افتتاحی تقریب گوشہ درود برائے خواتین
مورخہ 19 اپریل بروز بدھ شام 6 تا 10 منہاج القرآن ویمن لیگ لاہور کے زیر اہتمام شاندار پروگرام کا اہتمام کیا گیا جو کہ اپنے اندر دو عظیم نسبتوں کو سموئے ہوئے تھا۔
1۔ افتتاحی تقریب گوشہ درود برائے خواتین 2۔ مادر تحریک محترمہ رفعت جبین قادری کی سالگرہ
جس کی صدارت مادر تحریک محترمہ رفعت جبیں قادری نے کی۔ جس میں خصوصی شرکت شیخ الاسلام کی بہو محترمہ فضہ حسین قادری، محترمہ درۃ الزہرہ اور ان کے ساتھ ان کے گھرانے سے معزز خواتین بھی تشریف لائیں۔ اس کے علاوہ مرکزی ویمن لیگ کی صدر محترمہ فرح ناز اور ناظمہ محترمہ افنان بابر اور ان کی پوری ٹیم اور لاہور بھر سے سینئر ممبرز تمام ذمہ داران کارکنان وابستگان نے بھرپور شرکت کی۔
پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن مجید اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے کیا گیا۔ صدر منہاج القرآن ویمن لیگ لاہور محترمہ آمنہ بتول نے استقبالیہ کلمات کہے۔ پروگرام کی کارروائی کو آگے بڑھاتے ہوئے مرکزی ناطمہ محترمہ افنان بابر نے ویمن لیگ لاہور کی طرف سے سابقہ ضلعی تنظیم کی ذمہ داران اور عظیم بیٹیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے امی حضور کے ہاتھوں سابقہ صدر محترمہ عطیہ بنین کو شیلڈ اور اس کے ساتھ مختلف ذمہ داریوں پر خدمات سرانجام دینے والی بہنوں کو سرٹیفیکیٹ دلوائے گئے۔ جن میں محترمہ زریں لطیف، محترمہ فہنیقہ ندیم، محترمہ زارا ملک اور محترمہ عائشہ قادری شامل ہیں۔ اس کے علاوہ مرکزی ویمن لیگ کی طرف سے موجودہ لاہور ٹیم کو شیلڈ سے نوازا گیا۔
مادر تحریک محترمہ رفعت جبیں قادری نے خصوصی خطاب کیا اور کارکنان پر شفقت فرماتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی کی اور ورکرز کی تربیت کے حوالے سے ان کو چند ضروری نصیحتیں کیں۔ اس کے ساتھ ساتھ گوشہ درود کے نظم و ضبط کے حوالے سے رہنمائی، ہدایات اور درود پاک کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ مادر تحریک کی سحر انگیز گفتگو کے بعد ان کی سالگرہ کا کیک کاٹا گیا۔
پروگرام کے آخری حصے میں مادر تحریک کے مبارک ہاتھوں سے شاندار طریقے سے گوشہ درود (برائے خواتین) کا افتتاح کیا گیا۔ پروگرام کا اختتام مادر تحریک کی خصوصی دعا پر ہوا۔
منہاج القرآن ویمن لیگ کا سہ روزہ تنظیمی و تربیتی کیمپ (28 تا 30 اپریل2017ء)
منہاج القرآن ویمن لیگ نے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں 28 سے 30 اپریل 2017ء کو تین روزہ تربیتی کیمپ کا انعقاد کیا۔ کیمپ میں ملک بھر سے 140 ضلعی و تحصیلی عہدیداران نے شرکت کی۔ کیمپ کا بنیادی مقصد گزشتہ تنظیمی کیمپ میں دیئے گئے ورکنگ پلان اور پراجیکٹس کے فیلڈ میں عملی نفاذ کا جائزہ لینا اور آئندہ آنے والے پانچ سالوں کیلئے ورکنگ کا لائحہ عمل تنظیمات کی مشاورت سے تیار کرنا تھا۔
