مرتّبہ: نازیہ عبدالستار

آلو قیمے کے کٹلس

اشیاء:

آلو آدھ کلو، ہرا دھنیا ایک گٹھی، ہری مرچ چھ عدد، پودینہ ایک گٹھی، نمک آدھ چمچ، قیمہ باریک ایک پاؤ، لال مرچ پاؤڈر آدھ چمچ، تیل حسب ضرورت، انڈے دو عدد، پیاز ایک عدد، چورا ڈبل روٹی ایک پیالی۔

ترکیب:

آلو ابالنے کے لئے رکھ دیں دوسرے برتن میں دو یا تین چمچ تیل ڈال کر کٹی ہوئی پیاز کو سنہری رنگت ہونے تک تلیں اس میں قیمہ دھوکر ڈال دیں ساتھ ساتھ اس میں تھوڑی سی لال مرچیں اور نمک بھی ڈال دیں۔ اسے تھوڑی دیر تک بھونیں اور پھر ایک پیالی ڈال کر آنچ ہلکی کردیں۔ جب قیمہ تیار ہوجائے تو اس میں دھنیا، ہری مرچ اور پودینہ باریک کاٹ کر ڈال دیں، آلو ابلنے کے بعد انہیں چھیل کر پیس لیں اور بھرتا سا بنالیں۔ اس میں نمک اور پسی ہوئی لال مرچیں اپنی مرضی کے مطابق شامل کرلیں۔ اب اس مرکب کو ہاتھ میں لے کر پھیلائیں کہ یہ پوری ہتھیلی پر پھیل جائے اور جو قیمہ آپ نے پہلے تیار کررکھا تھا اس میں سے تھوڑا سا قیمہ لے کر ہتھیلی پر رکھے آلو کے بھرتے کے درمیان میں رکھیں اور اسے دوسرے ہاتھ کی مدد سے کباب کی شکل میں چپٹا کرلیں۔ جب اس طرح سارے کٹلسں تیار ہوجائیں تو فرائی پین میں تیل گرم کریں۔ ایک پیالے میں انڈے توڑ کر پھینٹ لیں اور نمک شامل کرلیں۔ کٹلس کو پھینٹتے ہوئے انڈے میں ڈبو کر ان پر ڈبل روٹی کا چورا اچھی طرح لگائیں اور پھر انہیں فرائی پین میں ڈال کر تل لیں۔ یہ کٹلس کسی بھی قسم کی چٹنی کے ساتھ کھانے میں خوش ذائقہ محسوس ہوں گے۔

آلو قیمہ، نوڈلز

اشیاء:

آلو آدھ کلو، قیمہ ایک پیالی، نمک حسب ذائقہ، کٹی سرخ مرچ آدھ چمچ، پسی سیاہ مرچ آدھ چمچ، کٹا لہسن ایک چمچ، چوتھائی پیالی مکھن دو چمچ، نوڈلز آدھ پیکٹ، پنیر آدھ پیالی، ٹماٹو کیچپ آدھ پیالی، شملہ مرچ ایک عدد۔

ترکیب:

اس کے بعد اس میں نمک، کٹی سرخ مرچ اور قیمہ ڈال کر پکنے کے لئے ہلکی آنچ پر رکھ دیں۔ جب قیمے کا پانی خشک ہو جائے اور تیل الگ ہوجائے تو آنچ پر سے قیمہ اتار لیں اور ایک ایسے پیالے یا ڈش میں نکال لیں جو اوون میں بیک کرنے کے لئے رکھی جاسکے۔ اس میں قیمے کو پھیلاکر رکھ دیں، آلو نمک کے پانی میں پکاکر گلا لیں۔ اس کے بعد چھلکا اتار کر ہاتھ سے مل کر بھرتا بنالیں۔ اس میں مکھن اور پسی سیاہ مرچ ملادیں۔ نوڈلز کو ٹکڑے کرکے دس منٹ تک ابالیں پھر چھلنی میں چھان لیں۔ جب سارا پانی نکل جائے تو یہ نوڈلز قیمے والے پیالے میں بچھادیں اور اس پر کیچپ ڈال دیں اور کدوکش کیا ہوا آدھا پنیر بھی نوڈلز پر ڈال دیں۔ آلو کا بھرتا نوڈلز پر بچھادیں۔ اس کے اوپر شملہ مرچ کاٹ کر رکھیں اور آخر میں جو باقی پنیر بچے اس کو کدوکش کرکے آلو کے بھرتے پر چھڑک دیں۔ گرم اوون میں اتنی دیر پکائیں کہ پنیر ہلکا سنہری ہونے لگے اور گرم ہوکر تمام طرف پھیل جائے۔

قبض سے نجات دلانے والے گھریلو نسخے

قبض کی بیماری کا سامنا اکثر افراد کو ہوتا ہے اور انہیں اپنی زندگی اس کی وجہ سے بہت مشکل محسوس ہوے لگتی ہے۔ قبض ذیابیطس جیسے مرض کی ہی ایک بڑی علامت ہوسکتا ہے۔ تحقیق کے مطابق ذیابیطس سے ہٹ کر کچھ اقسام کے کینسر لاحق ہونے کی صورت میں بھی قبض کی شکایت اکثر رہنے لگتی ہے۔ تاہم قبض کا علاج تو آپ کے کچن میں بھی موجود ہے اس بیماری سے ریلیف کے لئے ان قدرتی طریقہ ہائے علاج کو آزما کر دیکھیں۔

  1. شیرہ: سونے سے قبل ایک چائے کا چمچ شیرے کا استعمال صبح کے وقت قبض سے ریلیف میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔ اس شیرے میں کافی مقدار میں وٹامنز اور منرلز خاص طور پر میگنیشم شامل ہوتے ہیں جو اس بیماری میں کمی لانے میں مدد دیتے ہیں۔
  2. فائبر: فائبر کسی پائپ کلینر کی طرح کام کرتے ہوئے آپ کی غذائی نالی میں موجود غذا اور فضلے کے اجزاء کی صفائی کرتا ہے۔ بیج، دالوں، دلیہ، باداموں، متعدد سبزیوں اور خشک میوہ جات میں فائبر کی مقدار کافی ہوتی ہے اور روزانہ 20 سے 35 گرام فائبر کا استعمال قبض کی شکایت میں کمی لانے کے لئے مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔ تاہم بہت زیادہ فائبر جسم کا حصہ بنانے پر پانی کا استعمال بھی زیادہ کرنا چاہئے۔
  3. پودینے یا ادرک کی چائے: پودینہ اور ادرک دونوں معدے سے متعلق متعدد شکایت کے لئے آزمائے ہوئے گھریلو نسخے ہیں۔ پودینے میں موجود مینتھول غذائی نالی کے پٹھوں کو ریلکس کرنے میں مدد دیتی ہے جبکہ ادرک ایک گرم جڑی بوٹی ہے جو جسم کے اندر حرارت بڑھاتی ہے اور کھانا جلد ہضم ہوجاتا ہے۔
  4. صحت بخش چربی: زیتون، نٹس وغیرہ صحت بخش چربی یا فیٹس سے بھرپور ہوتے ہیں جو انتڑیوں کے نظام میں بہتری لاکر قبض کی شکایت کم کرتے ہیں۔