16 شوال المکرم اس عظیم المرتبت، یکتائے روزگار ہستی کا یوم وصال ہے جن کی دعا کے اثرو نور سے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اور تحریک منہاج القرآن کا فیض آج چہار دانگ عالم میں بٹ رہا ہے۔ انہی کی تعلیم و تربیت اور روحانی و عرفانی فیض کا چشمہ شیخ الاسلام مدظلہ کی صورت میں پھُوٹا ہے۔ میری مراد محسنِ ملت فرید ملت ڈاکٹر فریدالدین قادری رحمۃ اللہ علیہ سے ہے جن کے لخت جگر کو آج دنیا شیخ الاسلام، مجدد رواں صدی، سفیر امن، قائد انقلاب مصطفوی ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے نام سے جانتی ہے۔
حسبِ سابق اس سال بھی 16 شوال المکرم بمطابق یکم جولائی 18ء کو جھنگ کی سرزمین پر فرید ملت رحمۃ اللہ علیہ کے مزار پُر انوار سے ملحقہ دارالعلوم فریدیہ قادریہ بستی صالح شاہ میں 45 واں عظیم الشان عرس مبارک منعقد ہوا۔ اس تقریب میں مرکزی قائدین سمیت لاہور، ملتان، خانیوال، ڈی آئی خان، شیخوپورہ، سرگودھا، للہ شریف، جہلم، راولپنڈی، جھنگ، فیصل آباد، گوجرہ، ٹوبہ، لالیاں اور دیگر کئی شہروں سے کثیر تعداد میں وابستگان تحریک اور تشنگان فیض فرید ملت رحمۃ اللہ علیہ نے بھرپور شرکت کی اور فیضیاب ہوئے۔
عرس مبارک کی تقریبات کا آغاز نماز فجر کے بعد قرآن خوانی سے ہوا۔ سارا دن محبین و متوسلین فیضانِ فرید کے جام پیتے رہے۔ بعد نماز ظہر قبر مبارک کو عرقِ گلاب سے غسل دیا گیا۔ بعد از نماز عصر محترم جواد حامد کی قیادت میں تشریف لانے والے مرکزی قائدین تحریک منہاج القرآن، متولی دربار فرید ملت رحمۃ اللہ علیہ اور مختلف شہروں سے آنے والے عقیدتمندوں کی معیت میں چادر پوشی کی گئی۔
عشاء کے نماز کے بعد محفل ذکر و نعت کا آغاز ہوا جس میں تلاوت کی سعادت عالمی شہرت یافتہ محترم قاری نور محمد چشتی نے حاصل کی جبکہ محترم شکیل احمد طاہر، منہاج نعت کونسل لاہور اور الحاج محترم شہباز قمر فریدی نے بارگاہ سرور کونین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں گلہائے عقیدت پیش کئے۔ شہزاد برادران نے آخر پر قوالی کی صورت میں خوبصورت انداز میں بارگاہِ رسالتِ مآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ، بارگاہِ اہلِ بیتِ اطہار و غوثیتِ مآب اور فریدِ ملت رحمۃ اللہ علیہ میں ہدیہ عقیدت و محبت پیش کیا۔
مرکزی ناظم دعوت تحریک منہاج القرآن محترم علامہ جمیل احمد زاہد نے قرآن و حدیث کی روشنی میں فیضانِ اولیاء اور فرید ملت رحمۃ اللہ علیہ کی زندگی کے مختلف گوشوں کو احسن انداز میں اجاگر کیا۔
پروگرام کے اختتام پر دارالعلوم ھذا سے حفظ مکمل کرنے والے حفاظ و حافظات کی تقریب تقسیم اسناد ہوئی۔
مسندِ صدارت پر متمکن متولی دربار فرید ملت رحمۃ اللہ علیہ محترم صاحبزادہ الحاج محمد صبغت اللہ قادری نے بے شمار کلام پاک، درود پاک اور کلمات طیبات حضور علیہ السلام کی وساطت سے حضور فرید ملت رحمۃ اللہ علیہ اور تمام امت مسلمہ کی بارگاہ میں پیش کئے اور سب کے لیے خصوصی دعا فرمائی۔