کیمپ کا آغاز 28 اپریل کو بعد از نماز مغرب شام 6 بجے بختاور دعا نے تلاوت کلام پاک سے کیا۔ بارگاہِ نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں ہدیہ نعت پیش کرنے کی سعادت پشاور کی ناظمہ زرتاج بخاری نے حاصل کی۔ منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی صدر محترمہ فرح ناز نے استقبالیہ کلمات پیش کرتے ہوئے تنظیمات کی عہدیداران کو خوش آمدید کہا اور ان کی ورکنگ اور وابستگی کو سراہا۔ تعارفی سیشن میں منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی ناظمہ افنان بابر نے تمام عہدیداران سے فرداً فرداً گفتگو کی اور ان کی ورکنگ کی صورتحال کا جائزہ لیا۔
آخر میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا خصوصی ویڈیو خطاب ’’خدمت دین میں عجز و انکساری کی اہمیت‘‘ سنایا گیا۔ اور دعا کے بعد پروگرام کا اختتام ہوا۔
دوسرے دن کا آغاز صبح 10 بجے جہلم سے شریک شیزانہ عنصر نے تلاوت قرآن پاک سے کیا اور نعت مبارکہ ام حبیبہ نے پیش کی۔ محترمہ افنان بابر نے تنظیمات کی گزشتہ کارکردگی اور ممبرشپ کاتجزیاتی و تنقیدی جائزہ لیا۔
ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن خرم نواز گنڈاپور نے تحریک کی آئندہ سیاسی وسماجی لائحہ عمل پر گفتگو کی اور عہدیداران کے مختلف سوالات کے جوابات دے کر بہت سی غلط فہمیوں کا ازالہ کیا۔ انہوں نے اپنی گفتگو میں بالخصوص سانحہ ماڈل ٹاؤن کی موجودہ صورت حال پر روشنی ڈالتے ہوئے حکومت وقت کی چیرہ دستیوں کا پردہ چاک کیا۔
محترمہ فرح ناز نے منہاج القرآن ویمن لیگ کے میگا پراجیکٹ الہدایہ پر خصوصی بریفنگ دی اور معاشرے میں قرآن کی تعلیمات کی اہمیت کو اجاگر کیا، انہوں نے اپنی گفتگو میں کہا کہ جب تک قرآن کو اپنی زندگیوں میں مکمل طور پر شامل نہیں کیا جائے گا تب تک امت مسلمہ متحد نہیں ہو سکتی اور اپنا کھویا ہوا عروج دوبارہ حاصل نہیں کر سکے گی، انہوں نے قرآن پراجیکٹ الہدایہ کا سلیبس اور تنظیماتی نیٹ ورک پر رو شنی ڈالتے ہو ئے اسے عوام الناس کی اصلاح کا واحد ذریعہ اور آخری امید قرار دیا۔
چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے سہ پہر 3 بجے ٹیلیفونک خطاب کیا، انہوں نے اپنی گفتگو میں اسلامی معاشرے میں خواتین کے کردار کو واضح کیا اور منہاج القرآن ویمن لیگ کے سہ جہتی کردار کے حوالے سے گفتگو کی اور قرآنی تعلیمات کے حصول کو کامیابی کا منبع و مآخذ قرار دیا۔
منہاج القرآن ویمن لیگ کی نائب صدر محترمہ شاہدہ مغل نے WOICE کے قیام کے اغراض و مقاصد بیان کئے اور تحصیلات میں پہلے سے موجود سوشل ویلفیئر نیٹ ورک کو WOICE سے منسلک ہونے کے طریقے کی وضاحت کی۔
نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن محترم تنویر خان نے تنظیم کے حقیقی تصور اور تنظیمی نیٹ ورک میں یونٹ کی اہمیت پر طویل اور پر اثر گفتگو کی۔ جس کے بعد رات کا کھانا اور نماز عشاء کا اہتمام کیا گیا۔ بعد ازاں محفل ذکرو نعت سجائی گئی۔
