منہاج ویلفیئر فاونڈیشن کے زیراہتمام شادیوں کی 12ویں سالانہ اجتماعی تقریب مورخہ 3 اپریل 2016ء کو منہاج پارک بالمقابل مرکزی سیکرٹریٹ تحریک منہاج القرآن میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں 25 مسلم، مسیحی اور ہندو جوڑوں کی شادی ہوئی۔ ہر بچی کوڈیڑھ لاکھ روپے تک ضروریات زندگی پر مشتمل جہیز کا سامان دیا گیا۔ مسلم جوڑوں کا نکاح محترم مفتی عبدالقیوم خان ہزاروی، محترم علامہ رفیق رندھاوا، محترم علامہ محمد محسن، محترم علامہ نواز ظفر، محترم علامہ غلام مرتضیٰ علوی نے پڑھایا۔ ہندو جوڑے کی شادی کی رسم محترم امرناتھ رندھاوا، محترم پنڈت بھگت لعل اور محترم ڈاکٹر منوہر چند نے ادا کی جبکہ مسیحی جوڑوں کا نکاح محترم ڈاکٹر فادر جیمز چنن اور محترم ریورنڈ سیموئیل نواب نے پڑھایا۔
شادیوں کی اجتماعی تقریب کے مہمان خصوصی بین الاقوامی شہرت یافتہ سماجی رہنما محترم انصار برنی تھے۔ امیر تحریک منہاج القرآن محترم فیض الرحمن درانی، ناظم اعلی تحریک منہاج القرآن محترم خرم نواز گنڈاپور، سینئر قانون دان محترم ایس ایم ظفر، محترمہ مسز ایس ایم ظفر، محترمہ مسز انصار برنی، تحریک انصاف کی رہنما محترمہ فوزیہ قصوری، رکن صوبائی اسمبلی محترمہ سعدیہ سہیل، منہاج ویلفیئر ہالینڈ کے رہنما محترم ڈاکٹر عابد عزیز، منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن یورپ کے ڈائریکٹر محترم علامہ محمد اقبال اعظم منہاجین، محترم میاں زاہد اسلام، محترم ڈاکٹر ہرمن، منہاج انٹرفیتھ ریلیشنز کے ڈائریکٹر محترم سہیل رضا، معروف ڈریس ڈیزائنر محترمہ بی جی، معروف سماجی رہنما محترم ڈاکٹر ثروت شجاعت، بریگیڈیئر محترم اقبال احمد خان، محترم جی ایم ملک، محترم حاجی خالد، محترم ساجد بھٹی، محترم راجہ زاہد، محترم شہزاد رسول، محترم طاہر امین، محترم حافظ غلام فرید اور شعبہ خواتین کی رہنما محترمہ عطیہ بنین نے شرکت کی۔ تقریب کی میزبانی کے فرائض منہاج ویلفیئر فاونڈیشن کے ڈائریکٹر سید امجد علی شاہ اور ان کی ٹیم نے ادا کیے۔
انسانی حقوق کے بین الاقوامی شہرت یافتہ سماجی رہنما محترم انصار برنی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لاہور شہر میں دہشت گردی کے افسوسناک واقعہ میں مسیحی اور مسلمانوں کے خون سے ہولی کھیلی گئی اور اسی شہر لاہور میں منہاج القرآن نے مسلمانوں، مسیحی اور ہندو جوڑوں کی شادیوں کی اجتماعی تقریب منعقد کر کے پوری دنیا کو یہ پیغام دیا ہے کہ پاکستان میں بسنے والے ہر شہری کی شناخت صرف پاکستان ہے اور ہم بلاتفریق رنگ، نسل و مذہب اپنے ملک سے پیار کرتے ہیں۔ میں بے حد خوش ہوں کہ ادارہ منہاج القرآن تمام مذاہب اور مسالک کے لوگوں کو اکٹھا کررہا ہے اور پاکستانیت کو پروان چڑھارہا ہے اس پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری بطور خاص مبارکباد کے مستحق ہیں اور ہم ان کی تندرستی کیلئے دل و جان سے دعا گو ہیں کہ وہ اسی طرح امن اور محبت بانٹتے رہیں یہی دین اسلام کا اصل پیغام ہے۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے کے شہداء کو آج تک انصاف نہیں ملا، اس پر میرا دل غمگین ہے۔ انہیں ہر صورت انصاف ملنا چاہئے۔
ناظم اعلیٰ محترم خرم نوازگنڈاپور نے معزز مہمانان گرامی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کے ویژن کی روشنی میں منہاج القرآن انسانیت کی خدمت کیلئے بلا رنگ و نسل اور مذہب اپنا دینی کردار ادا کررہا ہے۔
تقریب کے میزبان منہاج ویلفیئر فاونڈیشن کے ڈائریکٹر محترم سید امجد علی شاہ نے اجتماعی شادیوں کی تقاریب کے حوالے سے بریفنگ دی۔
محترم انصار برنی اور دیگر مہمانان گرامی نے دولہوں اور دلہنوں کو شادی کے تحائف دئیے۔ امیر تحریک محترم صاحبزادہ فیض الرحمن درانی نے دعائے خیر کروائی۔ تقریب میں مجموعی طور پر ایک ہزار سے زائد مہمانوں نے شرکت کی۔
تحریک منہاج القرآن سنٹرل پنجاب
تحریک منہاج القرآن سنٹرل پنجاب کا ماہانہ اجلاس نائب ناظم اعلیٰ تنظیمات محترم انجینئر محمد رفیق نجم کی صدارت میں ہوا۔ جس میں درج ذیل ماہانہ کارکردگی رپورٹ اور آئندہ کی ورکنگ حکمت عملی زیر بحث آئی:
- ماہ فروری 2016ء میں ضلع گجرات نے 65 یونین کونسل کی تنظیم سازی، 74 تاحیات رفقاء اور 52 نئے رفقاء بناکر اول پوزیشن حاصل کی۔ ضلع فیصل آباد نے 60 یونین کونسل کی تنظیم سازی، 26 تاحیات رفقاء اور 99 نئے رفقاء بناکر دوسری پوزیشن حاصل کی۔ ضلع شیخوپورہ نے 27 یونین کونسل کی تنظیم سازی، 11 تاحیات رفقاء اور 10 نئے رفقاء بناکر تیسری پوزیشن حاصل کی۔
- سنٹرل پنجاب میں کل 1209 قائد ڈے تقریبات ہوئیں۔ جن میں ہزاروں مردو خواتین شریک ہوئے۔ پی پی حلقہ 66 فیصل آباد اور پی پی حلقہ 111 گجرات دونوں حلقوں میں ہر ایک نے 125 قائد ڈے پروگرامز منعقد کرکے اول پوزیشن حاصل کی۔ پی پی حلقہ 71 فیصل آباد نے 122 قائد ڈے پروگرام منعقد کئے اور دوسری پوزیشن حاصل کی۔ صفدر آباد (شیخوپورہ) نے 101 قائد ڈے پروگرامز منعقد کرکے تیسری پوزیشن حاصل کی۔