شیخ الاسلام مدظلہ کی 61 ویں سالگرہ کے موقع پر منہاج القرآن ویمن لیگ لاہور کے
زیراہتمام
ایوانِ اقبال لاہور میں کتب و CD's کی نمائش پر اظہار و تجزیہ
پہلی نظر پڑتے ہی سماں اتنا دل گداز تھا کہ قدم خود بخود آگے بڑھتے چلے جا رہے تھے۔ نہایت اہتمام سے لگائی گئیں ان گنت میزوں پر بچھی سفید چادریں جن کے آگے لہراتے ہوئے ریشمی فرل اس بات کی نشاندہی کر رہے تھے کہ یہ میزیں کسی خاص مقصد کے لئے سجائی گئی ہیں۔ اینٹرینس سے ہی پھولوں کے نہایت حسین گلدستے کسی خاص مہمان کے اعزاز میں لگائے گئے تھے۔ ان ڈور کے قریب ایک بڑے سے فلیکس بورڈ پر نہایت خوبصورت جلی حروف میں مقصد اجتماع درج تھا۔ اس دن تو ایوان اقبال اور اس کے در و دیوار بھی یوں لگتا تھا کہ خود پر نازاں ہو رہے تھے۔ ہر آنے والے کی نظریں اس بات میں الجھ رہی تھیں کہ وہ پہلے کس چیز کی طرف دیکھے، دھڑا دھڑ لوگوں کی آمد نے اس پروقار تقریب میں گہماگہمی سی پیدا کر دی تھی۔ یوں لگتا تھا کہ ایک عرصے بعد مے خانہ کھلا ہے اور ہر کوئی اپنی اپنی بساط اور پیاس کے مطابق سیراب ہو رہا ہے۔
عجب منظر تھا کہ میزبان تو مہمانوں کی تواضع کرتے ہی ہیں مگر یہاں مہمان مہمانوں کو دعوت دے رہے تھے کہ ارے جناب! ادھر دیکھیں۔۔۔ اس میز پر۔۔۔ میرا خیال ہے کہ یہاں زیادہ زبردست، حسین اور انمول ’’کتب‘‘ سجی ہیں۔ دلچسپ موضوعات، منفرد طرز تحریر، پر تاثیر فکر کی حامل، علم و حکمت سے لبریز کتابوں کی یہ نمائش اہل علم کے لئے مہ خانہ ہی تو تھی۔ بقول اقبال رحمۃ اللہ علیہ
لا پھر اک بار وہی بادہ و جام اے ساقی
ہاتھ آ جائے مجھے میرا مقام اے ساقی
شیر مردوں سے ہوا بیشہ تحقیق تہی
رہ گئے صوفی و ملا کے غلام اے ساقی
عشق کی تیغ جگر دار اڑالی کس نے؟
علم کے ہاتھ میں خالی ہے نیام اے ساقی
27 اور 28 فروری 2012ء کو ایوان اقبال کی آرٹ گیلری میں منعقد کی جانے والی یہ کتب اور CD's کی نمائش، دور حاضر کے عظیم مفکر و دانشور، عالم اسلام کے جید اسکالر، اک نابغہ روزگار شخصیت، شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 61 ویں سالگرہ کے موقع پر کی گئی تھی جس کا اہتمام منہاج القرآن ویمن لیگ لاہور نے کیا تھا۔ پہلے دن تقریب کا آغاز محترم امیر تحریک صاحبزادہ مسکین فیض الرحمن درانی اور منیجنگ ایڈیٹر مجلہ دختران اسلام محترم صاحبزادہ محمد حسین آزاد الازہری نے فیتہ کاٹ کر کیا جبکہ دوسرے دن شیخ الاسلام کی ہمشیرہ محترمہ مسرت جاوید صاحبہ اور ان کی صاحبزادی نے کیا۔ اس دو روزہ کتب اور CD's کی نمائش میں ملک عزیز کی نامور مذہبی، سیاسی، سماجی، دینی و ادبی شخصیات نے نمائندگی کی۔ مختلف تعلیمی اداروں سے طلباء اور اساتذہ کرام نے اس نمائش کا وزٹ کیا۔ اس کے علاوہ غیر مسلم اقلیتوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھی اس نمائش میں شامل ہو کر اپنی نمائندگی کی۔
یہ بات نہایت خوش آئند رہی کہ اس نمائش میں تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد شریک ہوئے۔ عام طور پر کتب کی نمائش میں ایسا بہت کم ہوتا ہے کہ نمائش میں پیش کی جانے والی کتب تمام طبقات معاشرہ کے افراد کے ذہنوں کو Attract کرے اور وہ اپنی اپنی فیلڈ میں راہنمائی کے لئے کسی ایک ہی فرد کی لکھی ہوئی کتب خریدنے پر آمادہ ہوں مگر یہ Tribute شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کو جاتا ہے کہ انہوں نے عالم اسلام کے مختلف سیاسی، مذہبی، سائنسی، معاشرتی، اقتصادی، قانونی، تاریخی، اخلاقی اور روحانی موضوعات پر ہزاروں لیکچرز دیئے اور ساڑھے چار سو سے زائد کتب عربی، انگریزی اور اردو زبان میں تصنیف کیں جبکہ ابھی آٹھ سو سے زائد مسودات طباعت کے مختلف مراحل میں ہیں۔ شیخ الاسلام کے مختلف لیکچرز عالم عرب اور مغربی دنیا کے مختلف ٹی وی چینلز سے بھی نشر کئے جاتے ہیں۔ آپ کی پانچ ہزار سے زائد Cd's اور ساڑھے چار سو کے قریب کتب نمائش میں رکھی گئی تھیں۔
نمائش میں شریک ہونے والے لوگوں کی دلچسپی کے لئے آپ کی ہمہ جہت شخصیت، علمی و دینی خدمات کے تعارف اور آپ کے عظیم مشن مصطفوی انقلاب کے بارے مختلف فلیکس بورڈز آویزاں تھے اس کے علاوہ ملکی و بین الاقوامی طور پر آپ کی خدمات کے اعتراف میں دیئے گئے اعزازات، عصری مسائل پر اہم کتب اور مصطفوی مشن کے قافلے کے جواں ہمت سالار صاحبزادہ حسن محی الدین قادری اور صاحبزادہ حسین محی الدین قادری کی خدمات کا تعارف بھی لوگوں کی دلچسپی کا باعث بنا۔ شیخ الاسلام کے علمی سرمائے اور تحقیقی ورثے کو دیکھ کر لوگ حیران ہو رہے تھے۔ زندگی کا کوئی ایسا شعبہ نہیں جس پر آپ نے عالم اسلام کو کتاب یا خطاب کے ذریعے آگہی نہ دے دی ہو۔ مسئلہ بلاسود بنکاری کا ہو یا دیت کا، ختم نبوت کا ہو یا آمد امام مہدی علیہ السلام کا، اہل بیت عظام رضی اللہ عنہم اور صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کی عصمت و عظمت کے تحفظ کا ہو یا گستاخانہ خاکوں کی اشاعت پر حرمت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی پاسبانی کا، موجودہ کرپٹ سیاسی نظام کی اصلاح کا ہو یا موجودہ بدترین دہشت گردی کا ہو۔۔۔ الغرض بات اعتقادیات کی ہو یا ایمانیات کی، موضوع قرآنیات سے متعلق ہو یا سیرت و احادیث سے، مسئلہ سیاسی ہو یا قانونی، جستجو قرآنی فکریات کی ہو یا سائنس کی، چیلنجز اقتصادیات سے متعلق ہوں، فقہیات سے یا روحانیات سے غرض آپ نے نوجوانوں کے شعور کو بیدار کیا تاکہ ان کا اعتقاد علم اور عمل روزگار زندگی میں باہم سازگار ہوں اور وہ اس دنیا میں رہتے ہوئے اللہ تعالیٰ اور اس کے حبیب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے دین کے وفادار ہوں۔ شیخ الاسلام کی یہ خدمات سنہری حروف میں لکھنے کے قابل ہیں اور آپ حقیقتاً حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی اس حدیث کے مصداق ہیں جس میں آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا :
لا يقوم بدين الله الا من احاطه من جميع جوانبه.
