مرتّبہ: ملکہ صبا

حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی پسندیدہ غذائیں اور ان کے فوائد

اللہ تعالیٰ نے زمین پر انسانوں کے لئے بے شمار نعمتیں عطا کیں، جن میں بہت سی ضروریات زندگی جن میں خوراک، پانی، پناہ گاہ اور خدا کی دیگر قدرتی تحفے شامل ہیں۔ غذا دنیا میں ہر انسان کیلئے ضروری ہے۔

اللہ تعالیٰ کے پیارے حبیب حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی عادت مبارکہ یہ تھی کہ جس قسم کا کھانا سامنے آتا اسے تناول فرمالیتے اور نہ ہی کسی خاص قسم کے کھانے کا اہتمام فرماتے۔

ہمارے نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو درج ذیل غذائوں کو ان کے ذائقے اور فوائد کی وجہ سے بہت پسند فرماتے تھے۔

کھجور:

کھجور اہل عرب عموماً خوراک کے طور پر استعمال کرتے تھے، حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے کھجور کی بڑی تعریف فرمائی خصوصاً عجوہ کھجور کی۔

حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو کھجور بہت زیادہ پسند تھی اور اس کا بہت استعمال فرماتے تھے۔ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا ارشاد ہے کہ جو شخص روزانہ صبح کے وقت سات عجوہ کھجوریں کھالیا کرے اس دن زہر اور جادو سے کوئی نقصان نہیں پہنچا سکتا۔

ایک اور جگہ ارشاد ہے عجوہ جنت کا پھل ہے۔ اس میں زہر سے شفا دینے کی تاثیر ہے۔

فوائد: کھجور ایک مقوی غذا ہے۔ سب پھلوں میں سے زیادہ توانائی بخش ہے۔ جسم انسانی کو جس قدر حیاتین کی ضرورت ہوتی ہے اسی قدر کھجور میں ہے۔ کھجور جسم کو فربہ کرتی ہے۔ صالح خون پیدا کرتی ہے۔ سینہ اور پھیپھڑوں کو قوت بخشنے کے لئے اس سے بہتر کوئی چیز نہیں ہے۔

روغن زیتون:

حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے روغن زیتون کو بہت پسند فرمایا ہے۔ نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم روٹی کو روغن زیتون سے چوپڑ کر تناول فرماتے۔

قرآن میں زیتون کا ذکر آیا ہے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ زیتون کا تیل کھائو اور مالش میں استعمال کرو۔ اس لئے کہ وہ مبارک درخت سے پیدا ہوتا ہے۔

فوائد: زیتون کا تیل دنیا کا واحد تیل ہے جو چربی میں تبدیل نہیں ہوتا یہ امراض قلب اورموٹاپے سے بچنے کے لئے انتہائی مفید ہے، روغن زیتون استعمال کرنے والے افراد دل کی بیماریوں سے محفوظ رہتے ہیں۔ زیتون جوڑوں اور پٹھوں کے درد، سانس کی بیماریوں، کولیسٹرول کے مسائل، بلڈ پریشر، گردوں کے امراض، موٹاپے اور فالج سمیت مختلف امراض سے انسان کو محفوظ رکھنے کی غیر معمولی صلاحیت رکھتا ہے۔

دودھ:

دودھ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی پسندیدہ غذا رہی ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اکثر گائے اور بکری کا دودھ استعمال فرماتے۔

آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا ارشاد ہے: کوئی چیز ایسی نہیں جو طعام اور مشروب دونوں کا کام دیتی ہو، سوائے دودھ کے۔

حضرت صہیب رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ارشاد فرمایا: تم لوگ گائے کے دودھ کو اپنے اوپر لازم قرار دے دو کیونکہ یہ شفا بخش ہے اور اس کا گھی دوا ہے۔

فوائد: حضرت انسان کے لئے ایک مکمل غذا ہے اور اس سے بہتر غذا شاید ہی ہو۔ دودھ میں جسم کی ضرورت کے مطابق تمام اجزاء موجود ہیں۔ جن سے جسم صحت مند رہ سکتا ہے اور اس کی نشوونما صحیح ہوسکتی ہے جن علاقوں کے لوگ دودھ استعمال کرتے ہیں ان کی عمریں زیادہ ہوتی ہیں۔

شہد:

حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے شہد کو بہت پسند فرمایا۔ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں کہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم شہد پسند فرماتے تھے، شہد کی شفا بخشی کا ذکر قرآن میں بھی آیا ہے اور اسے موت کے علاوہ ہر مرض کا علاج قرار دیا گیا ہے۔

فوائد: شہد کے بارے میں یہ بات طے شدہ ہے کہ یہ بہت سے امراض میں مفید ہے اور اس کا استعمال جسم کو امراض سے محفوظ رکھتا ہے۔ تمام تر کاوشوں کے باوجود اب تک شہد کا متبادل تلاش نہیں کیا جاسکا۔ شہد کی ایک خوبی اس کے رس کا جلد اثر کرنا اور قدرتی انٹی بایوٹک ہونا ہے۔ یہ حلق سے نیچے اترتے ہی خون میں شامل ہوجاتا ہے۔ نوزائیدہ بچے سے لے کر جان بلب مریض تک سب کے لئے غذا اور دوا ہے۔

کدو:

حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو سبزیوں میں کدو بہت پسند تھا۔ حضرت انس رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو ایک دعوت میں جو کی روٹی اور کدو گوشت کا شوربہ پیش کیا گیا۔ میں نے دیکھا کہ پیالے کے کناروں سے کدو تلاش فرماکر تناول فرمارہے تھے۔ میں اس روز کے بعد ہمیشہ کدو کو پسند کرنے لگا۔

فوائد: کدو ایک سبزی ہے جو ذائقہ میں لذیذ اور تاثیر میں زود ہضم، صحت بخش اور دماغی صلاحیتوں کو بڑھانے والا ہے، کدو مفرح قلب، جگر اور اعصاب کیلئے مفید سبزی ہے۔