قرآنی انسائیکلوپیڈیا: تعارفی تقریبات میں ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کی شرکت

امسال شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 68 ویں سالگرہ کی مناسبت سے پاکستان بھر میں تقاریب کا انعقاد کیا گیا جن میں شیخ الاسلام کی جملہ علمی و فکری خدمات بالخصوص قرآنی انسائیکلو پیڈیا کی اشاعت پر بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ ان تقاریب میں مرکزی ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈا پور، جملہ نائب ناظمین اعلیٰ، تحریک منہاج القرآن، پاکستان عوامی تحریک، منہاج القرآن علماء کونسل، منہاج یوتھ لیگ اور مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے مرکزی، ڈویژنل، ضلعی اور تحصیلی عہدیداران اور مقامی قیادت نے بھرپور شرکت کی۔ پاکستان میں منعقدہ ان جملہ تقاریب کے احوال زیر نظر صفحات کی زینت بنانا ہمارے لیے ممکن نہیں۔ ان جملہ تقاریب کی رپورٹس کے لیے www.minhaj.org ملاحظہ کریں۔ ذیل میں ہم پاکستان بھر میں ہونے والی ان تقریبات کے مختصر احوال نذرِ قارئین کررہے ہیں جن میں محترم ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے خصوصی شرکت کی۔

جہلم

تحریک منہاج القرآن جہلم کے زیراہتمام شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے تالیف کردہ قرآنی انسائیکلوپیڈیا کی تعارفی تقریب 2 فروری 2019ء کو منعقد ہوئی جس میں صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے خصوصی شرکت کی اور خطاب کیا۔ تقریب سے تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی یاور کمال، رکن صوبائی اسمبلی سبرینہ جاوید، پروفیسر سلیم احمد، علامہ رانا محمد ادریس، عصمت اللہ قادری، پروفیسر قدرت اللہ سیالوی، سید ابرار حسین شاہ، صفیہ رفعت نے بھی خطاب کیا۔ اس تقریب میں تحریک کے رہنماؤں، کارکنوں کے ساتھ ساتھ وکلاء، سول سوسائٹی اور مختلف مکتب فکر کے علمائے کرام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

  • صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علم عمل کے بغیر کوئی فائدہ نہیں دیتا، قرآن ہدایت اور نجات کا راستہ ہے۔ فرقہ واریت کی آلودگی نے دین اسلام کے علم، امن اور محبت والے پیغام کو سخت نقصان پہنچایا۔ منہاج القرآن اصلاح احوالِ اور احیائے دین کے علم و محبت پر مبنی آفاقی پیغام کو لے کر قریہ قریہ جارہی ہے۔
  • تقریب سے ایم پی اے یاور کمال نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری اور ان کے کارکن امن و محبت کی پہچان ہیں، انہوں نے قرآنی انسائیکلوپیڈیا کو انسانیت اور امت مسلمہ کی بڑی خدمت قرار دیا۔
  • ایم پی اے سبرینہ جاوید نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری اسلام اور پاکستان کا سرمایہ ہیں، وہ پوری دنیا میں اسلام اور پاکستان کی شناخت ہیں، وہ نوجوانوں کی کردار سازی میں پیش پیش ہیں اور یہ ایک جہاد ہے۔

چکوال

صدر منہاج القرآن ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے 3 فروری 2019ء کو چکوال کا تنظیمی دورہ کیا اور قرآنی انسائیکلوپیڈیا کی عظیم الشان تعارفی تقریب سے خطاب کیا۔ ڈاکٹر حسین محی الدین نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ پاکستان اور عالم اسلام کا خوشحال مستقبل علم و تحقیق سے جڑا ہے، علم کی مقدار تو بڑھ رہی ہے مگر معیار گررہا ہے۔ معیار کو تربیت سے بہتر بنانا ہوگا۔ قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے پڑھے لکھے پاکستان اور عالم اسلام کے لیے منہاج القرآن کے پلیٹ فارم کو وقف کررکھا ہے۔ منہاج القرآن کے زیر اہتمام ملک گیر تعلیمی ادارے بھی قائم ہورہے ہیں اور تربیتی سیشن بھی منعقد ہورہے ہیں۔

جھنگ

تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام جھنگ میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی معرکۃ الآراء تصنیف و قرآنی علوم کا ذخیرہ قرآنی انسائیکلوپیڈیا کی تعارفی تقریب 13 فروری 2019ء کو منعقد ہوئی، جس کی صدارت تحریک منہاج القرآن کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کی۔ تقریب میں ایم این اے غلام بی بی بھروانہ، صاحبزادہ سلیمان قمر، ڈاکٹر سلطان الطاف علی، پیر مظہر حسین قادری، سید محبوب الہٰی گیلانی، علامہ سعید اظہر حسین قادری، علامہ محمد آصف حجازی، صاحبزادہ سلطان محمد مشتاق، نائب ناظم اعلیٰ محمد رفیق نجم نے شرکت کی۔

صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کا تالیف کردہ قرآنی انسائیکلوپیڈیا قرآن فہمی کے باب میں ایک بہت بڑی خدمت ہے۔ اللہ جس کو جتنی توفیق دیتا ہے، قرآنی آیات کے مطالب و مفاہیم سے وہ اتنا ہی آگاہ ہو جاتا ہے۔ عرفان اور معرفت کی راہ پر چلنے والوں کو قرآن سے ہر قسم کی رہنمائی ملتی ہے۔شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کا تالیف کردہ قرآنی انسائیکلو پیڈیا نے قرآن فہمی کو آسان بنا دیا ہے جو عربی زبان سے واقفیت نہیں رکھتے وہ بھی اس قرآنی انسائیکلو پیڈیا کے مطالعہ سے فہم حاصل کر سکتے ہیں۔

دیپالپور

(رپورٹ: خالد محمود عابدی قادری): 14 فروری 2019ء کو دیپالپور میں قائد ڈے کے موقع پر قرآنی انسائیکلو پیڈیا کی عظیم تعارفی تقریب منعقد ہوئی۔ جس میں ہزاروں کی تعداد میں کارکنان تحریک اور سول سوسائٹی کے افراد نے شرکت کی۔ اس تقریب میں محترم ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں شرکت کرنے والی شخصیات میں سابق وزیراعلیٰ میاں منظور احمد خان وٹو، سابق ایم پی اے میاں خرم جہانگیر وٹو، سابق ایم این اے سید گلزار سبطین شاہ بخاری، سیکرٹری جنرل بار دیپالپور میاں عدنان سرور وٹو، فقیہ اعظم بصیر پوری کے پوتے شیخ الحدیث مفتی لطف اللہ نوری اشرفی بصیر پور، پیر طریقت علامہ قاری مسعود احمد فریدی بصیر پور، حافظ محمد توصیف قاسم (امیر جماعت اسلامی بصیر پور)، مولانا احمد رضا نوری حویلی لکھا، محترمہ رابعہ ظہور (ہیڈ مسٹریس دار ارقم سکول، انجینئر محمد رفیق نجم (نائب ناظم اعلیٰ کوآرڈینیشن)، قاری ریاست علی چدھڑ (سیکرٹری کوآرڈینیشن سنٹرل پنجاب)، پی ایچ ڈی، ایم فل سکالرز، اور مختلف تنظیموں کے نمائندگان نے شرکت کی۔

  • اس موقع پر محترم ڈاکٹر حسین محی الدین قادری (صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل) نے عظمت قرآن اور شیخ الاسلام کی خدمات پر انتہائی پر مغز خطاب فرمایا۔
  • سابق وزیراعلیٰ پنجاب سینئر سیاستدان میاں منظور احمد وٹو نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے علم، قلم، تقریر اور تحریر کے ذریعے نوجوانوں کو انتہا پسندی سے بچایا اور کردار سازی پر توجہ دی اور نوجوانوں کو علم، وطن اور دین سے محبت کی تعلیم دی۔ تحریک منہاج القرآن اور ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے انصاف کیلئے جدوجہد کی ایک نئی تاریخ رقم کی۔ ڈاکٹر طاہرالقادری کو یہ کریڈیٹ جاتا ہے کہ انہوں نے اپنے غریب شہید کارکنوں کے انصاف کا کیس لڑنے کا حق ادا کر دیا۔ ان شاء اللہ تعالیٰ سانحہ ماڈل ٹاؤن کا انصاف ہو گا اور انسانیت کا خون بہانے والے اپنے انجام سے دو چار ہونگے۔
  • شیخ الحدیث پیر مفتی لطف اللہ اشرف قادری نے قرآنی انسائیکلوپیڈیا کی تالیف کو اسلام اور انسانیت کی ایک بڑی خدمت قرار دیا۔
  • سابق ایم این اے سید گلزار سبطین نے کہا کہ اللہ کاشکر ہے کہ ہمارے درمیان شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری جیسی ہستیاں ہیں جنہوں نے اسلاف کے علمی سفر کو جاری رکھا ہوا ہے۔
  • حافظ محمد توصیف قاسم وٹو نے منہاج القرآن کی علم اور امن کیلئے خدمات پر خراج تحسین پیش کیا۔

