مشہور مغربی مؤرخ Philip K. Hittiنے اپنی معروف کتاب History of the Arabsمیں لکھا ہے:
“After the death of Muhammad, Arabia became the nursery of heroes.”
"حضرت محمدﷺ کے وصال کے بعد سرزمین عرب ہیروز،(عظیم انسانوں اور رہنماؤں) کی نرسری بن گئی"
یہ محض ایک تاریخی تبصرہ نہیں بلکہ اس عظیم انقلاب کا اعتراف ہے جو پیغمبر اسلامﷺ نے انسان سازی کے میدان میں بپا کیا۔ آپﷺ نے ایسے افراد تیار کیے جو رات کے عبادت گزار اور دن کے شہسوار ہونے کے ساتھ ساتھ کردار، قیادت، عدل، شجاعت، بصیرت، نظم و ضبط، قربانی، دیانت اور انسان دوستی جیسی اعلیٰ اخلاقی صفات کا عملی پیکر تھے۔ ان کے اندر مقصدیت بھی تھی اور اخلاقی جرأت بھی، فکری پختگی بھی تھی اور اجتماعی ذمہ داری کا شعور بھی، حقوق اللہ کا پاس بھی تھا اور حقوق العباد کا لحاظ بھی۔ یہی وہ جماعت تھی جس نے مختصر مدت میں دنیا کی تاریخ کا رخ بدل دیا اور قیادت، حکمرانی اور انسانی خدمت کے ایسے معیار قائم کیے جن کی مثال تاریخ میں بہت کم ملتی ہے۔
اس عظیم جماعتِ صحابہ رضی اللہ عنہم میں ایک نہایت درخشاں اور غیر معمولی شخصیت سیدنا عمر فاروق رضی اللہ عنہ کی ہے جو اتنی جامع صفات کی حامل ہے کہ جنہیں بیان کرنے کے لیے بھی ایک طویل عمر درکار ہے۔ بلند قامت، مضبوط بدن اور باوقار شخصیت کے مالک حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ ایک ایسے انسان تھے جن کی شخصی وجاہت میں جلالِ، کردار کی عظمت اور قیادت کی ہیبت یکجا ہو گئی تھی۔ تاریخِ انسانیت میں کم ہی ایسی شخصیات پیدا ہوئی ہیں جن کے رعب و دبدبہ نے دنیا کی بڑی بڑی سلطنتوں کو لرزا کر رکھ دیا اور کفر و شرک اور جبر و استبداد کے ایوانوں میں ایک زلزلہ بپا کر دیا۔
حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ کی اس ظاہری ہیبت کے پس پردہ تقویٰ و طہارت، زہد و ریاضت، اخلاص ولِلھیت ،امانت و دیانت جیسی خوبیوں کے ساتھ ساتھ فراستِ مومنانہ اور غیر معمولی بصیرت کا ایک سمندر موجود تھا جس نے ان کی شخصیت کو غیر معمولی بنا دیا تھا اور ان کی شہرت و مقبولیت اور اثر و رسوخ کا دائرہ بہت وسیع کر دیا تھا۔
حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ کی شخصیت میں بے شمار اوصاف جمع تھے لیکن اگر ان کی سب سے نمایاں خوبی کو منتخب کیا جائے تو وہ عدل تھا۔ ان کا عدل محض حکومتی پالیسی کا حصہ نہیں تھا اور محض عدالتوں تک محدود نہیں تھا بلکہ ان کی طبیعت، مزاج، سوچ، فکر، فیصلوں اور طرزِ زندگی کا حصہ تھا اور معیشت، معاشرت، احتساب اور ریاست کے ہر گوشے میں نمایاں تھا۔ وہ ان عظیم انسانوں میں سے ہیں جنہوں نے ثابت کیا کہ کسی ریاست کی حقیقی بنیاد فوج، دولت یا سیاست نہیں بلکہ عدل و انصاف ہوتا ہے۔ وہ عدل اور حق کے معاملے میں نہ کسی رشتے کو دیکھتے تھے نہ طاقت کو اور نہ ہی کسی مصلحت کو خاطر میں لاتے تھے۔ کمزور ان کے نزدیک طاقتور تھا جب تک اس کا حق اسے نہ مل جائے اور طاقتور کمزور تھا جب تک اس سے حق واپس نہ لے لیا جائے۔ اس عدل کی وجہ سے انہیں "الفاروق "کا لقب بھی دیا گیا یعنی وہ ہستی جو حق اور باطل کے درمیان واضح فرق کرے۔
حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ کی شخصیتِ مبارکہ کی ایک اور بہت بڑی خوبی ان کی قائدانہ صلاحیت ہے۔ ان کی شخصیت میں وہ تمام اوصاف موجود تھے جو کسی شخص کو قیادت و سیادت کے منصب کا اہل بناتے ہیں۔ آج کی دنیا میں مؤثر قیادت کے جو اصول بیان کیے جاتے ہیں، حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ کی شخصیت ان پر نہ صرف پوری اترتی ہے بلکہ بہت بلند مقام پر دکھائی دیتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ سیدنا عمر فاروق رضی اللہ عنہ کی حیاتِ مبارکہ صرف تاریخ کا ایک باب نہیں بلکہ قیادت، کردار اور انسانی عظمت کا ایک زندہ اور عملی نمونہ ہے جو قیامت تک آنے والے حکمرانوں اور رہنماؤں کے لیے روشنی کا مینار ہے۔ زیرِ نظر مضمون میں سیدنا عمر فاروق رضی اللہ عنہ کی شخصیتِ مبارکہ کا اسی جہت سے جائزہ لینا مقصود ہے۔
1۔ خود احتسابی
حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ کے ہاں خود احتسابی اور نفس پر گرفت کا جذبہ ہر وقت بروئے کار رہتا تھا، ہمیشہ اپنے اعمال پر نظر رکھتے، اللہ کے سامنے جوابدہی کا گہرا احساس رکھتے اور خود کو مسلسل بہتر بنانے کے لیے کوشاں رہتے۔ اہم معاملات میں دوسروں سے مشورہ کرتے، جہاں ضرورت محسوس ہوتی اپنی رائے پر نظرِ ثانی کرتے اور بہتر دلیل کو قبول کرنے میں تامل نہیں کرتے تھے۔
ان کی ایک خاص بات یہ تھی کہ جس شعبۂ زندگی کے بندے سے ملتے اُ س کے متعلق سوال پوچھنا شروع کر دیتے۔ یوں اپنے علم میں مسلسل اضافہ کرتے رہتے۔ اسلام قبول کرنے کے بعد آپ رضی اللہ عنہ کی شخصیت میں جو انقلابی تبدیلی آئی وہ اس بات کی دلیل ہے کہ ایک حقیقی قائد مسلسل اپنی اصلاح کے عمل سے گزرتا ہے۔ آپ رضی اللہ عنہ کی سختی، عدل اور فیصلہ سازی میں جو توازن دکھائی دیتا ہے وہ تربیت، مشاہدے اور مسلسل ارتقا کا نتیجہ تھا۔ حضرت حذیفہ رضی اللہ عنہ سے ان کا یہ سوال کہ منافقین کی فہرست میں کہیں ان کا نام تو نہیں ہے، ان کے خود احتسابی کے شدید احساس کا آئینہ دار ہے۔
2۔ منظم و عملی شخصیت
سیدنا عمر فاروق رضی اللہ عنہ کی قیادت محض جذباتی یا انتظامی نوعیت کی نہیں تھی بلکہ ایک منظم اور تجربہ کار نظام کی بنیاد پر تھی جس میں ہر فیصلے کے پیچھے گہرا فہم اور عملی شعور موجود ہوتا تھا۔ آپ رضی اللہ عنہ نے اپنے دورِ حکومت میں ایک وسیع و عریض ریاست کو اس طرح منظم کیا کہ ریاست کا ہر شعبہ ایک مربوط نظام کے تحت چلنے لگا۔ یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ آپ رضی اللہ عنہ نہ صرف حکمرانی کے اصول جانتے تھے بلکہ عملی سطح پر ان کا بہترین نفاذ بھی جانتے تھے۔ ایک اہم پہلو یہ ہے کہ آپ رضی اللہ عنہ نے ریاستی نظم و نسق میں باقاعدہ ادارہ جاتی اصلاحات کیں جیسے بیت المال کا منظم نظام، عدالتی ڈھانچے کی بہتری اور گورنروں کی احتسابی پالیسی وغیرہ۔ یہ سب اقدامات اس بات کا ثبوت ہیں کہ آپ رضی اللہ عنہ محض سیاسی قائد نہیں بلکہ ایک ماہر، منتظم اور جہانبانی کے طریقوں کو بخوبی جاننے والے تھے۔
