منہاج القرآن ویمن لیگ کی سابقہ صدور کے یوم تاسیس پر تاثرات
ڈاکٹر شاہدہ نعمانی (صدر ویمن لیگ 1994۔1996ء)
میں منہاج القرآن ویمن لیگ کے 31 ویں یوم تاسیس کے موقع پر تمام عہدیداران کو مبارکباد پیش کرتی ہوں۔ ویمن لیگ کا قافلہ اپنے جذبوں اور عزم و ہمت کے ساتھ سوئے منزل رواں دواں ہے۔ ویمن لیگ کا کام نہ صرف خدمت دین کرنا ہے بلکہ اس قافلہ میں شامل ہوکر اس کی رفتار کو بڑھانا اور تحریک کے فروغ میں اپنا کردار بھی ادا کرنا ہے۔ حالات کے زیر و بم کے ساتھ مجموعی طور پر ویمن لیگ اپنا یہ کردار ادا کرنے میں کامیاب رہی ہے۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ اپنے مقاصد، نوعیت اور نتائج کے اعتبار سے پاکستان میں یہ خواتین کا ایک بڑا شعبہ ہے۔ رب تعالیٰ اس قافلے کو روز افزوں ترقی عطا فرمائے۔ منزل انقلاب کا ہر اول دستہ بنائے اور قائد تحریک کے سامنے سرخرو کرے۔ (آمین)
رافعہ علی (صدر ویمن لیگ 1997۔2000ء):
منہاج القرآن ویمن لیگ اپنی علمی، فکری اور عملی صلاحیتوں کے ساتھ روشن مستقبل کی طرف رواں دواں ہے۔ منہاج القرآن ویمن لیگ کی ہر کارکن اس ترقی و عروج میں برابر کی حصہ دار ہے۔ آج ویمن لیگ جس مقام پر کھڑی ہے اس میں ہر کارکن کی مساوی قربانیاں شامل ہیں۔ میں ویمن لیگ کو ان کے شاندار مستقبل پر اور 31 ویں یوم تاسیس پر تمام عہدیداران اور کارکنان کو مبارکباد پیش کرتی ہوں اور اللہ رب العزت سے دعا گو ہوں کہ شیخ الاسلام کی طرف سے تفویض کردہ مشن مصطفوی کے امور کو بطریق احسن سرانجام دیتی رہیں اور خدمت دین کو نئی نسلوں تک منتقل کرتی رہیں۔
فریدہ سجاد (صدر ویمن لیگ 2000 تا 2004ء):
منہاج القرآن ویمن لیگ کے 31 ویں یومِ تاسیس کے موقع پر تجدید و احیائے دین، ترویج و اقامت اسلام پر مبنی عظیم مصطفوی مشن کے روحِ رواں اور خواتین کو مقصدِ حیات کا شعور دینے والے تحریک منہاج القرآن کے بانی و قائد ڈاکٹر محمد طاہر القادری مدظلّہ العالی کو ہدیہ تہنیت اور سرپرست منہاج القرآن ویمن لیگ بیگم رفعت جبین قادری کو ہدیہ تبریک پیش کرتی ہوں۔ اُنہوں نے تیس سال قبل علم و آگہی کی جو شمع روشن کی تھی جو اب الحمدللہ ترویج و تجدیدِ دین کے عالمی مشن کو پوری دنیا میں منور کررہی ہے۔
اِس تاریخی اور پُر مسرت موقع پر میں ممبر سپریم کونسل ڈاکٹر غزالہ حسن قادری اور محترمہ فضہ حسین قادری منہاج القرآن ویمن لیگ کی موجودہ اور سابقہ مرکزی قیادت، اندرون و بیرون ملک جملہ تنظیمات اور وابستگان کو صمیمِ قلب سے مبارکباد پیش کرتی ہوں کہ جنہوں نے شبانہ روز محنت اور لازوال قربانیوں سے منہاج القرآن ویمن لیگ کو پروان چڑھایا۔
اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں التجا ہے کہ شیخ الاسلام کا فخر منہاج القرآن ویمن لیگ مضبوطیٔ کردار سے اپنے قائد کے ساتھ عہدِ وفا نبھاتے ہوئے مصطفوی مشن کی جدوجہد میں ہمیشہ پیش پیش رہے اور منزل کے حصول میں سرخرو ہو۔ آمین بجاہ سید المرسلین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ۔
فاطمہ مشہدی (صدر ویمن لیگ 2008۔2011ء):
