سحرو افطار کی صحت بخش غذائیں
بوقت سحری
سحری میں ہمیں ایسی خوراک لینی چاہئے جس میں کافی مقدار میں پروٹین، مفید کولیسٹرول اور کاربوہائیڈریٹس موجود ہوں لیکن سحری کے کھانے میں چکنائی کم سے کم ہونی چاہئے۔ ایسی غذا ہرگز استعمال نہ کریں جو پیاس یا معدے میں جلن کا باعث بنے۔ سادہ غذا کھائیں اور مرچ مصالحوں کا استعمال کم سے کم کریں۔ سحری کے لئے بہترین غذا گندم کی روٹی ایک سے دو عدد، دودھ ایک کپ، کسی بھی قسم کا سالن یا آملیٹ جو اولیو آئل میں بنا ہو، آخر میں پھل بھی کھائیں۔
دودھ اپنی غذائی افادیت کے لحاظ سے گوشت کے برابر ہے اور ہر عمر کے لوگوں کے لئے یکساں مفید ہے۔ انڈا اور گندم کی روٹی دن بھر کے لئے پروٹین اور کاربوہائیڈریٹس فراہم کرنے کا بہترین ذریعہ ہے۔ اولیو آئل کا استعمال جسم میں کولیسٹرول کنٹرول رکھتا ہے۔
بوقت افطار
افطار میں ایسی غذا کھانی چاہئے جو فوری توانائی پہنچائے۔ ہمارے ہاں عموماً افطار کے وقت دستر خوان رنگ برنگ کھانوں اور مشروبات سے سجے ہوتے ہیں لیکن بیک وقت اتنا کھانا نہ صرف صحت کے لئے مضر ہے بلکہ اس سے روزے کا اصل مقصد بھی قائم نہیں رہتا۔
غذائیت سے بھرپور افطاری کے لئے درج ذیل افطار چاٹ پر عمل کریں۔ کھجوریں 3 عدد، جوس 1 گلاس، ویجی ٹیبل سوپ 1 کپ، پکوڑے، چاٹ وغیرہ۔ کھجوریں گلوکوز کی شکل میں قدرتی شکر پیدا کرتی ہے جو فوراً جزو بدن بن جاتی ہے۔ دن بھر کے دوران جو حرارے خرچ ہوتے ہیں۔ یہ ان کا بہترین نعم البدل ہے اور جسم میں چستی و توانائی پیدا کرتی ہے۔ سوپ سے پانی اور نمکیات کی ضرورت بخوبی پوری ہوتی ہیں۔
رات کا کھانا
رات کے کھانے کو اپنی سہولت کے مطابق درج ذیل گروپس میں بانٹ لیں۔
- میٹ گروپ: کسی بھی قسم کے گوشت کا ایک سلائس اور کوئی بھی دال آدھا کپ، گوشت اور دال کے استعمال سے جسم میں پروٹین، منرلز اور وٹامنز کی مقدار متوازن رہتی ہے۔
- بریڈ اینڈ سیریل گروپ: گندم کی آدھی روٹی یا ایک کپ چاول، گندم اور چاول ضروری کاربوہائیڈریٹس فراہم کرتے ہیں۔
- ملک گروپ: ایک کپ دودھ، لسی یا مکھن وغیرہ دودھ اور اس سے بنی ہوئی اشیاء جسم میں کیلشیم اور پروٹین کی کمی پوری کرتی ہیں۔
- ویجیٹیبل گروپ: مکس ویجیٹیبل سیلڈ 1 کپ، ایک یا دو چمچ اولیو آئل بھی شامل کرلیں۔ اس کے علاوہ پکی ہوئی سبزیوں میں بھنڈی، بینگن، لوکی، گوبھی، پالک یا کوئی بھی سبزی 4 اونس کھانے میں شامل کریں۔ سبزیوں میں موجود فائبر، وٹامنز اور آئرن جیسے عناصر جسمانی کمزوری دور کرتے ہیں۔
- فروٹ گروپ: افطار میں ایسا پھل بہترین ہے جن میں سٹرس ایسڈ پایا جاتا ہے۔ پھلوں سے فوری توانائی ملتی ہے نیز پانی کی کمی پوری ہوتی ہے۔ پھل ہمیشہ کھانے کے اختتام پر کھائیں۔
رمضان ٹپس: سحرو افطار میں درج ذیل باتوں کا خیال رکھیں۔
- افطار کے بعد پانی زیادہ سے زیادہ پئیں۔
- بہت زیادہ میٹھا نہ کھائیں۔
- چائے اور کافی کا استعمال کم سے کم کریں۔
- کھجور، بادام اور کیلے کا استعمال دوسرے پھلوں کی نسبت زیادہ کریں۔ یہ فوری اور دیرپا توانائی پہنچانے میں معاون ہیں۔