پاکستان عوامی تحریک کے زیر اہتمام 11 مئی 2015ء کو نام نہاد انتخابات کے دو سال مکمل ہونے پر ’’دھاندلی زدہ غیر آئینی انتخابات‘‘ کے عنوان سے سیمینار منعقد ہوا۔ جس میں ملک بھر سے سیاسی، سماجی، مذہبی، سول سوسائٹی کے قائدین اور عوامی تحریک کے کارکنان نے بھرپور شرکت کی۔ سیمینار کا آغاز تلاوت کلام پاک اور نعت رسول مقبولA سے ہوا۔ محترم خرم نواز گنڈا پور (جنرل سیکرٹری PAT) نے استقبالیہ کلمات ادا کئے۔ جبکہ محترم محمد جواد حامد نے نقابت کے فرائض سرانجام دیئے۔
اس موقع پر محترم محمود الرشید (رہنما تحریک انصاف و قائد حزب اختلاف پنجاب اسمبلی)نے کہا کہ الیکشن کے ایک سال کے بعد دھاندلی کے خلاف ہم نے پاکستان عوامی تحریک کے ساتھ مل کر سڑکوں پر نکلنے کا فیصلہ کیا، جس پر ماڈل ٹاؤن میں نہتے لوگوں پر گولیاں چلائی گئیں۔ میں ان شہداء کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ یہ حکومت ان شہداء کے خون کو ہضم کرنے کی کوشش کررہی ہے، یہ ہضم نہیں ہوسکتا، اس کا انہیں جواب دینا ہوگا۔ اگر ہمارے قانون نے انصاف میں دیر کی تو اوپر والا بھی موجود ہے، اُس کا انصاف اور قانون ان کو نہیں بچاسکتا۔ جمہوریت کے نام پر فرعون اس ملک پر قابض ہیں۔ ہمیں اپنی آنے والی نسلوں کے لئے مل کر جدوجہد کرنا ہوگی۔
محترم میاں عمران مسعود (مسلم لیگ ق و سابق صوبائی وزیر تعلیم) نے کہا کہ دھاندلی، ناانصافی، لاقانونیت کے خلاف پاکستان عوامی تحریک اور ہم نے مل کر جدوجہد شروع کی، اس سے عوام میں شعور پیدا ہوا۔ اس ظالمانہ نظام کے خلاف سب سے پہلے آواز بلند کرنا پاکستان عوامی تحریک کا بہت بڑا کارنامہ ہے۔ میں قائد انقلاب کو زبردست تحریک چلانے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ ان شہداء کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جن کی وجہ سے تحریک کامیابی سے آگے چل رہی ہے۔ ان شاء اللہ یہ تحریک جلد کامیاب ہوگی۔
محترم علامہ امین شہیدی (مجلس وحدت المسلمین) نے کہا کہ اس ملک میں 9 ماہ کے بچے پر قتل کا مقدمہ اور 8 سال کے لڑکے کو ہتھکڑی لگادی جاتی ہے مگر افسوس سارا دن گولیاں چلاکر 14 شہید اور 100 افراد زخمی کرنے والے ابھی تک اقتدار پر مسلط ہیں۔ عوام کو اپنے بنیادی حقوق کے حصول کے لئے باہر نکلنا ہوگا۔ قائد انقلاب کی اس فرسودہ نظام کے خلاف جدوجہد نے قوم کو شعور دیا ہے، کامیابی مل کر جدوجہد کرنے سے ہی میسر آئے گی۔
محترم ڈاکٹر فرید احمد پراچہ (جماعت اسلامی) نے کہا کہ ملک کے اس نظام کے اندر کرپشن اور طاقتور مافیا قابض ہے۔ ہمیں نظام انتخابات میں اصلاحات کے لئے کوششیں کرنا ہوں گی۔ ماڈل ٹاؤن کے شہداء کی قربانی پر ان کی بلندی درجات کے لئے دعا کرتا ہوں۔ امید ہے کہ اللہ کے ہاں ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ اس ظالم اور کرپٹ نظام کے خلاف شعور پیدا کرنے کے لئے پاکستان عوامی تحریک نے اہم کردار ادا کیا۔ 1947ء کے بعد یہ وہ واحد جماعت ہے جس نے اس نظام کو بدلنے کے لئے اپنے سینے پیش کئے۔ ہمیں بیدار ہونا ہوگا ورنہ اس طرح کے دھاندلی زدہ الیکشن دوبارہ بھی ہوتے رہیں گے۔
