رپورٹ: حافظ صداقت علی قادری
منہاج مصالحتی کونسل کے زیر اہتمام مورخہ 03 ستمبر 2011 بروز ہفتہ اوسلو کے مشہور ومعروف اور جدید ترین ہال FOLKITS HUS میں ایک عظیم الشان سیمینار ’’انتہا پسندی کو کیسے روکا جائے‘‘؟ کے عنوان سے منعقد ہوا۔ ناروے کی تایخ میں اس اہم موضوع پر منعقدہ اس منفرد پروگرام کو تاریخ میں سنہری حروف سے یاد رکھا جائے گا۔ یہ عظیم پروگرام پولیس اور جسٹس ڈیپارٹمنٹ کے تعاون سے انعقاد پذیر ہوا۔
پروگرام میں تلاوت کلام الٰہی کی سعادت حافظ عمران الٰہی نے حاصل کی۔ آیات کا ترجمہ اویس اعجاز احمد وڑائچ نے پیش کیا۔ شیما نعت کونسل کی اقراء مشتاق، آمنہ ظفر، عائشہ نور اور فاطمہ ظفر نے آقائے دو جہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں ہدیہ عقیدت کی سعادت حاصل کی۔ بعد ازاں چرچ کی ایک پادری خاتون Sunniva Gylver اور محترم علامہ نور احمد نور نے دہشت گردی میں جاں بحق ہونے والوں اور ان کے لواحقین کے ساتھ ہمدردی اور اظہار غم کے لئے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ پروگرام کی نقابت کے فرائض شائستہ نثار اور اویس اعجاز وڑائچ نے انجام دیئے۔
اس سیمینار میں Brynjar Lia (سینیئر ریسرچ اسکالرڈیفنس ڈیپارٹمنٹ)، DR Tore Bjorgo (سینیئر ریسرچ اسکالر پولیس اکیڈمی) اور Erik Owre Thorshaug (ایڈوائزر آف جسٹس منسٹر) نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے منہاج القرآن ناروے اور منہاج مصالحتی کونسل کو اس اہم اور ذمہ دارارنہ اقدام پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ وقت کی بہت بڑی ضرورت تھی، اس طرح ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھاتے ہوئے مل جل کر ایک بہتر اور پر امن سوسائٹی کے لئے کوشاں اور سرگرم رہیں۔ امید ہے کہ منہاج القرآن اسی طرح اپنی سماجی ذمہ داریاں پوری کرتا رہے گا۔ مقررین نے منہاج مصالحتی کونسل کو مستقبل میں بھر پور تعاون کا یقین دلایا۔
سیمینار کے مہمان خصوصی محترم صاحبزادہ حسن محی الدین قادری( صدر سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل) نے ’’دہشت گردی اور انتہا پسندی کو روکنا کیسے ممکن ہے‘‘ کے موضوع پر جامع اور علمی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انسانوں کا قتل کرنا کسی مذہب، کلچر میں جائز نہیں۔ ان دہشت گرددں کا کوئی مذہب نہیں اور نہ ہی ان کا اسلام سے کوئی تعلق ہے، یہ انسان کے بھی دشمن ہیں اور انسانیت کے بھی دشمن ہیں۔ آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: ’’ مسلمان وہ ہے جس کی زبان اور ہاتھ سے دوسرا مسلمان محفوظ رہے‘‘، ہجرت مدینہ کے بعد نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے مدینہ منورہ میں جس سوسائٹی کو حقوق عطا کئے وہ ملٹی کلچرل سوسائٹی تھی جو عیسائی، یہودی، مشرکین اور مسلمانوں پر مشتمل تھی، ان سب کو برابر کے حقوق عطا کئے گئے۔ اسلام انسانیت کا مذہب ہے جو انسانی عظمت و وقار کی بات کرتا ہے۔ بدقسمتی سے دارالسلام، دارالحرب، دارالکفر اور اسلامی خلافت کی اصطلاحات اور نعروں کا غلط استعمال ہو رہا ہے۔ منہاج القرآن دہشت گردی اور انتہا پسندی کے مسئلے کو مسلم اور غیر مسلم کا فرق اور امتیاز کئے بغیر پر امن طریقے سے حل کرنے میں مدد کررہی ہے۔ اس سلسلے میں منہاج القرآن نوجوانوں کے لئے ورکشاپ، سیمینار اور کانفرنسز کا انعقاد کرتی ہے، جس میں امن، محبت، رواداری، برداشت اور ہم آہنگی کا درس دیا جاتا ہے۔ ہمیں ایک پلیٹ فارم پر متحد ہوکر دہشت گردی کے خاتمہ کے لئے جدوجہد کرنی چاہئے۔
اس سلسلہ میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف جو تاریخی فتویٰ دیا، اس میں واضح راہنمائی موجود ہے کہ یہ تمام دہشت گردی کی کاروائیاں کرنے والے، خودکش دھماکے کرنے والے کسی مذہب سے تعلق نہیں رکھتے بلکہ یہ انسانیت کے سب سے بڑے دشمن ہیں۔
سیمینار کے اختتام پر ناروے کے چائلڈ اینڈ فیملی منسٹر Audun Lysbakken نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے منہاج مصالحتی کونسل کے اس قدم کو بے حد سراہا اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے تاریخی فتویٰ کو ہاتھ میں لہراتے ہوئے کہا کہ یہ اس دور میں بہت بڑا علمی خزانہ ہے اور یہ بہت ساری غلط فہمیوں کو دور کرنے والی کتاب ہے۔ میں امید کرتا ہوں کہ بہت ساری غلطیاں جو اسلام اور مسلمانوں کے بارے میں ذہن میں تھیں آج ختم ہو گئی ہوں گی۔ جس احسن انداز میں محترم حسن محی الدین قادری نے انتہاپسندی کی وجوہات، اور اس کا ممکنہ حل بتایا ہمیںاس سے فائدہ اٹھانا چاہیئے اور مذہب، کلچر کے امتیازکو ختم کرتے ہوئے مل جل کر اس کے خلاف کام کرنا چاہیے۔
اس عظیم الشان سیمینار میں ناروے میں امریکن ایمبیسڈر Barry White، ان کی اہلیہ Eleaner White اور ان کے پولیٹیکل سیکرٹری Mr David Fuller نے خصوصی طور پر شرکت کی اور سیمینار کی کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ میں نے آج تک اس موضوع پر اتنا خوبصورت اسلامی موقف کبھی نہیں سنا۔
سیمینار کے آخر میں اعجاز احمد وڑائچ ( صدر منہاج مصالحتی کونسل) نے اختتامی کلمات میں تمام مہمانوں اور حاضرین کا شکریہ ادا کیا اور اس بات کا یقین دلایا کہ منہاج القرآن ہمیشہ کی طرح انسانیت کی بہتری کے لئے خدمت سر انجام دیتا رہے گا۔ سیمینار میں نائب ناظم اعلیٰ محترم جی ایم ملک نے خصوصی شرکت کی اور کامیاب پروگرام پر مبارکباد پیش کی۔