آپ رضی اللہ عنہ کے ایک قول کا مفہوم یہ ہے کہ اگر کوئی ذمہ داری دی جائے تو اسے پوری دیانت اور مہارت کے ساتھ ادا کیا جائے ورنہ وہ امانت نہیں بلکہ خیانت ہے۔ یہ تصور جدید پروفیشنل ایتھکس (Professional Ethics) کے بہت قریب ہے۔ یوں کہا جا سکتا ہے کہ جدید قیادت کا یہ اصول کہ قائد میں پیشہ ورانہ مہارت اور اپنے کام کو بخوبی انجام دینے کا عملی فہم ہونا چاہیے، سیدنا عمر فاروق رضی اللہ عنہ کی شخصیت میں نہ صرف موجود تھا بلکہ آپ رضی اللہ عنہ اس کی ایک بہترین عملی مثال تھے۔ آپ رضی اللہ عنہ نے قیادت کو صرف اختیار نہیں بنایا بلکہ علم، مہارت اور عملی بصیرت کا ایک مکمل نظام بنا کر پیش کیا۔
3۔ رعایا کی فلاح و بہبود
حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ کی شخصیت اتنی حساس تھی کہ راتوں کو اٹھ کر خود مدینہ منورہ کی گلیوں میں گشت کیا کرتے تھے تاکہ عوام کے حالات کا براہِ راست مشاہدہ کر سکیں اور دیکھ سکیں کہ کون کس حال میں ہے؟ کس کی کیا ضروریات ہیں؟ اور پھر ان ضروریات کو پورا بھی فرمایا کرتے تھے۔ کیا عجیب وقت تھا کہ جب عوام میٹھی نیند سو رہے ہوتے تھے اور ان کے حکمران ان کی ضروریات و مسائل کو جاننے اور انہیں حل کرنے کے لیے جاگا کرتے تھے۔
ایک رات گشت کے دوران انھیں ایک خیمے سے بچوں کے رونے کی آواز سنائی دی، استفسار پر معلوم ہوا کہ ماں کے پاس کھانے کو کچھ نہیں ہے اور بچے بھوک سے رو رہے ہیں۔ آپ رضی اللہ عنہ فوراً واپس گئے اور بیت المال سے خود آٹا اور دیگر سامان اپنی پشت پر لے کر آئے۔ آپ رضی اللہ عنہ اپنے دورِ اقتدار میں غریب، یتیم اور مسکین افراد کے لیے خصوصی انتظامات کیا کرتے تھے۔ اپنے گورنروں کو بھی سختی سے ہدایت کرتے تھے کہ عوام کے ساتھ نرم رویہ اختیار کریں اور ان کی ضروریات کو ترجیح دیں۔ اگر کسی علاقے سے شکایت آتی تو آپ رضی اللہ عنہ فوراً تحقیق اور اصلاحی کارروائی کیا کرتے تھے۔
یہ رویہ اس بات کی دلیل ہے کہ آپ رضی اللہ عنہ کی قیادت میں عوامی فلاح (People Welfare) محض ایک پالیسی نہیں بلکہ ایک عملی نظام تھا جس کے نتائج اور ثمرات ہر طبقہ تک پہنچ رہے تھے۔ بالخصوص غریب، نادار، مجبور، لاچار اور بے کس طبقات کے لیے یہ ایک ایسی مثالی ریاست تھی جہاں ان کے تمام مسائل بآسانی حل ہوتے تھے اور ان کی تمام جائز ضروریات بغیر کسی تردد کے پوری ہوتی تھیں۔ یہی ایک حقیقی قائد کی قیادت کو پرکھنے کا اصل معیار ہے کہ وہ اپنے زیرِ قیادت افراد کی زندگیوں کو کس حد تک بہتر بناتا ہے۔
4۔ شفافیت و مشاورت
سیدنا عمر فاروق رضی اللہ عنہ شفافیت، مشاورت اور عوامی آگاہی کے ایک غیر معمولی قائد کے طور پر سامنے آتے ہیں۔ آپ رضی اللہ عنہ کا انداز یہ تھا کہ ریاستی معاملات کو چھپانے کے بجائے انہیں مشاورت اور وضاحت کے ساتھ آگے بڑھاتے تھے تاکہ معاشرہ صرف تابع نہ رہے بلکہ باخبر اور ذمہ دار بھی ہو۔ آپ رضی اللہ عنہ اپنے گورنروں سے سختی سے یہ مطالبہ کرتے تھے کہ وہ عوام کو ریاستی فیصلوں اور پالیسیوں سے آگاہ رکھیں۔ ایک موقع پر آپ رضی اللہ عنہ نے اپنے ایک گورنر کو اس وجہ سے تنبیہ کی کہ انھوں نے عوام کو مناسب طور پر معلومات فراہم نہیں کی تھیں۔ اس سے واضح ہوتا ہے کہ آپ رضی اللہ عنہ صرف حکم دینے پر نہیں بلکہ معلومات کے بہاؤ (Information Flow) پر بھی گہری نظر رکھتے تھے۔