’’دین کو کوئی شخص اس وقت تک زندہ نہیں کر سکے گا جب تک وہ اس کے تمام پہلوؤں کو اپنی جدوجہد کے احاطے میں نہ لے لے‘‘۔
شیخ الاسلام دین کو زندہ کرنے والی ایسی ہی نابغہ روزگار ہستیوں میں سے ایک ہیں۔ شیخ الاسلام کی کتب و Cd's کی یہ نمائش اپنے نتائج و اثرات کے لحاظ سے نہایت کامیاب رہی ہے۔ منہاج القرآن ویمن لیگ لاہور کی یہ کاوش لائق تحسین ہے کہ انہوں نے خواتین ہو کر اشاعت دین کے فریضہ کو جس خوش اسلوبی سے نبھایا ہے اس سے ان کی حسن کارکردگی عیاں ہوتی ہے۔ اس سلسلے میں محترم ڈاکٹر رحیق احمد عباسی (ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن)، محترم شیخ زاہد فیاض (سینئر نائب ناظم اعلیٰ)، محترم طاہر یعقوب (مرکزی راہنما تحریک )، منہاج پروڈکشنز، سیل سنٹر، منہاج میڈیا سیل اور تمام مرکزی قیادت کے خصوصی تعاون پر منہاج القرآن ویمن لیگ لاہور نہایت ممنون ہے۔
نمائش میں مختلف میڈیا، شوبز، ادبی، سیاسی اور مذہبی شخصیات نے شرکت کی۔ انہوں نے شیخ الاسلام کی تصانیف دیکھیں اور آپ کے غیر معمولی خدمت دین کے کام کو سراہا۔ بعض نے نہایت دلنشیں انداز میں اپنے تاثرات رقم کئے جبکہ دیگر خواتین و حضرات نے اپنے مشاہدات، خیالات و تاثرات ریکارڈ کروائے۔ قارئین کی دلچسپی کے لئے چند ایک بطور نمونہ درج کئے جاتے ہیں۔
محترمہ بشریٰ رحمن (MNA، شاعرہ)
منہاج القرآن ویمن لیگ لاہور کی طرف سے شیخ الاسلام کی کتب کی نمائش دیکھی تو روح نہال سی ہو گئی۔ آج کل کے آلودہ اور افسردہ ماحول میں دینی و اسلامی کتابوں کی نمائش اس روشن استعارے کی طرح محسوس ہوئی جو نشان منزل بن کر مسلم امہ کو اپنی منزل کا پتہ دے رہا ہو۔ یہ خوبصورت سلسلہ جاری رہنا چاہئے۔ یہ کتابیں دودھ اور شہد کی نہریں ہیں۔ لوگوں کو انہیں پڑھنے کی ترغیب اسی طرح ملتی رہے گی۔
محترم حافظ محمد یعقوب (سینئر جرنلسٹ)
منہاج القرآن ویمن لیگ لاہور کے زیراہتمام کتب کی نمائش میں شرکت کا اعزاز حاصل ہوا۔ ایسے ماحول میں جبکہ عوام کا قلم و کتاب سے رشتہ ٹوٹتا نظر آ رہا ہے ان کی یہ کاوش قابل تحسین ہے خصوصاً عالم اسلام کے عظیم اسکالر ممتاز مذہبی، علمی شخصیت ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی مختلف موضوعات پر علمی و تحقیقی کتب دیکھیں۔ ان کتب کو دیکھ کر ڈاکٹر صاحب کے علمی سرمائے اور تحقیقی ورثے کے خوبصورت گلدستے کی ہم قدر کرتے ہیں۔ بلاشبہ یہ عالم اسلام پر ڈاکٹر صاحب کا بہت بڑا احسان ہے۔
ڈاکٹر احسن (ایڈیٹر روزنامہ جنگ، چیئرمین جرنلٹس اینڈ رائٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان)
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری غیر معمولی صلاحیتوں اور خوبیوں کے مالک ہیں۔ دنیا میں انہوں نے اپنی صلاحیتوں کو مخلوق کی خدمت کے لئے صرف کیا ہے اور دین کی خدمت کے شعبہ میں ان کا کردار کئی صدیوں تک مشعل راہ ہے اور رہے گا۔ تاوقتیکہ ایک اور ڈاکٹر طاہرالقادری اللہ سبحانہ تعالیٰ نہیں بھیج دیتا۔