کراچی

منہاج القرآن یوتھ لیگ کے زیراہتمام شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 8 جلدوں پرمشتمل تاریخ ساز کتاب قرآنی انسائیکلوپیڈیا کی تعارفی تقریب سندھ اسکاؤ ٹس آڈیٹوریم میں 17 فروری کو منعقد ہوئی۔ تقریب کی صدارت تحریک منہاج القرآن انٹرنیشنل کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کی۔ ڈاکٹر فاروق ستار، ڈاکٹر معراج الہدیٰ ایم کیو ایم کے رہنماء اسلم مجاہد، رضا باقری، کلپنہ دیوی، قاضی زاہد حسین، پروفیسر خیال آفاقی، بشپ خادم بھٹو، شیخ صلاح الدین، پیر آغا فضل الرحمان مجددی، علامہ اعجاز مصطفی، مظہر محمود علوی، نعیم انصاری سمیت سیاسی، سماجی، علمی، ادبی شخصیات، اہل قلم، کالم نگار، شوبز سے تعلق رکھنے والی شخصیات سمیت علماء کرام، اسکالرز، یوتھ تنظیمات کے قائدین، مینارٹی اور خواتین نے بڑی تعداد میں تقریب میں شرکت کی۔

  • منہاج القرآن انٹرنیشنل کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا قرآنی انسائیکلوپیڈیا موجودہ صدی کی بلند پایا تحقیق اور عظیم علمی کاوش ہے جو شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی نصف صدی کے مطالعہ کا نچوڑ ہے۔ قرآنی انسائیکلوپیڈیا حقوق اللہ، حقوق العباد، عقائد ایمانیات، دین و دنیا، آخرت، قیامت کی حقیقت، قصص الانبیائ، کائنات کی حقیقت، تخلیقِ آدم، اخلاق و اقدار، حلال و حرام، اقلیتوں کے حقوق، حیوانات سمیت دنیا کے پانچ ہزار موضوعات پر مشتمل ہے۔ یہ صرف ہر گھر کی ضرورت ہی نہیں بلکہ زندگی کے تمام شعبوں میں رہنمائی کیلئے ہر ادارے کی بھی ضرورت ہے۔ قرآنی انسائیکلوپیڈیا نے تمام شعبہ ہائے زندگی، معاشی، اقتصادی، قانونی، سائنسی، دینی، مذہبی، جدید، قدیم مسائل کو آسان فہم اور ایک عام انسان کو قرآن کے قریب کردیا ہے۔
  • ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ قرآنی انسائیکلوپیڈیا لکھ کر گوگل کو مات دے دی ہے۔ اب ہر سوال کا جواب گوگل نہیں قرآنی انسائیکلوپیڈیا ہے۔ شیخ الاسلام کی تمام تصانیف نے زندگی کے ہر شعبہ کو احاطہ کیا ہے۔ آپ نے دین کی حقیقی، معتدل اور امن و سلامتی پر مبنی تعلیمات کے فروغ اور اسلام کا حقیقی چہرہ دنیا کے سامنے لانے کیلئے دنیا بھر کا سفر کیا اور دنیا پر ثابت کیا کہ اسلام امن محبت سلامتی کا دین ہے، اس کا دہشت گردی، انتہا پسندی اور تنگ نظری سے کوئی تعلق نہیں۔
  • جماعت اسلامی سندھ کے سابق امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ نے کہا شیخ الاسلام نے نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا میں علمی، تحقیقی، تعلیمی ادارے قائم کر کے نوجوان نسل کو لادینیت، انتہا پسندی اور بے راہ روی سے بچانے کا نا قابل فراموش کارنامہ سر انجام دیا۔ قرآنی انسائیکلوپیڈیا بھی اسی کا ایک تسلسل ہے۔
  • خانہ فرھنگ آف ایران کے ڈائریکٹر رضا باقی نے کہا قرآنی انسائیکلوپیڈیا اس صدی کی عظیم نعمت ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری جیسے اسکالرز کی خدمات دنیائے اسلام کیلئے مشعل راہ ہیں۔