آپ رضی اللہ عنہ خود بھی مختلف مواقع پر عوام کے سامنے آ کر خطبات دیتے، مسائل بیان کرتے اور ریاستی پالیسیوں کی وضاحت کرتے تھے۔ آپ رضی اللہ عنہ کا نکتہ نظر (Mindset) یہ تھا کہ قیادت اور عوام کے درمیان فاصلہ پیدا نہ ہو بلکہ اعتماد اور آگہی پر مبنی تعلق قائم رہے۔ آپ رضی اللہ عنہ لوگوں کو سوال کرنے کی بھی اجازت دیتے تھے اور ہر بات کی وضاحت فرماتے تھے، نیز جہاں مناسب ہوتا اپنے طرزِ فکر میں تبدیلی کرنے میں بھی عار محسوس نہیں کرتے تھے۔
ایک موقع پر جب ایک شخص نے مجمعِ عام میں سوال کر دیا کہ مالِ غنیمت سے ملنے والی ایک چادر سے آپ کا لباس کیسے بن گیا تو آپ نے خندہ پیشانی سے سوال سن کر اپنے بیٹے کو اس کا جواب دینے کے لیے کہا۔ نیز ایک دوسرے موقع پر جب آپ رضی اللہ عنہ حقِ مہر پر پابندی لگانے کا سوچ رہے تھے تو ایک عورت نے اس پر اعتراض کر دیا۔ جب اس نے اپنے موقف کے حق میں قرآن سے دلیل پیش کر دی تو آپ رضی اللہ عنہ نے مجمعِ عام میں اسے تسلیم کرتے ہوئے اپنی رائے میں تبدیلی کا اعلان کر دیا۔
سیدنا عمر فاروق رضی اللہ عنہ کی شخصیت اس اصول کا عملی نمونہ ہے کہ ایک قائد اپنی طاقت معلومات چھپانے میں نہیں بلکہ معلومات کو صحیح، واضح اور بروقت انداز میں منتقل کرنے میں رکھتا ہے تاکہ پورا نظام شعوری طور پر متحرک اور ذمہ دار رہے۔ حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ کی عادتِ مبارکہ تھی کہ آپ رضی اللہ عنہ جن لوگوں کو گورنر بنایا کرتے تھے انہیں خطوط لکھا کرتے تھے جن میں بتایا جاتا تھا کہ انہوں نے کیا کرنا ہے اور کیا نہیں کرنا ہے۔اسے جدید زبان میں What to do, What not to do کہا جاتا ہے۔
حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ تفصیلاً بتاتے تھے کہ انہوں نے اپنے چارٹر آف ڈیوٹی (Charter of Duty) کو کیسے پورا کرنا ہے۔ انگریزی زبان کا ایک محاورہ ہے: “Power and authority are for helping others grow”، حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ کی شخصیت اس اصول کی عملی مثال تھی۔ چنانچہ معاشرہ کے ہر فرد کو بخوبی علم ہوتا تھا کہ کیا کرنا ہے اور کیا نہیں کرنا ہے۔ آپ رضی اللہ عنہ کے دورِ حکومت کا مشہور واقعہ جس میں ماں اور بیٹی کے درمیان اس بات پر تکرار ہو رہی تھی کہ دودھ میں پانی ملایا جائے یا نہیں، اس حقیقت کی ایک قوی مثال ہے کہ خواص تو رہے ایک طرف، عوام کو بھی معلوم تھا کہ ایک ریاست کے ذمہ دار شہری ہونے کے ناطے ہماری ذمہ داریاں کیا ہیں۔
5۔ ریاستی امور کی نگرانی و احکامات کی تنفیذ
سیدنا عمر فاروق رضی اللہ عنہ ایک انتہائی منظم، باخبر اور نتیجہ خیز قائد تھے۔ آپ رضی اللہ عنہ کی قیادت کا انداز یہ تھا کہ وہ صرف حکم جاری نہیں کرتے تھے بلکہ اس بات پر بھی کڑی نظر رکھتے تھے کہ وہ حکم کس طرح نافذ ہو رہا ہے اور اس کے نتائج کیا نکل رہے ہیں؟ آپ رضی اللہ عنہ کا ایک اہم طریقہ یہ تھا کہ جب بھی کسی گورنر یا عامل کو کسی علاقے میں ذمہ داری دی جاتی تو آپ رضی اللہ عنہ اسے واضح ہدایات دیتے اور پھر مسلسل خطوط اور رپورٹس کے ذریعے اس کی نگرانی کرتے۔ اگر کسی حکم پر عمل درآمد میں کمی یا غلطی نظر آئی تو آپ رضی اللہ عنہ فوراً اصلاح کرتے۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ آپ خود کو صرف منصوبہ بندی کرنے والے نہیں بلکہ عملی نتائج کے بھی ذمہ دار سمجھتے تھے۔
