سید الطاف حسین گیلانی

بلا شبہ دنیا بھر کے عاشقانِ رسول ﷺ کی طرح آپ ﷺ کی زیارت اور ملاقات کی تمنا ہمہ وقت میرے دل میں بھی موجزن رہتی۔ ایسے میں میرے ذہن میں یہ سوال اٹھتا کہ میرے غریب خانہ پر آپ کی تشریف آوری کےوقت گردوپیش کا ماحول کس قدر حسیں، دل کش و دل نشیں ہو گا۔ یوں سوچتے سوچتےایک مبارک شب میراطائرِ تخیل فرش ِارضی سے چرخِ نیلی فام کی بلندیوں تک اڑان بھرتا چلاگیا، میرے قلب و قلم کے ساتھ ساتھ میری مشتاق آنکھوں کے کیمرے متحرک ہوگئے اور آپ ﷺ کی آمد کے وقت ان متوقع مناظر کو الفاظ کے روپ میں ڈھالنے لگے، اس طرح جو اشعار ترتیب پائے انہیں صفحۂ قِرطاس پر منتقل کرتا چلا گی۔ جنہیں بیان کردہ پس منظر کے ساتھ’’نعت‘‘ بعنوان’’ حضورآپ سےجب ملاقات ہوگی‘‘ کی صورت میں آپ سب کی راحت ِقلب وجاں کے لئے پیش کرتا ہوں:

بہاروں کی رُت یا کہ برسات ہو گی
سہانا وہ دن یا حسیں رات ہو گی
حضور آپ ﷺ سے جب ملاقات ہو گی

حضور آپ ﷺ سے کب ملاقات ہو گی؟
وہ زر تار ملبوس میں شب کا دُلہا
کہ جھِلمِل ستاروں کی بارات ہو گی
حضور آپ ﷺ سے جب ملاقات ہو گی

حضور آپ ﷺ سے کب ملاقات ہو گی؟
گِریں آبشاریں رسیلے سُروں میں
وہ گُن گاتی ندیوں کی سوغات ہو گی
حضور آپ ﷺ سے جب ملاقات ہو گی

حضور آپ ﷺ سے کب ملاقات ہو گی؟
چلے بادِ صبح لئے کیفِ مستاں
ثنا خوان و رقصاں نباتات ہو گی
حضور آپ ﷺ سے جب ملاقات ہو گی

حضور آپ ﷺ سے کب ملاقات ہو گی؟
نہ رنگ و بُوئے گُل ، نہ قُمری نہ بلبل
نظر میں فقط آپ کی ذات ہو گی
حضور آپ ﷺ سے جب ملاقات ہو گی

حضور آپ ﷺ سے کب ملاقات ہو گی؟
پرندوں کے نغماتِ مِدحت سرائی
گُلوں کے لبوں پہ مُناجات ہو گی
حضور آپ ﷺ سے جب ملاقات ہو گی

حضور آپ ﷺ سے کب ملاقات ہو گی؟
حضور آپ ﷺ کی آمدِ پاک گھر میں
ہمارے لئے وجہِ برکات ہو گی
حضور آپ ﷺ سے جب ملاقات ہو گی

حضور آپ ﷺ سے کب ملاقات ہو گی؟
سجایا خدا نے فلک لامکاں تک
میں بندہ ہوں کیا میری اوقات ہو گی
حضور آپ ﷺ سے جب ملاقات ہو گی

حضور آپ ﷺ سے کب ملاقات ہو گی؟
نہ کچھ ہوش الطافؔ باقی رہے گا
جو مائل وہ چشمِ عنایات ہو گی
حضور آپ ﷺ سے جب ملاقات ہو گی
حضور آپ ﷺ سے کب ملاقات ہو گی؟

{سید الطاف حسین گیلانی}