شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 70 ویں سالگرہ کی تقریبات پاکستان سمیت دنیا بھر میں منعقد کی گئیں۔ یہ تقریبات لاہور، کراچی، پشاور، کوئٹہ سمیت پاکستان کے تمام شہروں میں انفرادی و اجتماعی سطح پر منعقد ہوئیں۔ بیرون ممالک امریکہ، برطانیہ، سپین، ڈنمارک، ہالینڈ، ناروے، کینیڈا، آسٹریلیا اور ساؤتھ افریقہ سمیت مختلف ممالک میں بھی منہاج القرآن کے اسلامک سنٹرز میں خصوصی تقاریب منعقد ہوئیں جن میں ہر طبقہ فکر کی نمائندہ شخصیات نے شیخ الاسلام کی علمی، فکری اور تجدیدی کاوشوں اور خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔
ان تقریبات میں شریک مقررین نے ’’شیخ الاسلام: علم، تحقیق اور تجدید کا عہدِ بے مثال‘‘ کے عنوان سے دینِ اسلام کی سربلندی، اصلاحِ معاشرہ اور فروغِ علم کے لیے کی گئی شیخ الاسلام کی جملہ خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ ان تقریبات کا مقصد جہاں اللہ تعالیٰ کے حضور اظہارِ تشکر اور تجدیدِ عہد ہے وہاں تنظیمی سطح پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی صحت و سلامتی اور درازی عمر کے لیے خصوصی دعائیہ تقریبات کا اہتمام کرنا بھی ہوتا ہے۔
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 70 ویں سالگرہ کی مناسبت سے بھوانہ چنیوٹ، لالیاں، وزیرآباد، سیالکوٹ، فیصل آباد اور دیگر مقامات پر ’’سفیر امن کانفرنس‘‘، ’’شیخ الاسلام کانفرنس‘‘ اور ’’دانائے راز سیمینار‘‘ کے عنوانات کے تحت تقریبات منعقد ہوئیں۔ ان تقریبات میں چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے خصوصی شرکت کی اور شیخ الاسلام کی علمی، دینی و ملی اور عالمی خدمات کے موضوع پر خطابات ارشاد فرمائے۔ ان تقریبات میں محترمہ ڈاکٹر غزالہ حسن قادری، شیخ حماد مصطفیٰ المدنی القادری، انجینئر محمد رفیق نجم، راجہ زاہد محمود، اور دیگر مرکزی اور مقامی قائدین، علاقائی مذہبی، سیاسی و سماجی شخصیات سمیت ہزاروں مرد و خواتین نے خصوصی شرکت کی۔
صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے سندھ اور کراچی میں منعقدہ قائد ڈے تقریبات میں خصوصی شرکت کی اور خطابات فرمائے۔
ناظمِ اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور نے جنوبی پنجاب میں منعقدہ قائد ڈے تقریبات میں خصوصی شرکت کی اور خطابات کیے۔
نائب ناظم اعلیٰ رانا محمد ادریس، نائب ناظم اعلیٰ شاکر مزاری، صدر یوتھ لیگ مظہر محمود علوی، صدرMSM عرفان یوسف اور نظامتِ دعوت، تربیت اور علماء کونسل کے مرکزی عہدیداران نے ملک بھر میں اپنے فورمز کے تحت منعقدہ تقریبات میں خصوصی شرکت کی اور خطابات میں شیخ الاسلام کی علمی، فکری اور تحقیقی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی ہمہ جہتی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے تحفیظ القرآن انسٹی ٹیوٹ، آغوش کمپلیکس، گرلز کالج، MES، شریعہ کالج، ای لرننگ ڈیپارٹمنٹ، FMRi، انٹرنیٹ بیورو، منہاجینز فورم، مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ، یوتھ لیگ، علماء کونسل، منہاج القرآن ویمن لیگ، منہاج یونیورسٹی اور دیگر مرکزی شعبہ جات کے زیر اہتمام بھی تقریبات کا اہتمام کیا گیا جن میں ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، ڈاکٹر حسین محی الدین قادری، محترمہ ڈاکٹر غزالہ حسن قادری، نائب صدر بریگیڈیئر (ر) اقبال احمد خاں، ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈا پور، نائب ناظم اعلیٰ نوراللہ صدیقی، جواد حامد، جی ایم ملک اور جملہ مرکزی قائدین اور شعبہ جات کے سربراہان نے خصوصی سرکت کی۔
ان تمام تقریبات کی تفصیلات اور تصاویر کے لیے www.minhaj.org کا وزٹ کریں۔ ان صفحات پر صرف چند مرکزی تقریبات کے احوال نذرِ قارئین ہیں:
1۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 70ویں سالگرہ کی تقریبات کے سلسلہ میں منہاج یونیورسٹی لاہور میں 16 فروری کو بین المذاہب رواداری سیمینار کا انعقاد ہوا، جس میں منہاج یونیورسٹی لاہور کے ڈپٹی چیئرمین بورڈ آف گورنرز ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے خطاب کیا۔ یہ تقریب منہاج یونیورسٹی لاہور کے سکول آف ریلیجئس اینڈ فلاسفی نے منعقد کی تھی۔ ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منہاج القرآن دنیا بھر میں بین المذاہب ہم اہنگی اور رواداری کے فروغ میں بنیادی کردار ادا کر رہا ہے۔ شیخ الاسلام نے مذاہب کی تقسیم سے ہٹ کر انسانیت کے لیے خدمات سرانجام دی ہیں۔ آپ کی عالمی خدمات میں انسانیت کا پہلو نمایاں ہے۔
تقریب میں منہاج یونیورسٹی لاہور کے وائس چانسلر ڈاکٹر ساجد محمود شہزاد، ڈائریکٹر اکیڈمک ڈاکٹر خرم شہزاد، سکول آف ریلجیئس اینڈ فلاسفی کے ہیڈ ڈاکٹر ہرمن، منہاج القرآن انٹرفیتھ کے ڈائریکٹر سہیل احمد رضا، امریکا سے ڈاکٹر جوزف پال نائٹ، ریورنڈ جان ڈیوڈ، مائیکل شینن کرو، الیاس مسیحی، ڈاکٹر ایرینسٹ فاہیم، ٹائنی گے، آسٹریلیا سے تموتھی ایلن، پاسٹر انیل جون، پاسٹر سموئل اور دیگر معزز شخصیات نے بھی شرکت کی اور خطاب کرتے ہوئے شیخ الاسلام کی بین المذاہب رواداری کے حوالے سے خدمات کو سراہا۔
2۔ منہاج یونیورسٹی لاہور میں چیئرمین بورڈ آف گورنرز شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 70ویں سالگرہ پر 18 فروری کو فاؤنڈرز ڈے تقریب منعقد ہوئی، جس میں ڈپٹی چیئرمین بورڈ آف گورنرز ڈاکٹر حسین محی الدین قادری، چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسین محی الدین قادری، حماد مصطفیٰ قادری اور احمد مصطفیٰ المدنی نے خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں ممتاز صحافی و دانشور تجزیہ کار سہیل وڑائچ، سماجی رہنماء و گلوکار ابرار الحق، پیپلز پارٹی کے رہنماء بیرسٹر عامر حسن اور معروف کامیڈین ہنی البیلہ سمیت زندگی کے مختلف طبقہ ہائے فکر سے ممتاز شخصیات نے بھی شرکت کی۔اس موقع پر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے خطاب کیا اور شیخ الاسلام کی علمی، قومی، ملی، دینی اور قیامِ امن کے لیے عالمی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔
3۔ قائد ڈے کے سلسلہ میں مرکزی پروگرام بعنوان دعائیہ تقریب منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ پر منعقد ہوا۔ تقریب میں ویڈیو لنک کے ذریعے شیخ الاسلام نے خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر آپ نے خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ منہاج القرآن کی دعوت کا اولین مقصد تعلق باللہ اور تمسک بالقرآن ہے۔ آج بدقسمتی سے امت قرآن سے کٹ گئی ہے۔ قرآن مجید پڑھنا، سننا اور اس پر عمل کرتے ہوئے اپنی عملی زندگی سنوارنے میں دنیا و آخرت کی کامیابی ہے۔ اس لیے منہاج القرآن سے وابستہ ہر شخص قرآن کے ساتھ اپنا تعلق جوڑے۔ آج 70 ویں سالگرہ پر دنیا بھر میں تحریک منہاج القرآن کے کارکنان کو ایک خوبصورت تحفہ دے رہا ہوں۔ وہ تحفہ یہ ہے کہ ہر رفیق، کارکن اور منہاج القرآن سے وابستہ شخص روزانہ کم از کم 3 آیات سے ایک رکوع یا دو رکوع تک تلاوت مع ترجمہ کرنے کا دائمی معمول بنائے۔ ہر رفیق، جو اپنا حق رفاقت ادا کرنا چاہتا ہے اور میرے ساتھ محبت نبھانا چاہتا ہے تو مرتے دم تک اس معمول پر کاربند رہے۔
پروگرام کی صدارت زیب سجادہ دربار بابا فرید گنج شکر ؒ پیر احمد مسعود دیوان نے کی۔ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، ڈاکٹر حسین محی الدین قادری، حماد مصطفیٰ المدنی، احمد مصطفیٰ العربی، اسلامی جمہوریہ ایران کے ڈپٹی ایمبسیڈر آغا محمد سرخابی، سیکنڈ سیکرٹری ایمبسی ایران آغا سعید ناصری نے خصوصی شرکت کی۔
دعائیہ تقریب میں ڈائریکٹر FMRi محمد فاروق رانا نے قائد ڈے 2021ء کے موقع پر طبع ہونے والی نئی کتب کا تعارف پیش کیا۔ اس تقریب میں شیخ الاسلام کی ایک کتاب ’’حضور نبی اکرمaکا پیکر جمال‘‘ معروف کمپئیر صفدر علی محسن کی خوب صورت آواز میں آڈیو بک کی شکل میں لانچ بھی کی گئی۔
دعائیہ تقریب میں محفل قرأت میں ایران کے قاری حاج کریم منصوری نے نہایت خوبصورت لحن و آواز کے ساتھ تلاوت قرآن مجید کی۔ تقریب میں ملک پاکستان کے مشہور ثناء خواں صاحبزادہ تسلیم احمد صابری، حسان منہاج محمد افضل نوشاہی، شہزاد برادران، ظہیر بلالی برادران، امجد بلالی برادران اور دیگر نے نعت خوانی کی۔ محفل سماع میں قوال فیض علی فیضی و ہمنوا، آصف علی سنتو اور ہمنواؤں نے قوالیاں پیش کیں۔
4۔ 24 فروری کو منہاجینز فورم کے زیر اہتمام ’’شیخ الاسلام کی علمی خدمات‘‘ کے عنوان سے سیمینار منعقد ہوا جس میں ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے خصوصی شرکت کی اور خطاب فرمایا۔ اس تقریب میں ڈاکٹر شبیر احمد جامی، ڈاکٹر محمد اکرم رانا، ڈاکٹر نعیم انور نعمانی، TV اینکر پرسن احتشام امیر الدین، صوفیہ بیدار، خالد رانجھا، بیرسٹر عامر حسن نے بھی شیخ الاسلام کی علمی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔
5۔25 فروری کو تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ میں منہاج انٹرنیٹ بیورو کے زیراہتمام ’’شیخ الاسلام کا فروغِ اسلام میں جدید ذرائع سے استفادہ‘‘ کے عنوان سے تقریب منعقد ہوئی جس میں ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے خصوصی شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے فرمایا کہ مجدد کی یہ شان ہوتی ہے کہ وہ اپنے عصری تقاضوں کے مطابق تجدید و احیاء دین کا کام کرتا ہے۔ لوگوں کے ذہنوں کے گرد تنگ نظری، شدت پسندی اور نفرت کے دائروں کو توڑ کر سوچوں میں وسعت، رویوں میں اعتدال اور باہمی احترام اور برداشت کی فضاء قائم کرتا ہے۔ جب ہمارا مذہبی طبقہ جدید ٹیکنالوجی کو اپنانے سے گریزاں تھا تب شیخ الاسلام نے ان سے منفرد کام کرتے ہوئے اسلام کے آفاقی پیغام کی اشاعت و فروغ کیلئے ان سہولیات سے استفادہ کیا۔ شیخ الاسلام کی شخصیت کا ایک نمایاں پہلو یہ ہے کہ آپ نے ہر شعبہ زندگی کے حوالے سے کام کرتے ہوئے انفرادیت قائم رکھی۔ مجددِ عصر کو یہی زیبا ہے کہ وہ عصری تقاضوں سے ہم آہنگ ہوتا ہے۔
اس تقریب سے نائب ناظم اعلیٰ میڈیا افیئرز نوراللہ صدیقی، منہاج انٹرنیٹ بیورو کے ڈائریکٹر عبدالستار منہاجین اور آئی ٹی منیجر محمد ثناء اللہ نے بھی اظہار خیال کیا۔
6۔ آغوش کمپلیکس کراچی کے زیراہتمام شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 70ویں سالگرہ کی مناسبت سے 27 فروری کو تقریب منعقد ہوئی جس میں صدر تحریک منہاج القرآن اور چیئرمین آغوش آرفن کیئر ہومز ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے شرکت کی اور خطاب بھی کیا۔ تقریب میں ڈائریکٹر آغوش کمپلیکس کراچی مسعود عثمانی، زاہد لطیف، طیب مدنی، زاہد راجپوت، علامہ زاہد خان، مفتی مکرم قادری، آغوش کراچی کی انتظامیہ، پاکستان عوامی تحریک، تحریک منہاج القرآن سمیت اہم سماجی اور تعلیمی شخصیات بھی موجود تھیں۔
7۔ منہاج یوتھ لیگ کراچی کے زیراہتمام 28 فروری 2021ء کو شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 70 ویں سالگرہ کی مناسبت سے علم، تحقیق اور تجدید کا عہدِ بے مثال کے عنوان سے کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت منہاج القرآن انٹرنیشنل کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کی اور خصوصی خطاب فرمایا۔ کانفرنس میں منہاج یوتھ لیگ کے مرکزی صدر مظہر محمود علوی، پیر سید احمد کمال شاہ، سید جعفر حسین شاہ، پروفیسر ڈاکٹر مجید صدیقی، ڈاکٹر شجاعت مبارک، حاجی محمد انور میمن، مفتی مکرم خان قادری، مرزا جنید، مسعود عثمانی، زاہد لطیف، علی وقار قادری، ڈان نیوز کے اینکر شاہ زیب، پی ٹی آئی کے رہنما اسرار عباسی، مسیحی برادری کے راہنما اور تحریک منہاج القرآن و جملہ فورمز کراچی کے ذمہ داران و کارکنان اور عوام الناس کی بڑی تعداد شریک تھی۔ مقررین نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کو علمی، دینی و ملی خدمات پر آپ کو خراج تحسین پیش کیا۔
8۔ 27 فروری کو چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے منہاج القرآن علماء کونسل لاہور کے زیراہتمام منعقدہ ’’اتحاد امت و شیخ الاسلام کانفرنس‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تحریک منہاج القرآن نے انتہاء پسندی کے خاتمے کیلئے گرانقدر علمی، تحقیقی خدمات انجام دیں، اور فکری اعتبار سے منتشر امت کو قرآن و سنت کی تعلیمات کی روشنی میں متحد کرنے کیلئے ہمیشہ عملی کاوشیں کی ہیں۔ عقائد اسلامیہ کا تحفظ، علم و تحقیق اور اتحاد امت منہاج القرآن کی شناخت ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے 21 ویں صدی میں تکفیریت کو قرآن و سنت کی تعلیمات کی روشنی میں جڑ سے کاٹ کر نسلوں کے ایمان و عقائد کی حفاظت کی۔ شیخ الاسلام فی زمانہ فکر احناف کی سب سے معتبر اور توانا علمی آواز ہیں۔ ڈاکٹر طاہرالقادری کی اتحاد امت کے لیے کاوشیں تاریخ کا ایک سنہرا باب ہیں، ان کی سینکڑوں تصانیف بین المسالک ہم آہنگی کے فروغ کا ذریعہ ہیں۔