محترم سردار آصف احمد علی (سابق وزیر داخلہ) نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ 17 جون 2014ء کو مردوں، عورتوں، بچوں اور بزرگوں کو جس بے دردی سے شہید اور زخمی کیا گیا تاریخ اس کی مثال پیش کرنے سے قاصر ہے۔ پنجاب پولیس کو اس لئے تیار کیا گیا ہے کہ عوام جب ان ظالموں کے ہاتھوں تنگ ہوکر اپنا حق لینے کے لئے باہر نکلیں تو ان پر ڈنڈے برسائے جائیں۔ جدوجہد جاری رکھنا ہم پر فرض ہے۔ ان شاء اللہ پاکستان کا مستقبل جلد روشن ہوگا۔
محترم مفتی محمد حسیب (سنی اتحاد کونسل) نے کہا کہ الیکشن سے پہلے قائد انقلاب نے بتادیا تھا کہ یہ الیکشن غیر آئینی ہے، اس کے نتیجے میں جیتنے والا بھی روئے گا اور ہارنے والا بھی روئے گا۔ الیکشن کے بعد ان کی یہ بات سچ ثابت ہوئی۔ جیتنے والا بھی اور ہارنے والا بھی دھاندلی کا رونا رو رہا ہے۔ جب تک نظام ٹھیک نہیں ہوتا اس وقت تک یہ ملک ٹھیک نہیں ہوسکتا۔ اس کے لئے صبرو استقامت اور جرات سے آگے بڑھنا ہوگا۔
محترم خرم نواز گنڈا پور (سیکرٹری جنرل PAT) نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 218 کے تحت الیکشن کمیشن کی غیر آئینی تشکیل آج بھی سوالیہ نشان ہے۔ ایسے الیکشن جو جعلی تھے، ایسی اسمبلیاں جس میں ہر ایک کو دھاندلی زدہ قرار دیا جارہا ہے، ان کی کوئی آئینی حیثیت نہیں ہے۔17جون کو جس ریاستی بربریت کا مظاہرہ ہوا، ہم اس کا آئینی و قانونی طریقہ سے بدلہ لے کر رہیں گے۔ ہم ان حکمرانوں کو عوام کی طاقت سے کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔ 11 مئی انتخابات میں پاکستان کی عوام کا مینڈیٹ چوری کیاگیا۔ جمہوریت کے نام پر ملک کو لوٹا گیا ہے۔الیکشن کمیشن نے 100 سے زائد ریفرنسز کو لٹکایا ہوا ہے تاکہ حکومت اپنا دورانیہ پورا کرلے۔ ہم اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے اور ان شاء اللہ اپنی منزل پر پہنچ کر دم لیں گے۔
سیمینار سے محترم عبداللہ ملک (رہنما سول سوسائٹی)، محترم عبدالرشید قریشی، محترم ڈاکٹر احسن محمود اقلیتتی رہنما، محترم مارٹن جاوید اور محترم سید نوبہار شاہ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ماڈل ٹاؤن کے ان شہداء کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے اس ملک کے لئے جان قربان کی۔ یہاں جمہوری کلچر ہی نہیں ہے۔ اگر جمہوریت کو بچانا ہے تو نظام کو ٹھیک کرنا ہوگا۔
منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن گجرات کے زیر اہتمام شادیوں کی اجتماعی تقریب
منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن گجرات کے زیر اہتمام 27 اپریل 2015ء کو 11 اجتماعی شادیوں کا تیسرا عظیم الشان پروگرام قندفشاں میرج ہال میں منعقد ہوا۔ مرکزی قائدین گجرات اور معززین علاقہ نے گیارہ باراتوں کا پرتپاک استقبال کیا۔ مرکزی صدر پاکستان عوای تحریک محترم ڈاکٹر رحیق احمد عباسی، محترم صاحبزادہ پیر سید سعید احمد گجراتی (ممبر اسلامی مشاورتی کونسل) اور سابق تحصیل ناظم محترم میاں ہارون مسعود مہمانان خصوصی تھے۔