تیسرے دن کا آغاز لیہ سے شریک سارہ رضا نے تلاوت سے کیا اور راولپنڈی سے آنے والی ثانیہ نے ہدیہ نعت پیش کیا۔ سیدنا امام حسین کی بارگاہ میں منقبت پیش کی گئی۔ MSM کی سیکرٹری جنرل اقراء یوسف جامی نے MSM سسٹرز کے ورکنگ پلان پر تفصیلی گفتگو کی۔ اس کے بعد نائب ناظم اعلیٰ کوآرڈینیشن محترم رفیق نجم نے تحریکی تسلسل اور مشن مصطفوی پر استقامت پر سیرت النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی روشنی میں پْرجوش گفتگو کی اور تنظیم سازی کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے تنظیمی نیٹ ورک کی تکمیل کو انقلاب کی پہلی اور اہم ترین سیڑھی قرار دیا۔ محترم رفیق نجم کی گفتگو کے بعد مرکزی نظامت تربیت کے ناظم محترم غلام مرتضیٰ علوی نے تحریک منہاج القرآن کے فکری و عملی تسلسل پر خصوصی لیکچر دیا۔ بعد ازاں مرکزی ناظمہ برائے امور اطفال محترمہ ایمن یوسف نے رمضان پلان برائے اطفال تفصیلاً پیش کیا۔
آخر میں تمام زونل ناظمات نے اپنی تنظیمات کے ساتھ خصوصی ملاقات کی اور ان میں اعتکاف کے ٹارگٹ تقسیم کئے۔ محترمہ فرح ناز نے رقت آمیز دعا کے ساتھ تنظیمی و تربیتی سیشن کا اختتام کیا۔
شب برات کا روحانی اجتماع 2017، ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کا خصوصی خطاب
تحریک منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے چیئرمین محترم ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے شب برأت کے موقع پر مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقدہ عظیم الشان اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے مسائل، مشکلات اور بے سکونی کی بڑی وجہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بتائے ہوئے راستے سے ہٹنا ہے، جہاں آقائے دو جہاں سے محبت ہو گی وہاں امن، برکت اور راحت ہو گی، اللہ کو راضی کرنے کیلئے امت مسلمہ اپنے گناہوں پر نادم ہواور صدق دل سے توبہ کرے اور دلوں کو اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت سے آباد کرے۔ شب برأت کی بابرکت محفل میں تحریک منہاج القرآن کے ہزاروں کارکنان نے شرکت کی۔ خواتین کی ایک بڑی تعداد بھی شریک تھی۔ امیر تحریک صاحبزادہ فیض الرحمن درانی، عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور، جی ایم ملک، منہاج القرآن علماء کونسل کے مرکزی صدر علامہ الحاج امداداللہ قادری، مرکزی ناظم علامہ میر آصف اکبر اور مرکزی ناظم رابطہ علماء و مشائخ علامہ صاحبزادہ محمد حسین آزاد الازہری، نائب ناظم اعلیٰ محترم رفیق نجم، ناظم اجتماعات محترم جواد حامد و دیگر رہنما بھی خصوصی طور پر شریک ہوئے۔
آخر میں جامع مسجد المنہاج میں باجماعت صلوٰۃ التسبیح ادا کی گئی جس کے بعد اجتماعی ذکر ہوا اور مرکزی ناظم رابطہ علماء ومشائخ علامہ صاحبزادہ محمد حسین آزاد الازہری نے گناہوں کی معافی، ملکی خوشحالی، تحریکی کامیابی اور شہدائے ماڈل ٹائون کی مغفرت اور تحریک قصاص کی کامیابی کے لئے خصوصی رقت آمیز دعا کی۔ آخر میں تحریک منہاج القرآن کی طرف سے سحری کا خصوصی بندوبست کیا گیا تھا۔
شیخ الحدیث علامہ محمد معراج الاسلام کی یاد میں تعزیتی ریفرنس
