اٹلی
(رپورٹ : شکیل احمد)
گذشتہ ماہ جولائی کے اواخر میں منہاج القرآن انٹرنیشنل کے مرکزی قائدین محترم صاحبزادہ حسن محی الدین قادری اور محترم ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے اٹلی، یونان، سپین، فرانس، جرمنی، ڈنمارک، سویڈن اور ناروے کا یورپین کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل کے اعلیٰ عہدیداران کے ہمراہ تنظیمی، فکری اور تربیتی دورہ کیا۔ اس دورہ کے دوران انہوں نے ان ممالک میں موجود جملہ تنظیمات منہاج القرآن انٹرنیشنل کو تنظیمی و تربیتی امور پر خصوصی لیکچرز دیئے اور آئندہ لائحہ عمل کے بارے بریفنگ دی۔ اس دورہ کی رپورٹ نذرِ قارئین ہے۔
24 جولائی 2008ء منہاج القرآن انٹرنیشنل کے سپریم کونسل کے صدر محترم صاحبزادہ حسن محی الدین قادری اور مرکزی ناظم اعلیٰ منہاج القرآن انٹرنیشنل محترم ڈاکٹر رحیق احمد عباسی اٹلی تشریف لائے۔ میلان ایئر پورٹ پر صدر منہاج یورپین کونسل محترم سید ارشد شاہ، حاجی خالد محمود صدر اٹلی، منشاد احمد گوندل، امیر یورپین کونسل علامہ حسن میر قادری، محترم نعیم چوہدری، شکیل احمد،سمیع اللہ وڑائچ، علامہ اسرار احمد، محمدعلی بھاگت، محمد یونس بٹ اور پاک فیڈریشن اٹلی کے صدر چوہدری ساجد محمود سانگ اور تمام معزز حضرات نے مرکزی قائدین کو خوش آمدید کہا۔ اس دورہ کے دوران محترم صاحبزادہ حسن محی الدین قادری اور محترم ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے اٹلی میں منہاج القرآن انٹرنیشنل کارپی سنٹر کا شاندار افتتاح کیا۔ اس موقع پر دیگر قائدین کے ہمراہ حاجی اعجاز احمد، اشرف بٹ، اقبال وڑائچ، احمد رضا وڑائچ، علامہ غلام مصطفی مشہدی، حافظ عبدالمناف، افضال سیال، محمدعلی بھاگت اور دیگر ساتھیوں نے خصوصی شرکت کی۔ مرکزی قائدین نے کارپی اور مرکزی تنظیم کو اس سنٹر کی خریداری پر دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد دی۔
بعد ازاں منہاج القرآن انٹرنیشنل یوتھ لیگ میلان کے زیر اہتمام نواحی قصبہ پیولتیلو میں ایک خوبصورت تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ محترم صاحبزادہ حسن محی الدین قادری نے تقریب کی صدارت فرمائی۔ منہاج القرآن یوتھ لیگ کے چیف آرگنائزر سید محمد ابوکبر باقر، صدر چوہدری نثار احمد اور جنرل سیکرٹری ملک اعجاز یوسف اعوان نے تقریب کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ نقابت کے فرائض ملک اسماعیل اعوان نے ادا کئے۔ ملک غلام مصطفی اعوان، ملک محمد اکرم اعوان، راشد محمود، راشد علی، چوہدری گلزار احمد، بدر منیر، عدنان اور چوہدری ظہور احمد نے مرکزی قائدین کا بھرپور استقبال کیا۔ اس تقریب کا کامیاب بنانے میں تحریک منہاج القرآن میلان کے صدر عمر حیات مانگٹ، ناظم راجہ وحید سلطان، نائب صدر صوفی محمد افضل، نائب صدر محمد اصغر بلوچ، راجہ شاہد ندیم، ملک محمد ریاض، چوہدری محمد یاسین، چوہدری ناظم گجر، میاں محمد ریاض، راجہ طاہر ندیم گڈو، چوہدری غلام غوث کھٹانہ، ظفر اقبال ساہی، حاجی نصرت علی، ظفراللہ بھٹی، راجہ ساجد حبیب، راجہ واجد حسین، چوہدری گلزار احمد، بدر منیر، ضیافت علی اور تنویر احمد باجوہ، حاجی محمد اختر، ساجد محمود، فرخ شریف اور حاجی خالد محمود نے بھرپور تعاون کیا۔ اس موقع پر منہاج القرآن انٹرنیشنل یوتھ لیگ میلان کے صدر چوہدری نثار احمد اور چوہدری محمد یاسین نے اپنی رہائش گاہ پر پیولتیلو میں مرکزی قائدین کے اعزاز میں ظہرانہ و عشائیہ دیا۔
