منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے سرپرست اعلیٰ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی ہدایت پر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نے متاثرین سوات و مالاکنڈ کے لیے امدادی سرگرمیوں کا آغاز 12مئی سے کیا۔ تنظیمات کو ٹارگٹس دیئے گئے اور فنڈ ریزنگ کے لئے جھولی پھیلاؤ مہم، امدادی کارواں اور امدادی کیمپ پر مشتمل لائحہ عمل کا آغاز کیا گیا۔ لاہور میں متاثرین سوات کی بحالی کے لئے 38 اور منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیر اہتمام 9 کیمپس لگائے گئے۔ ان امدادی سرگرمیوں کے نتیجے میں حاصل ہونے والا یہ امدادی سامان 23 مئی کو صبح محترم امیر تحریک کی دعا کے ساتھ مرکزی قائدین محترم شیخ زاہد فیاض، محترم ڈاکٹر شاہد محمود، محترم احمد نواز انجم، محترم شفیق الرحمن، محترم بلال مصطفوی، محترم جواد حامد، محترم چوہدری ظہیر عباس گجر، محترم تنویر اعظم سندھو، محترم عاقل ملک، محترم فرحت حسین شاہ، محترم ساجد ندیم گوندل، محترم امجد جٹ، محترم میاں طاہر یعقوب، محترم میاں افتخار، محترم حفیظ چوہدری اور محترم شفیق الرحمن کی قیادت میں مرکز سے روانہ ہوا۔ مال روڈ پر محترم حمیدالدین مشرقی، محترم احسان وائیں اور دیگر تنظیمات کے قائدین کے ہمراہ گورنر پنجاب محترم سلمان تاثیر نے قافلہ کو روانہ کیا۔
مریدکے، کامونکی، گوجرانوالہ، وزیرآباد، گجرات، لالہ موسیٰ، کھاریاں، سرائے عالمگیر، جہلم، دینہ، گوجر خان، اور اسلام آباد میں منہاج القرآن کی تنظیمات نے مرکزی قافلہ کو خوش آمدید کہا اور اپنے اپنے اضلاع و تحصیلوں کی طرف سے متاثرین سوات و مالا کنڈ ڈویژن کے لئے امدادی سامان پر مشتمل ٹرک، مرکزی قافلہ میں شامل کئے۔
منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نے متاثرین سوات و مالا کنڈ ڈویژن کے لئے اب تک دو خیمہ بستیاں، 25 رہائشی یونٹس، ایمبولینس سروس، منہاج ویلفیئر ہسپتال، ہر کیمپ میں منہاج فری کلینک، منہاج فری ڈسپنسری ہومیو پیتھک، واٹر انسٹالیشن کے ذریعے ہینڈ پمپس، موٹر پمپ اور ضروریات زندگی کی ہر شے مہیا کی گئی ہے جس کی تفصیل درج ذیل ہے :
منہاج خیمہ بستی مردان
یہ خیمہ بستی نوشہرہ روڈ بہرام خان کلے جامعہ قادریہ نزد شیخ ملتون (مردان) میں قائم ہے۔ اس بستی میں خیموں کے علاوہ جامعہ قادریہ میں رہائشی یونٹس بھی موجود ہیں۔ اس خیمہ بستی میں محترم ڈاکٹر طارق محمود کی زیر نگرانی منہاج فری کلینک اور محترم ڈاکٹر حسن کی زیر نگرانی منہاج ہومیو پیتھک ڈسپنسری بھی قائم کی گئی ہے۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی15رکنی ٹیم 24گھنٹے خدمت میں مصروف عمل ہے۔ اس خیمہ بستی میں مردوں اور عورتوں کے لئے الگ الگ بیت الخلاء، پانی کی ٹینکیاں، ہر خیمے میں بجلی کا کنکشن، انرجی سیور، بجلی کے پنکھے، عمدہ سیورج سسٹم، پانی کی فراہمی کے لئے ہینڈ پمپس، موٹر پمپ، سیکورٹی اور ضروریات زندگی کی تمام سہولتیں اور اشیاء فراہم کی گئی ہیں۔
علاوہ ازیں منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ سب سے پہلے منہاج سکول کا قیام بھی یہاں پر عمل میں لایا گیا جس میں بچوں کو کتابیں، کاپیاں، پین، اسکول بیگ اور یونیفارم فراہم کی گئی ہیں۔ نیز رہائشی یونٹس میں بھی منہاج اسکولز قائم کیے جا رہے ہیں۔ خواتین اور مردوں کی تعلیم و تربیت کے لیے درس قرآن و حدیث کا بھی خصوصی اہتمام ہے۔
خیمہ بستی کے مکینوں میں معاشرے کا مثبت شہری بننے اور اپنا مثبت کردار ادا کرنے کے لئے شعور کی بیداری کے لئے بھی مختلف پروگرامز کا انعقاد جاری و ساری ہے۔
منہاج رہائشی یونٹس کا قیام :