تحریک منہاج القرآن اور کالج آف شریعہ منہاج یونیورسٹی کے زیراہتمام مرکزی سیکرٹریٹ میں معروف عالم دین، استاد، محقق اور شیخ الحدیث علامہ محمد معراج الاسلام کے چہلم کے موقع پر ان کی یاد میں تعزیتی ریفرنس منعقد ہوا۔ ریفرنس سے ویڈیو لنک کے ذریعے خصوصی خطاب کرتے ہوئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا کہ علم دوست اور علم پرور شخصیات زمین پر اللہ کا خاص انعام ہوتی ہیں، شیخ الحدیث علامہ محمد معراج الاسلام انہی شخصیات میں سے ایک تھے، وہ ایک درویش اور انتہائی نفیس انسان تھے، انہوں نے آخری سانس تک قرآن و حدیث کے علوم کو عام کیا اور سینکڑوں طلباء نے ان سے علمی پیاس بجھائی، انہوں نے کہا کہ علامہ محمد معراج الاسلام نے صدق و اخلاص کے ساتھ اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا پیغام پہنچایا اور قناعت، صبر و شکر اور سادگی سے زندگی بسر کی۔ انہوں نے کہا کہ میں علامہ محمد معراج الاسلام کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہوں اور ان کے درجات کی بلندی کیلئے دعاگو ہوں۔
تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین القادری نے کہا کہ شیخ الحدیث علامہ محمد معراج الاسلام کا شمار ایسے عرفاء میں ہوتا ہے جو قرآن و حدیث کی تعلیمات کے حسن کا اپنے اوپر اطلاق کرتے ہیں۔ علامہ محمد معراج الاسلام نے قرآن و حدیث کا علم نہ صرف پڑھا، پڑھایا بلکہ اپنی ذات اور شب و روز میں بھی ڈھالا۔ انہوں نے کہا کہ علامہ محمد معراج الاسلام کو جو نعمت اللہ تعالیٰ نے عطا کی وہ اس کے آئینہ دار بھی تھے۔
تقریب میں شیخ الحدیث علامہ محمد معراج الاسلام کے صاحبزادگان علامہ وقار الاسلام اور مصباح الاسلام نے خصوصی شرکت کی۔ تعزیتی ریفرنس میں مرکزی امیر تحریک منہاج القرآن صاحبزادہ مسکین فیض الرحمن درانی، علامہ مفتی محمد رمضان سیالوی (خطیب جامع مسجد داتا دربار رحمۃ اللہ علیہ) علامہ احسان الحق صدیقی (پرنسپل محمدیہ غوثیہ)، مفتی بد رالزماں قادری (پرنسپل جامعہ ہجویریہ)، شیخ الفقہ علامہ مفتی عبد القیوم ہزاروی، رئیس الجامعہ ڈاکٹر ممتاز الحسن باروی، پرنسپل کالج آف شریعہ ڈاکٹر خان محمد ملک، شیخ الادب علامہ پروفیسر محمد نواز ظفر، ایچ او ڈی شعبہ عربی و اسلامیات لاہور یونیورسٹی ڈاکٹر علی اکبر الازہری، نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن علامہ سید فرحت حسین شاہ (نقیب محفل)، مرکزی صدر منہاج القرآن علماء کونسل علامہ الحاج امداداللہ خان قادری، مرکزی ناظم رابطہ علماء و مشائخ منہاج القرآن صاحبزادہ محمد حسین آزاد الازہری، مرکزی ناظم علماء کونسل علامہ میر محمد آصف اکبر قادری، پرنسپل گرلز کالج ڈاکٹر ثمر فاطمہ کے علاوہ محترم جی ایم ملک (ناظم امور خارجہ)، شیر منہاج محترم جواد حامد (ناظم اجتماعات)، ڈاکٹر محمد اکرم رانا، ڈاکٹر ممتاز سدیدی، امبرین صوفیہ، عروج فاطمہ، فاطمہ نور نے بھی شرکت کی۔
ضیاء الامت فاؤنڈیشن کے صدر مفتی عبداللطیف سیالوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علامہ معراج الاسلام صاحب علم ہونے کے ساتھ ساتھ پیکر علم بھی تھے۔
