منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سنٹرل ایگزیکٹو کونسل کا اجلاس

رپورٹ: حافظ غلام فرید

تحریک منہاج القرآن کی سنٹرل ایگزیکٹو کونسل (CEC)/مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس مورخہ 27مئی 2023ء بروز ہفتہ دن 11 بجے منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت چیئرمین سپریم کونسل محترم ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کی۔ اجلاس میں ممبران سی ای سی، مرکزی قائدین، نائب ناظمین اعلیٰ،فورمز صدور، نظامتوں اور شعبہ جات کے سربراہان کے علاوہ تحریک منہاج القرآن اور اس کے جملہ فورمز کے زونل صدور جب کہ ویمن لیگ کی زونل ناظمات شامل تھیں ۔

  • تلاوت قرآن مجید اور نعت رسول مقبول ﷺ کے بعد محترم خرم نواز گنڈاپور ناظم اعلیٰ منہاج القرآن انٹر نیشنل نے کلمات استقبالیہ پیش کیے۔ اس کے بعد محترم انجینئر محمد رفیق نجم نائب ناظم اعلیٰ کوآرڈینیشن نے تنظیمی استحکام پر بریفنگ دیتے ہوئے ہاؤس کو بتایا کہ سال 2023ء تنظیمی استحکام اور Devolution کا سال ہوگا اور یونین کونسل کی سطح پر تنظیمی انفراسٹرکچر مکمل کیا جائے گا اور تحریک منہاج القرآن کی آئندہ دو سال کے لیے تنظیم نو بھی کی جائے گی۔
  • محترم غلام مرتضیٰ علوی نے فہم دین کے بارے رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ تحریکِ منہاج القرآن نے دین کے صحیح فہم کے اِبلاغ، امن و سلامتی اور اعتدال پر مبنی اسلامی تعلیمات کو شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے خطابات کے ذریعے سوشل میڈیا کی مدد سے دنیا بھر میں عام کرنے کےلیے فہم دین پراجیکٹ کا آغاز یکم مارچ 2021ء میں کیا ۔ فہم دین پراجیکٹ کے تحت اب تک 708 آڈیو اور وڈیو کلپس جاری ہو چکے ہیں اور ہفتے میں دو بار ملک بھر میں ہزاروں رجسٹرڈ افراد تک پہنچائے جارہے ہیں اور یہ تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے۔
  • محترم سعید رضا بغدادی نے مراکزِ علم کےنصاب، معلمین کی تیاری و رجسٹریشن کے بارے بریفنگ دیتے ہوئے ہاؤس کو بتایا کہ مراکز علم کے پہلے سمیسٹر کا نصاب شائع ہوچکا ہے۔ معلمین کی ٹریننگ کا آغاز کردیا گیا ہے۔ رواں سال چھ ہزار سے زائد مراکز علم قائم کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے۔ ایک مرکز علم کا دورانیہ ایک سال ہوگا۔ چار چار ماہ کے تین سمیسٹر ہوں گے۔ ہر سمیسٹر کے لیے الگ نصاب ہوگا۔
  • محترم خرم نواز گنڈاپور نے مراکزِ علم کی ضرورت و اہمیت اور افادیت کے بارے ہاؤس کو بتایا کہ شیخ الاسلام نے اگلے پانچ سالوں میں 25ہزار مراکز علم قائم کرنے کا ہدف دیا ہے۔ ہم نے ایک سال میں 5 ہزار مراکز علم قائم کرنے ہیں۔ اس کی پلاننگ ہو چکی ہے۔ فیلڈ میں اس کی تنفیذ نائب ناظمین اعلیٰ، صدور فورمز اور ناظمین زونز لوکل تنظیمات کے ذریعے کریں گے۔ مراکز علم کے ذریعے شیخ الاسلام ایسے افراد پیدا کرنا چاہتے ہیں جو انتہا پسندی اور متشدد رویوں سے آزاد ہوں اور اعتدال و توازن پر مبنی سوچ کے حامل ہوں۔ فروغِ علم و شعور تحریک منہاج القرآن کے بنیادی مقاصد میں شامل ہے۔ تحریک نے اپنی چار دہائیوں پر مشتمل جدوجہد میں سیکڑوں تعلیمی ادارے اندرون ملک اور بیرون ملک قائم کیے۔ کبھی عوامی تعلیمی مراکز کے ذریعے گاؤں گاؤں تعلیمی ادارے قائم کیے اور کبھی سکولز اور کالجز کا جال بچھایا۔ اب 25000 مراکز علم قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے کیونکہ شیخ الاسلام سمجھتے ہیں کہ جب تک اس قوم کو تعلیم، شعور اور آگہی نہیں دی جاتی نہ تو معاشی اور سیاسی میدان میں ترقی کرسکتے ہیں اور نہ ہی تنگ نظری، تعصب، فرقہ واریت، دہشت گردی اور سماجی برائیوں سے چھٹکارا پاسکتے ہیں۔ مصطفوی معاشرہ کے قیام کے لیے مرکزِ علم بنیادی یونٹ ہوگا۔ ہر وہ جگہ، آفس یا گھر مرکزِ علم بن سکتا ہےجہاں مناسب تعداد میں لوگوں کے بیٹھنے کی جگہ ہو۔