٭ منہاج القرآن انٹرنیشنل اٹلی کے زیر اہتمام کارپی میں آل اٹلی تنظیمات کا ورکرز کنونشن ہوا جس کی صدارت محترم صاحبزادہ حسن محی الدین قادری نے کی۔ ناظم اعلیٰ منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر رحیق احمد عباسی، منہاج یورپین کونسل اور مقامی تنظیمات بلزانو، میلان، بریشیا، چینتو، ریجوایملیا، مودنہ، بلونیا، آریزو اور میچراتا کے عہدیداران نے خصوصی شرکت کی۔ استقبالیہ کلمات علامہ غلام مصطفی مشہدی نے پیش کئے۔ اس موقع پر محترم ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم تمام افراد خوش نصیب ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے اس مادی دور میں تحریک منہاج القرآن کی صورت میں اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی صورت میں ایک ایسی فکر، ایک ایسا نظریہ، نظام، تعلق، قیادت، سنگت اور ایسی نسبت عطا کی ہے جس نے ہمیں اپنی ذات سے نکال کر امت محمدیہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے لئے سوچنے والا دل عطا کردیا۔ یہ اللہ تعالیٰ کی بہت بڑی نعمت ہے جو تحریک منہاج القرآن کی صورت میں ہمیں اللہ تعالیٰ نے عطا کی ہے۔
محترم صاحبزادہ حسن محی الدین قادری نے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تحریک منہاج القرآن پوری دنیا میں آقائے دو جہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے عطا کردہ پیغام امن کو لے کر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی قیادت میں دن رات ایک کئے ہوئے ہیں۔ تمام کارکنان مبارکباد کے مستحق ہیں کہ وہ یورپ کی سر زمین پر اپنے قیمتی وقت سے اس عظیم مشن کے لئے قربانیاں دے رہے ہیں۔ بعد ازاں مرکزی قائدین نے تمام تنظیمات اور ذیلی فورمز کے وفود سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔
یونان
(رپورٹ : نسیم اعوان)
دورہ یورپ کے دوسرے مرحلہ پر مرکزی قائدین اور یورپین کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل کے نمائندگان یونان پہنچے۔ ایتھنز ایئر پورٹ پر صدر مجلس شوریٰ ماسٹر محمد رفیق اعجاز، صدر عامر علی قادری، جاوید اعوان، ناظم ویلفیئر رانا وقار خاں قادری، محمد اکرم اور ذیلی مراکز کے صدور اور ناظمین نے مرکزی قائدین کا بھرپور استقبال کیا۔ بعد ازاں منہاج القرآن نیکیا میں ورکرز کنونشن ہوا جس میں یونان کے تمام ذیلی مراکز کے کارکنان نے خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر استقبالیہ کلمات ماسٹر محمد رفیق اعجاز نے پیش کئے۔ تلاوت صوفی عبیداللہ چشتی نے کی۔ نقابت کے فرائض زیب الحسن قادری نے ادا کئے اور ہدیہ نعت ظفر اعوان، عمران محمود، شاہد محمود، طاہر نسیم، اقبال اعوان، ذوالفقار علی اعوان، محمد اعظم اعوان، استاد محمد لطیف، محمد سجاد احمد قادری نے پیش کیا۔ ناظم اعلیٰ محترم ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے مرکز منہاج القرآن نیکیا میں موجود تمام کارکنوں کو تنظیمی و فکری امور پر سیر حاصل لیکچر دیا اور ضروری امور پر ہدایات دیں۔ بعد ازاں صاحبزادہ حسن محی الدین قادری نے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منہاج القرآن انٹرنیشنل پوری دنیا میں دین کے حوالے سے کام کر رہی ہے اور عشق مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا درس دے رہی ہے تاکہ ساری دنیا میں اس جذبے کو دوبارہ زندہ کیا جائے کیونکہ حقیقی زندگی تو یہی ہے عشق مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بغیر زندگی کچھ بھی نہیں۔ اس موقع پر محترم علامہ حسن میر قادری نے بھی خصوصی خطاب کیا۔
بعد ازاں اس نئے مرکز میں ایگزیکٹو کے ساتھ میٹنگ کی گئی جس میں تلاوت محمد اصغر قادری نے کی اور ہدیہ نعت نسیم اقبال اعوان نے پیش کی اور خصوصی گفتگو صاحبزادہ حسن محی الدین قادری نے کی۔ آپ نے کارکنوں کو نیا مرکز خریدنے پر مبارکباد دی اور یونان کی 2007ء اور 2008ء کی اعلیٰ کارکردگی پر گولڈ میڈل کا اعلان بھی کیا۔
