پشاور: سیدہ کائنات کانفرنس
منہاج القرآن ویمن لیگ پشاور کے زیرِاہتمام یوم ولادت سیدۃ نساء العالمین حضرت فاطمۃ الزہرا سلام اللہ علیہا کے موقع پر سیدہ کائنات کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں خواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ کانفرنس کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا، جس کے بعد آقائے دو جہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں گلہائے عقیدت اور سیدہ فاطمہ الزہراء سلام اللہ علیہا کی شان میں منقبت پیش کی گئی۔
منہاج القرآن ویمن لیگ کی صدر محترمہ روبینہ معین نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خواتین اسلام کے لئے سیدہ کائنات رضی اللہ عنہا کی ذات بابرکات اسی طرح اسوہ کامل ہے جس طرح نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات کو اللہ تعالیٰ نے پوری کائنات کے لئے اسوہ حسنہ قرار دیا ہے۔ دختران اسلام ہر شعبہ زندگی میں اپنے آپ کو سیدہ فاطمۃ الزہراء سلام اللہ علیہا کی حیات مقدسہ کے آئینے میں دیکھیں تو ایک مثالی بیٹی، بہن، بیوی اور ماں کی خصوصیات درجہ کمال پر ملتی ہیں۔ شہزادی کونین اور شمع شبستان حرم نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ، حضرت سیدہ فاطمۃ الزہراء رضی اللہ تعالیٰ عنہا کی پاکیزہ سیرت اور حیات طیبہ ہر دور کی مسلمان خواتین کے لئے ہر لحاظ سے نمونہ کمال اور واجب الاتباع ہے لہذا آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کی حیات مقدسہ سے روشنی کشید کر کے موجودہ دور کی خواتین کو واضح نمونہ عمل دکھانا وقت کی اہم ترین دینی ضرورت ہے۔
فیصل آباد: منہاج القرآن ویمن لیگ کی تنظیم نو
منہاج القرآن ویمن لیگ فیصل آباد کے انتخابات مکمل ہوگئے، انتخابات کی نگرانی منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی ناظمہ افنان بابر نے کی۔ تحریک منہاج القرآن فیصل آباد کے سیکرٹری اطلاعات غلام محمد قادری کے 29 مارچ 2017ء کو جاری کردہ نتائج کے مطابق اخترکلثوم منہاج القرآن ویمن لیگ ضلع فیصل آباد کی سرپرست، فاطمہ سجاد صدر، فرحت دلبرقادری ناظمہ، فریدہ علی نائب ناظمہ، روبینہ خاکی ناظمہ تربیت، قمرالنساء علی ناظمہ دعوت، شمائلہ انجم نائب ناظمہ دعوت، تسنیم افضال فنانس سیکرٹری، سعدیہ حفیظ ناظمہ نشر و اشاعت، زہرہ بتول ایم ایس ایم سسٹرز کی کوآرڈنیٹر منتخب ہوئیں۔ تحریک منہاج القرآن فیصل آباد کے امیر علامہ سید ہدایت رسول قادری، ناظم رانا رب نواز انجم، رانا طاہر سلیم، میاں کاشف محمود، حاجی امین القادری، میاں امجد قادری، اللہ رکھا نعیم القادری، علامہ عزیز الحسن اعوان، رانا غضنفر علی، حافظ محمودالحسن، آصف عزیز نے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد پیش کی۔
نو منتخب عہدیداران کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے افنان بابر نے کہا کہ علم کے نور سے ظاہر و باطن کو بدلنے کی جدوجہد ہی معاشرے میں مثبت تبدیلی لا سکتی ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے معاشرے میں تبدیلی کا جو ویژن دیا ہے اس میں عورت کو مرکزی کردار حاصل ہے اور منہاج القرآن ویمن لیگ دین مبین کی زریں اقدار کے فروغ کیلئے ان کی رہنمائی میں انتہائی اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیراہتمام 23 شادیوں کی پُروقار اجتماعی تقریب
منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیراہتمام 23 شادیوں کی پُروقار اجتماعی تقریب 19 مارچ 2017ء کو منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن کے بالمقابل وسیع گراؤنڈ میں منعقد ہوئی۔ شادیوں کی اس اجتماعی تقریب میں 21 مسلم اور 2 مسیحی جوڑے رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے۔ مسلم جوڑوں کا نکاح منہاج القرآن علماء کونسل کے سکالرز علامہ صاحبزادہ محمد حسین آزاد الازہری، علامہ سید فرحت حسین شاہ، علامہ محمد عثمان سیالوی، علامہ محمد خلیل حنفی اور محترم قاری اللہ بخش نقشبندی نے پڑھایا جبکہ مسیحی جوڑوں کا نکاح انکے مذہبی رہنماء نے پڑھایا۔ ہر دولہن کو پونے دو لاکھ روپے کا گھریلو سامان کا تحفہ دیا گیا۔ 700 باراتیوں کیلئے کھانے کا اہتمام، دولہوں اور دولہنوں کا روایتی بینڈ باجے سے استقبال کیا گیا۔
تقریب کی صدارت تحریک منہاج القرآن کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کی جبکہ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد، مجلس وحدت المسلمین کے سیکرٹری جنرل راجہ ناصر عباس، غلام محی الدین دیوان، ڈاکٹرعامر بلوچ، ڈاکٹر زرقا، فردوس جمال، حاجی محمد امین قادری، شفیق قادری، ڈاکٹر عابد عزیز، علامہ مفتی عبدالقیوم ہزاروی، ثروت روبینہ مہمانان خصوصی تھے۔
شادیوں کی اجتماعی تقریب میں مرکزی امیر تحریک صاحبزادہ مسکین فیض الرحمن درانی، قائم مقام ناظم اعلیٰ جی ایم ملک، بریگیڈیئر (ر) اقبال احمد، فیاض وڑائچ، مسز ڈاکٹر حسین محی الدین، ام حبیبہ، زینب ارشد، اقبال ڈوگر، علامہ شاہد لطیف قادری، نوراللہ صدیقی، جواد حامد، پادری سیموئیل نواب، شاہد ملک، ارشد مہر، علامہ میر محمد آصف اکبر، رفیق نجم، شہزاد رسول، میاں زاہد اسلام، سہیل احمد رضا، عارف چودھری، حافظ غلام فرید، چودھری عرفان یوسف، راجہ ندیم، حفیظ الرحمن خان اور چودھری افضل گجرنے شرکت کی۔
منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر سید امجد علی شاہ نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا۔ سٹیج سیکرٹری کے فرائض ساجد محمود بھٹی، شاہد اقبال یوسفی اور خرم شہزاد نے انجام دئیے۔ دولہوں کا استقبال منہاج القرآن کے رہنماؤں نے کیا جبکہ دولہنوں کا استقبال منہاج ویمن لیگ کی رہنماؤں نے کیا۔
ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پبلک سروس بہترین عبادت ہے، اولیاء کرام انسانیت سے محبت کے باعث آج تک انسانوں کے دلوں میں زندہ ہیں، صوفیائے کرام کی درگاہیں حقیقت میں کمیونٹی سنٹرز تھیں، انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی زیر سرپرستی منہاج ویلفیئر فائونڈیشن کے زیراہتمام اب تک 12 سو سے زائد غریب بچیاں اور بچے رشتہ ازدواج میں منسلک ہو چکے ہیں، انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام کی سیاست اور انقلاب کیلئے جدوجہد انسانی خدمت کا ایک ذریعہ ہے۔
عوامی مسلم لیگ کے صدر شیخ رشید نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری ہر سال غریب بچوں اور بچیوں کے سروں پر ہاتھ رکھ کر عظیم انسانی خدمت کررہے ہیں جو قابل تعریف ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چوروں، ڈاکوؤں، لٹیروں کے درمیان اتحاد ہو چکا ہے، اوباما کی بیٹی وائٹ ہاؤس سے نکلنے کے بعد اگلے ہی روز ایک ریسٹورنٹ کے کاؤنٹر پر بیٹھ گئی جبکہ ہماری بیٹی گھر بیٹھی 800 کروڑ کے فلیٹس کی مالک ہے، یہ ظالم مسلط رہے تو پھر غریب کا بچہ اور غریب کی بچی بے حال رہے گی۔
