نوجوان طبقہ کسی بھی ملک و قوم کے لئے قیمتی سرمایہ بن سکتا ہے اگر اس کی صحیح سمت رہنمائی کرتے ہوئے اس کی صلاحیتوں کو نکھار کر انہیں بامقصد راہ پر گامزن کردیا جائے وگرنہ یہی طبقہ معاشرے کے لئے نہ صرف عضو معطل بن کے رہ جاتا ہے بلکہ افراد معاشرہ کے اذیت اور تکلیف کا باعث بنتے ہوئے بوجھ بن جاتا ہے۔
منہاج یوتھ لیگ دور حاضر میں نوجوانوں کی وہ واحد سب سے بڑی نمائندہ تنظیم ہے جو نوجوانوں کی کردار سازی، تعمیر شخصیت اور انکے ہمہ جہت پہلوؤں کی فلاح و بہبود کے لیے کوشاں ہے ، نوجوانوں کی ہمہ جہت رہنمائی اور تربیت کے لئے مرکزی سطح پر مختلف کونسلز، شعبے (Departments) بنائے گئے ہیں جن میں ایک ٹریننگ کونسل ہے جس کے سربراہ نائب صدر منھاج یوتھ لیگ محترم ہارون ثانی ہیں اور محترم اسماعیل انعام سیکرٹری ٹریننگ منھاج یوتھ لیگ جبکہ محترم رائے ساجد، محترم عمر قریشی اور محترم شہزاد خان بھی انکی ٹیم کا حصہ ہیں۔
حالیہ شہر اعتکاف 2018ء میں منھاج یوتھ لیگ کی اسی ٹریننگ کونسل کے زیر اہتمام شہر اعتکاف میں آئے نوجوانوں کے لیئے 6 روزہ تربیتی ورکشاپ بعنوان "جوانوں کو پیروں کا استاد کر" کا انعقاد کیا گیا جس میں مرکزی خیال یہ رہا کہ منھاج یوتھ لیگ اس ورکنگ سال میں نوجوانوں کو اس وژن اور نعرے کے ساتھ " جوانوں کو پیروں کا استاد کر "متحرک کرے گی۔ اس لیے کہ نوجوان ہی امید کی کرن ہیں اور نوجوان قیادت ہی ملک و قوم کی تقدیر بدل سکتی ہے مزید یہ کہ منھاج یوتھ لیگ نوجوان طبقہ میں نئی روح بیدار کرتے ہوئے انہیں اقبال کا شاہین بنا کر ہر میدان زندگی آگے لانے کی بھرپور کوشش کرے گی۔
’’جوانوں کو پیروں کا استاد کر‘‘ کے عنوان سے اس تربیتی ورکشاپ میں بالخصوص محترم اسماعیل انعام نے اپنے مخصوص انداز میں بہت اچھے طریقے سے اس پیغام کو نوجوانوں تک پہنچایا۔ ان سیشنز میں بھر پور معاونت محترم عصمت علی مرکزی نائب صدر منھاج یوتھ لیگ اور محترم انعام مصطفوی مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل منھاج یوتھ لیگ کی رہی جبکہ یہ کیمپ محترم منصور اعوان مرکزی سیکرٹری جنرل منھاج یوتھ لیگ کی زیر نگرانی منعقد ہوا۔ آخری روز مرکزی صدر منہاج یوتھ لیگ نے ’’جوانوں کو پیروں کا اُستاد کر‘‘ پر خصوصی گفتگو کر کے جوانوں کو اس دعوتی مہم کے لیے تیار کیا۔
اس تربیتی کیمپ کی اختتامی تقریب میں ناظم اعلیٰ منہاج القرآن انٹرنیشنل محترم خرم نواز گنڈاپور صاحب بطور مہمان خصوصی تشریف لائے اور نوجوانوں کو فکر اقبال کی روشنی میں بڑا پر تاثیر اور فکر انگیز پیغام دیا اور آخر میں شرکاء ورکشاپ کو ناظم اعلیٰ صاحب کے ہاتھوں سرٹیفکیٹس بھی دئیے گئے۔
اسی کیمپ میں ایک دن محترم فرخ شہزاد مرکزی کوآرڈینیٹر منھاج سائبر ایکٹیوسسٹ بھی تشریف لائے جنہوں نے دور حاضر میں سوشل میڈیا کی اہمیت اور بالخصوص Twitter کی اہمیت پہ بڑی سیر حاصل گفتگو کی جو نوجوانوں کے لئے بڑی اہمیت کی حامل تھی۔
اس چھے روزہ تربیتی کیمپ میں مرکزی قائدین منھاج یوتھ لیگ بھی تشریف لائے اور نوجوانوں کی رہنمائی فرمائی۔ اس تربیتی کیمپ کے انعقاد پر محترم ہارون ثانی اور ان کی پوری ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے کہ جنہوں نے اس کامیاب ترین چھ روزہ تربیتی کیمپ کے انعقاد میں اہم کردار ادا کیا۔