عید کے پکوان
عیدالاضحٰی کے موقع پر گوشت کے پکوان دستر خوان کی شان ہوتے ہیں۔ قربانی چاہے گائے کی ہو یا بکرے کی۔ عیدالاضحی پر کھانوں میں پہلا پکوان کلیجی ہی ہوتی ہے۔ کلیجی کے بعد دوسرا نام بریانی کا آتا ہے گھر میں قربانی ہو اور نئے نئے پکوان نہ بنیں یہ بھلا کیونکر ممکن ہے۔ لہذا عیدالاضحی پر پکائے جانے والے چند نہایت آسان اور لذیذ کھانوں کی تراکیب درج ذیل ہیں:
1۔ کلیجی:
اجزاء: مٹن کلیجی ایک پاؤ، کچا پپیتا تین کھانے کے چمچ، گرم مصالحہ آدھا کھانے کا چمچ، نمک حسب ضرورت، لال مرچ پسی ہوئی ایک کھانے کا چمچ، لہسن ادرک کا پیسٹ ایک کھانے کا چمچ، سرکہ دو کھانے کے چمچ، تیل چھ کھانے کے چمچ، ہرا دھنیا اور ہری مرچ کارنش کے لیے۔
ترکیب:
کلیجی کو چھوٹی بوٹیوں میں کاٹ کر اچھی طرح دھولیں پھر اس میں سوائے کھانے کے تیل کے تمام مصالحہ لگاکر دو گھنٹے میرنٹ کرکے رکھ دیں پھر فرائی پین میں تیل ڈال کر ہلکا گرم کریں پھر اس میں مصالحہ لگی تمام کلیجی ڈال کر ڈھک کر ہلکی آنچ پر پکائیں۔
2۔ بریانی:
اجزاء: بکرے کا گوشت ایک کلو، چاول ایک کلو، بڑے آلو چار عدد، لیموں چار عدد، لونگ چار عدد، باریک کٹی پیاز چار عدد، ہری مرچ چھ عدد، چھوٹی الائچی چھ عدد، ثابت مرچ چھ عدد، کٹے ٹماٹر چھ عدد، سوکھے آلو بخارے ایک پیالی، گرم دودھ ایک پیالی، تیل ایک پیالی، دہی ایک پیالی، باریک کٹا پودینہ ایک گھٹی، کالا زیرہ ایک چائے کا چمچ، پسی لال مرچ ایک کھانے کا چمچ، پسا دھنیا دو کھانے کے چمچ، ادرک، لہسن کا پیسٹ ڈیڑھ کھانے کا چمچ، نمک حسب ذائقہ۔
ترکیب:
ایک کلو بکرے کے گوشت کو اچھی طرح دھولیں اب اس پر ایک پیالی دہی، ڈیڑھ چمچ ادرک لہسن کا پیسٹ، لال مرچ ایک کھانے کا چمچ، پسا ہوا دھنیا دو کھانے کے چمچ، لیموں دو عدد، باریک کٹا پودینہ ایک گٹھی، ہری مرچ چھ عدد، سوکھے آلو بخارے ایک پیالی، نمک حسب ذائقہ لگاکر آدھا گھنٹے کے لیے رکھ دیں۔
اب ایک دیگچی میں ایک پیالی تیل گرم کرکے چار عدد پیاز گولڈن اور آدھی نکال کر اخبار پرپھیلادیں باقی آدھی پیاز میں مصالحہ لگا ہوا گوشت ڈال کر ہلکی آنچ پر پکنے دیں جب پانی خشک ہوجائے تو اسے بھون کر اتار لیں پانی بالکل نہ ڈالیں، چار عدد آلو کی ہلکی سی بھاپ دے کر چار چار ٹکڑے کرکے فرائی کریں اور تلے آلوؤں کے ساتھ مٹن پر ڈال دیں۔
پھر ایک کلو چاولوں میں پودینہ، ہری مرچ، چھ عدد چھوٹی الائچی، چھ عدد کالی مرچ، حسب ذائقہ نمک اور چار عدد لونگ ڈال کر دوکنی ابالیں پھر پانی نتھار لیں۔ اس کے بعد دیگچی میں ذرا چکنائی لگاکر آدھی چاولوں کی تہہ لگا اب گوشت کی تہہ لگائیں پھر باقی چاولوں کی تہہ لگائیں اور تلی ہوئی پیاز ڈالیں ساتھ ہی ایک پیالی گرم دودھ میں ایک چوتھائی چائے کا چمچ زردے کا رنگ ملاکر اس میں شامل کردیں اس کے بعد دو عدد لیموں کا رس ڈال کر تیز آنچ پر توے پر دم دیں دس منٹ کے بعد آنچ ہلکی کردیں بھاپ اوپر آجائے تو تیار بریانی اتار لیں۔
