منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیراہتمام ریس کورس پارک میں منعقدہ میلاد فیسٹیول کو عوام الناس، سول سوسائٹی اور میڈیا کی طرف سے زبردست پذیرائی ملی۔ اس پروگرام کی تاریخی کامیابی پر منہاج ویمن لیگ کی مخلصانہ خدمات کو سراہتے ہوئے مورخہ 30 اپریل 2008ء کو ’’اقبال ہال‘‘ سمن آباد ٹاؤن میں لوکل گورنمنٹ ضلع لاہور سمن آباد ٹاؤن کے زیراہتمام ایک پُر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کا آغاز آیات ربانی کی تلاوت سے ہوا۔ محترم امتیاز جاوید صدیقی نے تلاوت اور محترمہ قراۃ العین اور ان کی ساتھی نے نعت کی سعادت حاصل کی۔ تقریب کی نقابت کے فرائض وسیم انور چودھری نے ادا کئے۔
اس سیمینار کا انعقاد میاں جاوید علی ناظم سمن آباد ٹاؤن اور راقم (کوآرڈینیٹر سمن آباد ٹاؤن میاں طاہر یعقوب) نے کیا۔ اس سیمینار میں محترم احمد نواز انجم (امیر تحریک منہاج القرآن پنجاب)، محترم مرزا محموادلحسن (ٹاؤن میونسپل آفیسر سمن آباد ٹاؤن)، محترمہ فرح ناز (ناظمہ منہاج القرآن ویمن لیگ)، محترم الطاف رندھاوا، محترمہ عائشہ شبیر (صدر ویمن لیگ لاہور)، محترم ساجد محمود بھٹی (مرکزی ناظم یوتھ)، محترمہ ڈاکٹر نوشابہ حمید نے خصوصی شرکت کی۔
اس موقع پر راقم (میاں طاہر یعقوب) نے سپاس نامہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ تحریک منہاج القرآن کئی حوالوں سے امتیازی حیثیت کی حامل ہے۔ جہاں تحریک نے اسلام کی سماجی، سیاسی، معاشی، اقتصادی پہلوؤں کا دور جدید کے تقاضوں کی روشنی میں تعبیر نو کا فریضہ انجام دیا ہے وہاں اسلامی ثقافت کو جدید انداز میں پیش کرکے ملت اسلامیہ کے تشخص کی بقاء کی ضامن کا کردار بھی ادا کیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ تحریک منہاج القرآن اپنی جدوجہد کی جامعیت اور نتیجہ خیزی کے حوالے سے معاصر تحریکوں سے ممتاز ہے۔
اس موقع پر محترمہ عائشہ شبیر نے اپنے خطاب میں عالم اسلام کے لئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی خدمات کے حوالے سے اظہار خیال کیا۔ بعد ازاں محترمہ فرح ناز نے منہاج القرآن ویمن لیگ کی غرض و غایت پر روشنی ڈالی۔
محترم میاں جاوید علی (ٹاؤن ناظم) نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تحریک منہاج القرآن بلاشبہ موجودہ صدی کی سب سے بڑی تحریک ہے جو احیاء اسلام کا فریضہ سرانجام دے رہی ہے۔ میلاد فیسٹیول کے انعقاد پر جملہ منتظمین اور منتظمات کو مبارکباد پیش کرتا ہوں کہ تحریک منہاج القرآن صحیح معنوں میں اسلامی ثقافت کو متعارف کروانے کے لئے درست سمت بروقت قدم اٹھایا ہے۔ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر پختہ ایمان ہی سے دنیا اور آخرت سنور سکتی ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا پیغامِ محبت تمام انسانوں کے لئے ہے اور تحریک منہاج القرآن حبِّ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے فروغ ہی کے لئے سرگرم عمل ہے۔
پروگرام کے آخر میں میلاد فیسٹیول میں خدمات سرانجام دینے والے افراد میں اسناد تقسیم کی گئیں۔ اسناد وصول کرنے والوں میں محترم ساجد محمود بھٹی (مرکزی صدر منہاج القرآن یوتھ لیگ)، محترمہ ڈاکٹر نوشابہ حمید (صدر منہاج ویمن لیگ پنجاب)، محترم ساجد حمید (ڈپٹی سیکرٹری ویلفیئر فاؤنڈیشن منہاج القرآن)، محترم شکیل پاشا (ایڈوکیٹ و نائب ناظم UC-101)، محترم ملک محمد یٰسین (سماجی رہنما)، محترم شبیر احمد دیو (ناظم سمن آباد ٹاؤن منہاج القرآن)، محترم حاجی محمد اختر (سیاسی شخصیت)، محترمہ فوزیہ شوکت (مرکزی ناظمہ تربیت)، محترمہ فریحہ خان، محترمہ رابعہ عروج ملک، محترمہ عائشہ لطیف، محترمہ کشور شاہین، محترم نعیم بسرا، محترم اشرف قادری، محترم ڈاکٹر اشرف، محترم حکیم محمد اشرف شامل ہیں۔ بعد ازاں سمن آباد ٹاؤن کی جانب سے محترم میاں جاوید علی اور راقم نے شیلڈز تقسیم کیں۔
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی خصوصی شیلڈ ساجد محمود بھٹی نے وصول کی۔ محترم احمد نواز انجم نے تحریک منہاج القرآن کی شیلڈ وصول کی۔ شیخ الاسلام کی صاحبزادی محترمہ باجی قرۃ العین فاطمہ کی شیلڈ ڈاکٹر نوشابہ حمید نے وصول کی۔ منہاج القرآن ویمن لیگ کی شیلڈ محترمہ فرح ناز صاحبہ نے وصول کی۔