اس پروگرام میں حاجی محمد اسلم چک پیرانا (فرانس) صدرPAT یورپین یونین، حاجی میاں محمد افضل انصاری (صدرPAT ناروے)، چوہدری مظہر دیونہ (مرکزی سینئر نائب صدر PAT فرانس)، حافظ اقبال اعظم (فرانس) ڈائریکٹر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن یورپین یونین، سید امجد علی شاہ مرکزی ڈائریکٹر MWF، صاحبزادہ علامہ فرحت حسین شاہ مرکزی صدر علماء کونسل، چوہدری وسیم ہمایوں (صوبائی کوآرڈینیٹر)، چوہدری اظہر محمود (یونان)، چوہدری فرخ الابصار محمود (فرانس)، چوہدری محمد اصغر ڈنگہ، چوہدری خالد (ہالینڈ)، ملک شبیر اعوان (فرانس)، علامہ خادم حسین طاہر، سہیل احمد رضا (ڈائریکٹر انٹرفیتھ ریلیشنز)،محمد ریاض (مسقط)، علامہ غلام ربانی تیمور، الحاج شیخ شاہد محمود، حاجی شیخ محمد عثمان، حاجی شیخ محمد سلیمان، خان عبدالقیوم خان (ایڈووکیٹ)، حاجی محمد انور (ہالینڈ)، چوہدری آفتاب (انگلینڈ)، حاجی اعظم رحمانی، حاجی اعجاز احمد رحمانی، چوہدری تنویر حسین، ملک صفدر حسین، حاجی شیخ عرفان پرویز اور ضلع بھر سے معززین کی بہت بڑی تعداد نے خصوصی شرکت کی۔
1300مہمانوں کی پرتکلف ضیافت کا اہتمام کیا گیا تھا۔ علامہ ساجد محمود قادری، علامہ محمد اصغر چشتی اور مفتی امتیاز شیخ نے نکاح پڑھائے جبکہ دعا محترم صاحبزادہ پیر سید سعید شاہ گجراتی نے کروائی۔ اجتماعی شادیوں کے انتظام و انصرام میں محترم حاجی ارشد جاوید وڑائچ (سیکرٹری جنرل MWF یورپین یونین) نے حسب سابق اہم کردار ادا کیا۔
اس پروگرام میں ڈاکٹر رحیق احمد عباسی مرکزی صدر PAT، علامہ صاحبزادہ سید فرحت حسین شاہ، حافظ اقبال اعظم (صدرMWF یورپین یونین) نے گفتگو کرتے ہوئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اور MWF کی تعلیم، صحت، فلاح عام کے سلسلہ میں کی جانے والی خدمات پر روشنی ڈالی کہ ہم غریب عوام کے بنیادی حقوق ان کی دہلیز پر پہنچانا چاہتے ہیں اور پاکستان کو ایک عظیم فلاحی ویلفیئر سٹیٹ اور اسلامی ریاست بنانا ہماری اولین ترجیح ہے۔ مقررین نے محترم حاجی ارشد جاوید وڑائچ کو پروگرام کے انعقاد میں کلیدی کردار پر خراج تحسین پیش کیا۔ نقابت کے فرائض محترم علامہ پروفیسر مظہر حسین قادری نے ادا کئے۔
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے ٹیلی فون پر اظہار خیال کرتے ہوئے اس خوبصورت تقریب کے انعقاد پر منتظمین اور تمام احباب کو خصوصی مبارکباد دی اور دولہوں و دلہنوں کو دعاؤں سے نوازا۔ تقریب کے اختتام پر منتظمین کی جانب سے اگلے سال ان شاء اللہ چالیس اجتماعی شادیوں کے اہتمام کا اعلان کیا گیا۔
منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن اور المواخات کی طرف سے بیروزگاروں کیلئے سائیکلو وین کی تقسیم
تحریک منہاج القرآن لاہور کی طرف سے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن اور المواخات اسلامک مائیکرو فنانس کے مشترکہ تعاون سے منعقدہ خصوصی تقریب میں بیروزگاروں میں ’’سائیکلو وین‘‘ تقسیم کی گئیں۔ المواخات مائیکرو اسلامک فنانس پراجیکٹ صدر فیڈرل کونسل تحریک منہاج القرآن محترم ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کی سرپرستی میں چل رہا ہے۔ اس موقع پر تقریب کے مہمان خصوصی محترم ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بے سہارا افراد کو پاؤں پر کھڑا کرنا اور مجبوروں، مزدوروں اور مظلوموں کی مدد کرنا ہی قائد انقلاب ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی سیاست ہے۔ اب تک سینکڑوں بیروزگاروں میں سائیکلو وین تقسیم کی جا چکی ہیں۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے ایک اہم پروجیکٹ’’ ہیلپ اینڈ فوڈ‘‘ کا بھی اجراء کیاجا رہا ہے، اس پروجیکٹ کے تحت غریب اور نادار خاندانوں میں خوراک تقسیم کی جائے گی۔ المواخات اسلامک مائیکرو فنانس نے سود سے پاک اسلامک مائیکرو فنانس کا اجراء کیا ہے اس فلاحی منصوبہ سے ہر ضرورت مند، رنگ و نسل اور مذہب کی تفریق کے بغیر استفادہ کر سکتا ہے۔