مجلس وحدت المسلمین کے سیکرٹری جنرل راجہ ناصر عباس نے اپنے خطاب میں کہا کہ شادی انسان کی زندگی میں انقلابی تبدیلی لے کر آتی ہے، یہ ’’میں‘‘ سے ’’ہم‘‘ کی طرف سفر ہے، غریبوں کیلئے فکر مند ہونا اللہ کو پسند ہے، مجھے خوشی ہے کہ ادارہ منہاج القرآن انسانیت کی خدمت کو عبادت کا ذریعہ بنائے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج جس مقام پر درجنوں خاندان جن میں مسلم اور غیر مسلم بھی شامل ہیں جمع ہیں، اسی جگہ پر ان ظالم حکمرانوں نے لاشیں گرائیں اور بے گناہ انسانی خون بہایا، انہوں نے منہاج ویلفیئر فائونڈیشن کو عظیم انسانی خدمت انجام دینے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے منہاج ویلفیئر کا جو پاک شجر لگایا ہے اللہ سے دعا ہے یہ پھلے پھولے اور ترقی کرے۔
آزاد کشمیر اسمبلی کے رکن غلام محی الدین دیوان نے کہا کہ ادارہ منہاج القرآن انسانیت کی خدمت کررہا ہے، میں جب بھی یہاں آتا ہوں میرے دل کو سکون ملتا ہے، ڈاکٹر محمد طاہرالقادری واحد قومی سیاسی لیڈر ہیں جو تعلیم بھی دے رہے ہیں اور غریب بچوں اور بچیوں کے سروں پر ہاتھ بھی رکھے ہوئے ہیں۔ پاکستان میں بہت ظلم ہورہا ہے اور ظلم کرنے والے کوئی اور نہیں موجودہ حکمران ہیں، آج جیلیں بھری پڑی ہیں صرف اس لیے کہ جیلوں میں جانے والے غریب ہیں امیر اور دولت والے جرم کے باوجود اقتدار کے مزے لوٹ رہے ہیں۔
منہاجینز پارلیمنٹ‘‘ کا اجلاس، پی ایچ ڈی سکالرز، ماہرین کی شرکت
منہاج القرآن کے تعلیمی اداروں سے فارغ التحصیل، مختلف شعبہ ہائے زندگی میں انجام دینے والے 500 سے زائد پروفیشنلز اور ماہرین پر مشتمل ’’منہاجینز پارلیمنٹ‘‘ کا 26 واں اجلاس منہاج القرآن سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت ڈاکٹر ابولحسن الازہری نے کی جبکہ منہاج القرآن انٹرنیشنل کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے آسٹریلیا سے منہاجینز پارلیمنٹ سے ٹیلی فونک خطاب کیا۔
ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے اپنے خطاب میں کہا کہ مختلف سرکاری و غیر سرکاری شعبہ جات میں اہم عہدوں پر خدمات انجام دینے والے منہاجینز ماہرین خود کو اپنی دفتری مصروفیات اور ذمہ داریوں تک محدود نہ رکھیں وہ اپنے علم اور تجربے کی روشنی میں پاکستان کو سیاسی، معاشی، سماجی بحرانوں سے نکالنے کیلئے تجاویز دیں، بالخصوص نوجوانوں کی تعلیم و تربیت اور انہیں جدید سائنسی رجحانات سے ہم آہنگ کرنے کیلئے اپنی قومی ذمہ داریاں پوری کریں۔ انہوں نے کہاکہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے نوجوانوں کی تعلیم و تربیت کے حوالے سے ظاہری علوم کی فراہمی کے ساتھ ساتھ باطنی اور فکری علوم کے احیاء اور ترویج کیلئے بھی اپنا بھر پور کردار ادا کیا ہے۔
منہاجینز پارلیمنٹ میں فروغ امن نصاب مرتب کرنے پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کو خراج تحسین پیش کیا گیا اور کہا گیا کہ اس وقت تعلیم کے شعبہ پر زیادہ سے زیادہ قومی انویسٹمنٹ کی ضرورت ہے۔ تعلیمی شعبہ پر 5 سال کے اندر جی ڈی پی کا 4 فی صد اور آئندہ 10 سال کے اندر جی ڈی پی کا 8 فی صد خرچ ہونا چاہیے، اجلاس میں مختلف شعبہ جات میں اصلاحات تجویز کرنے کیلئے متعلقہ پیشہ ورانہ اہلیت رکھنے والے ارکان پر مشتمل کمیٹیاں بنائی گئیں اور باقاعدگی سے اجلاس منعقد کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ منہاجینز پارلیمنٹ نے قرآنی علوم کے فروغ کیلئے عرفان القرآن کورس اور ویمن لیگ کی طرف سے شروع کئے جانیوالے الھدایہ کورسز کو اسلامی تعلیم و تربیت کے بہترین کورس قرار دیتے ہوئے اسکا دائرہ ملک بھر تک پھیلانے کی منظوری دی۔ اجلاس میں منہاجینز پارلیمنٹ کے چاروں صوبوں کے کوآرڈینیٹرز کی بھی نامزدگی کی گئی۔ جس میں خیبر پختونخواہ سے محمد جاوید ہزاروی، بلوچستان سے صدام حسین، سندھ سے افتخار احمد اور کراچی سے علامہ رانا نفیس اور کشمیر سے آفتاب احمد شامل ہیں۔
