(رپورٹ : محمد عمران بھٹی ڈپٹی ڈائریکٹر ٹریننگ (MES)
تحریک منہاج القرآن اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے سیلاب سے متاثرہ بچوں کے لیے دیگر ضروریات زندگی کے علاوہ تعلیمی ضروریات کو بھی پورا کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا ہے۔ اس کے لیے منہاج ایجوکیشن سوسائٹی (MES) اور منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن (MWF) کو منہاج خیمہ بستیوں میں ’’منہاج خیمہ بستی سکول‘‘ کھولنے کی ہدایات بھی جاری کیں۔ منہاج ایجوکیشن سوسائٹی (MES) نے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن (MWF) کے زیراہتمام متاثرین سیلاب کے لیے قائم مختلف خیمہ بستیوں میں ’’منہاج خیمہ بستی سکولز پراجیکٹ‘‘ کا آغاز کر دیا ہے۔ نوشہرہ اور اکوڑہ خٹک میں قائم ہونے والے پراجیکٹ کے سلسلہ کی اہم کڑی تصور کئے جا رہے ہیں۔ ان پراجیکٹس کی لانچنگ کے لیے اکوڑہ اور نوشہرہ میں تقریب منعقد ہوئی۔
منہاج خیمہ بستی سکول اکوڑہ خٹک
سیلاب متاثرین سیلاب کے لیے ’’منہاج خیمہ بستی‘‘ نوشہرہ سے 15 کلومیٹر کے فاصلے پر عین جی ٹی روڈ اکوڑہ خٹک پر قائم کی گئی۔ جس میں درجنوں متاثرہ خاندان آباد ہیں۔ یہاں ’’منہاج خیمہ بستی سکول‘‘ کا افتتاح معروف اداکار عثمان پیرزادہ نے کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر منہاج ایجوکیشن سوسائٹی محمد شاہد لطیف، ڈائریکٹر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن افتخار شاہ بخاری اور دیگر مرکزی رہنماؤں نے بھی تقریب میں شرکت کی۔
منہاج ایجوکیشن سوسائٹی کے ڈائریکٹر محمد شاہد لطیف قادری اور منہاج خیمہ بستی سکول کمیٹی کے سربراہ عمران بھٹی نے کہا کہ ’’منہاج خیمہ بستی‘‘ میں موجود بچوں کے لیے سکول کا آغاز بچوں کی تعلیمی ضروریات کو پورا کرے گا۔ یہاں چھوٹے بچے اور بچیوں کے لیے مفت کتابوں اور تعلیم کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے تاکہ نونہال وطن زیور تعلیم سے آراستہ ہو سکیں۔ خیمہ بستی سکول میں روایتی طرز تعلیم کی بجائے صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ctivity Based تدریس کا طریقہ اپنایا گیا ہے۔
ملک کے معروف اداکار عثمان پیر زادہ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ متاثرین کے لیے بنائے گئی خیمہ بستی کا وزٹ کرکے بہت خوش ہوئی۔ یہاں فلاح اور تعلیم کا حسین امتزاج دیکھنے کو ملا۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی تعلیمی و فلاحی خدمات قابل تحسین ہیں۔ تحریک منہاج القرآن کے کارکنوں کا جذبہ مثالی ہے جو شیخ الاسلام کی بصیرت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
منہاج خیمہ بستی سکولز نوشہرہ
منہاج خیمہ بستی نوشہرہ میں 200 سے زائد سیلاب سے متاثرہ خاندان آباد ہیں۔ جہاں متاثرین سیلاب کے بچوں اور بچیوں کے لیے الگ الگ 2 منہاج خیمہ بستی سکول قائم کئے گئے۔ ان سکولوں کا افتتاح منہاج ایجوکیشن سوسائٹی کے چیئرمین اور معروف قانون دان و سینیٹر محترم ایس ایم ظفر نے کیا۔
اس موقع پر بچوں اور بالخصوص بچیوں نے بتایا کہ منہاج خیمہ بستی سکول کی بدولت زندگی میں پہلی بار سکول میں پڑھنا نصیب ہوا ہے۔ تقریب کے دوران بچوں کے والدین نے کہا کہ وہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے شکر گزار ہیں، جن کی کاوشوں سے آج بچوں کے مرجھائے ہوئے چہروں پر دوبارہ خوشیاں دیکھنے کو ملیں۔
تقریب کے اختتام پر محترم ایس ایم ظفر اور ڈائریکٹر منہاج ایجوکیشن سوسائٹی محترم شاہد لطیف قادری نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ منہاج ایجوکیشن سوسائٹی نے متاثرین سیلاب کے بچوں کے لیے ترجیحی بنیادوں پر کام کرتے ہوئے سکولز کا افتتاح کیا ہے۔ اس کا مقصد بچوں کو ذہنی و نفسیاتی طور پر معمول کی زندگی پر واپس لانا ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی خصوصی ہدایات پر بچوں کے لیے سکولز کا اہتمام کیا گیا ہے جہاں بچوں کی مفت تعلیم کا اہتمام کیا گیا ہے۔