  • حجتہ الاسلام صلاح الدین نے کہا شیخ الاسلام اتحاد بین المسالک کے عظیم ستارے ہیں۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے علمی کام کو دیکھ کر دنیا دنگ ہے۔ ایسی علمی، ادبی اور فکری شخصیت اللہ تعالیٰ خوش نصیب اقوام کو صدیوں بعد نعمت کی صورت میں عطا فرماتا ہے۔ شیخ الاسلام نہ صرف پاکستان بلکہ عالم اسلام کا فخر اور انہی نعمتوں کا تسلسل ہیں جو اللہ تعالیٰ نے عظیم اقوام کو عطا کیں۔
  • پروفیسر خیال آفاقی، پیر فضل الرحمان مجددی، علامہ اعجاز مصطفی نے کہا۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے علم، قلم، تقریر اور تحریر کے ذریعے نوجوانوں کو انتہا پسندی سے بچایا۔ ضرورت اس امر کی ہے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی کتب کو پاکستان کے نصاب میں شامل کیا جائے تاکہ آنے والا معاشرہ معتدل اور حقیقی روشن خیال ہو۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے قرآنی انسائیکلوپیڈیا کی صورت میں ملت اسلامیہ پر احسان کیا۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے اس تالیف کے ذریعے صدیوں کا قرض چکا دیا ہے۔

جڑانوالہ

تحریک منہاج القرآن جڑانوالہ کے زیراہتمام 24فروری 2019ء کو مقامی ہال میں قرآنی انسائیکلوپیڈیا کی تعارفی تقریب منعقد ہوئی، جس میں صدر منہاج القرآن ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر فیاض احمد وڑائچ، میجر (ر) عبد الرحمن رانا، مولانا محمد یحییٰ مدنی (جمعیت اہل حدیث)، ڈاکٹر سعید احمد (جماعت اسلامی)، سید طیب شاہ، میاں غلام دستگیر، علامہ ابو شمس احمد علی، تصدق حسین نقوی، فرحان عزیز، خلیل طاہر، سید محمد طیب حسین گیلانی، ڈاکٹر شفیق احمد اور مریم خلیل قادری بھی موجود تھے۔

منہاج القرآن انٹرنیشنل کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ منہاج القرآن قرآن پڑھنے، سمجھنے اور اس پر عمل کرنے کی تحریک ہے۔ نوجوانوں کی کردار سازی قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی بیداری شعور مہم کا مرکز و محور ہے۔ وہ قرآنی تعلیمات کے ذریعے نوجوانوں کو انتہا پسندی اور تکفیری مذموم پراپیگنڈہ سے بچا رہے ہیں۔ قرآنی انسائیکلوپیڈیا کی تالیف عصر حاضر میں خدمت قرآن کے ضمن میں ایک بڑی سعادت ہے۔

کوہاٹ

تحریک منہاج القرآن کوہاٹ کے زیراہتمام قرآنی اِنسائیکلوپیڈیا کی تعارفی تقریب 27 فروری 2019ء کو گریژن مارکی کوہاٹ میں منعقد ہوئی، جس میں صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسین محی الدی قادری نے خطاب کیا۔ تقریب رونمائی میں ضیاء اللہ بنگش، ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القران خرم نواز گنڈاپور اور مرکزی صدر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ عرفان یوسف بھی موجود تھے۔

