تحریک منہاج القرآن کا امتیازی وصف یہ ہے کہ یہ تحریک علمی و فکری سطح پر حقیقی معنوں میں تجدید دین، احیائے اسلام اور ترویج و اقامت دین کی تحریک ہے جو قرآن و سنت کی روشنی میں علم کے حصول اور علم کے فروغ پر یقین رکھتی ہے۔ تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست اَعلیٰ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری بھی ڈاکٹر ہیں اور اب آپ کے دونوں صاحبزادے یعنی صاحبزادہ حسن محی الدین قادری اور صاحبزادہ حسین محی الدین قادری بھی یکے بعد دیگرے ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کرچکے ہیں۔ بلاشبہ یہ اپنی نوعیت کی منفرد مثال ہے کہ برصغیر پاک و ہند میں کوئی سیاسی و مذہبی قیادت ایسی نہیں جو خود بھی ڈاکٹریٹ کی ڈگری رکھتی ہو اور ان کی اولاد کو بھی یہ اعزاز حاصل ہو۔ الحمدللہ دیگر بہت سارے اعزازات کے ساتھ تحریک منہاج القرآن کو حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے نعلین پاک کے تصدق سے یہ اعزاز بھی حاصل ہوا۔ اس پر ہم اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں سجدہ شکر بجا لاتے ہیں۔
محترم ڈاکٹر حسن محی الدین قادری اور محترم ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کی ڈاکٹریٹ کی تفصیلات درج ذیل ہیں:
محترم ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کو Ph.D کی تکمیل پر مبارکباد
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے بڑے صاحبزادے، صدر سپریم کونسل تحریک منہاج القرآن محترم صاحبزادہ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے جامعۃ الدول العربیۃ سے PhD مکمل کر لی ہے۔ آپ نے
"دستور مدینہ اور جدید دستوری اصول (تقابلی و تجزیاتی مطالعہ)"
کے موضوع پر معروف دستوری و قانونی ماہر اور مصر کے سابق نائب وزیراعظم پروفیسر ڈاکٹر یحی الجمل پروفیسر آف لاء، جامعہ قاہرہ شعبہ حقوق کے زیر نگرانی اپنا مقالہ مکمل کیا۔
محترم ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کا مقالہ اپنی نوعیت کی منفرد تحقیقی کاوش ہے جسے viva میں بیرونی ممتحینین اور دیگر پروفیسرز اور ڈاکٹرز نے بہت زیادہ سراہا۔ انہوں نے مقالہ کو دستوری میدان بالخصوصی دستور مدینہ پر کی جانے والی تحقیقات میں ایک عظیم سنگ میل قرار دیا۔ یہی وجہ ہے کہ محترم ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کو اس مقالہ کی تکمیل پر ڈاکٹریٹ کی ڈگری کے اعلیٰ ترین درجوں سے نوازا گیا ہے۔
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے 3 نومبر 2012ء کو خصوصی طور پر اس viva کی تقریب میں شرکت فرمائی ہے اور ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کو اس عظیم کامیابی پر بہت مبارکباد اور دعائوں سے نوازا۔ عالم اسلام کی قدیم ترین یونیورسٹی کے جامعہ الازہر کے مندوبین اور الرابطۃ العالمیۃ لخریجی الازہر کے سربراہان و نمائندگان نے بھی تقریب میں خصوصی طور پر شرکت کی۔
محترم ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کو Ph.D کی تکمیل پر مبارکباد
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے چھوٹے صاحبزادے، صدر فیڈرل کونسل تحریک منہاج القرآن محترم ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے آسٹریلیا کی معروف یونی ورسٹی Victoria University, Melbourne سے Ph.D مکمل کر لی ہے۔ ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے
An Analysis of Trade Flows among Muslim Countries and Potential for Free Trade Area
کے موضوع پر آسڑیلیا کے معروف ماہر معیشت Dr P. J Gunawardna کے زیر نگرانی Ph.D کا مقالہ مکمل کیا۔ اس مقالہ میں انہوں نے پاکستان، ایران، ترکی اور نوآزاد وسطی ایشیائی ریاستوں کے معاشی اتحاد کا تجزیہ اور تقابل کرتے ہوئے ایک رول ماڈل تشکیل دیا ہے۔ انہوں نے یہ موازنہ درج ذیل تین مختلف جہات سے کیا ہے جو اپنی نوعیت میں ایک جداگانہ حیثیت رکھتا ہے:
1. Comprative Advantange Analysis
2. Trade Intensity Analysis
3. Gravity Model Analysis
مقالہ میں اِس بات کا جائزہ لیا گیا ہے کہ اسلام، مسلم ممالک کے مابین معاشی اتحاد کا تقاضا کرتا ہے یعنی مسلم ممالک کے اتحاد کو معاشی زبان دی گئی ہے، جیسا کہ یورپی یونین وغیرہ کے معاشی بنیادوں پر اتحاد ہیں۔ مقالہ میں اِس معاشی اتحاد کے حوالے سے ایک عملی رول ماڈل بھی تشکیل دیا گیا ہے جسے عملی بنیادوں پر اختیار کر کے اْمت مسلمہ ترقی کے سفر پر گامزن ہو سکتی ہے اور ایک مؤثر معاشی طاقت کے طور پر ابھر سکتی ہے۔
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے ڈاکٹر حسن محی الدین قادری اور ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کو اس عظیم کامیابی پر مبارک باد دیتے ہوئے مزید ترقی و کامیابی کے، خصوصی دعائیں فرمائی ہیں۔
محترم امیر تحریک صاحبزادہ فیض الرحمٰن درانی، محترم ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی اور جملہ مرکزی قائدین، سٹاف ممبران اور اندرون و بیرون ملک سے جملہ کارکنان تحریک نے محترم ڈاکٹر حسن محی الدین قادری اور محترم ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کو اعلیٰ ترین اعزازات کے ساتھ ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کرنے پر خصوصی مبارکباد پیش کی۔
اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ صاحبزادگان کو خدمت اِسلام میں اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لانے اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے قائم کردہ مصطفوی مشن کی حقیقی معنوں میں قیادت کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور ہر مرحلے پر ان کی مدد و نصرت فرمائے۔
آمین بجاہ سید المرسلین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم