رپورٹ: سید علی عباس بخاری

منہاج القرآن انٹرنیشنل کے زیراہتمام واروک یونیورسٹی لندن میں 3 روزہ الہدایہ تربیتی کیمپ 2023ء انعقاد پذیر ہوا جو 26 سے 28 اگست 3 روز جاری رہا۔ سہ روزہ کیمپ سے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری دامت برکاتہم العالیہ نے خطاب کیا۔ کیمپ میں یورپ اور برطانیہ سے کثیر تعداد میں افراد نے شرکت کی جن میں فیملیز کی ایک بڑی تعداد شامل تھی۔

الہدایہ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر زاہد اقبال نے کہا کہ سہ روزہ تربیتی سیشنز کے انعقاد کا مقصد یورپ و برطانیہ میں مقیم مسلم فیملیز اور نوجوانوں کی اِخلاقی و روحانی تربیت کے ساتھ ساتھ اُنہیں عصری چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کی گائیڈ لائن مہیا کرنا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ مادیت پرستی، انتہا پسندی، فرقہ واریت اور اسلاموفوبیا جیسے مسائل سے نمٹنے کے لئے نوجوانوں کو فکری اعتبار سے واضحیت دینا ہے۔

الحمدللہ نوجوانوں کی علمی، فکری، روحانی اور اصلاحی تربیت کے حوالے سے کیمپ کے مقاصد بڑے احسن انداز کے ساتھ حاصل کئے گئے۔ ہزار ہا شرکائے کیمپ کی شرکت اور ان کا جوش و جذبہ دیدنی تھا۔

سہ روزہ الہدایہ 2023ء کے مختلف سیشنز سے ڈاکٹر غزالہ حسن قادری اور حماد مصطفی المدنی القادری نے فکر انگیز لیکچر ز دیے جسے شرکائے کیمپ نے بے حد سراہا۔ کیمپ کے کامیاب انعقاد پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری دامت برکاتہم العالیہ نے الہدایہ کے مثالی انتظامات پر ڈاکٹر زاہد اقبال، سید علی عباس بخاری، معظم رضا، آصف حبیب ملک، علامہ شاہد بابر، ظلِ حسن، باجی نسرین اختر، مُبین حسین، عدنان سہیل، انسہ حسین، ابو آدم شیرازی کو مبارکباد دی۔

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے الہدایہ کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علم، امن، محنت اور سچائی کو شعار بنانے والی قوموں پر کبھی زوال نہیں آتا۔ علم دشمن، سست اور جھوٹ کی حوصلہ افزائی کرنے والے معاشروں کو غربت اور رسوائی سے کوئی طاقت نہیں بچا سکتی۔ اللہ اور اس کے رسول ﷺ نے جھوٹ بولنے والوں پر لعنت کی ہے۔ نوجوان سچ کو اپنی طاقت بنائیں اور جھوٹ سے نفرت کریں۔ جھوٹ بولنے والے اللہ کی قربت سے محروم رہتے ہیں۔ اسلام علم و امن اور سچائی کا داعی دین ہے۔

منہاج اسلامک انسائیکلوپیڈیا کے ذریعے 40 سال سے زائد عرصہ کے دوران ہونے والے تحقیقی و تجدیدی کام تک ہر ایک کی رسائی بہت آسان ہو گئی ہے

اصلاحِ احوال اور امن بقائے باہمی کی سوچ کے ساتھ ہزاروں افراد کا برطانیہ جیسے ملک میں جمع ہونا ایک مسحور کن منظر ہے۔ برطانیہ اور یورپ میں مقیم نوجوانوں کا اصلاحِ احوال کے لیے اتنی بڑی تعداد میں اکٹھا ہونا، اس بات کا ثبوت ہے کہ مسلم نوجوان، سکالرز، پروفیشنلز، خواتین اور جوان خدمتِ دین، تعمیر و ترقی، انسانیت کی بہبود اور بین المذاہب رواداری کے جذبے سے لبریز ہیں۔

انہوں نے نوجوانوں کو نصیحت کی کہ جدید علوم کو اپنا اوڑھنا بچھونا بنائیں۔ نفرت، تنگ نظری، عدمِ برداشت کے الفاظ اپنی ڈکشنری سے نکال دیں۔ حضور نبی اکرم ﷺ اپنوں اور بیگانوں سبھی کو نظرِ شفقت کے ساتھ دیکھتے اور مخاطب فرماتے تھے۔ ریاستِ مدینہ کے اندر بلا رنگ و نسل، ذات پات اور مذہبی امتیاز کے تمام اقوام ملتِ واحدہ کی شناخت کے ساتھ تعمیر و ترقی کے عمل میں شریک تھیں۔ زوال کو کمال میں بدلنے کے لیے ریاستِ مدینہ کی انتظامی، سیاسی، سماجی، معاشی اور معاشرتی اقدار کو اپنانا ہوگا۔