مرکز نیکیا میں محفل معراج مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا اہتمام کیا گیا جس میں خصوصی خطاب جناب علامہ حسن میر قادری نے کیا۔ اس دورہ یونان میں ذیلی مرکز انوفیتا کا بھی دورہ کیا گیا۔ خصوصی گفتگو صاحبزادہ حسن محی الدین قادری نے کی اس موقع پر سید ارشد شاہ صاحب نے گفتگو کی۔ ۔ ۔ ذیلی مرکز مسجد علی کپتیلی میں مہمانوں کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا۔ جس میں تمام کارکنوں نے شرکت کی۔ ۔ ۔ اگلے روز مرکزی قائدین سے یونان کی تمام سماجی و سیاسی جماعتوں نے خصوصی ملاقات کی۔ بعد ازاں مرکزی قائدین جناب سید محمد جمیل شاہ کی قیادت کے لئے ہسپتال گئے اور ان کی صحت کے لئے خصوصی دعا کی۔ ۔ ۔ اس دورہ میں مرکزی قائدین نے کارکنوں سے ملاقات کی، موجودہ حالات پر تبادلہ خیال ہوا اور جنوری 2008ء میں پاکستان سے یورپ کے دورے پر آئے ہوئے فاضل جناب صاحبزادہ ظہیر احمد نقشبندی، محترم رانا محمد ادریس اور محترم غلام ربانی تیمور کے دورہ کے اثرات پر بھی گفتگو کی گئی۔
سپین
(رپورٹ : نوید احمد)
دورہ یورپ کے تیسرے مرحلہ پر محترم صاحبزادہ حسن محی الدین قادری، محترم ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی اور منہاج یورپین کونسل کے مرکزی عہدیداران علامہ حسن میر قادری اور محمد نعیم چوہدری سپین پہنچے۔ اس موقع پر منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین بارسلونا کی مرکزی تنظیم، منہاج یوتھ لیگ سپین کے عہدیداران، سرپرست محمد نواز کیانی، امیر علامہ عبدالرشید شریفی، صدر حاجی مظہر حسین، ناظم نوید احمد اندلسی، نائب صدر چوہدری محمد رمضان، امام مسجد علامہ عابد نقشبندی، امام مسجد علامہ عبدالرزاق، ناظم مالیات محمد ارشد، صدر یوتھ محمد عتیق، ناظم یوتھ رضوان علی سلطانی، مقامی کمیونٹی اور صحافی برادری میں سے جذبہ انٹرنیشنل کے شاہد احمد شاہد، ڈیلی میزبان کے حافظ محمد الرزاق صادق اور پاک کتالان ایسوسی ایشن کے خالد شہباز چوہان اور دیگر احباب نے مہمانان گرامی کا استقبال کیا۔ بعد ازاں منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین بارسلونا کی تنظیم کی طرف سے مرکزی و یورپی قائدین کے اعزاز میں بارسلونا کے مشہور پاکستانی ریسٹورنٹ ذیشان کباش پر شاندار عشائیہ کا اہتمام کیا گیا جس میں منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین بارسلونا کی مرکزی مجلس عاملہ کے اراکین، منہاج یوتھ لیگ سپین، ممبران مجلس شوریٰ، مقامی مذہبی و سیاسی تنظیمات کے نمائندگان اور صحافی برادری نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ بارسلونا میں پاکستان قونصلر جنرل ایاز حسین سید نے بھی خصوصی شرکت کی۔ اس عشائیہ میں مقامی تنظیمات و صحافی برادری میں سے فیض اللہ ساہی (صدر پاکستان فیڈریشن)، علامہ مظفر حسین نقوی، (امام القائم اسلامک سنٹر، اہل تشیع) سید تبسم حسین شاہ (دعوت اسلامی بارسلونا)، راجا شفیق (ریڈیو پاکسلونا)، خالد شہباز چوہان (صدر پاک کتالان ایسوسی ایشن)، راجا شعیب ستی، جاوید مغل (ہم وطن)، شاہد احمد شاہد (جذبہ انٹرنیشنل)، حافظ عبدالرزاق صادق (ڈیلی میزبان)، شاہین ملک (سہارا انٹرنیشنل)، شفقت علی رضا (نوائے جنگ)، شوکت اسلام چوہان (میرا وطن) اور ملک حبیب اعوان نے خصوصی شرکت کی۔
محترم صاحبزادہ حسن محی الدین قادری نے اس تقریب میں انسان کی تخلیق کا مقصد اور انسان کے اندر روح و نفس کے کردار پر تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمدطاہرالقادری کی موجودہ صدی میں دین اسلام کے لئے کئے گئے تجدیدی کام پر بھی روشنی ڈالی۔
فرانس
(رپورٹ : راؤ شکیل احمد، طارق چوہدری)