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمدطاہرالقادری کی شخصیت ہمارے درمیان ایک عظیم نعمت ہے جن کے صدقے ہمیں منہاج القرآن جیسا پلیٹ فارم ملا تاکہ ہم اپنی زندگیوں کو قرآن و سنت کے مطابق گزارنے کا سلیقہ سیکھیں۔ قائد تحریک نے امت مسلمہ کی اصلاح و تربیت کے لیے تحریک منہاج القرآن کی بنیاد رکھی اور ساتھ ہی خواتین کے لیے منہاج القرآن ویمن لیگ کے شعبہ کا آغاز کیا۔ خواتین معاشرے کا جزو لاینفک ہیں۔ خواتین کی تربیت سے ہی مثالی معاشرہ وجود میں آسکتا ہے۔ شیخ الاسلام کی زیر نگرانی اندرون و بیرون ممالک منہاج القرآن ویمن لیگ خدمت دین کا فریضہ ادا کررہی ہے اور خواتین کو مقصد حیات سے آشنا کررہی ہیں۔ ان کی خدمات سنہری حروف میں لکھے جانے کے قابل ہیں۔ میں آج یومِ تاسیس کے اس موقع پر منہاج القرآن ویمن لیگ کو مبارکباد پیش کرتی ہوں اور دعا گو ہوں کہ یہ قافلہ یونہی اپنے قائد کی سنگت و رہنمائی میں کامیابی کی منازل طے کرتا رہے۔
نوشابہ ضیاء (صدر ویمن لیگ 2011۔2013ء):
فروغ دین اور احیائے اسلام کے لیے بپا منہاج القرآن ویمن لیگ کا یہ 31 سالہ سفر جامع اور اثر آفرین ہے کہ آئندہ تاریخ اسلام میں خواتین کے کارہائے نمایاں میں منہاج القرآن ویمن لیگ کے تاریخی کردار کے نقوش نمایاں ہوں گے۔ اللہ تعالیٰ ہمیں اس مشن پر استقامت عطا فرمائے۔
میں منہاج القرآن کے 31 ویں یوم تاسیس پر تحریک سے وابستہ تمام عہدیداران خواتین کو مبارکباد پیش کرتی ہوں اور دعا گوہوں کہ وہ ہمیشہ اصلاح احوال امت اور خدمت دین کے کام کو پوری دنیا میں عام کرتی رہیں۔ اللہ رب العزت ان کے ولولوں کو سدا سلامت رکھے۔
راضیہ نوید (صدر ویمن لیگ 2013۔2015ء):
اللہ تعالیٰ نے کائنات انسانی کو اپنا پیغام پہنچانے کے لیے ایک لاکھ چوبیس ہزار انبیاء کو بھیجا اور ختم النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا اعزاز آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو ملا۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بعد نہ کوئی نبی آئے گا نہ کوئی کتاب مگر اللہ تعالیٰ نے دین اسلام کے پیغام کو زندہ و جاوداں رکھنے کے لیے بزرگان دین، اولیاء اللہ اور صالحین کا ایسا سلسلہ شروع کیا جب امت کو تجدید اور احیاء دین کی ضرورت پڑی تو ان ہستیوں نے اہم کردار ادا کیا اسی سلسلہ کی ایک کڑی تحریک منہاج القرآن ہے جس کی بھاگ دوڑ اللہ رب العزت نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے سپرد کی۔ آپ نے منہاج القرآن ویمن لیگ کا آغاز اس دور میں کیا جب لبرل ازم عروج پر تھی۔ اس دور میں ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے ویمن لیگ کی بنیاد رکھی۔ آج ویمن لیگ ایک تناور درخت کی صورت میں موجود ہے، ویمن لیگ نے کئی ایسے ٹرینڈ متعارف کروائے جو معاشرے میں نظر آتے ہیں۔
الحمدللہ آج لاکھوں خواتین اس قافلہ میں شامل ہوکر معاشرے کو مثبت رخ دینے میں اہم کردار ادا کررہی ہیں۔ وہ معاشرہ جو 54 فیصد سے زیادہ خواتین پر مشتمل ہے وہاں پر خواتین سے سروسز لیے بغیر ترقی کرنا ناممکن ہے خواتین کو ایسا راستہ فراہم کرنا ہاں اس کی عزت و عصمت کی حفاظت بھی ہورہی ہے۔ صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کا موقع بھی مل رہا ہو۔ اپنی قابلیت کو بڑھانے اور خاندان کو تشکیل دینے کا موقع بھی مل رہا ہو۔ اس میں سب سے اہم بچوں کی تربیت کا ایک پلیٹ فارم ہے اور اخلاقی و روحانی تربیت کے لیے پلیٹ فارم دیا۔
میں ان خواتین کو صمیم دل سے مبارکباد پیش کرتی ہوں جو منہاج القرآن ویمن لیگ میں اپنا کردار ادا کررہی ہیں۔ یوم تاسیس دراصل وہ دن ہے جب تجدید عہد وفا کیا جاتا ہے۔ آج ہمیں اپنے قائد سے تجدید عہد وفا کرنا ہے۔
قدم قدم پر بچھا کر بہار کی کرنیں شب خزاں کے یہ سائے لپیٹنے
ہوں گے
تمہاے بعد آئیں گے کارواں اثر تمہیں یہ رہ کر پتھر سمیٹنے ہوں گے