مرکزی سیکرٹریٹ میں محفل نعت و دعائیہ تقریب
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 68 ویں سالگرہ کے موقع پر 19 فروری کو تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ پر محفلِ نعت و دعائیہ تقریب منعقد ہوئی، جس میں صدر منہاج القران انٹرنیشنل ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے خصوصی شرکت کی۔ تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور سمیت تحریک کی جملہ مرکزی قیادت اور دیگر مرکزی قائدین اور سٹاف ممبران نے بھی پروگرام میں شرکت کی۔
عالم اسلام کے نامور قراء قاری سید صداقت علی اور قاری نور احمد چشتی نے تلاوت قرآن مجید کی۔ پاکستان کے نامور ثناء خوان الحاج اختر حسین قریشی، محمد افضل نوشاہی، شہباز قمر آفریدی، شہزاد حنیف مدنی اور شہزاد برادران نے نعتِیہ کلام پیش کیے۔
محفل نعت و قوالی کے بعد ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے عمرہ کے ٹکٹ کی قرعہ اندازی کی، جس میں قائدین کیٹگری میں مرکزی ناظم میڈیا اور چیف ایڈیٹر مجلہ منہاج القرآن نوراللہ صدیقی اور سٹاف ممبران میں سے محمد دلدار حسین (نظامت مالیات) کا نام نکلا۔ تقریب کے اختتام پر کیک کاٹا گیا اور شیخ الاسلام کی صحت و سلامتی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ پروگرام کے انعقاد میں ناظم اجتماعات و ناظم سیکرٹریٹ محمد جواد حامد نے اہم کردار ادا کیا۔
منہاج یونیورسٹی لاہور میں فاؤنڈرز ڈے تقریب
قائد تحریک منہاج القرآن اور منہاج یونیورسٹی لاہور کے بانی و بورڈ آف گورنرز کے چیئرمین ڈاکٹر طاہرالقادری کی 68 ویں سالگرہ پر منہاج یونیورسٹی لاہور میں خصوصی تقریب فائونڈرز ڈے کے عنوان سے منعقد ہوئی۔ سالگرہ کی تقریب میں ڈاکٹر حسین محی الدین، ڈاکٹر محمد اسلم غوری، خرم نواز گنڈاپور، بریگیڈیئر (ر) اقبال احمد خاں، ڈاکٹر شاہد سرویا، کرنل (ر) محمد مبشر، بیرسٹر عامر حسن، یونیورسٹی کے ڈینز، ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹس اور سینئر کلاسز کے طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔
قومی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز اوپنر بیٹسمین کرکٹر اظہر علی نے ڈاکٹر طاہرالقادری کی سالگرہ میں شرکت کی اور نوجوانوں کی کردار سازی کے حوالے سے شیخ الاسلام کی عالمگیر کاوشوں کو سراہا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی چیئرمین منہاج یونیورسٹی لاہور ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا اتحاد سے طاقت اور طاقت سے منزل حاصل ہوتی ہے۔ طاقت وہ جوہر ہے جو انسان کو اس کی منزل کے قریب لے جاتا ہے۔ اس دنیا میں علم، کردار، اخلاص اور جہدِ مسلسل کامیابی کے زینے ہیں، اگر یہ اوصاف اجتماعی سطح پر معاشروں میں جمع ہو جائیں تو وہ معاشرے مثالی بن جاتے ہیں۔ قائداعظم نے مختلف مذاہب، مسالک اور سیاسی جماعتوں کو ایک جگہ جمع کر کے طاقت حاصل کی۔ یہ اتحاد ان کی طاقت بنا اور پھر اس طاقت سے پاکستان کی منزل حاصل ہوئی۔
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا تعلق ایک متوسط گھرانے سے ہے، انہوں نے مذکورہ اوصاف کے ذریعے عالم اسلام کو علم و تحقیق کے بے مثال اداروں کا تحفہ دیا اور آج دنیا کے لاکھوں کروڑوں نفوس ان کی علمی تحقیق سے مستفید ہو رہے ہیں۔
ڈاکٹر طاہرالقادری کے علمی کام اور اسلام کے بیانیہ کودنیا کے ہر مذہب کے سکالرز، ان کے پیروکاروں اور ہر مزاج کے معاشروں کے سامنے فخر کے ساتھ پیش کیا جاسکتا ہے۔ اس موقع پر ڈاکٹر محمد اسلم غوری، خرم نواز گنڈاپور اور پرووائس چانسلر ڈاکٹر شاہد سرویا نے بھی خطاب کیا۔