دورہ یورپ کے چوتھے مرحلہ پر مرکزی قائدین اور یورپین کونسل کے عہدیداران کا وفد فرانس پہنچا تو علامہ حافظ اقبال اعظم، صدر ادارہ رانا محمد اشرف، صدر PAT چوہدری ظفر اقبال، صدر شوری چوہدری محمد سعید، حاجی گلزار، نسیم بٹ، جنرل سیکرٹری ملک بشیر احمد اعوان، راؤ خلیل احمد اور یوتھ کے نوجوانوں نے آپ کا بھرپور استقبال کیا۔ ایئر پورٹ سے آپ کی رہائش گاہ چوہدری ظفر کی حویلی لے جایا گیا جہاں بعد ازاں مرکز منہاج القرآن میں ورکرز کنونشن کا انعقاد ہوا۔ نقابت کے فرائض حافظ طاہر عباس نے ادا کئے۔ ڈائریکٹر ادارہ علامہ حافظ اقبال اعظم نے استقبالیہ کلمات پیش کئے۔ ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی خدمات اور تنظیمی حوالے سے فکری گفتگو فرمائی۔ اس موقع پر محترم صاحبزادہ حسن محی الدین قادری نے بھائی چارہ کے فروغ اور اتفاق و اتحاد کے ثمرات پر خصوصی گفتگو کرتے ہوئے تنظیمی امور پر رہنمائی فرمائی۔ بعد ازاں یوتھ لیگ کے نوجوانوں کے ساتھ مرکزی قائدین نے خصوصی میٹنگ کی جس میں فیصل قادری، شیخ فیاض، نعمان اسلم، فرحاد، گلزار نے خصوصی شرکت کی۔ تنظیمی امور کے حوالے سے شوری کے ساتھ بھی خصوصی میٹنگ ہوئی۔ صدر مجلس شوری چوہدری محمد سعید، ملک شبیر اعوان نے کارکردگی رپورٹ پیش کی۔ اس موقع پر ناظم اعلیٰ محترم ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے خصوصی گفتگو کی۔ آخر میں محترم صاحبزادہ حسن محی الدین قادری نے مختلف تحریکی، تنظیمی، فکری اور تربیتی امور پر خصوصی ہدایات دیں۔ بعد ازاں سرپرست یورپین کونسل محترم حاجی گلزار کی طرف سے عشائیہ کا اہتمام کیا گیا۔
جرمنی
(رپورٹ : صاحبزادہ محمد ناصر قیوم)
مرکزی قائدین اور منہاج یورپین کونسل کے عہدیداران دورہ یورپ کے پانچویں مرحلہ میں جرمنی پہنچے۔ فرینکفرٹ میں محترم صاحبزادہ حسن محی الدین قادری، محترم ڈاکٹر رحیق احمد عباسی، ڈائریکٹر ادارہ منہاج القرآن انٹرنیشنل پیرس حافظ محمد اعظم۔ نعیم چوہدری اور قائدین یورپی کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل کا استقبال منہاج القرآن انٹرنیشنل فرینکفرٹ کے صدر چوہدری اظہر فاروق، نائب صدر الیاس چیمہ جنرل سیکرٹری، ارشد خان سیکرٹری مالیات اور عمر حیات، اینی پتال سے حاجی زاہد الحسن، حاجی ارشد صاحب، میاں مقصود اکرام، ظفر اقبال اور راقم نے مرکزی قائدین کا استقبال کیا۔ بعد ازاں فرینکفرٹ مرکز پر مختلف علاقوں سے آئے تنظیمی عہدیداران کے ساتھ باقاعدہ میٹنگ کا آغاز راقم نے تلاوت قرآن حکیم سے کیا۔ نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سعادت حاجی محمد ارشد صاحب کو حاصل ہوئی۔ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی صاحب نے عہدیداران اور ورکرز کے باہمی تعلقات کے حوالہ سے اپنے لیکچر میں اس بات پر زور دیا کہ اچھا عہدیدار وہ ہے جو اپنے ورکرز کو تمام امور میں مساوات سے دیکھتا ہے، ان کی اچھی سوچ کی پذیرائی کرتا ہے اور ان سے ان کی قابلیت کے مطابق کام لیا جاتا ہو اور اس کے دور میں لوگ اس کے کردار سے خوش ہوں۔ بڑے عہدیدار کا حوصلہ ظرف اور قربانی کا عمل بھی بڑائی کا مظہر ہونا چاہئے۔ ان کے بعد محترم صاحبزادہ حسن محی الدین قادری نے دین اسلام میں صحابہ کرام، تابعین اور بالخصوص اہلسنت کے چار بڑے مکاتب فقہ حنفی، شافعی، مالکی اور حنبلی کے حوالہ سے بھرپور علمی گفتگو فرماتے ہوئے کہا کہ تمام فقہ کے راستے مدینہ منورہ کی ہی سمت رواں دواں ہیں۔ راستے الگ الگ ہیں مگر جذبہ محبت و ادب میں تمام فنا فی الرسول ہیں۔ تمام آئمہ ایک حوالہ سے الگ نظر آتے ہیں مگر حقیقت میں ان میں کوئی فرق نہیں کیونکہ تمام آئمہ کی بنیاد علم و فکر محبت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم تھی۔ نیز تمام آئمہ آپس میں استاد اور شاگرد کے رشتوں سے بھی منسلک تھے ان میں اختلاف علمی ہوتا تھا کہیں بھی یہ ایک دوسرے کے خلاف ذاتیات پر نہیں اترے۔ دور حاضر میں اسی علمی ورثے کے امین بن کر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری عشق مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا فیضان عام کر رہے ہیں اسی کا نام تحریک منہاج القرآن ہے۔ اللہ پاک ہمیں اسی راستے پر مرنا اور جینا نصیب فرمائے۔ ۔ ۔ بعد ازاں مرکزی قائدین برلن پہنچے جہاں منہاج القرآن انٹرنیشنل کے عہدیداران سے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا اور تنظیمی و تربیتی نشستیں منعقد ہوئیں۔
ڈنمارک
(رپورٹ : محمد اویس قادری، محمد بلال اُپل)
مورخہ 7 اگست محترم صاحبزادہ حسن محی الدین قادری اور محترم ڈاکٹر رحیق احمد عباسی صاحب یورپ کے تنظیمی دورہ کے سلسلہ میں کوپن ہیگن ایئر پورٹ پر تشریف لائے۔ محترم سید محمود شاہ (صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک)، محترم سید نعیم شاہ (صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل ویلبی)، محترم محمد بوستان (صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل آما)، حافظ سجاد احمد (ناظم شعبہ تعلیم منہاج القرآن انٹرنیشنل ویلبی)، محترم قیصر نجیب (ناظم دعوت و تربیت منہاج القرآن انٹرنیشنل ویلبی)، محترم صبح صادق (ترجمان منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک)، محترم علی عمران (صدر منہاج یوتھ لیگ ڈنمارک)، ویمن لیگ اور ویمن یوتھ لیگ کی بہنیں اور جملہ ممبران مجلس عاملہ ڈنمارک، مجلس شوریٰ ڈنمارک کے صدر اور TV-Link کی جانب سے محترم چوہدری سرور، محترم رائے محمد زبیر، محترم راجہ محمد زبیر، محترم بشیر نزمی اور راجہ بابر فاروق نے اپنے قائدین کو خوش آمدید کہا۔
٭ مورخہ 7 اگست منہاج ویلفیئر اینڈ ایجوکیشنل سنٹر ویلبی ڈنمارک میں عظیم الشان ورکرز کنونشن منعقد ہوا جس میں محترم صاحبزادہ حسن محی الدین قادری، محترم ڈاکٹر رحیق احمد عباسی، محترم علامہ حسن میر قادری، محترم حاجی گلزار احمد (سرپرست منہاج یورپین کونسل اور محترم حاجی حمیداللہ نے خصوصی شرکت کی۔ پروگرام کی نظامت کے فرائض حافظ ندیم یونس (ڈائریکٹر منہاج القرآن انٹرنیشنل اوڈنسے ڈنمارک) اور محترم محمد بلال اُپل نے سرانجام دیئے۔ محترم حافظ سجاد احمد نے تلاوت قرآن مجید کی سعادت حاصل کی۔ بارگاہ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں محترم محمد اشرف اُپل، محترم حسین شاہ، محترم محمد جمیل، محترم راجہ اکبر، محترم وسیم، محترم محمد جمیل نے نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پڑھنے کی سعادت حاصل کی۔ محترم محمد بلال اُپل نے 11 ماہ کی کارکردگی رپورٹ پیش کی۔
بعد ازاں ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ کا بے حد فضل و کرم ہے کہ آج مادیت کے دور میں امت مسلمہ کو ایک ایسی تحریک عطا کی جو دنیا کی محبت کو دل سے نکال کر اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت عطا کرنے کا وسیلہ بنی ہے۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل دعوت و تبلیغ حق، اصلاح احوال امت، تجدید و احیائے دین، ترویج و اقامت اسلام کے لئے مصروف عمل ہے۔