الہدایہ کیمپ 2023ء کے پہلے سیشن سے نوجوان سکالر حماد مصطفی المدنی القادری نے خطاب کیا۔ شیخ الاسلام نے حماد مصطفی المدنی القادری کے پر مغز لیکچر پر انہیں مبارکباد دی اور کہا کہ یہی نوجوان ملک و ملت کا حُسن، سرمایہ اور محفوظ مستقبل ہیں۔

الہدایہ کیمپ2023ء میں منہاج اسلامک انسائیکلوپیڈیا کی عظیم الشان افتتاحی تقریب بھی منعقد ہوئی۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے منہاج اسلامک انسائیکلوپیڈیا کا باضابطہ افتتاح فرمایا۔ انہوں نے افتتاحی تقریب میں اعلان کیا کہ انہوں نے آج تک اپنے موبائل میں کوئی ایپ ڈاؤن لوڈ نہیں کی۔ پہلی مرتبہ وہ اِسے ڈاؤن لوڈ کررہے ہیں جس پر ہزار ہا شرکائے کیمپ نے تالیاں بجائیں۔

شیخ الاسلام نے افتتاحی تقریب کے بعد منہاج اسلامک انسائیکلوپیڈیا کے مختلف مراحل، اس کی اہمیت کے بارے میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ مجھے یہ جان کر بے حد خوشی ہو رہی ہے کہ منہاج القرآن انٹرنیشنل نے علوم القرآن، علوم الحدیث سمیت دیگر علوم کے حوالے سے گزشتہ40سال کے دوران علمی و تحقیقی سطح پر خدمتِ دین کا جو فریضہ انجام دیا ہے اس سارے کام کو Digitilizeکیا جارہا ہے اور اس سلسلے میں منہاج اسلامک انسائیکلو پیڈیا کے نام سے ایک سرچ انجن تیار کیا جارہا ہے جس کے پہلے مرحلے کی آج تقریب رونمائی ہے۔

منہاج اسلامک انسائیکلوپیڈیا کے ذریعے 40 سال سے زائد عرصہ کے دوران ہونے والے تحقیقی و تجدیدی کام تک ہر ایک کی رسائی بہت آسان ہو گئی ہے بلکہ یہ کہنا چاہیے کہ اس سرچ انجن کے ذریعے 4دہائیوں تک پھیلا ہوا علمی کام سمٹ کر آپ کی مٹھی میں آگیا ہے۔ منہاج اسلامک انسائیکلو پیڈیا کے سرچ انجن کی تیاری کا کام ”گرین پروفیشنل فورم“ نے اپنے ذمہ لیا، انہوں نے اس اہم کام کے لئے خود وسائل جمع کر کے آئی ٹی ایکسپرٹس کی مدد سے اس سرچ انجن کا پہلا مرحلہ مکمل کیا ہے، جس پر میں انہیں دل و جان سے مبارکباد دیتا ہوں۔

الہدایہ کیمپ کا مقصد یورپ و برطانیہ میں مقیم مسلم فیملیز اور نوجوانوں کی اِخلاقی و روحانی تربیت کے ساتھ ساتھ اُنہیں عصری چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کی گائیڈ لائن مہیا کرنا ہے۔

یہ سرچ انجن منہاج القرآن کے تحقیقی و تجدیدی کام کو آئندہ نسلوں تک پہنچانے کے حوالے سے گیٹ وے کا درجہ رکھتا ہے۔ تحریک منہاج القرآن اب Digital Era میں داخل ہو گئی ہے۔ منہاج القرآن کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے اور ہمیشہ رہے گا کہ پاکستان کی یہ واحد مذہبی، اصلاحی، فلاحی تحریک ہے جس نے سب سے پہلے اس وقت کمپیوٹر ٹیکنالوجی کااستعمال شروع کیا جب گورنمنٹ کے ادارے اور مختلف تحریکیں ٹائپ رائٹر کا استعمال کرتے تھے اور جب عام آدمی نے ویب سائٹ کا نام بھی نہیں سنا تھا اس وقت منہاج القرآن نے اپنی ویب سائٹس بنا لی تھیں۔ الحمدللہ آج ایک قدم اور آگے آتے ہوئے منہاج القرآن نے گوگل کی طرز پر اپنا سرچ انجن بنانے کے کام کا پہلا مرحلہ طے کر لیا ہے۔