سیدنا عمر فاروق رضی اللہ عنہ مدینہ منورہ میں بیٹھ کر پوری اسلامی ریاست کے انتظامات کی نگرانی فرماتے تھے، مختلف علاقوں سے آنے والی رپورٹس کا تجزیہ کرتے، سوال کرتے اور دیکھتے کہ فیصلوں پر عمل درآمد صحیح سمت میں ہو رہا ہے یا نہیں۔ آپ رضی اللہ عنہ نے ایک گورنر کو خط لکھا کہ وہ عوام کے درمیان جا کر خود دیکھے کہ اس کے اقدامات کا کیا اثر ہو رہا ہے ، صرف رپورٹس پر اعتماد نہ کرے۔ علاوہ ازیں آپ رضی اللہ عنہ خود بھی مختلف علاقوں کا دورہ کرتے اور وہاں کے حالات معلوم کرتے۔
ایک مرتبہ آپ رضی اللہ عنہ کسی علاقے میں پہنچے اور وہاں کے لوگوں سے پوچھا کہ تمہیں اپنے گورنر کے حوالے سے کوئی شکایت تو نہیں ہے؟ انہوں نے چار شکایات بیان کیں۔ سیدنا عمر رضی اللہ عنہ نے وہاں کے گورنر کو مجمعِ عام میں بلایا، جسے آج کل کے دور میں کھلی کچہری کی اصطلاح سے یاد کیا جاتا ہے، اور انہیں کہا کہ ان چار سوالات کا جواب دیں۔ ان کی طرف سے تسلی بخش اور ایمان افروز جواب ملنے پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا کہ جس شخص کو میں نے لوگوں کے امور کا نگران بنایا ہے اس کے دل میں اللہ تعالیٰ کا کتنا خوف موجود ہے۔
6۔ قوتِ فیصلہ
سیدنا عمر فاروق رضی اللہ عنہ کی شخصیت فیصلہ سازی کے میدان میں غیر معمولی بصیرت اور فراست کی حامل دکھائی دیتی ہے۔ آپ رضی اللہ عنہ کی قیادت کا امتیاز یہ تھا کہ آپ رضی اللہ عنہ حالات کو نہ صرف گہرائی سے سمجھتے تھے بلکہ فوری اور مؤثر فیصلے بھی کرتے تھے اور فیصلے میں تاخیر یا تذبذب کو قیادت کی کمزوری سمجھتے تھے۔ اللہ تعالیٰ نے انہیں ایسی فراست عطا فرمائی تھی جو حالات و واقعات کے ظاہری پہلوؤں سے گزر کر حقائق کی تہ تک پہنچ جاتی تھی اور درست نتائج اخذ کر لیتی تھی۔ آپ کی دور اندیشی ایسی تھی جو مستقبل کے پردوں میں جھانک کر آنے والے دور کی تصویر دیکھ لیتی تھی اور مجتہدانہ بصیرت وہ تھی جو فوری اور بروقت فیصلے لینا جانتی تھی۔ نیز ان کی رائے اتنی صائب ہوتی تھی کہ عہدِ رسالت مآبﷺ میں کئی مواقع پر وحیِ الٰہی سے اس کی تائید ہوئی۔ ان کی زندگی میں فیصلہ سازی کی غیر معمولی صلاحیت کی مثالیں قدم قدم پر دکھائی دیتی ہیں۔ ذیل میں صرف تین مثالیں درج کی جا رہی ہیں:
1۔ سیدنا صدیقِ اکبر رضی اللہ عنہ کے دورِ خلافت تک قرآنِ مجید متفرق مقامات پر لکھا ہوا تھا، یکجا شکل میں موجود نہیں تھا۔ جنگِ یمامہ میں جب بہت سارے حفاظ قرآن صحابہ رضی اللہ عنہم شہید ہو گئے تو آپ رضی اللہ عنہ کی فراست نے آنے والے دور کی تصویر کو بھانپتے ہوئے سیدنا صدیقِ اکبر رضی اللہ عنہ کو ٹھوس اور مضبوط دلائل سے قائل کیا کہ قرآن کو ایک جگہ جمع کرنا بہت ضروری ہے۔ چنانچہ ان کی مساعیِ جمیلہ کے نتیجے میں حضرت زید بن ثابت رضی اللہ عنہ کے ذریعے یہ کام پایۂ تکمیل کو پہنچا اور قرآنِ مجید ہمیشہ کے لیے محفوظ ہو گیا۔