بعد ازاں صاحبزادہ حسن محی الدین قادری نے ورکرز کنونشن سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ تحریک منہاج القرآن کی دعوت امن ہے اور مشن بھی امن ہے اور منزل بھی امن ہے اور تحریک کے کارکنان کے قائد کے ساتھ اور ایک دوسرے سے بھی امن اور بھائی چارے اور محبت کا تعلق ہے۔ اللہ تعالیٰ اس تعلق کو جو محبت پر، امن پر اور غلامی پر قائم ہے اس پر استقامت دے اور مرتے دم تک قائم رکھے۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک کے جملہ عہدیداران اور کارکنان کو بہترین کارکردگی بالخصوص الفرغانہ انسٹی ٹیوٹ ڈنمارک پر خصوصی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ جس طرح یہ تنظیم کام کر رہی ہے اور آپ احباب کی علمی، فکری، اعتقادی اور روحانی طور پر ترقی ہورہی ہے اگر یہ قائم رہی تو آپ کا مستقبل روشن ہے۔ بعد ازاں 50 رفقاء میں اسناد تقسیم کی گئیں۔ اس موقع پر محترم سید محمود شاہ نے معزز مہمانوں اور جملہ کارکنان کا شکریہ ادا کیا۔ آخر میں صاحبزادہ حسن محی الدین قادری، ناظم اعلیٰ اور یورپین کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل نے مل کر منہاج سیلز سنٹر کا افتتاح کیا اور اس کے قیام پر جملہ عہدیداران بالخصوص محترم محمد اشرف اُپل (ناظم لائبریری) کو مبارکباد دی۔
٭ مورخہ 8 اگست منہاج یوتھ سنٹر آما میں منہاج یوتھ لیگ نے عظیم الشان روحانی محفل کا اہتمام کیا۔ پروگرام کے نقابت کے فرائض محترم علامہ محمد اویس قادری نے سرانجام دیئے۔ محفل کا باقاعدہ آغاز حافظ سجاد احمد کی تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔ محترم شاہد سرور نے بارگاہ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں ہدیہ عقیدت پیش کیا۔ صاحبزادہ حسن محی الدین قادری نے خواتین و حضرات سے خصوصی خطاب فرمایا۔ بعد ازاں محترم قیصر نجیب، محترم فیصل نجیب اور محترم محمد حسین شاہ نے ذکر کروایا۔ آخر میں محترم علامہ عبدالستار سراج (امیر تحریک منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک) کی والدہ ماجدہ کی وفات پر ان کی بخشش و مغفرت کی دعا کی گئی۔
٭ مورخہ 9 اگست بمقام نیروبرو ہال ڈنمارک میں منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک کے زیر اہتمام عظیم الشان معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور پیغام امن کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ یہ پروگرام تین زبانوں اردو، انگلش اور ڈینش میں کنڈکٹ ہوا۔ کانفرنس میں ڈنمارک کے تمام جید علماء، سکالرز اور دانشور سٹیج کے سامنے کرسیوں پر جلوہ افروز تھے۔ اس کانفرنس میں ڈنمارک، سویڈن، ناروے، لندن، فرانس اور دیگر ممالک سے بہت سے مہمان تشریف فرما تھے۔ پروگرام میں مرکزی قائدین کے علاوہ محترم محمد عطیہ (سیکرٹری جنرل ڈینش مسلم یونین DMU)، محترم جناب قمر علی سیالوی (اسلامک کلچرل سنٹر آما)، محترم سید غلام مصطفی بخاری شاہ (مسلم کلچرل سنٹر ویسٹربرو) نے خصوصی شرکت کی۔ محترم فیصل نجیب اور محترمہ آمنہ اسحاق رانا نے پروگرام کو کنڈکٹ کیا۔ علامہ حسن میر قادری، محترم علامہ عبداللہ، الفرغانہ انسٹی ٹیوٹ ڈنمارک کی سٹوڈنٹس محترمہ نرگس ظہور اور ڈاکٹر محمد ندیم عاصم (پرنسپل الفرغانہ انسٹی ٹیوٹ ڈنمارک، نائب صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک) نے بہت ہی پیارے انداز میں پیغام امن ڈینش زبان میں حاضرین محفل تک پہنچایا۔
اس موقع پر محترم صاحبزادہ حسن محی الدین قادری اور محترم ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے اس عظیم الشان کانفرنس کے انعقاد پر منہاج القرآن انٹرنیشنل کی طرف سے اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی طرف سے منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک کی جملہ تنظیمات کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ اس کانفرنس کا نام معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور پیغام امن کانفرنس اس لئے رکھا گیا ہے کہ معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بنیاد محبت ہے اور امن کی بنیاد بھی محبت ہے آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا شب معراج قاب قوسین اور پھر او ادنیٰ پر تشریف لے جانا، اس کی بنیاد بھی محبت ہے اور اسلام کی بنیاد بھی محبت ہے اور تحریک منہاج القرآن کی بنیاد بھی محبت اور امن ہے۔ آخر پر محترم سید غلام مصطفی بخاری شاہ (مسلم کلچرل سنٹر ویسٹربرو) نے اختتامی دعا فرمائی۔