رہائشی یونٹس سے مراد تین یا چار کمروں میں مقیم خاندانوں کی کفالت ہے۔ ان کے لیے بھی تعلیم اور صحت کا اہتما م ہے۔ اب تک 25 رہائشی یونٹس میں200 سے زائد خاندان آباد ہیں جن کو خوراک اور ضروریات زندگی کی تمام اشیاء فراہم کی جا رہی ہیں۔ یہ رہائشی یونٹس، سخا کوٹ۔ مالاکنڈ روڈ درگئی، چمڈھری، خطاب قلعے رشکئی، رسیال پور ڈیرے، گڑھی کپورہ محلہ اسماعیل زئی، اسلام گل کورونہ میاں عیسیٰ لوند خوڑ، خانقاہ قادریہ غوثیہ خنجر شریف، نوشہرہ اور حاجی کریم قلعے ساڑو شاہ تخت بائی میں واقع ہیں۔
منہاج خیمہ بستی مالا کنڈ روڈ سری بالول :
اس خیمہ بستی میں بھی خیموں کے علاوہ رہائشی یونٹس قائم ہیں۔ جن کے مکینوں کو اشیائے ضروریہ اور تمام سہولتیں پہنچائی جا رہی ہیں۔ اس خیمہ بستی میں بھی خیموں کے ساتھ ساتھ رہائشی یونٹس قائم ہیں۔ اس بستی میں منہاج ویلفیئر ہسپتال بھی قائم ہے جہاں چار ڈاکٹر اور ایک لیڈی ڈاکٹر خدمت میں مصروف ہیں۔ چار عدد منہاج ایمبولینسز بھی کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لیے یہاں موجود ہیں۔
منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے سرپرست اعلیٰ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے MWF کو یہ ہدایت کی ہے کہ یہ فلاحی سرگرمیاں اس وقت تک جاری رکھنی ہیں جب تک ہمارے متاثرہ بھائی باعزت طریقے سے اپنے گھروں کو لوٹ نہیں جاتے۔
اب تک تمام وسائل MWF، تحریک منہاج القرآن اور اس کی جملہ ذیلی تنظیمات نے خود حاصل کیے ہیں اور منہاج القرآن کے رفقاء اور ممبران نے اس میں حصہ لیا ہے اور لے رہے ہیں۔ ان خیمہ بستیوں میں نمایاں خدمات سرانجام دینے والے احباب میں محترم مشتاق سہروردی، محترم ضیاء الرحمن خان اور محترم ڈاکٹر طارق محمود شامل ہیں۔ مرکز سے بھی محترم ڈاکٹر شاہد محمود، محترم بلال مصطفوی، محترم جواد حامد، محترم ملک شمیم احمد خان، محترم میاں افتخار احمد، محترم حاجی الیاس قادری، محترم عبدالحفیظ چوہدری، محترم شفیق الرحمن سعد، تحریک منہاج القرآن کے تمام فورمز منہاج القرآن ویمن لیگ، یوتھ لیگ، MSM، علماء کونسل اور تمام رفقاء و اراکین اپنی بہترین کوششوں کو بروئے کار لاتے ہوئے تمام اشیاء بڑی تعداد میں خیمہ بستیوں میں پہنچارہے ہیں۔
نوشہرہ (رپورٹ : ساجد علی نیازی)
منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن (نوشہرہ) حالیہ عرصہ میں متاثرین سوات، بونیر، مالا کنڈ اور دیر کے لئے تحریک منہاج القرآن کراچی اور میمن کمیٹی کے تعاون سے 40 لاکھ سے زائد مالیت کا امدادی سامان پنکھوں، چٹائیوں، واٹر کولرز، راشن، کپڑوں اور نقدی کی صورت متاثرین میں تقسیم کر چکی ہے جبکہ نوشہرہ اور گردونواح میں 50 سے زائد منہاج رہائشی یونٹس کو راشن، فری میڈیکل چیک اپ اور ادویات کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ ان رہائشی یونٹس میں مقیم 3000 سے زائد خاندانوں کی خدمت اور امداد کے لئے منہاج موبائل ٹیمیں، منہاج ایمبولینسز دن رات مصروف عمل ہیں۔ تحریک منہاج القرآن نوشہرہ کے صدر خواجہ محمد اشرف کی نگرانی میں متاثرہ علاقوں سے آئے ہوئے IDP's کے لئے روزانہ ایک لاکھ سے زائد کی مالیت کا سامان تقسیم کیا جا رہا ہے۔ علاوہ ازیں متاثرین میں جوانوں کی دلچسپی کے لئے منہاج کرکٹ کلب اور منہاج فٹ بال کلب قائم کئے گئے ہیں۔ متاثرین کی بحالی میں بڑھ چڑھ کر اہم کردار ادا کرنے پر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن (نوشہرہ) کی پوری ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے جن میں ناظم TMQ محمد طارق نقشبندی، خطیب محمد اسلم بلوچ (ناظم ویلفیئر)، ڈاکٹر محمدیوسف (ناظم مالیات)، محمد طارق (میڈیا کوآرڈینیٹر)، حذب اللہ شامل ہیں۔ تحریک منہاج القرآن نوشہرہ نے عزم کیا ہے ان شاء اللہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی سرپرستی اور ہدایات کی روشنی میں تمام متاثرین کی واپسی تک خدمت خلق کا یہ فریضہ اسی جذبے کے ساتھ جاری رہے گا۔