2۔ اسلام کی ابتدا میں جب مجاہدین کو جنگ پر بھیجا جاتا تھا تو ان کی واپسی کا کوئی اصول طے نہیں تھا۔ ایک رات گشت کے دوران سیدنا عمر فاروق رضی اللہ عنہ نے دیکھا کہ ایک عورت جس کا شوہر میدانِ جنگ میں تھا، اس کی جدائی میں درد بھرے اشعار پڑھ رہی تھی۔ آپ رضی اللہ عنہ نے اپنی بیٹی سے پوچھا کہ عورت کتنا عرصہ شوہر کے بغیر رہ سکتی ہے؟ حضرت حفصہ رضی اللہ عنہا نے بتایا کہ چار مہینے۔ حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ نے اصول بنا دیا کہ ہر مجاہد کو چار مہینے بعد واپس آ کر اپنے گھر میں کچھ دن لازماً رہنا ہوگا۔
3۔ قرآنِ مجید نے چور کے ہاتھ کاٹنے کی سزا بطورِ حد مقرر کی ہے۔ سیدنا عمر فاروق رضی اللہ عنہ کے دورِ خلافت میں جب قحط سالی عام ہوئی تو چوری کے واقعات بھی بڑھ گئے جس کی تہہ میں غربت و افلاس اور بھوک کا عنصر نمایاں تھا۔ اگرچہ قرآن میں ایسا کوئی استثناء نہیں تھا کہ ایسے حالات میں چور کے ہاتھ کاٹنے کی سزا کو معطّل کر دیا جائے، تاہم مجبوری اور اضطرار کی حالت میں شرعی احکام میں نرمی اور رعایت کا حصول تو اسلام کا ایک مسلّمہ قاعدہ ہے۔ چنانچہ سیدنا عمر فاروق رضی اللہ عنہ نے اعلان فرمایا کہ جب تک قحط سالی کی حالت ختم نہیں ہو جاتی تب تک ریاست کسی چور کو چوری پر ہاتھ کاٹنے کی سزا نہیں دے گی۔ اس کا یہ مطلب نہیں کہ اسے بالکل چھوڑ دیا جائے گا بلکہ یہ کہ اس انتہائی سزا کی بجائے جرم کی نوعیت کے مطابق کوئی اور سزا دی جائے گی۔
مذکورہ بالا مثالوں اور اس طرح کے اور بہت سارے واقعات کی روشنی میں کہا جا سکتا ہے کہ سیدنا عمر فاروق رضی اللہ عنہ کی شخصیت میں بروقت اور درست فیصلہ سازی محض ایک صلاحیت نہیں بلکہ ان کا ایک منظم مزاج تھا جس نے اسلامی ریاست کو استحکام، رفتار اور انصاف تینوں عطا کیے۔ جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ ایک مغربی دانشور کا مشہور قول ہے:
"If there had been another Umar, there would have been no religion left except Islam."
"اگر اسلام کے دامن میں ایک اور عمر رضی اللہ عنہ ہوتا تو دنیا میں اسلام کے سوا کوئی مذہب باقی نہ رہتا۔"
7۔ بیداریٔ شعور کے لیے کاوشیں
سیدنا فاروقِ اعظم رضی اللہ عنہ کی قیادت کا بنیادی ہدف یہ تھا کہ معاشرہ محض تابع فرمان نہ رہے بلکہ ذمہ دار، باشعور اور خود اپنا احتساب کرنے والا بنے۔ آپ رضی اللہ عنہ نے اپنے عہد میں گورنروں اور عُمّال کو صرف حکم ماننے والے افراد نہیں رکھا بلکہ انہیں وسیع اختیارات کے ساتھ ذمہ داری بھی دی تاکہ وہ اپنے علاقوں میں خود فیصلے کر سکیں۔ اس کے ساتھ ساتھ آپ رضی اللہ عنہ سخت احتساب بھی رکھتے تھے جس سے یہ توازن قائم رہتا کہ اختیار بھی ہو اور جوابدہی بھی۔ یہ وہی اصول ہے جسے آج کی لیڈرشپ میں “Empowered accountability” کہا جاتا ہے۔
