گلدستہ: طب یونانی اور ہماری صحت

ماریہ عروج

اللہ کی رضا کا حقیقی معیار

ایک شخص اللہ کا فرمانبردار ہے، دوسرا اللہ کا نافرمان ہے۔ دونوں مچھلی کا شکار کرنے جاتے ہیں، ایک اپنے بتوں کا نام لیتا ہے اور جال پھینکتا ہے، اس کے جال میں مچھلیاں آتی ہیں۔ دوسرا اللہ کا نام لیتا ہے اور جال پھینکتا ہے اور اس کے جال میں کچھ نہیں آتا، کوشش کرتے کرتے شام ہوجاتی ہے۔ وہ اللہ کا نافرمان، غیراللہ کا پکارنے والا اپنی مچھلیوں کا تھیلا بھر کر لاتا ہے اور یہ اللہ کا ماننے والا اپنا تھیلا خالی لے کر آتا ہے، اللہ کا فرشتہ (کراماً کاتبین، حساب کتاب لکھنے والا فرشتہ) غمگین ہوتا ہے اور عرض کرتا ہے کہ اے اللہ! وہ تیرا نام لینے والا خالی ہاتھ آرہا ہے اور تیرے دشمنوں کا نام لینے والا مچھلیوں سے بھرا ہوا تھیلا لارہا ہے۔ اس پر اللہ رب العزت فرشتے کو ان دونوں کا آخرت میں ٹھکانہ دکھاتے ہوئے کہتے ہیں کہ دیکھو! جو مچھلیاں بھر کے لارہا ہے اس کا ٹھکانہ جہنم ہے، مچھلیاں اس کے کس کام کی؟ اور جو خالی ہاتھ آرہا ہے اس کا مسکن یہ جنت ہے اور اس کا کوئی بدل نہیں ہے۔ جیسے ہم کہتے ہیں کہ وہ اتنے نافرمان ہیں لیکن پھر بھی مزے کررہے ہیں اور یہ اتنے فرمانبردار ہیں پھر بھی تکلیفوں میں مبتلا ہیں۔ ارے! اللہ کے یہاں مقبولیت اور پسندیدگی کا معیار کچھ اور ہے۔

چھلکا اسپغول

موجودہ بے ہنگم زندگی کھانے پینے میں بے اعتدالی مزید برآں غیر متوازن خوراک کا حصول اور آلودگی وغیرہ کی وجہ سے مختلف بیماریوں میں بتدریج اضافہ ہورہا ہے۔ اگرچہ یہ بیماریاں پہلے بھی موجود تھیں مگر ان کی شرح اتنی زیادہ نہ تھی جتنی کہ اب ہے۔ مشہور مقولہ ہے کہ ’’جنگوں میں اتنے افراد نہیں مرتے جتنے پیٹ کے ہاتھوں ہلاک ہوتے ہیں‘‘غیر متوازن خوراک، ہوٹلوں، بازاری کھانوں، فاسٹ فوڈ، چائے، کولا مشروبات کا کثرت سے استعمال اور اس طرح کے دیگر عوامل سے ہمارا نظام ہضم اس قدر متاثر ہوتا ہے کہ معدہ، آنتیں اور دیگر نظام ہضم میں مددگار اعضا کے افعال میں خلل واقع ہوجاتا ہے۔

