منہاج القرآن ویمن لیگ کا نظام تربیت انسان کو مقصد حیات کا شعور دے کر اور تربیت کی وادی سے گزار کر کامل و اکمل بنادیتا ہے۔ اگر تاریخ کے روشن دریچوں میں جھانک کر دیکھیں تو صرف ان عظیم شخصیات کے کارنامے رقم ہیں جو اللہ رب العزت کے کرم سے سخت ترین تربیتی مراحل سے گزرے ہیں۔ یہاں تک کہ تاریخ خود ان کی گواہ ہے کیونکہ
مٹادے اپنی ہستی کو اگر کچھ مرتبہ چاہے
کہ دانا خاک میں مل کر گل و گلزار ہوتا ہے
اگر ہم مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے کامیاب اور باصلاحیت افراد کی زندگیوں کا جائزہ لیں تو ہم دیکھتے ہیں کہ ان کی صلاحیتوں اور کامیابیوں کے پیچھے تربیت کا بہت بڑا ہاتھ ہے اور جتنا بڑا اور اہم کام ہو مراحل بھی اتنے ہی کٹھن اور مشکل ہوتے ہیں۔ گھر کے چھوٹے چھوٹے امور سے لے کر تعمیر معاشرہ میں عورت کا بہت بڑا کردار ہوتا ہے۔ یہ عورت ہی ہے جس نے کئی روشن مینار کبھی غوث الوریٰ رحمۃ اللہ علیہ، کبھی امام غزالی رحمۃ اللہ علیہ، ابن خلدون رحمۃ اللہ علیہ، گنج بخش علی ہجویری رحمۃ اللہ علیہ اور کبھی سیدی شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری عطا کیے۔
ایک روز حضرت بابا فرید گنج شکر رحمۃ اللہ علیہ اپنی والدہ سے عرض کرنے لگے اماں جان میں نے جب سے ہوش سنبھالا ہے میری ایک بھی تہجد قضاء نہیں ہوئی تو آپ رحمۃ اللہ علیہ کی والدہ فرمانے لگیں بیٹا فرید یہ جو آپ کی تہجد تک بھی کبھی قضا نہیں ہوئی اس میں آپ کا کمال نہیں بلکہ میرا کمال ہے کہ میں نے تجھے کبھی بغیر وضو کے دودھ نہیں پلایا تھا۔
معاشرے کی تربیت کا تاج عورت کے سر ہے۔ زندگی کے سب سے بڑے مقصد کی تکمیل اور انجام دہی اعلیٰ تربیت کے بغیر ممکن نہیں۔ اس سلسلے میں منہاج القرآن ویمن لیگ کے تحت نظام تربیت کا قیام عمل میں لایا گیا۔ جس کے بنیادی مقاصد یہ ہیں:
- مقصد حیات کے شعور سے آگاہی
- قرآن و حدیث کی تعلیمات کو عام کرنا
- خدمت دین کا جذبہ بیدار کرکے بامقصد زندگی گزارنے کے لیے عملی تربیت
- تعمیر شخصیت کے ذریعے موثر کردار کی حامل خواتین کی تیاری
ان مقاصد کے حصول کے لیے نظامت تربیت کے تحت مختلف سرگرمیوں کا اہتمام کیا جاتا ہے اور تمام ممکنہ تربیتی ذرائع ورکشاپس، کیمپس، ڈسکشنز، نشستیں، کتب لٹریچر اور دیگر چیزوں کو بھی بروئے کار لایا جاتا ہے۔ ان میں سے چند اہم ذرائع درج ذیل ہیں:
1۔ اسلامک لرننگ کورس
ہر سال موسم گرما کی تعطیلات میں خواتین و طالبات کے لیے بنیادی اسلامی تعلیمات خصوصاً قرآن پاک کی تجوید، ترجمہ، تفسیر، حدیث مبارکہ کا فہم فقہ کے بنیادی مسائل بحیثیت مسلمان عورت کے کردار پر خصوصی تربیتی لیکچرز کا اہتمام ہوتا ہے اور اس دوران فکری اور شعوری تربیت کے ساتھ صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے فن نعت، فن خطابت، ڈسکشن، عملی مشقیں سوال و جواب کی نشستوں پر بھی خصوصی توجہ دی جاتی ہے تاکہ یہاں سے فارغ التحصیل ہونے کے بعد طالبات اپنی صلاحیتوں کو استعمال کرتے ہوئے اصلاح معاشرہ میں اپنا بھرپور تعمیری کردار ادا کرسکیں۔
2۔ عرفان القرآن کورس
