مرکزی وفد کا دورہ سوات ڈویژن

گذشتہ ماہ جولائی میں محترم ساجد محمود بھٹی (ناظم تنظیمات) کی قیادت میں مرکزی وفد نے سوات ڈویژن کا دورہ کیا۔ مشتاق علی خان سہروردی (امیر تحریک خیبر پختونخواہ) اور اشتیاق حنیف مغل (مرکزی نائب صدر MYL) بھی وفد میں شامل تھے۔ اس دورہ کے دوران وفد نے علماء و مشائخ، نامور شخصیات اور تنظیمی کارکنان سے خصوصی ملاقاتیں کیں۔ اس دورہ کی مختصر رپورٹ درج ذیل ہے :

٭ مرکزی قائدین نے مردان میں حضرت علامہ محمد عالم زیب سے ملاقات کی۔ ان کا شمار سوات اور دیر کے علاقہ جات کے جید علماء میں ہوتا ہے۔ آپ کے سینکڑوں طلبہ فارغ التحصیل ہو کر علاقہ میں اشاعت دین کے کام میں مصروف ہیں۔ اس نشست کے بعد محترم علامہ محمد عالم زیب نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی قیادت پر بھر پور اعتماد کرتے ہوئے تحریک منہاج القرآن میں شمولیت کا اعلان کیا۔ بعد ازاں صوبائی امیر تحریک مشتاق علی خان سہروردی اور نائب امیر تحریک بخت زمان سے مشاورت کے بعد حضرت علامہ عالم زیب کو ضلع سوات میں تحریک منہاج القرآن کا نگران اور کوآرڈینیٹر نامزد کیا گیا۔

٭ وفدمیں شامل احباب نے مینگورہ میں تحریک منہاج القرآن ناظرہ سینٹر کی تقریب تکمیل قرآن میں شرکت کی۔ تقسیم اسناد کے بعد شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ساجد محمود بھٹی (ناظم تنظیمات) نے علم اور اسلام کے تصور امن اور حقیقی تعلیمات پر گفتگو کرتے ہوئے تحریک منہاج القرآن اور شیخ الاسلام کی خدمات کا تذکرہ کیا۔

٭ وفد نے مرغزار میں محترم دعا خان کی قیادت میں مقامی تحریکی احباب سے ملاقات کی۔ جس میں تحریکی پالیسیوں اور دیگر سرگرمیوں کی بریفنگ دی۔

٭ مرکزی رہنماؤں نے کالام بازار میں تحریک منہاج القرآن کے دفتر کا افتتاح کیا اور مقامی احباب کے ساتھ میٹنگ کی۔ اس موقع پر محترم حاجی عنایت اللہ صدر تحریک اور محترم محمد خالد خان ناظم تحریک نے کارکردگی بیان کی۔ اس کے بعد محترم مشتاق علی خان سہروردی امیر تحریک صوبہ خیبر پختونخواہ اور محترم عالمزیب نے گفتگو فرمائی۔ اس موقع پر تحریک منہاج القرآن، یوتھ لیگ اور MSM کی تنظیم سازی بھی کی گئی۔ بعد ازاں مشاورت کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ ضلع سوات میں دروس قرآن، عرفان القرآن کورسز اور منہاج القرآن لائبریریز کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ اس موقع پر محترم علامہ محمد عالمزیب نے پہلے سے تیار شدہ ایک مدرسہ تحریک منہاج القرآن کے نام کرنے کا فیصلہ کیا۔ جس پر محترم ساجد محمود بھٹی نے ان کا شکریہ ادا کیا۔ بعد ازاں اس مدرسہ کا وزٹ بھی کیا گیا۔

٭ وفد نے کالام کے بعد مدین کا دورہ کیا۔ محترم علامہ سراجدین سرپرست تحریک منہاج القرآن بدین نے وفد کو خوش آمدید کہا۔ اس موقع پر تنظیمی احباب سے بھرپور مشاورت کے بعد بحرین اور مدین میں تحریک منہاج القرآن، یوتھ لیگ اور MSM کی تنظیم سازی کی گئی۔

٭ مرکزی وفد کالام کے بعد میاندم کے لئے روانہ ہوا۔ میاندم میں محترم انعام اللہ خان (منہاجین صدر تحصیل) نے مرکزی وفد کا استقبال کیا۔ اہل علاقہ اور تحریکی کارکنان سے نشست ہوئی جس میں محترم مشتاق علی خان سہروردی اور محترم اشتیاق حنیف مغل نے دہشت گردی کے اسباب اور تدارک پر گفتگو کی اور تحریک منہاج القرآن کا تعارف کروایا۔ محترم ساجد محمود بھٹی نے شرکاء کو منہاج القرآن کے تحت ویلفیئر کی سرگرمیوں بالخصوص متاثرین سوات آپریشن اور متاثرین سیلاب سوات کے لئے کی گئی کاوشوں کا ذکر کیا۔ بعد ازاں میاندم میں تحریک منہاج القرآن اور یوتھ لیگ کی تنظیم سازی کی گئی۔

اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے سوات میں لوگوں نے تحریک منہاج القرآن کے تحت ویلفیئر سرگرمیوں کو بہت سراہا ہے۔ ایک سال کے قلیل عرصہ میں تحریک کا کام منظم انداز میں آگے بڑھ رہا ہے۔ مرکزی وفد نے اس موقع پر ہر تنظیم کو شیخ الاسلام کی جانب سے جاری فتویٰ کی کاپیاں اور CD's تحفۃً پیش کیں۔

بلوچستان

(رپورٹ : حافظ عبدالجبار)

تحریک منہاج القرآن کے اصلاحی، علمی اور روحانی پیغام کے فروغ کے لئے سوئی (بلوچستان) کے ذمہ داران کا ایک اہم اجلاس ہوا۔ محترم حاجی محمد عارف (صدر تحریک اور منہاج القرآن سوئی، ضلع ڈیرہ بگٹی بلوچستان) کی زیر صدارت منعقدہ تحریک اور منہاج القرآن یوتھ لیگ سوئی کے مشترکہ اجلاس میں محترم حاجی فیض محمد حسینی (امیر تحریک سوئی)، محترم جمیل اسلم صدیقی (ناظم مالیات تحریک سوئی)، محترم حاجی عبدالحفیظ (ناظم نشرو اشاعت تحریک سوئی)، محترم خالد محمود سومرو (سیکرٹری جنرل منہاج القرآن یوتھ لیگ سوئی) اور راقم نے شرکت کی۔ اس اجلاس میں کئے گئے فیصلہ جات کے مطابق عظیم الشان محفل منعقد کی گئی۔

اس محفل میں معروف روحانی شخصیت پیر طریقت محترم الحاج امیر الدین سیفی دامت برکاتہم العالیہ نے خصوصی شرکت کی۔ پروگرام کی صدارت سوئی کی معروف مذہبی شخصیت محترم حاجی محمد عثمان سہروردی نے کی۔ جملہ انتظامی امور کی ذمہ داری گل گوہر بگٹی (صدر منہاج القرآن یوتھ لیگ سوئی) اور ان کے ساتھیوں نے انتہائی خوبصورتی سے انجام دیتے ہوئے جلسے کی کامیابی میں انتہائی اہم کردار ادا کیا۔

ظفر کالونی سوئی میں ہونے والا یہ پروگرام دو سیشنز میں منعقد ہوا۔ نقابت کے فرائض محترم عطا محمد (سینئر نائب ناظم تحریک منہاج القرآن سوئی) نے انجام دیئے۔ محترم محمد عبداللہ نے تلاوت قرآن کی سعادت حاصل کی۔ محترم نسیم الحسن، محترم نور حسن، محترم نبی بخش اور محترم محمد عبداللہ اور دیگر مقامی نعت خواں حضرات نے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں نذرانہ عقیدت پیش کرنے کی سعادت حاصل کی۔

نماز عصر کے بعد جلسے کے دوسرے سیشن کا آغاز ہوا۔ تلاوت کلام پاک کی سعادت محترم جناب محمد عثمان نے حاصل کی۔ نقابت کا فریضہ محترم جناب گل گوہر بگٹی (صدر منہاج القرآن یوتھ لیگ سوئی) نے انجام دیئے۔ نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پیش کرنے کی سعادت محترم فیض محمد حسینی، محترم غلام اکبر عطاری اور محترم محمد عالم نے حاصل کی۔ اس موقع پر محترم الحاج امیرالدین سیفی نے شان مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر خوبصورت علمی و فکری خطاب فرمایا۔

جلسے کے اختتام پر صدر تحریک منہاج القرآن سوئی محترم حاجی محمد عارف نے مہمان گرامی کو سوینئر پیش کئے۔

آزادکشمیر میں تربیتی کیمپ کا انعقاد

تحریک منہاج القران آزاد کشمیر کے زیرانتظام مرکزی نظامت تربیت تحریک منہاج القران نے آزاد کشمیر کے پرفضا مقام بنجوسہ راولاکوٹ میں گذشتہ ماہ دو روزہ تربیتی کیمپ منعقد کیا۔ جس میں آزاد کشمیر بھر سے تحریک کے عہدیداران اور رفقاء وابستگان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تحریک منہاج القران کے سینئر نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض، مرکزی ناظم تنظیمات ساجد محمود بھٹی، مرکزی ناظم تربیت علامہ غلام مرتضیٰ علوی اور MSM پاکستان کے سینئر وائس پریذیڈنٹ میاں آصف چشتی نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ تلاوت اور نعت شریف سے کیمپ کے آغاز کے بعد ناظم کشمیر حافظ احسان الحق نے استقبالیہ کلمات پیش کیے اور تمام شرکاء کیمپ اور مہمانان گرامی کو خوش آمدید کہا۔

ناظم تربیت علامہ غلام مرتضیٰ علوی نے کیمپ کے اغراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ تحریک منہاج القران عظیم علمی، فکری، اخلاقی اور روحانی تحریک ہے جو اپنے کارکنان کو انقلاب آشنا کرنے کے لیے تربیتی کیمپس کا انعقاد کرتی ہے۔ اس کیمپ کا مقصد بھی عہدیداران، رفقا اور اراکین کے من کو انقلاب آشنا کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی تنظیمی تربیت کرنا مقصود ہے۔

سینئر نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض نے تحریک بیداری شعور کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج کے دور میں آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے دین کی نوکری کا نام منہاج القران ہے۔ منہاج القران اللہ اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا راستہ ہے، شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے ہمیں اس خاص رشتے میں پرو دیا ہے۔ اگر ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان کی عوام خوشحالی کی زندگی بسر کریں، امن و سکون ہو تو پھر ہمیں اس ظالمانہ اور استحصالی نظام کے خلاف عوام کے دلوں میں نفرت پیدا کرنی ہوگی۔ ہر کارکن میں منہاج القران کی خوشبو آنی چاہیے۔

ناظم تنظیمات ساجد محمود بھٹی نے آئندہ سال کے اہداف، بیداری شعور، عملی اقدامات اور مشاورت و فیصلہ جات پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کارکنان کو اپنے اہداف کا پاپند ہونا چاہیے۔ ہماری تمام تر کاوشیں مصطفوی انقلاب کے لیے ہیں، انقلاب کے لیے افرادی قوت ضروری ہے بیداری شعور کے لیے شیخ الاسلام کے خطابات پر وجیکٹرز پر عوام کو سنوائے جائیں۔ شیخ الاسلام کی CDs کو بڑے پیمانے پر کشمیر بھر میں تقسیم کیا جائے۔ آزاد کشمیر میں اس سال 45000 افراد کو تحریک سے وابستہ کیا جائے۔ اس مقصد کے لیے آزاد کشمیر کی ذیلی تنظیمات کو بھی شیخ الاسلام کا پیغام امن و محبت گھر گھر پہنچانے کے لیے اقدامات کرنے ہوں گے۔

بعد ازاں کیمپ کے دوران ناظم تربیت علامہ غلام مرتضیٰ علوی نے تنظیمی زندگی میں ’’اخلاص و للہیت‘‘، ’’عہدہ ذمہ داریاں‘‘ اور ’’آئیں دین سیکھیں کورس‘‘ کے حوالے سے خصوصی گفتگو کی۔

اس تربیتی کیمپ میں بیداری شعور کے لیے تجاویز حاصل کرنے سے شرکاء کیمپ کو گروپس میں تقسیم کیا گیا اور ہر گروپ کے نمائندہ نے باہمی مشاورت سے تحریر کردہ تجاویز کو حاضرین کے سامنے رکھا۔ ناظم تنظیمات ساجد محمود بھٹی نے بتایا کہ ان شاء اللہ ستمبر کے دوسرے ہفتے سے مظفرآباد ڈویژن سے بیداری شعور کنونشنز کا آغاز ہوگا۔ یہ کنونشنز ضلعی سطح پرہوں گے۔

MSM کے سینئر وائس پریزیڈنٹ میاں عمران آصف چشتی نے لیڈر شپ کو موضوع پر سیر حاصل گفتگو کی۔ اس موقع پر حافظ محمد عمیر کو MSM آزاد کشمیر کا کنونیئر مقرر کیا گیا۔

اس تربیتی کیمپ میں حافظ احسان الحق (ناظم کشمیر) نے مختلف تحریکی سرگرمیوں پر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر نیلم، عباس پور، کوٹلی، میرپور، بھمبر، کھوئی رٹہ، منگلا، پلندری، چڑہوئی، ہجیرہ اور سدھنوتی کی تحصیلی تنظیمات کیلئے خصوصی شیلڈز کا اعلان کیا۔

اس کیمپ کی کامیابی میں انتہائی اہم کردار ادا کرنے پر تحصیل ناظم راولاکوٹ سردار عتیق احمد طاہر، ناظم مالیات آزاد کشمیر سجاد احمد ملک اور ان کے ساتھیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا اور ان کے لئے بھی خصوصی شیلڈز کا اعلان کیا گیا۔ امیر کشمیر سید ابرار سرور شاہ نے مہمانان گرامی اور شرکاء کیمپ کا شکریہ ادا کیا۔

