رمضان المبارک کے سعادت بھرے شب و روز سے کماحقہ فائدہ اٹھانے اور قرب الہٰی کے حصول کے لئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے بتائے ہوئے مندرجہ ذیل معمولات کو باقاعدگی سے اپنے شب و روز کا حصہ بنائیں:
- نماز پنجگانہ باجماعت ادا کریں۔
- مکمل نماز تراویح باجماعت ادا کریں۔
- سحری کھانے سے قبل نماز تہجد ادا کریں۔ اس کی کم از کم 2 اور زیادہ سے زیادہ 12 رکعات ہیں۔
- حتی الامکان فضائل وبرکات والی دیگر نفلی نمازیں ادا کریں۔ مثلاً
- نماز اشراق: اس کا وقت طلوع آفتاب سے بیس منٹ بعد شروع ہوتا ہے۔ اس کی کم از کم 2 اور زیادہ سے زیادہ 6 رکعات ہیں۔
- نماز چاشت: اس کا وقت آفتاب کے خوب طلوع ہوجانے پر ہوتا ہے۔ جب طلوع آفتاب اورآغاز ظہر کے درمیان کل وقت کا آدھا حصہ گزر جائے تو یہ چاشت کے لئے افضل وقت ہے۔ اس کی کم از کم 2 اور زیادہ سے زیادہ 12 رکعات ہیں۔
- نماز اوابین: یہ مغرب اور عشاء کے درمیان کی نماز ہے جو کم از کم 2 طویل رکعات یا 6مختصر رکعات سے لے کر زیادہ سے زیادہ بیس 20رکعات پر مشتمل ہے۔
- روزانہ خشوع و خضوع اور تدبر کے ساتھ قرآن حکیم مع ترجمہ ’’عرفان القرآن‘‘ کی تلاوت کریں۔
- درج ذیل وظائف روزانہ ایک ایک ہزار مرتبہ پڑھیں:
- درود شریف: اَللّٰهُمَّ صَلِّ عَلٰی سَيِّدِنَا وَمَوْلَانَا مُحَمَّدٍ وَ عَلٰی آلِه وَاَصْحَابِه وَبَارِکْ وَسَلِّمْ.
- استغفار: اَسْتَغْفِرُ اللّٰهَ الْعَظِيْمَ الّذِی لاَ اِلٰهَ اِلَّا هُوَ الْحَیُّ الْقَيُّوْمُ وَاَتُوبُ اِلَيْهِ.
- کلمہ طیبہ: لَا اِلٰهَ اِلَّا اللّٰهُ مُحَمَّدٌ رَّسُوْلُ اللّٰهِ.
- پہلے عشرے میں ہر نماز کے بعد رَبِّ اغْفِرْ وَارْحَمْ وَاَنْتَ خَيْرُالرَّاحِمِيْنَ کا ورد ایک سو مرتبہ کریں۔
- دوسرے عشرے میں ہر نماز کے بعد اَسْتَغْفِرُاللّٰهَ رَبِّی مِنْ کُلِّ ذَنْبٍ وَّاَتُوْبُ اِلَيْهِ کا ورد ایک سو مرتبہ کریں۔
- تیسرے عشرے میں ہر نماز کے بعد اَللّٰهُمَّ اَجِرْنَا مِنَ النَّارِ يَا مُجِيْرُ يَا مُجِيْرُ يَا مُجِيْرُ کا ورد ایک سو مرتبہ کریں۔
- حضور نبی اکرم صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم نے شب قدر میں درج ذیل دعا پڑھنے کی تلقین فرمائی ہے: اَللّٰهُمَّ اِنَّکَ عَفُوٌّ تُحِبُّ الْعَفْوَ فَاعْفُ عِنِّیْ.
لہذا آخری عشری کے ہر طاق رات میں کثرت کے ساتھ اس کا ورد کریں۔
- علاوہ ازیں ہماری کتاب ’’الفيوضات المحمدية‘‘ میں درج فرض نمازوں کے بعد کئے جانے والے بقیہ وظائف کو اپنا معمول بنائیں اور ہر فرض نماز کے بعد سُبْحَانَ اللّٰهِ، اَلْحَمْدُلِلّهِ، اَللّٰهُ اَکْبَرُ کی ایک تسبیح کریں۔ آیۃ الکرسی اور مذکورہ بالا استغفار پڑھیں۔
- رحمتوں اور سعادتوں بھرے اس مہینے میں کثرت کے ساتھ صدقات و خیرات کو اپنا معمول بنائیں اور محتاجوں و ضرورت مندوں کی مدد کریں۔
دعا ہے کہ اللہ اور اس کے حبیب مکرم صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کی رضا حاصل کرنے کے لئے ہماری توفیقات میں اضافہ ہو۔ آمین