قرآن پاک کتاب ہدایت اور موجودہ دور کے تمام مسائل کا حل ہے۔ قرآنی تعلیمات سے دوری کے باعث آج ہر فرد زندگی کے مختلف شعبہ جات میں ذلت کی زندگی گزارنے پر مجبور ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی وسعت نظری اور بصیرت نے امت مسلمہ کو ذلت کے اس گڑھے سے نکالنے کے لیے تفہیم و تعلیم کا جو سلسلہ شروع کیا وہ تاحال جاری ہے۔ منہاج القرآن ویمن لیگ پوری دنیا میں فہم القرآن کو عام کرنے کے لیے حلقہ جات اور عرفان القرآن سینٹرز کے منصوبہ جات پر کام کررہی ہیں۔
اس سلسلے میں بنیادی تعلیمات کی حامل خواتین کے لیے عرفان القرآن کورس کا اہتمام کیا جاتا ہے اور درس و تدریس کے حوالے سے معلمات کی تربیت کی جاتی ہے۔ منہاج القرآن کی تربیت یافتہ معلمات یہاں سے نور ہدایت لے کر معاشرے کو نور قرآن و حدیث سے منور کرتی ہیں۔ تحریک منہاج القرآن کے شعبہ تربیت کا مقصد قرآن اور صاحب قرآن صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے کٹا ہوا تعلق پھر سے بحال کرنا ہے۔
3۔ تنظیمات کیمپ
تنظیمات منہاج القرآن ویمن لیگ کا ہر اول دستہ ہیں جو دعوت الی اللہ، دعوت الی الرسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم، دعوت الی القرآن، دعوت الی العلم، دعوت الی اخوۃ، دعوت الی الجماعۃاور دعوت الی الاقامۃ کو منظم انداز میں پوری دنیا میں پہنچا رہی ہیں۔ اس ذمہ داری کو بڑے احسن انداز سے نبھانے کے لیے تنظیمات کی تربیت کا خصوصی اہتمام کیا جاتا ہے تاکہ دین کی دعوت دینے والی خواتین خود پہلے اس دعوت و تربیت کے مختلف مراحل سے گزر کر عملی نمونہ بن سکیں اور پھر اپنے نکھرے ہوئے اور تربیت یافتہ کردار سے معاشرے کو بدل سکیں۔
4۔ علاقائی ورکشاپس
مرکز پر منعقد ہونے والی تمام تربیتی سرگرمیاں اجتماعی ضروریات کو پیش نظر رکھ کر پلان کی جاتی ہیں۔ پاکستان بھر میں جہاں جہاں منہاج القرآن ویمن لیگ کی تنظیمات قائم ہیں وہاں وہاں علاقائی ضروریات کے مطابق تربیتی ورکشاپس اور کیمپوں کا انعقاد کیا جاتا ہے تاکہ عامۃ الناس ان تربیتی پروگرام سے فائدہ اٹھا کر اپنی اور افراد معاشرہ کی تربیت کی ذمہ داری احسن انداز سے ادا کرسکیں۔
5۔ اعتکاف کیمپ
انسان کی ظاہری شخصیت اس کی باطنی حالت پر منحصر ہوتی ہے۔ باطن کو سنوارنے کے لیے ریاضات و مجاہدات اور عبادات کا بڑا اہم کردار ہوتا ہے۔ اس مقصد کی تکمیل کے لیے منہاج القرآن کے پلیٹ فارم سے ہر سال رمضان المبارک کے آخری عشرہ میں مسنون اعتکاف کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ دوران اعتکاف نظامت تربیت 10 روزہ تربیتی پلان تیار کرتی ہے جس میں حلقہ عرفان القرآن، نوافل، وظائف، شب بیداریوں، دروس تصوف اور محافل ذکر و نعت کا اہتمام ہوتا ہے۔
6۔ لٹریچر
جہاں لیکچرز و خطابات اور ورکشاپس تربیت میں اہم کردار ادا کرتے ہیں وہاں تحریر کی اہمیت سے بھی انکار نہیں کیا جاسکتا اس سلسلے میں اسلامی مہینوں مثلاً رمضان المبارک، شعبان المعظم، ربیع الاول، محرم الحرام کے حوالے سے کتابچے تیار کرتی ہے جس میں ان مہینوں کے حوالے سے انفرادی اور اجتماعی معمولات پر رہنمائی دی جاتی ہے تاکہ خواتین اور تنظیمات ان مبارک مہینوں کے فیوض و برکات سے استفادہ کرسکیں۔