نظامت دعوت کے تحت احیائے اسلام اور حقیقی اسلامی اقدار کے فروغ کیلئے مختلف سطحوں پر دعوت پہنچائی جاتی ہے، قرآن و سنت پرمبنی اسلامی افکار کا فروغ،خواتین کو قرآن و سنت کی تعلیمات سے روشناس کروانا اور ان پر عمل پیرا ہونا،قرآن و سنت کی تعلیم کے ساتھ ساتھ فکری، نظریاتی، روحانی اور اخلاقی تربیت کا سامان بھی فراہم کیا جاتا ہے۔
اسی فورم کے تحت خواتین میں قرآن فہمی کا شعور پیدا کرنے اور دین کے مختلف پہلوؤں سے روشناس کروانے کیلئے حلقہ ہائے عرفان القرآن کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ہر یونین کونسل گلی محلے میں حلقہ درود و فکر کا قیام، عرفان القران کورس کا قیام، عرفان القرآن اکیڈمی کا قیام، آئیں دین سیکھیں کورس وغیرہ کا انعقاد بھی اسی فورم کے فرائض میں شامل ہے۔
کوچہ کوچہ گلی گلی عشق و محبت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور ربطِ رسالت کا پیغام پہنچانے کیلئے محافل میلاد ماہِ ربیع الاوّل میں بالخصوص اور پورا سال بالعموم جاری رہتی ہیں۔ نظامت دعوت کے تحت جہلم بھر میں میلاد مہم جوش و خروش اور بھرپور محنت سے چلائی جاتی ہے۔علاوہ ازیں مختلف دینی اور قومی تہواروں پر بھی تنظیمی سطح پر پروگرامز کا انعقاد کیا جاتا ہے جو کہ مشن کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
نظامتِ تربیت ویمن لیگ جہلم مختلف سطحوں پر تربیت کے امور سرانجام دے رہی ہے۔ اس ضمن میں طلباء و طالبات، کارکنان تحریک، اساتذہ منہاج ایجوکیشن سسٹم، دیگر کالجز و یونیورسٹیز کے طلباء اور مختلف طبقہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے اشخاص نظامتِ تربیت سے وقتاً فوقتاً مستفید ہوتے رہتے ہیں۔
یہ فورم تحریک منہاج القرآن کے جملہ مخلصین، معاونین، نقباء، ناظمین، صدور، امراء اور مرکزی ذمہ داران کی اخلاقی وروحانی، تحریکی وتنظیمی، تجدیدی و انقلابی، دعوتی وتبلیغی، فکری ونظریاتی تربیت کے مواقع فراہم کرنے میں مصروف عمل ہے۔
عامۃ الناس میں اس کمی کوبھی شدت سے محسوس کیا جا رہا تھا کہ مستقل تربیتی مرکز کا آغاز کیا جائے، لہٰذا اس خواب کو شرمندہء تعبیر کرنے کیلئے منہاج القرآن ویمن لیگ تحصیل جہلم نے فہم دین کورسز کا آغاز کیا، جن میں تحریک منہاج القرآن کے رفقاء و اراکین، وابستگان اور محبین کی تربیت کا باقاعدہ اہتمام کیا جانے لگا۔ تربیتی مرکز میں آنے والے وابستگان تحریک کے اخلاق اور عادات واطوار کو اس طرح آراستہ وپیراستہ کرنے کی کوشش کی جانے لگی کہ جس میں اسلاف کے خانقاہی نظام کی جھلک نظر آنا شروع ہو جائے۔ اس تربیتی مرکز میں ایسی ایمان افروز سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا جن کے ذریعے زندگیاں انقلاب آشنا ہو جائیں اور معاشرے میں دبی ہوئی دینی اقدار کے احیاء کا ذریعہ بن جائیں نیز مصطفوی انقلاب کی خاطر تن من دھن کی بازی لگانے والے بن جائیں۔
اہم سرگرمیاں
- محرم الحرام میں پہلے دس دن محافل اہلبیت کا اہتمام اور ہر یونین کونسل میں سیدہ زینب سلام اللہ علیہا کانفرنس کا بالخصوص انعقاد کیا جاتا ہے۔