کالج آف شریعہ میں قائد ڈے تقریبات
منہاج یونیورسٹی لاہور کے کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کے زیراہتمام شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 68 ویں سالگرہ کے سلسلہ میں قائد ڈے کی تقریبات میں محترم ڈاکٹر حسین محی الدین قادری، معروف کالم نگار و صحافی عامر خاکوانی، وحدت المسلمین کے رہنما علامہ امین شہیدی، صاحبزادہ دیوان مسعود احمدچشتی سجادہ نشین پاکپتن شریف، علامہ محمد عباس وزیری روضہ علمیہ قم ایران کے استاد، صوبائی وزیر تعلیم ڈاکٹر مراد راس، مرکزی رہنماء تحریکِ انصاف ابرارالحق اور نعت گو شاعر زاہد فخری، معروف نعت خواں اختر قریشی، صاحبزادہ محمد حسان حسیب الرحمان، صوبائی وزیر آبپاشی محسن لغاری، پارلیمانی سیکرٹری پنجاب پیر احمد شاہ کھگہ، سلطان خان اور ہر طبقہ زندگی سے تعلق رکھنے والی معروف شخصیات مہمانانِ گرامی کے طور پر شریک ہوئیں۔
دیگر مہمانانِ گرامی میں مرکزی قائدین شامل تھے۔ ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن خرم نواز گنڈا پور، مفتی عبدالقیوم ہزاروی، پروفیسر نواز ظفر، ڈاکٹر خان محمد ملک، ڈاکٹر ممتاز الحسن باروی، کرنل محمد مہدی، ڈاکٹر شفاقت اللہ بغدادی، ڈاکٹر مسعود احمد مجاہد، ڈاکٹر شبیر احمد جامی، ڈاکٹر ممتاز احمد سدیدی، پروفیسر محمد الیاس اعظمی، محب اللہ اظہر، نگران بزم صابر حسین نقشبندی، کالج کے اساتذہ کرام اور تحریک کے مرکزی قائدین شامل تھے۔ پروگرام میں مقررین نے اظہار خیال کرتے ہوئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی علمی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔
- منہاج یونیورسٹی لاہور کے کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز میں طلباء نمائندہ بزم منہاج کے زیراہتمام قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 68 ویں سالگرہ کے سلسلہ میں کل پاکستان بین الکلیاتی قرأت، نعت، عربی، اردو انگلش تقاریر اور مباحثہ کے مقابلہ جات منعقد ہوئے۔ ہفتہ تقریبات کا مقصد طلباء و طالبات میں اہم تعلیمی نصابی سرگرمیوں کا فروغ ہے۔
- ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شیخ الاسلام کی ساری زندگی علم سے جڑی ہوئی ہے۔ شیخ الاسلام کی علمی زندگی کا نچوڑ قرآنی انسائیکلوپیڈیا ہے۔ آپ نے علم کو مسلکی حدودوقیود سے آزاد ہو کر پھیلایا، یہی وجہ ہے کہ آج شیخ الاسلام کی فکر عالمی دنیا کا اثاثہ ہے۔ شیخ الاسلام دنیائے اسلام کا علمی خزانہ ہے، جس کو آگے منتقل کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔
تقریب میں صحافی عامر خاکوانی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری وہ شخصیت ہیں، جنہوں نے عالمگیر اسلامک سنٹرز کی شکل میں اہل پاکستان اور انسانیت کو بے مثال اداروں کا تحفہ دیا، ڈاکٹر طاہر القادری کے ہتھیار علم، کتاب اور دلیل ہیں۔ مجھے اس بات پر خوشگوار حیرت ہوتی ہے کہ اتنا بڑا کام ایک تنہا شخص نے کیا حالانکہ ایسے کام ادارے اور بہت ساری شخصیات مل کر کرتی ہیں۔ یہ اللہ تعالیٰ کا ڈاکٹر طاہر القادری پر خاص فضل ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری کی تعلیمات اور تالیفات میں اعتدال ہے، جس کی آج پاکستانی سوسائٹی کو سب سے زیادہ ضرورت ہے۔ ڈاکٹر طاہر القادری اپنی اعتدال پسند فکر کے باعث ہر مسلک اور طبقہ فکر میں محترم اور قابل عزت ہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ ڈاکٹر طاہرالقادری دنیا کا علمی خزانہ ہیں، ہمیں ان کی فکر کو عام کرنا ہوگا۔