طب یونانی ایک مسلمہ قدرتی طریقہ علاج ہے اور اپنی شفا بخشی اور ما بعد اثرات سے پاک ادویات کی وجہ سے اسے قبولیت عامہ کا درجہ حاصل ہے۔ زمین پر جابجا پھیلی جڑی بوٹیاں قدرت کی صناعی کا عظیم مظہر ہیں اور ان میں شفا بخشی کے اثرات بدرجہ اتم موجود ہیں۔ اسپغول ایک مشہور پودا ہے۔ اس کے بیج اور بھوسی (چھلکا) دونوں ادویاتی طور پر استعمال کیے جاتے ہیں۔ اسپغول (بیج اور چھلکا) میں ایک پانی جذب کرنے والا مادہ (Mucilage) پایا جاتا ہے جو کہ پانی کی موجودگی میں پھول جاتا ہے اور جیلی جیسا بن جاتا ہے۔ طبی لحاظ سے اس کا مزاج دوسرے درجے میں سرد تر ہے۔ اسپغول تیزابیت اور السر جیسے عوارضات میں بڑے اعتماد کے ساتھ استعمال کیا جارہا ہے اور بے ضرر شفاء بخش تاثیر کی وجہ سے اس کا شمار عام گھریلو نسخوں میں ہوتا ہے۔ کیمیائی لحاظ سے اسپغول لیسدار اور چربیلے مادے لحمی روغن Fatty Oil وٹامن اور نشاستہ پر مبنی ہے اور اس کے بیجوں سے ایک گلائیکو سائیڈ آکیو بن (Aucubin) حاصل ہوتا ہے۔ اپنے انہی کیمیائی اجزاء کی وجہ سے مختلف امراض میں مفید ثابت ہوا ہے۔ چھلکا اسپغول کی اسی افادیت کو بڑھانے میں معاون ثابت ہوتا ہے۔

چھلکا اسپغول کی معالجاتی خصوصیات:

جب چھلکا اسپغول کو پانی میں بھگودیتے ہیں تو خاصی مقدار میں لیسدار مادہ پیدا ہوتا ہے۔ معدہ کے خامرے (Enzymes) اس لیس دار مادہ پر عمل نہیں کرتے۔ لہذا یہ لیس دار مادہ آنتوں میں بغیر ہضم ہوئے ان کی دیواروں کو نرم کرتے ہوئے گزر جاتا ہے۔

  • السر کے مریضوں میں چھلکا اسپغول کا لیسدار مادہ السر کے اوپر تہہ بنادیتا ہے جس سے السر کو ٹھیک ہونے میں مدد ملتی ہے۔
  • چھلکا اسپغول کے لیس دار مادہ میں اللہ تعالیٰ نے یہ خوبی رکھی ہے کہ یہ نقصان دہ بیکٹیریا کے پیدا کئے ہوئے مادہ کو جذب کرلیتا ہے اور اسے بے اثر بنادیتا ہے۔
  • معدہ اور آنتوں میں چھلکا اسپغول کافی مقدار میں پانی جذب کرلیتا ہے اور اس کی شکل جیلی کی طرح ہوجاتی ہے جو آنتوں کی دیواروں کو خراش سے محفوظ رکھتا ہے اور تیزابیت کو ختم کرتا ہے۔
  • چھلکا اسپغول پیاس میں بھی تسکین دیتا ہے۔
  • یہ خون میں بڑھے ہوئے کولیسٹرول کو کم کرتا ہے۔

ترکیب استعمال:

پیاس کی شدت، گرمی، پیچش میں دن میں دو مرتبہ دو چمچ چائے والے (۷ گرام) ایک ہی کپ دہی میں ملا کر کھلائیں۔ 12 سال سے کم عمر کے بچوں کو نصف خوراک دیں۔

انڈے کا کٹاکٹ

اجزاء:

انڈے چار عدد، پیاز ایک عدد، لہسن پیسٹ ایک چائے کا چمچ، میتھی دانہ ساتھ آٹھ دانے، پسا ہوا دھنیا دو چائے کے چمچ، ہلدی پائوڈر آدھا چمچ، دہی دو چائے کے چمچ، سرخ مرچ پائوڈر ایک چائے کا چمچ، نمک حسب ضرورت، تیل حسب ضرورت، ہری مرچ تین سے چار عدد، ہرا دھنیا سجاوٹ کے لیے

ترکیب:

ایک بڑی دیگچی میں گھی گرم کریں۔ اس میں باریک کٹی ہوئی پیاز ڈال کو گولڈن برائون کرلیں۔ پھر اس میں میتھی دانہ، پسا ہوا دھنیا، مرچ، لہسن، نمک ڈال کر ایک پیالی پانی میں شامل کرکے پکنے دیں جب مصالحہ تیار ہوجائے تو دہی ڈال دیں۔ مزید پکائیں۔ اب اس مصالحے میں انڈے توڑ کر شامل کریں اور خوب اچھی طرح بھون لیں۔ انڈے کا کٹا کٹ تیار ہے۔ ہری مرچ اور ہرا دھنیا اوپر سے شامل کرکے پیش کریں۔