ایک دفعہ آپ رضی اللہ عنہ نے حضرت ابو موسیٰ اشعری رضی اللہ عنہ کو خط لکھا کہ لوگوں کو نماز، عدل اور ذمہ داری کا شعور دیا جائے اور انہیں صرف احکامات پر چلنے والا نہ بنایا جائے بلکہ انہیں سمجھایا جائے کہ وہ خود بھی نظام کا حصہ ہیں۔ یہ اس بات کی دلیل ہے کہ آپ رضی اللہ عنہ معاشرتی سطح پر ذمہ داری کے شعور کو فروغ دیتے تھے۔ اسی طرح آپ نے بیت المال اور انتظامی معاملات میں ایسے اصول قائم کیے جن کے تحت ہر شخص اپنی ذمہ داری کا خود جواب دہ تھا۔کسی ایک مرکز پر مکمل انحصار نہیں تھا بلکہ ہر سطح پر لوگوں کو اپنی ذمہ داری ادا کرنے کا موقع اور احساس دیا جاتا تھا۔ اس حوالے سے ایک اہم بات یہ ہے کہ حضرت عمر رضی اللہ عنہ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کو اپنے مشوروں اور فیصلوں میں شریک کرتے تھے تاکہ وہ صرف احکامات کے تابع نہ رہیں بلکہ خود سوچنے، سمجھنے اور فیصلہ کرنے کی صلاحیت پیدا کریں۔ یہ وہی تصور ہے جسے آج کی دنیا میں “Leadership development through delegation” کہا جاتا ہے۔
سیدنا فاروقِ اعظم رضی اللہ عنہ کی شخصیت اس اصول کی مکمل عملی تصویر ہے کہ ایک کامیاب قائد وہ نہیں جو سب کچھ خود کنٹرول کرے بلکہ وہ ہے جو لوگوں کو اس قابل بنائے کہ وہ خود ذمہ داری اٹھا سکیں اور نظام کو آگے بڑھا سکیں۔
8۔ انسان شناس
سیدنا عمر فاروق رضی اللہ عنہ کی شخصیت میں یہ خصوصیت بہت اعلیٰ درجہ میں موجود تھی کہ آپ انسانی صلاحیتوں کو پہچاننے اور انہیں بہترین انداز میں استعمال کرنے کا فن جانتے تھے۔ یہ آپ رضی اللہ عنہ کی قیادت کا نمایاں پہلو تھا کہ آپ رضی اللہ عنہ ہر شخص کے فطری مزاج اور قابلیت کو پہچان کر اسی کے مطابق ذمہ داری دیتے تھے۔ آپ رضی اللہ عنہ نے مختلف صحابہ کرام کو ان کی صلاحیتوں کے مطابق ذمہ داریاں سونپیں۔ مثلاً حضرت خالد بن ولید رضی اللہ عنہ کو فوجی کمان کی ذمہ داری دی گئی کیونکہ ان کی جنگی حکمتِ عملی اور عسکری مہارت غیر معمولی تھی جب کہ حضرت ابو عبیدہ بن الجراح رضی اللہ عنہ کو بیت المال اور انتظامی امور میں رکھا گیا کیونکہ وہ دیانت، نرمی اور انتظامی توازن کے حامل تھے۔
یہ اس بات کی واضح مثال ہے کہ آپ “Merit-based appointment” کے اصول پر سختی سے یقین رکھتے تھے۔ جب آپ مختلف علاقوں کے لیے گورنر مقرر کرتے تو ہر شخص کو اس کے مزاج اور صلاحیت کے مطابق منتخب کرتے۔ آپ رضی اللہ عنہ کسی شخص کو اس کی شہرت یا تعلق کی بنیاد پر کوئی ذمہ داری نہیں دیتے تھے بلکہ اس کی قابلیت کو دیکھتے تھے۔ ایک موقع پر جب کسی شخص نے کسی دوسرے کی سفارش کی تو آپ رضی اللہ عنہ نے فرمایا:
"ہم امانت اسے دیتے ہیں جو اس کا اہل ہو۔"
یہ قول اس بات کی دلیل ہے کہ آپ رضی اللہ عنہ کے نزدیک قیادت میں قابلیت، دیانت اور صلاحیت بنیادی معیار تھے نہ کہ تعلق یا سفارش۔ یہی وجہ ہے کہ آپ رضی اللہ عنہ کے دور میں ریاستی نظم و نسق انتہائی مؤثر اور مستحکم رہا۔
سیدنا عمر فاروق رضی اللہ عنہ کی شخصیت اس اصول کی مکمل عملی تصویر ہے کہ ایک کامیاب قائد وہ ہوتا ہے جو ہر فرد کو اس کی صحیح جگہ پر استعمال کرے تاکہ نہ صرف فرد کی صلاحیت نکھرے بلکہ پورا نظام بھی بہترین نتائج پیدا کرے۔
9۔ احساسِ ذمہ داری
سیدنا عمر فاروق رضی اللہ عنہ کی شخصیت میں قیادت کا یہ وصف بھی بہترین صورت میں دکھائی دیتا ہے کہ آپ احساسِ ذمہ داری کو قدم قدم پر اپنے سامنے رکھتے۔ آپ رضی اللہ عنہ کے نزدیک ذمہ داری محض ایک منصب نہیں تھی بلکہ ایک مسلسل احساسِ جوابدہی کا نام تھا جس نے آپ رضی اللہ عنہ کی پوری زندگی کو متاثر کیا۔ آپ رضی اللہ عنہ خلافت کو ایک امانت سمجھتے تھے نہ کہ محض ایک عہدہ یا اعزاز۔ آپ رضی اللہ عنہ کا طرزِ عمل یہ تھا کہ ہر چھوٹے اور بڑے معاملے کی ذمہ داری خود قبول کرتے تھے۔ ریاست میں اگر کوئی انتظامی کمزوری یا شکایت سامنے آتی تو براہِ راست خود کو اس کا ذمہ دار سمجھتے تھے۔ اس احساسِ ذمہ داری کی انتہائی شکل آپ کا وہ تاریخی جملہ ہے جس میں آپ رضی اللہ عنہ نے فرمایا:
"اگر فرات کے کنارے کوئی کتا بھی پیاسا مر جائے تو عمر رضی اللہ عنہ اس کے لیے بھی جوابدہ ہے۔"
یہ جملہ محض ایک جذباتی نعرہ نہیں بلکہ انتہائی حد تک بڑھے ہوئے احساسِ خود احتسابی کا آئینہ دار ہے جہاں ایک قائد خود کو ہر طرح کی مخلوق کی فلاح و بہبود کے حوالے سے ذمہ دار سمجھتا ہے۔ آپ رضی اللہ عنہ کا راتوں کو اٹھ کر گشت کرنا، لوگوں کے حالات معلوم کرنا، ان کے مسائل اور مشکلات کا ادراک کرنے کے ساتھ ساتھ فوری طور پر ازالہ کرنا، نیز اپنے گورنرز اور عہدے داروں کی کارکردگی پر کڑی نظر رکھنا، جہاں غلطی دکھائی دے فوری طور پر اس کی اصلاح کرنا اور جہاں کہیں اپنی غلطی نظر آئے بلا تامل اسے تسلیم کرنا اور اس میں بہتری لانا، یہ تمام اقدامات ظاہر کرتے ہیں کہ آپ رضی اللہ عنہ کے نزدیک حکمرانی پھولوں کی سیج نہیں بلکہ کانٹوں کا بچھونا تھی جہاں ایک قائد اپنی نیند اور آرام قربان کر کے ہر لمحہ رعایا کی فلاح و بہبود کے لیے کوشاں رہتا ہے۔
یوں سیدنا عمر فاروق رضی اللہ عنہ کی شخصیت اس اصول کی عملی تصویر ہے کہ ایک لیڈر کو اپنی ریاست کے نظم و نسق کے حوالے سے ہر قسم کی ذمہ داری قبول کرنی چاہیے اور جہاں کمیاں اور خامیاں دکھائی دیں تو محض دوسروں کو الزام دینے کے بجائے خود احتسابی کرنی چاہیے۔ یہ نہ صرف اس اُصول کاعملی نفاذ ہے بلکہ اس کی انتہائی بلند اخلاقی اور روحانی شکل ہے جہاں ذمہ داری ایک بوجھ نہیں بلکہ عبادت، امانت اور جوابدہی کا احساس بن جاتی ہے۔
خلاصۂ کلام
سیدنا عمر فاروق رضی اللہ عنہ کی قیادت میں خود احتسابی، بروقت فیصلہ سازی، عوامی فلاح، شفافیت، ٹیم ورک اور صلاحیتوں کا درست استعمال محض تصورات نہیں بلکہ ایک فعال ریاستی نظم کی صورت میں موجود تھا۔ آپ رضی اللہ عنہ نے قیادت کو اقتدار نہیں بلکہ امانت سمجھا اور اس امانت کو اس طرح ادا کیا کہ تاریخ آج بھی اس کی مثال پیش کرنے سے قاصر ہے۔ ان کی زندگی یہ ثابت کرتی ہے کہ اصول صرف کتابوں میں نہیں ہوتے بلکہ وہ افراد کی سیرت میں ڈھل کر تاریخ کا رخ بدل دیتے ہیں۔
سیدنا فاروقِ اعظم رضی اللہ عنہ کی قیادت یہ پیغام دیتی ہے کہ حقیقی قائد وہی ہے جو اپنے کردار سے نظام بنائے، اپنے عمل سے معیار قائم کرے اور اپنی ذات سے ایک ایسی مثال چھوڑ جائے جو آنے والی نسلوں کے لیے رہنمائی کا ذریعہ بن جائے۔ اس تناظر میں بغیر کسی تردد کے کہا جا سکتا ہے کہ سیدنا عمر فاروق رضی اللہ عنہ نہ صرف اسلامی تاریخ کے عظیم خلیفہ ہیں بلکہ انسانی قیادت کے عالمی معیار کا ایک مکمل اور مثالی ماڈل بھی ہیں۔