ڈائریکٹر پروجیکٹ المواخات عبدالعمار منعم نے کہا کہ المواخات کے بزنس ماڈل کو اسلامک ڈویلپمنٹ بنک جدہ نے ’’A‘‘ ریٹنگ دی ہے۔ ہم بیروزگاروں کو پاؤں پر کھڑا کرنے کیلئے چیرٹی اور ڈونیشن کے تصور سے ہٹ کر کام کر رہے ہیں۔ ہم مدد کیلئے رجوع کرنے والوں کو اس احساس سے نکال رہے ہیں کہ انہیں کسی خیرات کی ضرورت ہے۔ ہم قرض حاصل کرنے والوں میں ملکیت کا احساس اور اعتماد اجاگر کر رہے ہیں۔ تقریب سے فرخ اسلام، اویس الرحمان نے بھی خطاب کیا اور پراجیکٹ کے حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کیا۔ناظم لاہور حافظ غلام فرید نے شرکاء اور مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔
گوجرانوالہ زون میں ٹیچرز ٹریننگ ورکشاپ کا انعقاد
رپورٹ: حاجی محمد رفیق
منہاج ایجوکیشن سوسائٹی کے زیر انتظام گوجرانوالہ زون میں قائم منہاج ماڈل سکولز کے پرنسپلز و اساتذہ کرام کی ٹریننگ ورکشاپ کا اہتمام منہاج القرآن ماڈل سکینڈی سکول چک پیرانہ میں کیا گیا۔ منیجنگ ڈائریکٹر MES محترم پروفیسر محمد یعقوب عابد چوہدری نے اس پروگرام میں خصوصی شرکت کی۔ پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک اور نعت رسول مقبولA سے ہوا۔ محترم خادم حسین طاہر (ADE گوجرانوالہ زون) نے کلمات استقبالیہ پیش کرتے ہوئے محترم پروفیسر محمد یعقوب عابد چوہدری اور جملہ شرکاء کو خوش آمدید کہا اور گوجرانوالہ زون میں قائم منہاج سکولز کی کارکردگی رپورٹ پیش کی کہ سکالر شپ میں طلباء کی شرکت کا ٹارگٹ ہو، نومبر ٹیسٹ ہو یا سالانہ امتحانات میں شرکت، ہمیشہ طلبہ کی تعداد اور سکولز کی تعداد کے اعتبار سے گوجرانوالہ زون پہلے نمبر پر رہا۔ نیز دیگر مالی و انتظامی اور تدریسی معاملات میں برتری حاصل رہی۔ یہ سب جملہ پرنسپلز اور ٹیچرز کی محنت کا نتیجہ ہے۔ آج کے پروگرام (ٹریننگ ورکشاپ) میں اتنی کثیر تعداد میں ٹیچرز کا شرکت کرنا علم سے دوستی و محبت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
مہمان خصوصی اور جملہ پرنسپلز و اساتذہ نے محترم محمد افتخار (پرنسپلMMS چک پیرانہ) کو اس کامیاب پروگرام کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔ اس پروگرام میں 200 سے زائد پرنسپلز، معلمین، معلمات نے شرکت کی۔
منیجنگ ڈائریکٹر محترم پروفیسر یعقوب عابد چوہدری نے اس ٹریننگ ورکشاپ میں ’’ٹیچر ایک رول ماڈل‘‘ کے موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہماری تعلیم کا مقصد بچوں کو کتابیں رٹانا نہیں بلکہ تعلیم کا مقصد بچے کی شخصیت اس کی ذہنی اور جسمانی صلاحیتوں کی تعمیر ہے۔ اس مقصد کو پانے کا آسان حل یہ ہے کہ بچے کی تعلیم اسلامی اصولوں کو مدنظر رکھ کر کی جائے۔ یعنی والدین اور اساتذہ کا ادب و احترام، اپنے سے بڑے کا احترام اپنے سے چھوٹے پر شفقت، سچ بولنا، جھوٹ سے پرہیز وغیرہ یہ اوصاف ہماری تربیت کا حصہ ہوں۔ انہوں نے اس موقع پر نے ’’بچے اپنے ٹیچر سے کتنے متاثر ہوتے ہیں‘‘؟ ’’بچے کی تعلیم میں عدم دلچسپی کی وجوہات کیا ہوسکتی ہیں‘‘ اور ’’ایک اچھے ٹیچر کے اوصاف کیا ہوں‘‘ کے موضوعات کو بھی بیان کیا۔
