قوموں کی ترقی اور عروج و زوال میں تعلیمی ادارے ہمیشہ اہم اور فیصلہ کن کردار ادا کرتے ہیں انہی اداروں کی آغوش میں مستقبل کے معمار پرورش پاتے ہیں۔ مقام شکر ہے کہ عصر حاضر کے عظیم مفکر و دانشور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے قوم کی ضرورت کا ادراک کرتے ہوئے دنیا بھر میں ایسے تعلیمی اداروں کا جال بچھا دیا ہے جہاں ایسے افراد تیار کرنا مقصود ہیں جو نہ صرف دور حاضر کے تقاضوں کو پورا کرسکیں بلکہ عزم و یقین اور ہمت و استقلال کی دولت سے مالا مال ہوکر مخلصانہ جدوجہد کے ذریعے ملت اسلامیہ کو کھویا ہوا مقام دوبارہ لاسکیں۔ بغداد ٹاؤن (ٹاؤن شپ) لاہور میں واقع منہاج القرآن ماڈل ہائیر سکینڈری سکول اسی عظیم بین الاقوامی تعلیمی منصوبے کا حصہ ہے۔ مئی 2007ء سے محترم رانا محمد ادریس (مرکزی ناظم دعوت) کو اس ادارے کا ڈائریکٹر جبکہ محترم حافظ نیاز احمد کو ان کی سابقہ خدمات اور اعلیٰ کارکردگی کی بناء پر پرنسپل کی ذمہ داری تفویض کی گئی ہے۔
یہ ادارہ درج ذیل دو شعبوں پر مشتمل ہے :
1۔ شعبہ تحفیظ القرآن : اس شعبہ کے وائس پرنسپل محترم قاری محمد ندیم اختر نقشبندی ہیں۔ اس شعبہ میں پرائمری پاس طلباء کو داخلہ دیا جاتا ہے اور ماہر اساتذہ کرام کی زیر نگرانی حفظ قرآن کے ساتھ ساتھ ششتم، ہفتم اور ہشتم تک کی تعلیم دی جاتی ہے۔ ابتدا میں 6 ہاؤسز قائم کئے گئے جن کی تعداد آج الحمدللہ 13 ہوچکی ہے۔ اس شعبہ میں اس وقت 14 قراء حضرات صبح و شام قرآن پاک کی تعلیم عام کرنے میں مصروف عمل ہیں۔ ہر سال تقریباً 150 بچے اس انسٹی ٹیوٹ میں داخل ہوتے ہیں اور تقریباً سالانہ 70 سے 75 بچے حفظ کرکے فارغ ہورہے ہیں۔ اس انسٹی ٹیوٹ کا پہلا باقاعدہ کانووکیشن 1998ء میں ہوا جس میں 250 بچوں کو اسناد سے نوازا گیا۔ اس کانووکیشن کی صدارت شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے فرمائی اور سابق چیف جسٹس محترم سید نسیم حسن شاہ مہمان خصوصی تھے۔
2۔ شعبہ ماڈل ہائیر سکینڈی سکول : محترم حافظ محمد جہانگیر (M.Sc Mathematics) شعبہ ماڈل سکول کے وائس پرنسپل ہیں۔ ماڈل سکول اگرچہ انٹرمیڈیٹ تک بورڈ سے الحاق شدہ ہے مگر فی الحال ششم تا دہم تک سائنس، آرٹس اور کمپیوٹر کی تعلیم دی جاتی ہے۔
نمایاں خصوصیات :
- وسیع اور خوبصورت اکیڈمک بلاک
- تجربہ کار اور محنتی سٹاف
- فزکس کیمسٹری اور بیالوجی کے لئے الگ الگ لیبارٹریز
- کھیلوں کے لئے کشادہ میدان
- طلبا کی اخلاقی اور روحانی تربیت کا خصوصی اہتمام
- ہم نصابی سرگرمیاں
- والدین کے ساتھ قریبی رابطہ اور مشاورت
- تربیتی لیکچرز کا اہتمام۔
- ادارے کے دونوں شعبوں میں ہم نصابی سرگرمیوں کے لئے بزم منہاج اور منہاج سپورٹس سوسائٹی کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ بزم منہاج کی نگرانی محترم علامہ نورالزمان نوری کے ذمے ہے۔ بزم کے تحت قراء فورم، سپیکرز فورم، کوئز فورم، نعت کونسل اور دیگر فورمز قائم ہیں جو طلباء کی خوابیدہ صلاحیتوں کو نکھارنے میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔
- طلباء کے لئے اس مادر علمی میں ہاسٹل کی بہترین سہولت میسر ہے۔ ہاسٹل وارڈن کی ذمہ داری محترم غلام عربی صاحب کے سپرد ہے۔ ہاسٹل میں تقریبا 400 طلباء رہائش پذیر ہیں۔ جہاں انتہائی کم فیس میں میس کا اعلیٰ انتظام موجود ہے۔ پانچوں وقت کی باجماعت نماز کی پابندی اور تہجد کے وقت اٹھنے کی ترغیب دی جاتی ہے۔ رات کو اساتذہ کی نگرانی میں سٹڈی پیریڈ کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ ہاسٹل کے اندر کینٹین، ٹک شاپ، PCO اور ٹیلی فون ایکسچینج کی سہولت طلباء کے لئے موجود ہے۔ مریض طلباء کے مفت علاج معالجے کی سہولت میسر ہے۔ ملاقاتیوں کے لئے استقبالیہ اور مہمانوں (والدین) کے لئے مہمان خانہ موجود ہے۔