ڈاکٹر حسین محی الدی قادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قرآن امن، محبت، ترقی، خوشحالی اور نجات کا راستہ ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا قرآنی انسائیکلوپیڈیا اسلام کی عظیم خدمت ہے۔ یہ عام آدمی کے لیے قرآن فہمی کا آسان ترین ذریعہ بھی ہے۔ شیخ الاسلام نے قرآنی انسائیکلوپیڈیا جیسی عظیم کتاب کی تصنیف کر کے متلاشیان علم کیلئے اس صدی کا احسان عظیم کیا ہے۔ قرآن فہمی میں انسانیت کی معراج ہے جبکہ قرآن گریزی میں زوال ہے۔ قرآن حکیم کو قیامت تک کیلئے انسا نیت کیلئے دستور حیات اور قانون فطرت قرار دیا ہے۔

اٹک

تحریک منہاج القرآن تحصیل فتح جنگ کے زیراہتمام منہاج القران و جملہ فورمز کیا ورکرز کنونشن منعقد ہوا، جس میں ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے خصوصی شرکت کی اور خطاب کیا۔ ورکرز کنونشن میں پیر قاسم علی شاہ، نائب ناظم اعلی تحریک منہاج القران رانا محمد ادریس، یاسر صادق ایڈووکیٹ اور تحصیل فتح جنگ کے قائدین و کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ آخر میں ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے مقامی قائدین و کارکنان کی تنظیمی امور میں اعلی کارکردگی پر شیلڈز بھی تقسیم کیں۔

  • تحریک منہاج القران اٹک کی تحصیل حضرو کے زیراہتمام گاوں پنجوانہ میں ورکرز کنونشن منعقد ہوا، جس میں صدر منہاج القران انٹرنیشنل ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے خطاب کیا۔ اس موقع پر مرکزی نائب ناظم اعلیٰ رانا محمد ادریس بھی آپ کے ساتھ تھے۔ یہاں مقامی تنظیم کے کارکنان نے کنونشن میں بھرپور شرکت کی۔

پنڈدادنخان (جہلم)

تحریک منہاج القرآن پنڈ دادنخان جہلم کے زیراہتمام شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی معرکۃ الآراء تالیف قرآنی اِنسائیکلوپیڈیا کی تعارفی تقریبِ 28 فروری 2019ء کو مقامی ہال میں منعقد ہوئی، جس میں صدر منہاج القران انٹرنیشنل ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے خصوصی شرکت کی۔ نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القران رانا محمد ادریس، سہیل رضا، مرکزی ناظم تربیت پروفیسر محمد سلیم قادری، مقامی علمائے کرام، سیاسی و سماجی شخصیات، وکلاء برادری، منہاج القرآن ویمن لیگ کی خواتین اور اہل علاقہ کی بڑی تعداد نے بھی تقریب رونمائی میں شرکت کی۔

ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے قرآنی انسائیکلوپیڈیا کی شکل میں امت کی علمی خدمت کی ہے، جو رہتی دنیا تک یاد رکھی جائے گی۔ منہاج القرآن نے علم کے کلچر کو فروغ دیا، قرآن فہمی میں منہاج القرآن اور شیخ الاسلام کا علمی کردار شرق سے غرب تک پھیل رہا ہے۔ یہ اللہ کا فضل اور کرم ہے کہ اس نے امت میں قرآن فہمی کے لیے تحریک منہاج القرآن کو منتخب کر لیا۔

پشاور

تحریک منہاج القرآن اور مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے زیراہتمام جامعہ پشاور میں قرآن اور سائنس کانفرنس منعقد ہوئی۔ وفاقی وزیر مذہبی امور ڈاکٹر نور الحق قادری مہمان خصوصی تھے۔ تحریک منہاج القرآن کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کانفرنس کی صدارت کی۔ ناظم اعلیٰ منہاج القرآن خرم نواز گنڈاپور، ایم ایس ایم کے مرکزی صدر چوہدری عرفان یوسف، آصف خان و دیگر نے بھی کانفرنس میں شرکت کی اور خطابات کئے۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر نورالحق قادری نے اپنے خطاب میں قرآنی انسائیکلوپیڈیا کو اسلام اور انسانیت کی عظیم خدمت قرار دیا۔

ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے اپنے خطاب میں کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری قرآن کی فکر کو عام کر رہے ہیں۔ قرآنی انسائیکلوپیڈیا کی تالیف اسی سوچ اور فکر کا نتیجہ ہے۔ منہاج القرآن قرآن کے بتائے ہوئے صراط مستقیم پر ہے اور ہماری خدمت دین کا مرکز و محور نوجوانوں کو قرآن سے جوڑنا ہے۔

علی پور سیداں (نارووال)

تحریک منہاج القرآن کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے علی پور سیداں (نارووال) میں حضرت پیر سید جماعت علی لاثانی شاہ رحمتہ اللہ علیہ کے دربار پر منعقدہ سالانہ عقیدہ ختمِ نبوت کانفرنس میں شرکت کی اور خصوصی خطاب کیا۔

کانفرنس کی صدارت سجادہ نشین دربار عالیہ حضرت صاحبزادہ سید مدثر حسین شاہ لاثانی سرکار نے کی۔ کانفرنس میں منہاج القرآن علماء کونسل کے ناظم میر آصف اکبر قادری، محترم ڈاکٹر خادم حسین خورشید الازہری، مفتی فاروق احمد خان، پیر سید ذاکر حسین شاہ جماعتی علی پور شریف، علامہ حافظ طاہر ضیاء صوبائی ناظم علماء کونسل اور دیگر ہزاروں حضرات نے شرکت کی۔ علماء مشائخ، اہل علاقہ اور مریدین و عقیدت مندوں کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔

صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دور بد ترین فتنوں کا ہے ایمان اور عقیدے پر حملے ہو رہے ہیں، اسلام کے دائمی دشمنوں کی نظریاتی دہشتگردی سے نئی نسل کو بچانا علمائے کرام، سکالرز، اساتذہ اور ریاست کی ذمہ داری ہے۔ اسلام کے دشمنوں نے امت مسلّمہ کو مسلمہ عقائد کے حوالے فکری انتشار میں مبتلا کرنے کیلئے ریسرچ سیل قائم کر رکھے ہیں، وہ قرآن و سنت کی غلط تشریح کے ذریعے مغالطے پیدا کر رہے ہیں اور اس کیلئے جدید ذرائع ابلاغ کواستعمال کر رہے ہیں۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹس ہوں، فیس بک پیجز ہوں، ٹویٹرز اکاؤنٹس ہوں، یو ٹیوب ہو، انسٹا گرام ہو، وٹس ایپ گروپس ہوں، ان کے ذریعے نئی نسل کو گمراہ کیا جاتا ہے۔ فی زمانہ علمائے کرام، سکالرز کی ذمہ داری ہے کہ وہ خود بھی منفی پراپیگنڈے کیلئے استعمال ہونیوالے ان ٹولز کے متعلق معلومات رکھیں اور پھر نوجوانوں کو بھی اپنے خطابات اور پیغامات کے ذریعے اس پراپیگنڈہ سے بچائیں۔

لاہور

تحریک منہاج القرآن لاہور پی پی 144 اور پی پی 145 اے کے زیراہتمام شیخ الاسلام کی معرکۃ الآراء تالیف قرآنی انسائیکلوپیڈیا کی تعارفی تقریب 6 مارچ 2019ء کو مقامی ہال میں منعقد ہوئی۔ تقریب کی صدرات پیر سید محی الدین محبوب کاظمی نے کی جبکہ تحریک منہاج القرآن کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے ایم ایل اے غلام محی الدین دیوان، اقبال اکادمی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر طاہر حمید تنولی، انجینئر نجم رفیق، نوراللہ صدیقی، راجہ زاہد محمود، امیر لاہور حافظ غلام فرید اور دیگر مہمانوں نے بھی شرکت کی۔

ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قرآنی انسائیکلوپیڈیا شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا وہ علمی کارنامہ ہے، جو پوری امت مسلمہ کے لیے قابل فخر ہے۔ دنیا میں جتنے بھی انسائیکلوپیڈیا لکھے گئے تو 10 سے 15 ماہرین علوم کے حامل لوگوں نے ملکر لکھے لیکن اللہ تعالیٰ نے یہ اعزاز شیخ الاسلام کو دیا کہ انہوں نے 25 ہزار موضوعات کا تن تنہا احاطہ کر کے قرآنی انسائیکلوپیڈیا مرتب کیا۔ قرآنی علوم اللہ تعالیٰ کا وہ عظیم انعام ہے، جو اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم کے بغیر ممکن نہیں۔ اللہ تعالیٰ نے یہ کام تحریک منہاج القرآن سے لیا، جس پر جتنا شکر ادا کیا جائے کم ہے۔