سویڈن
دورہ یورپ کے ساتویں مرحلہ پر صدر سپریم کونسل محترم صاحبزادہ حسن محی الدین قادری، ناظم اعلیٰ منہاج القرآن محترم ڈاکٹر رحیق احمد عباسی اور امیر یورپین کونسل محترم علامہ حسن میر قادری سویڈن تشریف لائے۔ منہاج القرآن سویڈن کے ایگزیکٹو ممبران اور مختلف کمیٹیز کے عہدیداران کے اعلیٰ سطحی وفد نے مرکزی قائدین کا شاندار استقبال کیا۔ اس دورہ کے موقع پر منہاج القرآن انٹرنیشنل سویڈن کے زیر اہتمام معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ استقبالیہ کلمات آرگنائزر MQI سویڈن علامہ حسن اعوان نے سرانجام دیئے۔ جنہوں نے جملہ عہدیداران کا تعارف پیش کرتے ہوئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی امت مسلمہ اور دین اسلام کی فلاح و بہبود کی ترویج و اشاعت کے لئے بے مثال خدمات کے بارے میں حاضرین کو آگاہ کیا گیا۔ بعد ازاں علامہ حسن میر قادری نے معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی مناسبت سے خطاب فرمایا۔
صدر سپریم کونسل نے خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ راہنمائی کے بغیر زندگی بھیڑ بکریوں کی طرح ہے اور مقصد کے بغیر زندگی فضول ہے۔ اگر ہمارے پاس حقیقی راہنمائی اور مقصد زندگی ہو تو نہ صرف اس دنیا میں بلکہ آنے والی زندگی میں بھی فلاح پائیں گے۔ منہاج القرآن لوگوں کی درست سمت میں راہنمائی کا فریضہ سرانجام دے رہی ہے۔ آخر میں صدر منہاج القرآن سویڈن عمران سلیم نے اختتامی کلمات ادا کرتے ہوئے معزز مہمانان گرامی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ عنقریب سویڈن میں ایک ایجوکیشنل اور کلچر سنٹر کا قیام بھی عمل میں لایا جارہا ہے۔
دورہ سویڈن کے دوران ایک تربیتی نشست کا اہتمام بھی کیا گیا۔ اس نشست میں سویڈن میں مستقبل میں منہاج القرآن کی سرگرمیوں، ورکنگ پلان کے متعلق جائزہ لیا گیا، نئی تنظیم کا قیام عمل میں لایا گیا اور موجودہ انتظامیہ کو مشن کے لئے نمایاں خدمات سرانجام دینے پر مبارکباد دی گئی۔ اس موقع پر ویمن لیگ کی خواتین کے لئے خصوصی تربیتی نشست کا اہتمام تھا۔ جس میں انہیں بھی آئندہ سال کے لئے تنظیمی و تربیتی نشستوں کا لائحہ عمل دیا گیا۔ بعد ازاں اس تربیتی نشست کے آخر پر شیخ الاسلام نے خصوصی ٹیلی فونک خطاب فرماتے ہوئے جملہ عہدیداران کو مبارکباد دی اور مشن کی ترویج و اشاعت کے لئے خصوصی ہدایات ارشاد فرمائیں۔
شیخ الاسلام پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اور مرکزی قائدین کا دورہ اوسلو (ناروے)
(رپورٹ : محمد یاسین)
محترم صاحبزادہ حسن محی الدین قادری، محترم ڈاکٹر رحیق احمد عباسی اور یورپی کونسل کے احباب دورہ یورپ کے آخری مرحلہ میں ناروے پہنچے۔ اس آخری مرحلہ کی خصوصیت یہ تھی کہ مرکزی قائدین کی آمد سے قبل شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے بھی ناروے کے دارالحکومت، اوسلو میں واقع منہاج القرآن انٹرنیشنل کا دورہ کیا۔ ان کا یہ دورہ اپنی اہمیت اور موقع کی مناسبت سے ایک تاریخی دورہ ثابت ہوا۔ آپ کی تشریف آوری سے پہلے تحریک منہاج القرآن سے تعلق رکھنے والے احباب فرانس، اٹلی، ڈنمارک، یونان اور منہاج القرآن انٹرنیشنل ستوانگر ناروے سمیت مختلف علاقوں سے خصوصی طور پر تشریف لائے تھے۔ اس دورہ کے دوران شیخ الاسلام نے نائب صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل یورپ حاجی افضل انصاری صاحب کی بیٹی کی شادی میں خصوصی شرکت کی۔ اس تقریب میں آپ نے اسلام میں شادی کی حیثیت اور اس کے مقام کی وضاحت کی اور نوجوانوں کو آج کے دور میں شادی کے سلسلے میں درپیش چیلنجز کا اسلامی اصولوں کے مطابق مقابلہ کرنے کا درس دیا اور جبری شادی کے نظریئے کو رد کرتے ہوئے اسلام میں جیون ساتھی کے انتخاب کا طریقہ کار بیان کیا۔