محترمہ فاخرہ تحریم (سینئر جرنلسٹ روزنامہ جنگ)
نمائش بہت ہی اچھی ہے جس میں ڈاکٹر صاحب نے تقریباً تمام موضوعات کا احاطہ کرتے ہوئے کتابیں تحریر کی ہیں، جو پڑھنے والوں کے لئے راہنمائی فراہم کریں گی۔
محترم غلام یٰسین تبسم (آزاد کشمیر)
شیخ الاسلام مدظلہ عالم اسلام کی عظیم علمی و فکری اور نابغہ روزگار شخصیت ہیں جو علوم نبویہ کو عامۃ الناس تک پہنچانے اور حقیقت سے روشناس کرانے میں میں امین و وارث ہیں۔ آپ عصر حاضر میں امت کو درپیش مسائل کی نبض پر نہ صرف ہاتھ رکھے ہوئے ہیں بلکہ اس کی تشخیص اور حل بھی بتاتے ہیں جس کی ایک جھلک ’’دہشت گردی اور فتنہ خوارج‘‘ میں دیکھی جا سکتی ہے۔ آپ کی شخصیت غیر معمولی اور خداداد صلاحیتوں کی مالک ہے۔ آپ اسلام کے سفیر ہیں اور تحریک منہاج القرآن امت کی اصلاح احوال، تعلیم و تعلم، عصر حاضر کے چیلنجز سے نبرد آزما ہونے اور صالح و فکری اصلاح سے معمور نوجوانوں کی ایک کھیپ تیار کرنے کے لئے کوشاں ہے۔
چودھری محمد یونس گجر (ایڈووکیٹ لاہور)
According to my thinking Dr.M.Tahir-ul-Qadri is a great religoius leader, intelectual, writer, oratar, debator, excellent personality, philospher, thinker and is welknown not in Pakistan, but all over the world. Solute to promote religious knowledge to muslims and preach non muslims as to convert them to Islam Heilughan (German Philospher)
I am impressed by the knowledge and dirersity as well as the message of peace and moderation. That can be seen in those books. Mashallah.
صاحبزادہ مسکین فیض الرحمن درانی (مرکزی امیر تحریک)
حسب روایت منہاج ویمن لیگ کی منعقدہ شیخ الاسلام مدظلہ کی کتابوں کی نمائش یکتا اور منفرد انداز میں جلوے بکھیر رہی ہے۔ آرائش و زیبائش علم کی نمائش ایک اچھوتا انداز ہے جس سے بچیوں کی تربیت کا حسن عیاں ہے۔ یہ نمائش امسال ویمن لیگ لاہور کی کاوش ہے جو شاندار، مرکزی ویمن لیگ کی تربیت کا مظاہرہ ہے اور ویمن لیگ لاہور کا تربیت کے مطابق عمل۔ اللہ سبحانہ تعالیٰ ہماری بچیوں کے سر پر شیخ الاسلام مدظلہ کا سایہ قائم و دائم رکھے۔
تاثرات و خیالات کو محض نمونے کے طور پر شامل تحریر کیا گیا ہے ورنہ ان کی تعداد اتنی ہے کہ ایک الگ کتاب تشکیل پا جائے۔ المختصر تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے منہاج القرآن ویمن لیگ کی اس کاوش کو سراہا جبکہ دیگر شرکاء میں محترم ناصر ادیب (فلم رائٹر)، شجاعت ہاشمی (ٹی وی اینکر)، ڈاکٹر انجم انور، ظہیرالدین احمد (ایڈووکیٹ لاہور بار) کے علاوہ محمد امیر، محمد علی، اعجاز شاہ، عاطف موزم خان، مجاہد ارخان، ڈاکٹر افتخار اور رانا طاہر تصدق صاحب شامل تھے۔
اللہ تبارک وتعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ منہاج القرآن ویمن لیگ لاہور کی ٹیم کی اس کاوش کو قبول فرمائے اور انہیں اس شبانہ روز جدوجہد کا احسن صلہ عطا فرمائے۔ (آمین)
٭٭٭٭٭