مٹن کڑاہی:
اجزاء: بکرے کا گوشت ایک کلو، نمک ڈیڑھ چائے کا چمچ، ادرک، لہسن کا پیسٹ ایک کھانے کا چمچ، ٹماٹر آدھاکلو، ہری مرچ 8 عدد، لال مرچ 2 چائے کے چمچ، تیل آدھا کپ، ہرا دھنیا آدھا گڈی، ادرک 2 انچ کا ٹکڑا، سفید زیرہ 2 کھانے کے چمچ۔
ترکیب:
پہلے بکرے کے گوشت کو 2کپ پانی اور آدھا چائے کا چمچ نمک کے ساتھ ابالیں اب اس میں ادرک، لہسن کا پیسٹ شامل کردیں اور ڈھک کر 10 منٹ تک پکائیں پھر اس میں پسی لال مرچ نمک اور گھی یا تیل ڈال کر بھون لیںیہاں تک کہ گوشت گل جائے۔ پھر اس میں ہرا دھنیا، ادرک اور سفید زیرہ ڈال دیں اور نان کے ساتھ سرو کریں۔
شامی کباب:
اجزاء:گائے کا گوشت ایک کلو، چنے کی دال ایک پیالی، لہسن کے جوے 12 عدد، ادرک ایک بڑا ٹکڑا، ثابت لال مرچ 11 عدد، ثابت گرم مصالحہ ایک ٹیبل سپون، نمک حسب ذائقہ، انڈا ایک عدد، کباب میں بھرنے کے لیے مصالحہ، پودینہ آدھی گڈی باریک کٹا ہوا، ہرا دھنیا آدھی گڈی باریک کٹا ہوا، ادرک باریک کٹی ہوئی 2 کھانے کا چمچ، پیاز 2 عدد کٹی ہوئی، تیل حسب ضرورت تلنے کے لیے۔
ترکیب:
سب سے پہلے گوشت کو دھو کر سب چیزوں کے ساتھ ابال لیں جب گوشت اچھی طرح گل جائے تو پیس لیں پھر انڈا شامل کرکے ہاتھ سے اچھی مکس کرلیں اب بڑا ہرا مصالحہ کباب کے درمیان میں بھریں ٹکیاں بناکر تل لیں۔
بیف روسٹ:
اجزاء: گائے کا گوشت ثابت ٹکڑا (وزن دو کلو) چربی صاف کروالیں، سفید سرکہ آدھی پیالی، لیموں چار عدد، نمک حسب ذائقہ، ادرک کٹی ہوئی دو کھانے کے چمچ، کالی مرچ کٹی ہوئی آدھا کھانے کا چمچ، دہی دو پیالی، تیل آدھی پیالی۔
ترکیب:
سب سے پہلے گوشت دھو کر ہاتھ سے سارا مصالہ اچھی طرح لگاکر کانٹے سے گوشت اچھی طرح گود لیں تاکہ مصالحہ اندر تک چلا جائے۔ مصالحہ لگا گوشت کو دو گھنٹے کے لیے رکھ دیں۔ ایک بڑی دیگچی میں مصالحہ لگاکر گوشت ڈال کر اتنا پانی ڈالیں جس میں گوشت ڈوب جائے ہلکی آنچ میں ڈھکن ڈھانپ کر پکنے دیں جب پانی خشک ہونے لگے تو تیل ڈال دیں۔ کم از کم تین سے چار گھنٹے تیار ہونے میں لگیں گے، ہلکی آنچ پر پکائیں گے تو اتنا ہی اچھا لگے گا اور مزیدار بھی ہوگا۔ گلنے کے بعد اس کو مائیکرو ویو اون میں تقریباً پندرہ منٹ کے لیے رکھ دیں جب گوشت کے اندر پانی اچھی طرح خشک ہوجائے تو اسے اون سے نکال کر مناسب ٹکڑوں میں کاٹ لیں۔ گرم گرم روسٹ کو نان کے ساتھ سرو کریں۔