بعد ازاں منہاج القرآن انٹرنیشنل اوسلو کے سارے فورمز کے ساتھ شیخ الاسلام نے خصوصی میٹنگ کی۔ ان سارے معاملات کو ڈائریکٹر MQI اوسلو علامہ نور احمد نور نے کنڈکٹ کیا۔ میٹنگ میں منہاج القرآن سسٹرز لیگ، ویمن لیگ، برادرز لیگ، منہاج القرآن مصالحتی کونسل، منہاج ایجوکیشن سنٹر، ویلفیئر کونسل اور مرکزی تنظیم MQI کی تنظیم سازی و ورکنگ پر روشنی ڈالی گئی اور سب تنظیموں کے عہدیداروںکا قائد محترم سے تعارف کرایا گیا۔ آپ نے سب تنظیموں خصوصاً مصالحتی کونسل اور ایجوکیشن سنٹر کے معاشرے میں کردار کو سراہا اور ان ساری تنظیموں کے مرکزی کردار، صدر MQI اوسلو حاجی پرویز نثار کو شاباش دی اور مستقبل میں نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کے لئے ان کو نصیحت کی کہ یہ نوجوان ہی ہماری اصل پہچان اور ہمارا مستقبل ہیں اور ہمیں ہر سطح پر ان کو آگے لانا چاہئے اور ان کو آگے آکر کام کرنے کا موقع دینا چاہئے۔ آپ اس ساری محفل کے دوران مختلف تنظیموں کے کام اور ان کے کردار پر روشنی ڈالتے رہے اور ان کی رہنمائی کرتے رہے۔
مرکزی تنظیم MQI اوسلو کے زیر اہتمام محفل سماع میں شیخ الاسلام نے خصوصی شرکت کی۔ اس تقریب کی نقابت کے فرائض فرانس سے آئے ہوئے جنرل سیکرٹری MQI یورپ، حافظ اقبال اعظم نے بخوبی ادا کئے۔ ایک نو مسلم فرانسیسی نوجوان کی قیادت میں گروپ نے قوالیاں پیش کیں۔
اس دورہ کے موقع پر سارے فورمز MQI اوسلو اور یورپ سے آئے ہوئے تحریکی ساتھیوں کے ساتھ ایک اصلاحی نشست رکھی گئی۔ اس نشست سے خطاب کرنے کے لئے محترم صاحبزادہ حسن محی الدین قادری، صدر MQI اور مرکزی ناظم اعلیٰ محترم منہاج القرآن ڈاکٹر رحیق احمد عباسی اپنے دورہ یورپ میں ڈنمارک سے سیدھے ناروے پہنچے۔ محترم صاحبزادہ حسن محی الدین نے روزمرہ کی مثالیں دے کر تحریک، منہاج القرآن کے اغراض و مقاصد کو واضح کیا اور خوبصورت انداز اور آسان الفاظ میں تربیتی گفتگو کی۔ بعد ازاں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے وہاں پر موجود تحریکی عہدیداران کی دستار بندی کی اور خصوصی تنظیمی و تحریکی ہدایات سے نوازا۔
شیخ الاسلام کا یہ دورہ تاریخی اہمیت کا حامل تھا۔ آپ نے مختلف مواقع پر ناروے بھر سے آئے ہوئے علماء کرام کو نہ صرف اصلاحی لیکچر دیئے بلکہ امت مسلمہ کے زوال پر بھی تفصیلی روشنی ڈالی جس سے سارے مکاتب فکر کے علمائے کرام کو استفادہ کرنے کا موقع ملا۔ اس موقع پر سارے علمائے کرام نے آپ کے دیئے ہوئے درس کو اپنا مشعل راہ بنانے امت مسلمہ کے اتحاد کے لئے اپنی کوششیں تیز کرنے کا فیصلہ کیا۔ اس سارے دورے کے دوران MQI اوسلو کی انتظامیہ، خصوصاً خاور حسین، شاہد طفیل، لالہ بشیر، میاں اسلم، یوتھ کے صدر عاطف رؤف، محمد عاصم اور ان کی ٹیم، ویمن ونگ کی صدر باجی رافعہ اور ان کی ٹیم، مصالحتی کونسل کے صدر اعجاز وڑائچ اور ان کی ٹیم، شکیل مشتاق، عرفان نصاری، بابر نثار، ویمن ونگ کی محترمہ سلمہ ظفر، ظفر سیال، محمد جمیل، راشد علی اعوان، افتخار محمود اور سب سے بڑھ کر امیر MQI یورپ علامہ حسن میر قادری اور دیگر احباب کی کاوشوں کو یورپ بھر سے آئے ہوئے تحریکی ساتھیوں نے بے حد سراہا۔