انٹرفیتھ ریلیشنز منہاج القرآن انٹرنیشنل، ریمڈی فاؤنڈیشن اور ساؤتھ فاؤنڈیشن کے باہمی اشتراک سے کیتھولک سیکرڈ ہارٹ کیتھڈرل چرچ ریگل چوک لاہور میں بین المذاہب امن دعائیہ تقریب اور جشن عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے عنوان سے ڈائریکٹر کیتھولک سیکرڈ ہارٹ چرچ کی زیرنگرانی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب کا آغاز حافظ غلام مصطفی نے تلاوت قرآن مجید اور فادر جوزف ڈینیل نے بائبل مقدس کی تلاوت سے کیا۔ بعد ازاں ظہیر بلالی برادران (منہاج نعت کونسل) نے تاجدار کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں گلہائے عقیدت نچھاور کیے۔ استقبالیہ کلمات کاشف نواب ڈائریکٹر ساؤتھ فاؤنڈیشن نے ادا کیے۔ بعد ازاں بین المذاہب دعائیہ تقریب میں ہندو مذہب کے رہنما پنڈت بھگت لال، مسیحی رہنما فادر جیمز چنن، یوسف بجنوری بہائی فیتھ اور علامہ غلام مرتضی علوی نے وطن عزیز کی سلامتی، امن و ترقی، دہشت گردی کے خاتمے، انتہا پسندی کی روک تھام اور مذاہب عالم کے مابین برداشت، محبت، اخوت اور انسانی عظمت کے فروغ کے لیے دعا کی۔
محترم ڈاکٹر جیمز چنن ڈائریکٹر پیس سنٹر لاہور نے تمام مسلمانوں کو پیغمبر اسلام کے یوم ولادت کی مبارکباد دی۔ ویٹی کن سٹی کیتھولک مرکز کی 1962ء میں مسیحوں کے روحانی پیشوا کی طرف سے عالمی امن و محبت اور مذاہب کے مابین روابط کی پالیسی کے اعلان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اہل اسلام کے ساتھ مذہبی ہم آہنگی، نماز، روزہ اور زکوۃ کے تصور کو قدر مشترک ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے ہمیشہ وطن عزیز میں بسنے والے غیر مسلموں کے حقوق کے لیے جرات کے ساتھ ان کے حقوق کا دفاع کیا ہے۔
اس موقع پر محترم ڈاکٹر رحیق عباسی صدر پاکستان عوامی تحریک نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کے پلیٹ فارم سے امن کے پیغام کو بڑے مؤثر انداز میں پھیلایا جا رہا ہے۔ دین اسلام میں تنگ نظری کا کوئی تصور نہیں ہے۔ مسلمان کی شان یہ ہے کہ اس کے لئے تمام انبیاء سابقین اور کتب پر ایمان لانا ضروری ہے۔
مرکزی امیر تحریک منہاج القرآن محترم صاحبزادہ فیض الرحمن درانی نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ میں کیتھولک چرچ انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے جشن عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے سلسلہ میں یہ پروقار تقریب منعقد کی۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے 1998ء میں مسلم کرسچین ڈائیلاگ فورم کی بنیاد رکھ کر دونوں عالمی مذاہب کے مابین روابط کو بہتر بنانے اور مکالمہ کا آغاز کیا۔ علاوہ ازیں ہمارے مرکز پر ہر سال کرسمس کی تقریب کا انعقاد اس مسلم مسیحی دوستی کا واضح ثبوت ہے۔بین المذاہب ہم آہنگی ہی سے تحمل و برداشت کے رویے پروان چڑھیں گے اور دہشت گردی وانتہا پسندی سے نجات ممکن ہے۔ پروگرام کے اختتام پر منہاج نعت کونسل نے تاجدار کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے حضور درود و سلام پیش کیا اور مرکزی امیر تحریک محترم صاحبزادہ فیض الرحمن درانی نے ملک و قوم کی سلامتی کے لیے خصوصی دعا کی۔ بعد ازاں جشن عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا کیک کاٹا گیا۔
اس تقریب میں سماجی رہنما محترمہ سیدہ دیپ، ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان کی ڈائریکٹر محترمہ لبنی منصور، ریمڈی فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر محترم آغا باقر حسین، محترم صدیق جان، اقلیتی امور کے پارلیمانی سیکرٹری پنجاب اسمبلی محترم طارق مسیح گل، محترم ایم پی اے یوئیل بھٹی، محترم جی ایم ملک (ڈائریکٹر امور خارجہ تحریک)، محترم سہیل احمد رضا ڈائریکٹر انٹرفیتھ ریلیشنزمنہاج القرآن انٹرنیشنل، ڈائریکٹر سیکرڈ ہارٹ کیتھڈرل چرچ محترم ریورنڈ فادر جوزف شہزاد نے آرچ بشپ سبسٹین فرانسس شاہ، بشپ آف لاہور کی نمائندگی کرتے ہوئے خصوصی شرکت کی۔