شیخ الادب کالج آف شریعہ علامہ پروفیسر محمد نواز ظفر نے کہا کہ علامہ معراج الاسلام نے ساری زندگی قرآن و حدیث کیلئے وقف کر رکھی تھی۔ روزانہ قرآن کی تلاوت ان کا معمول تھی اور اپنے شاگردوں سے خاص شفقت فرماتے تھے۔
مرکزی ناظم رابطہ علماء ومشائخ منہاج القرآن اور منیجنگ ایڈیٹر مجلہ دختران اسلام صاحبزادہ محمد حسین آزاد الازہری نے خطاب کرتے ہوئے کہا قبلہ شیخ الحدیث صاحب رحمۃ اللہ علیہ نفاست و لطافت کا پیکر تھے۔ ان کے باطن کی طرح ان کا ظاہر بھی روشن تھا اور دل کو موہ لینے والا تھا۔
رئیس الجامعہ ڈاکٹر ممتاز الحسن باروی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علامہ محمد معراج الاسلام علم و عمل کے بحر بیکراں اور ناموس حدیث کے پاسبان تھے۔ انکی شخصیت بادہ توحید سے مست اور عشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے سرشار تھی۔
ریسرچ سکالر علامہ محمد افضل قادری نے اپنے خطاب میں کہا کہ علامہ محمد معراج الاسلام 24 مطبوعہ و غیر مطبوعہ کتابوں کے مصنف تھے جن میں منہاج البخاری سر فہرست ہے۔
پرنسپل جامعہ ہجویریہ علامہ بدرالزماں قادری نے کہا کہ ان کے والد گرامی علامہ شمس الزماں قادری اور شیخ الحدیث علامہ محمد معراج الاسلام رحمۃ اللہ علیہ آپس میں دوست اور کلاس فیلو تھے میں نے بچپن میں قبلہ شیخ الحدیث صاحب رحمۃ اللہ علیہ کو بہت قریب سے دیکھا آپ کی زندگی رشکِ ملائک تھی اور ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔
خطیب جامع مسجد داتا دربار علامہ مفتی محمد رمضان سیالوی نے اپنے خطاب میں حضرت شیخ الحدیث رحمۃ اللہ علیہ کی علمی و عملی خدمات کو خوب خراج تحسین پیش کیا اور مرحوم کی عیادت سے لے کر چہلم کے انعقاد تک شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اور تحریک منہاج القرآن کی خصوصی معاونت کو سراہا اور اسے تحریک کا خاصہ قرار دیا۔
آخر میں جگر گوشہ شیخ الحدیث رحمۃ اللہ علیہ علامہ وقار الاسلام صاحب نے حضرت شیخ الاسلام رحمۃ اللہ علیہ، ان کے صاحبزادگان، کالج آف شریعہ اور تحریک منہاج القرآن کا خاص طور پر شکریہ ادا کیا کہ قبلہ شیخ الحدیث صاحب کی علالت کے دوران اور بعد ازاں آج تک جس طرح مسلسل رابطہ اور عملی معاونت کی گئی وہ اپنی مثال آپ ہے۔ کسی مقام پر بھی میں نے اپنے آپ کو تنہا محسوس نہیں کیا اور حضور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کئی بار فون پر علالت کے دوران بھی تیمارداری کی اور وفات کے بعد بھی اظہار تعزیت کیا جس پر ان کا شکر گزار ہوں۔ انہوں نے کہا بعض لوگ غلط پراپیگنڈہ کرکے تحریک منہاج القرآن اور قبلہ والد گرامی قدر کے درمیان اختلافات کو ہوا دینے کی کوشش کررہے ہیں جو بے بنیاد اور سراسر بہتان ہے۔ قبلہ شیخ الحدیث رحمۃ اللہ علیہ آخر دم تک تحریک اور قائد تحریک کی محبت کا دم بھرتے رہے اور کسی قسم کا کوئی شکوہ زباں پر نہیں لائے جس کے ہم سب گواہ ہیں۔
آخر میں شیخ الفقہ حضرت علامہ مفتی عبدالقیوم خاں ہزاری نے خصوصی دعائے مغفرت فرمائی۔ جس کے بعد شرکاء میں لنگر تقسیم کیا گیا۔