رومی ٔ کشمیر حضرت میاں محمدبخش کی دھرتی آزاد کشمیر میرپور کھڑی شریف اور ملحقہ دیہات میں 24 ستمبر 2019ء کے دن ایک بار پھر زلزلے نے تباہی پھیلا دی۔ سیکڑوں گھر زلزلے کے جھٹکوں کی تاب نہ لاتے ہوئے یا تو مکمل طور پر مسمار ہو گئے یا ان میں اس قدر دراڑیں پڑیں کہ وہ رہائش کے قابل نہیں رہے۔ زلزلے کی خبر ملتے ہی شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کو متاثرہ علاقوں کا سروے کرکے متاثرین کی مدد کا حکم دیا۔ سینئر رہنماؤں پر مشتمل ایک ٹیم میری سرپرستی میں میرپور پہنچی جہاں مقامی رہنماؤں کے ہمراہ دن بھر نہ صرف نقصانات کا جائزہ لیا گیا بلکہ زلزلے کی وجہ سے جن گھروں میں اموات ہوئی تھیں وہاں بھی گئے اور غمزدہ خاندانوں سے ان کے پیاروں کی جدائی پر دلی تعزیت کا اظہار کیا گیا اور اس موقع پر متاثرہ خاندانوں کی مالی مدد بھی کی گئی۔
ابتدائی سروے کے بعد اس کی مفصل رپورٹ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کو دی گئی۔ بعدازاں اس سروے رپورٹ کی روشنی میں امدادی سرگرمیاں شروع کی گئیں۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی طرف سے زلزلے سے متاثرہ غریب خاندانوں کی مالی مدد کے ساتھ ساتھ ڈسٹرکٹ ہسپتال میر پور میں زیر علاج مریضوں کے لیے ادویات بھی دیں۔ ادویات میڈیکل سپرنٹنڈنٹ اور طبی عملہ کے حوالے کی گئیں۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن مصیبت کی ہر گھڑی میں ہمیشہ قوم کے شانہ بشانہ رہی ہے اور انسانیت کی خدمت اس کا اولین مشن ہے۔ سروے کے دوران اندازہ ہوا کہ زلزلے کے متاثرین بہت تکلیف میں ہیں۔ رابط سڑکوں کی ٹوٹ پھوٹ کی وجہ سے آمدورفت اور باہمی رابطے بری طرح متاثر ہوئے ہیں، متاثرہ خاندانوں کو رات بسر کرنے کے لیے ٹینٹس، اینٹی بائیو ٹک ادویات اور خوراک کی اشد ضرورت ہے۔
ہم سمجھتے ہیں زلزلے سے جو تباہی آئی ہے وہ ایک بڑے امدادی آپریشن کا تقاضا کرتی ہے تا کہ مظلوم اور مصیبت میں مبتلا ہم وطنوں کو بروقت امداد مہیا ہو سکے اور ان کی بحالی ممکن ہو سکے۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن ان اشیاء کی فوری فراہمی کو یقینی بنا رہی ہے جو ان متاثرہ علاقوں میں درکار ہیں۔ جتنی بڑی تباہی آئی ہے اس میں حکومت کو بھی بھرپور کردار ادا کرنا ہو گا۔ مصیبت زدہ لوگوں کی امداد اور بحالی کیلئے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن ہرممکن مدد فراہم کرے گی۔ متاثرہ علاقوں میں زیر علاج مریضوں کی دیکھ بھال کے لئے ڈاکٹرز اور طبی عملہ کا انتظام بھی کر رہے ہیں۔
سروے کے بعد متاثرہ اضلاع میں مکانات کی تعمیر نو کا آغاز کیا گیا۔ الحمدللہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نے اپنی مدد آپ کے تحت نقد مالی مدد، ادویات، خیموں کی فراہمی کے بعد مکانات کی تعمیر بھی شروع کررکھی ہے۔قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی ہدایت اور چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین کی زیر نگرانی منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی طرف سے میرپور آزاد کشمیر کے زلزلہ سے متاثرہ دیہاتوں سانگھ ککری، چتر پڑی اور نئی چنگی میں 100 سے زائدمتاثرہ خاندانوں کو خیمے، بستر اور نقد مالی مدد دی گئی۔درجنوں کارکنان، والنٹیرز، متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
اس موقع پر آزاد کشمیر میرپور کی منہاج القرآن کی قیادت ظفر اقبال طاہر، شاہد محمود قادری، حافظ احسان الحق، مقصود احمد مغل طاہر اور دیگر کارکنان، عہدیدار امدادی سرگر میوں میں شریک ہیں،ان کا ہمدردانہ کردار قابل تعریف ہے۔منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نے دکھ کی ہر گھڑی میں اپنا اسلامی اور انسانی فریضہ انجام دیا۔ انسانیت کی خدمت اور مظلوموں کی اشک شوئی عبادت ہے۔