پروگرام میں پیر سید محی الدین محبوب کاظمی نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی علمی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اس صدی کے مجدد ہیں، ان کا علمی ورثہ قرآنی علوم کا یہ مجموعہ کوئی عام تالیف نہیں ہے۔ شیخ الاسلام کو اس عظیم کارنامے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

کلورکوٹ (بھکر)

تحریک منہاج القرآن کلور کوٹ، بھکر کے زیراہتمام شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے تالیف کردہ قرآنی انسائیکلوپیڈیا کی تعارفی تقریب 9 مارچ 2019ء کو منعقد ہوئی، جس کی صدارت تحریک منہاج القرآن کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کی اور خصوصی خطاب کیا۔ نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن رانا محمد ادریس بھی آپ کے ہمراہ تھے۔ اس تقریب میں مقامی سیاستدانوں، علمائے کرام، سیاسی و سماجی شخصیات، منہاج القرآن ویمن لیگ کی خواتین اور اہل علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منہاج القرآن اور قائد تحریک منہاج القرآن امت مسلمہ میں قرآنی فکر کو عام کرنے کی جدوجہد کر رہے ہیں۔ الحمدللہ اس جدوجہد نے اندرون بیرون ملک لاکھوں خواتین و حضرات اور نوجوانوں کے قلب و فکر میں انقلابی اثرات مرتب کئے ہیں۔

خوشاب

تحریک منہاج القرآن خوشاب کے زیراہتمام شیخ الاسلام کی تالیف قرآنی انسائیکلوپیڈیا کی تعارفی تقریب 10 مارچ 2019ء جوہرآباد میں مقامی ہال میں منعقد ہوئی، جس میں تحریک منہاج القرآن کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر سجادہ نشین آستانہ عالیہ پھپڑاہ شریف صاحبزادہ پیر محمد احسن مظہری مہمان خصوصی تھے۔ تقریب میں علماء، مشائخ، اسکالرز اور مختلف طبقہ ہائے فکر کی شخصیات نے بھی شرکت کی۔ کانفرنس میں مقامی تحریکی قیادت، دیگر مذہبی و سیاسی تنظیموں اور مقامی سماجی، صحافتی تنظیموں کے سنیئر رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔

ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الحمدللہ منہاج القرآن کی کوششوں سے مطالعہ قرآن و حدیث کے حوالے اسلاف کی علمی اقدار کو زندہ کیا جا رہا ہے اور اسکے ثمرات ظاہر ہونا شروع ہو گئے ہیں۔ قرآنی انسائیکلوپیڈیا نے مطالعہ قرآن کے ضمن میں غور و فکر کے نئے دروازے کھولے ہیں اور اس سے کلام اللہ کو سمجھنے میں مدد مل رہی ہے اور پڑھنے والے کیلئے اسے سمجھنے میں آسانیاں پیدا ہوئی ہیں۔

اللہ تعالیٰ نے تحریک منہاج القرآن اور شیخ الاسلام کو علم کی وراثت عطا کی ہے۔ آپ سب کا فرض ہے کہ اللہ تعالیٰ کی اس نعمتِ عظمیٰ کی قدر کریں۔ اہلیان منہاج القرآن کی شناخت علم ہو اور وہ جہاں بھی رہے تو اس شناخت کو قائم رکھے۔ علم کی وراثت زندہ رکھنے کے لیے قرآنی انسائیکلوپیڈیا کو ہی پڑھ لیں تو اللہ پاک آپ سب کو اتنا علم عطا کرے گا کہ آپ قرآنی علوم کو جان لیں گے۔ آج ہمیں علم دوستی اور قرآن سے دوستی کرنی ہو گی، اس میں ہماری دنیاوی و اخروی نجات کا راز پوشیدہ ہے۔