حلقات درود و فکر پر بریفنگ دیتے ہوئے محترم خرم نواز گنڈاپور نے کہا ویژن 2025ء کے مطابق ہر یونین کونسل میں حلقہ درود وفکر کا قیام لازمی ہے۔ اس لیے ہر یونین کونسل میں حلقہ درود و فکر قائم کیا جائے گا۔ قائم کردہ حلقہ کو مرکز کی نظامت حلقات درود و فکر کے ساتھ رجسٹرڈ کروایا جائے تاکہ مرکز کےنظم میں آجائیں ۔

محترم خرم نواز گنڈاپور نے مزید کہا کہ آئندہ فیلڈ کے پروگرامز میں شیخ الاسلام کے خطاب کا 15 سے 20 منٹ کا کلپ چلایا جائے گا جو اس پروگرام کے موضوع سے مطابقت رکھتا ہوگا۔ اس سے عوام الناس تک تحریک کا بیانیہ شیخ الاسلام کی زبان سے براہ راست پہنچے گا۔

اعتکاف پر بریفنگ دیتے ہوئے ناظم اعلیٰ منہاج القرآن انٹرنیشنل نے کہا کہ ہم نے اعتکاف 2023ء کے جو اہداف رکھے تھے، الحمد للہ اس سے زیادہ لوگ اعتکاف بیٹھے۔ تربیت اور صحبت کے لیے تمام عہدیدارن اور کارکنان کے لیے 10 روزہ اعتکاف لازمی ہے۔ اعتکاف تحریک کے لئے بنیادی تربیت گاہ ہے۔ آئندہ سال کے لیے اعتکاف کی رجسٹریشن کا سلسلہ پورا سال جاری رہے گا۔ تمام سکالرز اپنے دعوتی دورہ جات کے دوران اعتکاف کی دعوت دیا کریں گے۔ نئے لوگ جو مراکز علم کے ذریعے یا حلقات درود وفکر کے ذریعے تحریک کے قریب آئیں انہیں اعتکاف کے لیے تیار کریں۔ فیلڈ میں جنہیں نئی ذمہ داریاں دیں، اسی وقت انہیں اعتکاف کے لیے تحریک دیں ۔ اعتکاف کے لئے کوشش کریں کہ فیملی سمیت آئیں۔

  • چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادر ی نے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ قائد وہ ہوتا ہے جس کی سوچ جو پہلے دن ہو وہی آخری دن ہو۔ قیادت اللہ کے نور سے دیکھتی ہے۔ شیخ الاسلام نے پچھلے تین سالوں میں جو کچھ فرمایا اس وقت لوگوں کو یقین نہیں آرہا تھا مگر آج ایک ایک چیز سچ ثابت ہو رہی ہے۔ یہ سفر دنوں کی بجائے صدیوں او رسالوں پر محیط سفر ہے۔ اس سفر کو جاری رکھیں۔ راستے میں موجود رکاوٹوں کو دور کرنے کے لئے پلاننگ کرتے رہیں، نظر اپنی منزل پر رکھیں، کامیابی ان شاء اللہ ہمارا مقدر ہوگی۔ اگر زمانے کو قصور وار ٹھہراتے رہے تو منزل ہم سے بہت دور ہو جائے گی۔ شیخ الاسلام نے گزشتہ سال شوریٰ کے اجلاس میں دو پراجیکٹ دیئے تھے:

1۔ مراکز علم کا جو ہدف رکھا گیا ہے، اُسے پورا کرنے کے لئے اپنی تمام صلاحتیں بروئے کار لائیں۔ یہ ہماری اورآئندہ نسلوں کی نجات کا راستہ ہے۔

2۔ مثالی میمز کے پراجیکٹس: ماں، مسجد، مدرسہ/اسکول، میڈیا، معاشرت، معیشت، مواخات ۔

مرکز علم کا اجراء ہر گھر اور بیٹھک میں کریں، جس گھر میں مرکز علم ہوگا اس گھر والے تحریک سے بھی منسلک ہوں گے، پھر اُن کا تعلق مسجد سے بھی قائم ہوگا۔ مرکز علم دعوت کا بھی مرکز ہوگا، لوگوں کی خیر خواہی اور ویلفیئر کا بھی مرکز ہوگا۔

ہر مرکز علم پر ایک دن ایگرز کے لئے مخصوص ہو۔ بچوں کے لئے کورس تیار کریں اور بچوں کو سکھائیں۔ اس سے آپ بچوں کو تیار کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔

  • سنٹرل ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس میں شیخ الاسلام ڈاکٹرمحمد طاہرالقادری دامت برکاتہم العالیہ کو انگریزی زبان میں قرآن مجید کا ترجمہ مکمل کرنے پرایک قرارداد کے ذریعے مبارکباد دی گئی اور کہا کہ قرآن مجید کے انگریزی زبان میں ترجمہ سے مغربی دنیا میں قرآن کی حقیقی تعلیمات کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔ اجلاس کا اختتام دعائے خیر پر ہوا۔