منہاجینز پارلیمنٹ کے اختتامی سیشن سے ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈا پور نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ منہاج القرآن کے تعلیمی اداروں، کالجز، یونیورسٹی کے فارغ التحصیل طلبہ و طالبات اپنی عملی زندگی میں اہم شعبہ جات میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر رہے ہیں اور پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے حوالے سے عملاً شریک ہیں۔
جواد حامد نے منہاجینز پارلیمنٹ کے اجلاس میں سانحہ ماڈل ٹائون کے حوالے سے کیس کی موجودہ صورت حال پر بالتفصیل روشنی ڈالی۔
صدر مجلس اور مرکزی صدر منہاجینز ڈاکٹر ابو الحسن الازہری نے اختتامی کلمات میں کہا کہ تحریک منہاج القرآن بطور تنظیم ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا ایک ایسا عظیم کارنامہ ہے کہ جس کے ذریعے پوری دنیا میں پاکستان اور اسلام کا معتدل تشخص اجاگر ہو رہا ہے
تنظیم سازی اپر سندھ
زونل ناظمہ ریسٹ آف پاکستان محترمہ عائشہ مبشر نے مورخہ 4 اپریل تا 12 اپریل کے تنظیمی وزٹ کے دوران اپر سندھ کے 3ڈویژنز سکھر، لاڑکانہ اور نواب شاہ کے پانچ اضلاع سکھر، گھوٹکی، لاڑکانہ، نوشیرو فیروز اور سانگھڑ کی 12 تحصیلات (میر پور ماتھیلو، گھوٹکی، ڈہرکی، سکھر، روہڑی، لاڑکانہ، باکرانی، ڈوکری، مورو، شہداد پور، ٹنڈو آدم اور کھپرو) کی تنظیم نو کی۔
جنوبی پنجاب
زونل ناظمہ جنوبی پنجاب محترمہ میمونہ شفاعت نے مورخہ 2 اپریل تا 9 اپریل کے تنظیمی وزٹ کے دوران ڈویژن ڈیرہ غازی کے 4 اضلاع، لیہ، مظفر گڑھ، ڈی جی خان، راجن پور کی 15 تحصیلات (لیہ، چوک اعظم، فتح پور، کروڑ، علی پور، جتوئی، مظفر گڑھ، چوک قریشی، کوٹ چھٹہ، ڈی جی خان، جام پور، داجل، روجھان، راجن پور اور فاضل پور کا وزٹ کیا۔ جن میں سے درج ذیل تحصیلات میں تربیتی تنظیمی ورکشاپ اور تنظیم نو کی گئی۔ لیہ چوک اعظم، فتح پور اور علی پور جبکہ درج ذیل تحصیلات میں تنظیم نو کی گئی۔ داجل، فاضل پور اور درج ذیل تحصیلات میں تنظیم سازی کی گئی۔ جتوئی، مظفر گڑھ، چوک قریشی، کوٹ چھٹہ، ڈی جی خان، روجھان۔ تین تحصیلات کروڑ، جام پور اور راجن پورمیں کوآرڈینیٹر مقرر کی گئیں۔
منہاج القرآن ویمن لیگ کے تحت الہدایہ پراجیکٹ کا آغاز
روئے زمین پر فقط دو ہی حقیقتیں ہیں ایک خالق اور دوسری مخلوق۔ اللہ رب العزت خالق ہے اور انبیاء علیھم السلام سے لیکر باقی ہر شے مخلوق ہے۔ ان کے درمیان کو ئی ایسی شے نہیں جو باہم مشترک ہو یا اس دائرہ سے باہر ہو۔ سوائے ایک چیز کے جو کہ عجیب تر نعمتِ خداوندی ہے جو نہ مخلوق ہے نہ خالق۔ اور وہ ہے قرآنِ مجید۔ جو خالق سے منسلک ہو تے ہوئے مخلو ق کی دسترس میں ہے اور قریب تر ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ قرآن کے تعلق کو معاشرہ کے تمدن پر غالب کرتے ہو ئے اسے ثقافت کا حصہ بنایا جائے۔
اسی ضرورت کے پیشِ نظر منہا ج القرآن ویمن لیگ الہدایہ پرا جیکٹ کا اجراء کر رہی ہے۔ جس کا مقصد افرادِ معاشرہ کا قرآنِ کریم کے ساتھ تعلقِ تلاوت اور رشتہ تفکرو تدبر استوار کرنا ہے۔ نیز تعلیماتِ قرآنی کو انکے روزو شب میں اسطرح جاگزیں کرنا ہے کہ ان کے معمولات و معاملاتِ زندگی میں اللہ کی اس صفت کے انوارو تجلیات کی جھلک اس طرح نظر آئے کہ انکی ذات سے پھوٹنے والی روشنی کی مقدس کرنوں سے معاشرے کی تاریکیا ں ماند پڑ جائیں۔
مرکزی صدر ویمن لیگ محترمہ فرح ناز کے مطابق رمضان المبارک میں الہدایہ کے عنوان کے تحت ملک بھر ترجمہ قرآن کی کلاسز کا انعقاد کیا جائے گا۔