اتحاد امت کانفرنس سے امیر متحدہ جمیعت اہل حدیث علامہ سید ضیاء اللہ شاہ بخاری، پیر سید محی الدین محبوب قادری سجادہ نشین حویلیاں شریف، پیر خواجہ اسرار الحق چشتی نظامی، پیر اطہر عباس وارثی قادری، مفتی محمد شبیر انجم، علامہ قاضی عبد الغفار قادری، علامہ میر محمد آصف اکبر قادری ناظم اعلیٰ نظام المدارس پاکستان سمیت رہنماؤں نے خطاب کیا۔
9۔ یکم مارچ کو ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے فرید ملت ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے زیراہتمام قائد ڈے کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا فی زمانہ منہاج القرآن نوجوانوں کی تعلیم اور اخلاقی تربیت کی سب سے بڑی اور بین الاقوامی اصلاحی تحریک ہے۔ منہاج القرآن نے امت مسلمہ کو تعلیم و تربیت کے مثالی ادارے دیے۔ منہاج القرآن علم و تحقیق اور بیداریٔ شعور کی تحریک ہے۔ شیخ الاسلام نے علم کے فروغ، عقائد صحیحہ کی ترویج و اشاعت اور متشدد رویوں کی بیخ کنی کے لیے 1000 سے زائد کتب تحریر و تالیف کیں، جن میں سے 600 سے زائد کتب شائع ہو چکی ہیں، یہ کتب اہل علم، لیکچررز، پروفیسرز، متلاشیان حق، اساتذہ، ریسرچرز اور طلبہ و طالبات کی علمی تحقیقی راہنمائی کا ذریعہ ہیں۔
اس تقریب میں ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈا پور نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا اور ڈائریکٹر FMRi محمد فاروق رانا نے فرید ملت ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے بارے میں بریفنگ دی۔
10۔ تحریک منہاج القرآن کے شعبہ ریسورسز اینڈ ڈویلپمنٹ کے زیراہتمام قائد ڈے کی باوقار تقریب منعقد ہوئی جس میں ملک کے معروف تاجروں، صنعتکاروں اور کاروباری شخصیات نے خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں ڈاکٹر حسن محی الدین قادری اور شیخ حماد مصطفیٰ المدنی القادری نے خصوصی شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے وسائل مہیا کرنا اللہ اور اس کے رسولa کے نزدیک ایک بہترین عمل ہے۔دین اسلام انسانیت کے ساتھ پیار و محبت کا درس دیتا ہے۔ دین اسلام نے خدمت انسانیت کو بہترین اخلاق اور عظیم عبادت قرار دیا ہے۔
ڈائریکٹر ریسورسز اینڈ ڈویلپمنٹ محمد شاہد لطیف نے تاجروں، صنعتکاروں، تنظیمات کے ذمہ دارن اور شرکائے تقریب کو منہاج القرآن سیکرٹریٹ میں خوش آمدید کہا اور منہاج القرآن تعلیمی، فلاحی منصوبہ جات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ تقریب سے چیئرمین ریسورسز اینڈ ڈویلپمنٹ حاجی محمد امین القادری اور وائس چیئرمین ریسورسز اینڈ ڈویلپمنٹ رانا محمد شکیل نے بھی خصوصی خطاب کیا۔ اس موقع پر شعبہ ریسورسز اینڈ ڈویلپمنٹ کی طرف سے انسانی خدمت کے شعبہ میں مثالی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے تاجروں، صنعتکاروں، بزنس کمیونٹی کے افراد اور وابستگان کو ایوارڈزدئیے گئے، ان شخصیات میں معروف تاجر و صنعتکار رہنماؤں سیٹھ افتخار، حاجی محمد سلیم بٹ قادری، سجاد خان، کامران مغل، محمد علی، حافظ بشیر احمد جنجوعہ، افضال شاہد، حاجی شیخ محمد حنیف، شیخ شوکت علی، شیخ اویس طاہر، احمد بلال، طلعت صمیم، محمد رزاق، محمد شفیق، طارق محمود، خالد محمود و دیگر شامل ہیں۔ شعبہ ریسورسز اینڈ ڈویلپمنٹ کے عہدیداران نصر اللہ خان، ملک شمیم نمبردار، آصف سلہریا ایڈووکیٹ، چوہدری افضل گجر و دیگر بھی تقریب میں موجود تھے۔