تربیتی کیمپ میں محفل نعت و ذکر کا خصوصی طور پر اہتمام کیا گیا۔ جس میں عزیز احمد قادری، منہاج نعت کونسل برنالہ، حافظ محمد عمیر، محمد اشتیاق، مظہر حسن قادری اور خورشید قادری نے ہدیہ عقیدت پیش کیا۔ پروگرام میں نقابت کے فرائض ناظم کشمیر حافظ احسان الحق نے ادا کیے۔

لیہ میں متاثرین سیلاب کی اجتماعی شادیاں

منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیراہتمام ماہ جولائی میں سیلاب کے 20 متاثرہ خاندانوں کے دس جوڑوں کی اجتماعی شادی کا اہتمام کیاگیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی ڈائریکٹر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن محترم افتخار شاہ بخاری تھے اور تقریب کی صدارت امیر پنجاب محترم احمد نواز انجم نے کی جبکہ نائب ناظم اعلیٰ محترم رانا فیاض احمد خان نے خصوصی شرکت کی۔ اس کے علاوہ علاقے کے سیاسی و سماجی افراد نے خصوصی شرکت کی۔ تقریب کی نظامت کے فرائض انجینئر محترم رفیق نجم نے سرانجام دیئے۔

500 باراتی تقریب میں شریک ہوئے، شادی کی اس تقریب میں ہر دلہن کو ایک لاکھ روپے کے برائیڈل گفٹس دیئے گئے۔ برائیڈل گفٹس میں عرفان القرآن، المنہاج السوی، ڈبل بیڈ بمع مولٹی فوم، گیس چولہا، ٹیبل، کرسیاں، واشنگ مشین، سلائی مشین، پیڈسٹل فین، جستی پیٹی، ڈبل بیڈ رضائی، TEA سیٹ، کٹلری سیٹ و دیگر ضروریات زندگی کا سامان دیا گیا جبکہ مہمانوں نے تمام دلہا حضرات کو گھڑی کے تحفے دیئے اور دلہنوں کو MWF کی جانب سے سلامی دی گئی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محترم افتخار شاہ بخاری نے کہا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نے ایک سال قبل متاثرین کی بحالی کیلئے کام شروع کیا جو آج بھی یہ خدمت سرانجام دے رہی ہے۔ MWF کے تحت مکانات کی تعمیر مکمل کرکے متاثرین میں تقسیم کرنے کا عمل بھی جاری ہے۔

تقریب سے علاقے کےMPA سمیت معروف سیاسی و سماجی شخصیات نے خطاب کیا۔

متاثرین سیلاب میں چیکس اور مکانات کی چابیوں کی تقسیم

لیہ میں اجتماعی شادیوں کی تقریب کے موقع پر37 متاثرین سیلاب کو امدادی چیکس اور مکانات کی تعمیر کے بعد علامتی چابیوں کی تقسیم کی تقریب منعقد ہوئی۔ محترم افتخار شاہ بخاری، محترم رانا فیاض احمد خان، محترم احمد نواز انجم و دیگر عہدیداران نے متاثرین میں چیکس تقسیم کیے اور گھروں کی علامتی چابیاں پیش کی گئیں۔

جن متاثرین کے گھروں کی جزوی تعمیر اور مکمل تعمیر کی گئی ان احباب کے نام حسب ذیل ہیں۔ سیف اللہ خان، ڈاکٹر بلال، محمد غفور حسین، محمد شاویز، رضیہ بی بی، غلام حسین، پیر جندوڈھ، قاری محمد رمضان، پیر محمد شاہ گیلانی، محمد افضل، ریاض حسین، جمشید علی اور میلادی خان شامل ہیں۔

درج ذیل احباب کو امدادی چیکس تقسیم کیے گئے۔ ڈاکٹر نور محمد، فلک شیر کلواڑ، شیخ عبدالحمید، ملک نذیر احمد سائیں، ڈاکٹر محمد سلیمان جوتہ، ملک محمد فاروق، واحد بخش کالرو، امام بخش، محبوب حسین، محمد رفیق فاروقی، حافظ عبدالرشید، محمد ہاشم، رشید احمد، محمد ہاشم، سلیم احمد، سیف اللہ، محمد اسلم، مہر مختیار حسین، غلام یاسین کلاسرہ، غلام عباس، کامران قادری، صفدر عباس اور مختیار حسین بھٹی شامل تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے MWF کے ڈائریکٹر محترم افتخار شاہ بخاری، محترم احمد نواز انجم، محترم محمد رفیق نجم، محترم قمر عباس و دیگر نے کہا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن پاکستان کی واحد تنظیم ہے جو ایک سال مکمل ہونے کے بعد بھی متاثرین سیلاب کی بحالی کیلئے اقدامات کی رہی ہے۔ متاثرین سیلاب نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کر تے ہوئے شیخ الا سلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا شکریہ ادا کیا۔