جرمنی: (رپورٹ: ایم اے مرزا)
گذشتہ ماہ منہاج القرآن انٹرنیشنل فرینکفرٹ ( جرمنی) کی مجلس شوریٰ کا اجلاس منعقد ہوا جس کی صدار ت منہاج یورپین کونسل کے امیر علامہ حسن میر قادری، صدر اعجاز احمد وڑائچ اور جنرل سیکرٹری محمد بلال اپل نے کی۔ اجلاس کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت علامہ شوکت احمد اعوان نے حاصل کی جبکہ قاری فیض احمد نے انتہائی پر سوز انداز میں آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں ہدیہ نعت پیش کی۔
منہاج یورپین کونسل کے امیر علامہ حسن میر قادری نے تنظیم اور نظم کے موضوع پر انتہائی پر مغز گفتگو کی۔
منہاج یورپین کونسل کے جنرل سیکرٹری محمد بلال اپل نے تنظیم نو کے طریقہ کار اور نظام کا اعلان کیا اور باقاعدہ مشاورت کے ساتھ تنظیم نو کا عمل مکمل کیا گیا جس کے مطابق درج ذیل احباب کو منتخب کیا گیا:
مرزا صغیر احمد( صدر مجلس شوریٰ)، محمد اظہر فاروق( صدر فرینکفرٹ)، محمد الیاس چیمہ(نائب صدر)، محمد افضل قادری(ناظم)، محمد یونس(نائب ناظم)، لالہ عمر حیات(ناظم مالیات)، محمد اصغر مرزا(ناظم اطلاعات)، حافظ شوکت احمد اعوان(ناظم دعوت وتربیت)، انصر بٹ( صدر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن)، نذیر احمد(ناظم منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن)، شبیر احمد کھوکھر( صدر منہاج پیس اینڈ انٹی گریشن)، ندیم خان (ناظم منہاج پیس اینڈ انٹی گریشن)۔
منہاج یورپین کونسل کے اراکین اور جملہ شرکاء نے نو منتخب عہدیداران کو مبارکباد پیش کی۔ علامہ محمد اقبال فانی نے اختتامی دعا کرائی۔
منہاج القرآن انٹرنیشنل نے انٹرنیٹ کی ویب سائٹس پر منہاج ٹی وی قائم کر کے ذرائع ابلاغ کے ایک مؤثر ترین شعبے میں قدم رکھ دیا ہے۔ انٹرنیٹ پر منہاج ٹی وی کی افتتاحی تقریب منہاج القرآن کے مرکزی نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض کی صدارت میں پیرس میں منعقد ہوئی۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کینڈا سے خطاب کرتے ہوئے اس کا افتتاح کیا اور شیخ ساجد فیاض کو منہاج ٹی وی کا چیئرمین مقرر کیا۔ یاد رہے کہ منہاج ٹی وی کا پراجیکٹ شیخ ساجد فیاض کی نگرانی میں ایک سال میں مکمل ہوا اور 30 اپریل 2011ء کو اس کا افتتاح کیا گیا۔ منہاج ٹی وی پہلے تین ماہ تجرباتی طور پر نشریات کرے گا جس کے بعد باقاعدہ نشریات کا آغاز کر دیا جائے گا۔
یونان: (رپورٹ: نوید سحر)
منہاج پیس اینڈ انٹی گریشن یونان کے زیراہتمام منہاج القرآن اسلامک سنٹر ریندی میں تارکین وطن کے قانون کے بارے میں آگاہی کے لئے ایک سیمینار منعقد ہوا جس میں وزارت داخلہ کے امیگریشن کے جنرل سیکرٹری آندریا تاکی نے اپنے دو عہدیداران کے ساتھ خصوصی شرکت کی۔ سیمینار کا آغاز تلاوت کلام مجید سے ہوا جس کی سعادت علامہ محمد نواز ہزاروی (ڈائریکٹر منہاج اسلامک سنٹر ریندی) نے حاصل کی، محمد لطیف نے آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں گلہائے عقیدت پیش کئے۔ سیمینار میں نقابت کے فرائض زیب الحسن قادری نے ادا کئے۔ منہا ج القرآن انٹرنیشنل یونان کے امیر علامہ شہباز احمد صدیقی، سیکرٹری جنرل منہاج پیس اینڈ انٹی گریشن سید محمد جمیل شاہ اور منہاج پیس اینڈ انٹی گریشن یونان کے صدر غلام مرتضی قادری نے خصوصی شرکت کی۔