آج کا نوجوان نیٹ یوزر ہے۔ پاکستان جیسے کم شرح خواندگی والے ملک میں بھی 10کروڑ سے زائد لوگ موبائل استعمال کرتے ہیں، سوشل میڈیا اور مختلف Gagets کے لئے نیٹ استعمال کرنے والوں کی تعداد بھی کروڑوں میں ہے۔ اتنی بڑی نیٹ یوزر آبادی کو نظر انداز نہیں کیاجاسکتا۔ ان کے ذوق اور شوق کے مطابق منہاج اسلامک انسائیکلوپیڈیا لانچ کیا جارہا ہے۔ اس سرچ انجن کے ذریعے آپ اپنی پسند کے موضوع اور مستند مواد تک آسانی سے رسائی حاصل سکتے ہیں۔

اس سرچ انجن کی ضرورت اس لئے بھی محسوس کی گئی کہ طلبہ و طالبات، اساتذہ، محققین اور عام یوزر کو اسلام کے بارے میں غلط معلومات سے بچایا جائے اور ان کو مستند معلومات تک رسائی دی جائے۔ انتہا پسندی اور دہشت گردی کی بہت ساری شکلیں ہیں، نوجوانوں کو اسلام کی اصل تعلیمات اور معلومات سے محروم رکھنا بھی ایک فکری دہشت گردی ہے، قرآن مجید کے غلط تراجم وائرل کئے جاتے ہیں، حضور نبی اکرم ﷺ کے ساتھ غلط احادیث منسوب کی جاتی ہے، فقہ کے امور کے بارے میں نئی نسل کو گمراہ کرنے کی کوشش کی جاتی ہے، اسلام کے فلسفۂ جہاد، روحانیت اور تصوف کے بارے میں گمراہ کرنے کی کوشش کی جاتی ہے، یہ سرچ انجن عقائدِ صحیحہ کی درست معلومات کی فراہمی کے لئے ان شاء اللہ اُمت کے لئے نعمت ثابت ہو گا۔

الہدایہ کیمپ کا مقصد مادیت پرستی، انتہا پسندی، فرقہ واریت اور اسلاموفوبیا جیسے مسائل سے نمٹنے کے لئے نوجوانوں کو فکری اعتبار سے واضحیت دینا ہے۔

اس سرچ انجن کے ذریعے نوجوانوں اور طلبہ و طالبات کے لئے دینی تحقیق اور دین کی درست تفہیم کا کام آسان ہو گیا ہے اور فوری اور درست معلومات تک رسائی حاصل کرنے کے لئے اب لائبریریاں کھنگھالنے کی ضرورت نہیں ہے۔

برطانیہ اور یورپ میں مقیم نوجوانوں کا اصلاحِ احوال کے لیے اتنی بڑی تعداد میں اکٹھا ہونا، اس بات کا ثبوت ہے کہ یہ تمام خدمتِ دین، تعمیر و ترقی، انسانیت کی بہبود اور بین المذاہب رواداری کے جذبے سے لبریز ہیں۔

آپ منہاج اسلامک انسائیکلوپیڈیا پر آ کر اپنی پسند کا موضوع کمپوز کریں گے تو آپ کے سامنے وہ ساری معلومات اوپن ہو جائیں گی۔ مثال کے طور پر آپ یہ چاہتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے قرآنِ مجید میں نماز کا کہاں کہاں، کس کس آیت کریمہ میں ذکر کیا ہے تو آپ لفظ نماز لکھیں گے اور ساری معلومات آپ کے سامنے آ جائے گی۔ اسی طرح جیسے میں نے ایک ہزار سے زائد کتب تحریر کی ہیں جن میں 630 سے زائد شائع ہو چکی ہیں، آپ ان تمام کتب تک بھی گھر بیٹھے تھوڑے سے وقت میں رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔

گرین پروفیشنل فورم نے نصف صدی پر محیط مشن کے علمی ذخیرہ کو digitilize اور Globalize کر دیا ہے، منہاج القرآن اب Digital World کا حصہ ہے اور بتدریج ہم ان شاء اللہ تعالیٰ آگے بڑھتے رہیں گے۔

ہر شخص اپنے پلے سٹور پر جا کر منہاج اسلامک انسائیکلوپیڈیا کو ڈاؤن لوڈ کرے، اس کو سٹڈی کرے اور پھر اسے مزید آسان، موثر اور مفید بنانے کے لئے اپنی تجاویز بھی دے۔ یہ آغاز ہے۔ آپ کی ان پٹ بہت ضروری ہے۔ میں بارِ دیگر گرین پروفیشنل فورم کے ذمہ داروں کو اور منہاج القرآن انٹرنیشنل کے مرکزی سیکرٹریٹ سے جن ڈیپارٹمنٹس اور افراد نے اس اہم کام میں معاونت کی، ان سب کو مبارکباد دیتا ہوں۔