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے محروم اور مجبور طبقات کی ہر ممکن مدد کے لیے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی بنیاد رکھی اور اس کے قیام کا بنیادی مقصد اور فلسفہ یہ ہے کہ تمام انسانوں کے اندر انسانی ہمدردی کے جذبہ کو فروغ دیا جائے۔باہمی محبت اور بھائی چارے کی فضا قائم کی جائے اور تمام طبقات کو ساتھ لے کر ایک حقیقی اسلامی معاشرے کی تشکیل کے لیے ایک عملی جدوجہد کی جائے جس کے تحت ایسے منصوبہ جات کا آغاز کیا جائے جو عوام الناس کی فلاح و بہبود کے لئے اہم کردار ادا کر سکیں۔
قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی خصوصی ہدایت پر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی طرف سے متاثرین زلزلہ کی عارضی بحالی کے مرحلے کے اختتام پر مستقل بحالی کے پروگراموں کا آغاز کر دیا ہے۔ سروے ٹیم زلزلے سے متاثرہ آزاد کشمیر ضلع میرپور کے دیہات سموال، ڈھوک بھلی میں بھی گئے،یہاں بھی امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن سے جو ہو سکا اسے اپنا دینی، انسانی فریضہ سمجھ کر ادا کریں گے۔ پہلے مرحلے میں 4 نئے گھر تعمیر کئے جائیں گے، جن کا سنگِ بنیاد رکھ دیا گیا ہے۔ زلزلے سے تباہ ہونے والے گھروں کی تعمیرِ نو پر لاکھوں روپے خرچ ہونگے۔
الحمدللہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کو اللہ نے توفیق دی کہ اس نے کسی بھی سرکاری یا غیر سرکاری آرگنائزیشن میں سے سب سے پہلے زلزلہ سے منہدم گھروں کی تعمیر اور متاثرین کی بحالی کے عملی اقدامات کا آغاز کیا۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نے متاثرین زلزلہ کی بحالی کیلئے اپنی فلاحی سرگرمیوں کا آغاز زلزلہ آنے کے اگلے روز سے ہی شروع کر دیا تھا۔ پہلے مرحلے میں ریسکیو سروس اور زلزلے سے زخمی ہونیوالوں کو طبی امداد دی گئی۔ دوسرے مرحلے میں متاثرین کی مدد کیلئے ریلیف کیمپ قائم کئے گئے، ادویات، راشن اور دیگر ضروری اجناس فراہم کی گئیں۔ منہاج القرآن اور منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے سیکڑوں رضا کار امدادی سرگرمیوں میں شریک ہیں۔ منہاج القرآن یوتھ لیگ اور مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے سینکڑوں نوجوانوں نے خون کے عطیات بھی دئیے۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے رضاکار گھروں کی تعمیر کا کام متاثرہ فیملیز کے ساتھ مل کر رہے ہیں۔ زلزلے سے متاثرہ عابد حسین، سردار علی، محمد سلیم اور محمد منیر کے گھروں کی تعمیر شروع کر دی گئی ہے۔ سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں چاروں متاثرین زلزلہ اور انکے اہل خانہ بھی شریک تھے۔ اس موقع پر آزاد کشمیر میر پور کی منہاج القرآن کی قیادت ظفر اقبال طاہر، شاہد محمود قادری، حافظ احسان الحق، شاہد محمود بٹ، مقصود احمد مغل، فیصل حسین اور ارشد حسین امدادی سرگر میوں میں شریک تھے۔
یہ بات قابل تعریف ہے کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نے سروے اور امدادی سرگرمیوں کے دوران افواج پاکستان کے جوانوں، افسروں کو جگہ جگہ متاثرین کی مدد کرتے پایا، بلاشبہ زلزلہ کی خبر آتے ہی افواج پاکستان کے دستے مدد کو پہنچے۔
- پوری دنیا میں قدرتی آفات سے متاثرہ افراد کی خوراک، لباس، رہائش، ادویات اور ضروری سامان زندگی کی فراہمی منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی اولین ترجیح رہی ہے۔ وطن عزیز پر جب بھی کوئی کڑا وقت آیا ہے تو منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نے بلا امتیاز رنگ و نسل، مذہب ملک بھر میں اپنے نیٹ ورک کے ذریعے لوگوں کی مدد کی ہے۔ 2005ء کا زلزلہ ہو یا 2010ء کا سیلاب منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نے پوری دنیا سے اپنے ڈونرز اور ملک بھرسے اپنے رضاکاران کے نیٹ ورک کے ذریعے متاثرہ علاقوں میں کروڑوں روپے کی ریلیف گڈز تقسیم کیں ہیں۔اس کے علاوہ ہر سال سیلاب کے متاثرہ علاقوں میں منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی طرف سے لاکھوں روپے کا امدادی سامان تقسیم کیا جاتا ہے۔