں اور چراغاں وغیرہ ان کے ہاتھوں سے کروائیں۔
- محلے ،گلی کے بچوں میںبارہ ربیع الاول تک کچھ نہ کچھ تقسیم کریں (حسبِ توفیق)۔چاہے بچوں کی کینڈیز ہی کیوں نہ ہوں۔میٹھے میں جو بھی تقسیم کریں وہ گھر کے بچوں سے کروائیں تا کہ ان میں شوق پیدا ہو ۔
- اس ماہِ مسرت کی آمد آتے ہی نئے ملبوسات کی تیاری شروع کر یں
- صاحبِ ثروت افراد کو کوشش کریں محلے میں ضرورت مند اور نادار لوگوں کو نئے کپڑے لے کے دیں اور دوسروں کو بھی ترغیب دلائیں۔
- میلاد کی خوشی میں کھانے کا اہتمام کریں اور لوگوں کو حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی آمد کی خوشی میں خرچ کرنے کی ترغیب دلائیں۔ نوٹ۔ (لاہور کے مقامی لوگ مرکز میں ہونے والی گیارہ روزہ پروقار ضیافتِ میلاد میں بھر پور شرکت کریں۔
- میلاد میں خصوصی طور پر درودو سلام کثرت سے پڑھا جائے بچوں کو ترغیب دلانے کے لیے دیدہ زیب تسبیحات تحائف کے طور پر دیں۔
- عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو عید کے طور پر منایا جائے۔ عید کارڈز دیں،دعوت کریںا چھے،اچھے ملبوسات پہنیں۔