کالج آف شریعہ (منہاج یونیورسٹی) میں بین الکلیاتی ہفتہ تقریبات
(رپورٹ: حافظ ذیشان طاہر): کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز منہاج یونیورسٹی میں طلبہ میں علمی وادبی،فکری و نظریاتی،اور تربیتی و تنظیمی صلاحیتوں کو پروان چڑھانے کے لیئے طلبہ کی نمائندہ تنظیم،بزم منہاج کے زیر اہتمام سالانہ آل پاکستان بین الکلیاتی ہفتہ تقریبات کا انعقاد کیاگیا۔جس میں مقابلہ حسن قرأت، مقابلہ عربی تقاریر، مقابلہ حسن نعت و انگلش تقاریر، مقابلہ اردو تقاریر، مقابلہ اردو مباحثہ اور مقابلہ مضمون نویسی منعقد ہوئے۔ملک بھر سے 60 سے زائد تعلیمی اداروں کالجز ،یونیورسٹیز اور مدارس کے طلباء و طالبات نے ان مقابلہ جات میں حصہ لیا اور اپنے اپنے مخصوص اور دلچسپ انداز میں مقررہ موضوعات پہ روشنی ڈالی۔
بزم منہاج کے زیر اہتمام ان علمی وادبی مقابلہ جات میں محترم ڈاکٹر حسن محی الدین قادری(چیئرمین سپریم کونسلMQI)، محترم ڈاکٹر حسین محی الدین قادری(صدر فیڈرل کونسل MQI)، محترم شیخ رشید( سربراہ عوامی مسلم لیگ )، محترم غلام مصطفیٰ کھر(سابق گورنر پنجاب)، محترم قمرالزمان کائرہ(سابق وفاقی وزیر اطلاعات)، محترم سہیل وڑائچ (سینئر اینکر پرسن و سینئرتجزیہ نگار)، محترم قیوم نظامی (سینئر کالم نگار)، محترم سید نور( فلم سٹار)، محترم ناصر ادیب (عظیم فلم رائٹر)، محترمہ آمنہ الفت (سینئر کالم نگار)، محترم فرید پراچہ (ڈپٹی سیکریٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان)، محترم ڈاکٹر ولید اقبال، محترم ڈاکٹر ظہور احمد اظہر(ممتاز ماہر عربی زبان و ادب)، محترم مسکین فیض الرحمن درانی (امیر TMQ)، محترم خرم نواز گنڈاپور(سیکریٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک)، محترم مفتی عبد القیوم خان ہزاروی ( شیخ الفقہ والتفسیر)، محترم پروفیسر نواز ظفر چشتی (شیخ اللغہ والادب )، محترم جواد حامد (ڈائریکٹر ایڈمن TMQ)، محترم نوراللہ صدیقی (ڈائریکٹر مرکزی میڈیا سیل TMQ)، محترم پیر سیف اللہ خالد گیلانی القادری (چیئر مین نیشنل مشائخ کونسل پاکستان )، محترم ڈاکٹر محمد اکرم رانا (ڈین فیکلٹی آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسزMUL)، محترم ڈاکٹر محمد ممتاز الحسن باروی، محترم کرنل (ر) راجہ فضل مہدی (ایڈمنسٹریٹر(COSIS) کالج کے جملہ اساتذہ کرام، ملک کی نامور سیاسی وسماجی، مذہبی و علمی،ادبی و فکری شخصیات نے شرکت کی۔
معزز مہمانانِ گرامی قدر نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی عظیم خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کالج آف شریعہ کے نظم و نسق اور تعلیم و تربیت کے ماحول کو سراہا۔
مقابلہ جات میں پوزیشن ہولڈرز طلباء طالبات اور شرکاء مقابلہ جات کی حوصلہ افزائی کے لئے ان میں شیلڈز، سرٹیفیکیٹس تقسیم کئے گئے۔ صدر بزم منہاج حافظ ذیشان طاہر نے ہفتہ تقریبات کے کامیاب انعقاد میں تعاون کرنے پر کالج کونسل،معزز اساتذہ کرام،مرکزی قائدین تحریک منہاج القران اور مینجمنٹ کمیٹیز کا شکریہ اداکیا۔