وزارت داخلہ کے شعبہ امیگریشن کے جنرل سیکرٹری آندریا تاکی نے سب سے پہلے صدر منہاج پیس اینڈ انٹی گریشن یونان غلام مرتضی قادری کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے عوام الناس کو امیگریشن کے قانون سے آگاہی کے لئے سیمینار کا اہتمام کیا۔ اس موقع پر انہوں نے تارکین وطن سے امیگریشن کے حوالے سے خصوصی گفتگو کی اور ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ سیمینار کے اختتام پر منہاج پیس اینڈ انٹی گریشن یونان کے صدر غلام مرتضی قادری اور محمد ظہور نے وزارت داخلہ کی توجہ تارکین وطن کی بہتری کے لئے خصوصی اقدامات کی طرف دلوائی۔
انڈیا: (رپورٹ: محمدوسیم افضل)
گزشتہ ماہ منہاج القرآن انٹرنیشنل انڈیا کے صدر محترم سید ناد علی حسن علی تنظیمی دورہ پر مرکزی سیکرٹریٹ تحریک منہاج القرآن تشریف لائے۔ نظامت امور خارجہ کے ذمہ داران نے ان کا استقبال کیا۔ اپنے دس روزہ قیام کے دوران انہوں نے منہاج القرآن کی مرکزی انتظامیہ، قائدین اور فورمز کے صدور و ناظمین کے ساتھ ملاقاتیں کیں۔ نیز منہاج پروڈکشن کی کوالٹی اور کنٹرول سسٹم کے ساتھ انڈیا تنظیم کی کوآرڈینیشن، فرید ملت ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے ذریعے انڈیا میں شیخ الاسلام کی کتب کی طباعت و اشاعت کے معاملات کے حوالے سے لائحہ عمل مرتب کیا۔ یہ امر ذہن نشین رہے کہ محترم ناد علی حسن علی کی کاوشوں کی بدولت انڈیا میں عرفان القرآن، المنہاج السوی اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی متعدد کتابوں کا ترجمہ ہندی، گجراتی، میراٹھی، بنگالی اور اردو زبان میں پرنٹ ہوچکا ہے۔ اپنے اس دورہ کے دوران انہوں نے مرکزی قائدین کو شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی یہ کتب بھی پیش کیں۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل کے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی اور ناظم امور خارجہ راجہ جمیل اجمل نے محترم سید ناد علی حسن علی اور ان کے جملہ رفقاء کو انڈیا میں کئے جانے والے مشن کے کام اور پراجیکٹس پر مبارکباد پیش کی اور ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کروائی۔
سپین: (رپورٹ:نوید احمداندلسی+ محمد عتیق قادری)
مسلمان اور بالخصوص پاکستانی تارکین وطن کی نوجوان نسل یورپین ممالک میں رہ کر دنیاوی علوم سے آراستہ ہو کر مختلف میدانوں میں اپنا اور اپنے ملک کا نام تو روشن کر رہی ہے لیکن دینی علوم سے نا آشنا ہونے کے باعث وہ رفتہ رفتہ دین سے دور ہوتے جا رہے ہیں ایسی صورتحال میں ملت اسلامیہ کی نئی نسل کو علم دین کے زیور سے مزین کرنے کے لئے منہاج القرآن انٹرنیشنل یورپ کی تنظیمات کے زیرانتظام مختلف تربیتی کلاسز، کورسز اور ورکشاپس کا انعقاد کیا جاتا ہے جن میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری سے براہ راست فیض یافتہ فاضلین و اساتذہ کرام تدریسی فرائض سرانجام دیتے ہیں۔
رواں سال منہاج یوتھ لیگ سپین نے بھی ایک ایسی ہی اسلامی تربیتی کلاس کا انتظام کیا ہے جس کو الفرغانہ کورس کا نام دیا گیا ہے اس میں سولہ سے پنتیس سال تک کے نوجوان لڑکے اور لڑکیوں کے لئے قرآن کریم، حدیث نبوی، فقہ اور تصوف کی تعلیم دینے کا اہتمام کیا گیا۔
کورس کے ابتداء میں منہاج یوتھ لیگ سپین کے صدر احسن جاوید خان نے کلاس کے اغراض ومقاصد اور اس میں سکھائے جانے والے علوم کے بارے میں شرکاء کو آگاہ کیا۔ پہلی کلاس میں محترم شیخ صادق قریشی منہاجین الازہری نے طلباء وطالبات کو علم، حواس خمسہ، عقل، وحی الٰہی، اسمائے قرآن، تفسیر قرآن، علم حدیث اور تحریک منہاج القرآن کے موضوعات پر لیکچرز دیئے۔