- جہلم میں 10 یونین کونسلز بشمول کوٹلہ فقیر، سنگھوئی، جادہ، کالا گوجراں، گھرمالہ، مونن، بلال ٹاؤن، جہلم سٹی، چک جمال اور حلاض پور میں حلقات درود و فکر کا اہتمام باقاعدگی سے کیا جا رہا ہے۔ان حلقاتِ درود میں تقریباً ہر ماہ 10 لاکھ سے زائد درود پاک پڑھا جاتا ہے اور شرکاء کو شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا مختصر خطاب بھی سنایا جاتا ہے۔
- امسال ویمن لیگ جہلم کے زیر اہتمام 10 حلقاتِ درود میں 2کروڑ سے زائد درود پاک پڑھا گیا۔
- تحریکی وابستگان اور عامۃ المسلمین کی دینی تعلیم وتربیت کیلئے ایک ماہ کا اسلامی تربیتی کورس کا انعقاد گذشتہ کئی سالوں سے کیا جاتا ہے۔
- تین روزہ یا پانچ روزہ حلقہ فہم دین کورس بھی مختلف یونین کونسلز میں کروائے جاتے ہیں۔
- نماز اور بنیادی فقہی مسائل پر مشتمل پانچ روزہ آئیں دین سیکھیں کورس بھی مختلف علاقہ جات میں وقتاً فوقتاً کروایا جا رہا ہے۔
- ہر سال موسم سرما کی چھٹیوں میں 40 روزہ لرننگ کورس کا اہتمام کیا جاتا ہے، جس میں تجوید، فقہ، قرآن و حدیث، آرٹ اینڈ کرافٹ، سنت نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور جدید سائنس کی تعلیم دی جاتی ہے۔
- ہر سال ماہ ربیع الاول میں جہلم کی تمام یونین کونسلز میں تقریباً 300سے زائد محافل میلاد اور سیرت الرسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر مبنی پروگرامز کروائے جاتے ہیں جن میں دیے گئے ممکنہ ہدف سے زائد بڑی تعداد میں خواتین شرکت کرتی ہیں۔
- امسال پہلی دفعہ ویمن لیگ تحصیل جہلم کے زیرانتظام عظیم الشان ضیافت میلاد کے انعقاد کیا گیا۔
- یونین کونسل کوٹلہ فقیر میں گزشتہ 12 سالوں سے ربیع الاول کے پہلے 12 دن محافل میلاد کا بلاناغہ انعقاد کیا جاتا ہے۔
- گزشتہ کئی سالوں سے ماہ رمضان المبارک میں بالخصوص اور دیگر مہینوں میں بالعموم ماہانہ درس عرفان القرآن کا قیام کیا جاتا ہے۔
- رمضان المبارک میں ہر یونین کونسل میں ہر جمعہ کو صلوٰۃ التسبیح کا قیام اور مختلف یونین کونسلز میں طاق راتوں میں شب بیداری کا اہتمام کیا جاتا ہے۔
- شبِ برأت اور شب ِمعراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موقع پر بھی شب بیداری کا اہتمام کیا جاتا ہے۔
- مرکزی نظامت تربیت کے زیر اہتمام گزشتہ کئی سالوں سے باقاعدہ ضلعی و تحصیلی عہدیداران کیلئے تنظیمی و تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا جاتا ہے۔
- تحصیلی و کونسلز کی ممبران کی خوداعتمادی اور خوابیدہ صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کیلئے 5 روزہ فنِ خطابت کورس کا انعقاد بھی کیا جاتا ہے۔
- گذشتہ کئی سالوں سے موسم گرما کی چھٹیوں میں فنِ نعت و قرأت کورس کا قیام کیا جا رہا ہے۔
- امسال 2018ء میں مرکزی نظامت تربیت کے تعاون سے 10 روزہ عرفان القران کورس کا انعقاد کیا گیا جس میں حافظ سعید رضا بغدادی اور علامہ محمود مسعود نے خصوصی شرکت کی، جہلم سے64 خواتین نے شرکت کر کے قرآن سکالرز کی اسناد حاصل کیں۔
- عرفان القرآن کی تکمیل کے بعد انہی قرآن اسکالرز نے اپنے اپنے علاقوں میں تقریباً 20 کے قریب عرفان القرآن اکیڈمیز کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔
- 2018ء میں ہی کوٹلہ فقیر، کالاگوجراں، العصر سائنس ہائی سکول ارسل ٹاؤن جہلم اور جہلم سٹی میں 40 روزہ عرفان القرآن کورسز کا انعقاد کیا گیا اور شرکاء میں اسناد بھی تقسیم کی گئیں۔