اسلام میں کیا صرف اہلِ مذہب ہی اقتدار کے حقدار ہیں؟ غلط فہمیوں کے ازالہ پر مبنی علمی و فکری تحریر
سیاست اور ریاست میں دین کا کردار ایک ایسا موضوع ہے جو دور حاضر میں بدقسمتی سے افراط و تفریط اور دو طرفہ شدت پسندی کا شکار ہے۔
- ایک طرف وہ مذہبی طبقہ ہے جس کی ذہنی پرورش اور بلوغت ایسے تنگ نظر مذہبی ماحول میں ہوئی ہے جہاں دنیوی علوم اور عصر حاضر کے مسائل شجرِ ممنوعہ کی حیثیت رکھتے ہیں۔ مزید برآں مذکورہ مذہبی ماحول میں تدریس کا مرکزی نقطہ اسلام کم اور اپنے مسلک کی حقانیت اور دوسرے مسلک کی گمراہی و ضلالت زیادہ رہتا ہے۔ اس پر مستزاد یہ کہ اس مذہبی طبقہ کو گزشتہ چار دہائیوں سے عالمی طاقتوں اور ملکی اداروں نے بالترتیب اپنی عالمی سرد جنگ اور سٹریٹیجک مقاصد کے لیے استعمال کیا۔
دنیا کے مختلف علاقوں میں سیاسی طور پر غلامی و محکومی اور جبر و تشدد کا نشانہ بننے والی مسلمان قوموں کے مسائل سے عالمی طاقتوں کی چشم پوشی اور بعض جگہوں پر جبر و تشدد کی حمایت و پشت پناہی، مسلم حکمرانوں کی منافقانہ و بزدلانہ پالیسیوں، کرپشن، اقربا پروری اور اُمت مسلمہ کے مسائل کے حل میں عدم دلچسپی نے اس مذہبی طبقے میں ردعمل کے طور پر یہ احساس پیدا کیا کہ اسلام پسندوں اور حق پرستوں کے اقتدار میں آئے بغیر یہ مسائل حل نہیں ہوسکتے۔ اس پس منظر میں ان کے ہاں اقتدار صرف ’اہل حق‘ کا حق ہے اور ’اہل حق‘ اُن کے علاوہ کوئی نہیں۔ اس فکر کو دراصل theocracy یا پاپائیت کا عنوان دیا جاسکتا ہے۔
- دوسری طرف وہ جدت پسند طبقہ فکر ہے جس کی نظر میں اہل مذہب کی تنگ نظری، کردار کی عدم پختگی، ان کے ہاں مسائل جدیدہ سے عدم آگہی اور اکیسویں صدی کے چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کی عدم صلاحیت واضح تھی۔ اس طبقہ نے مغرب میں مذہب کو ریاست و سیاست سے الگ کرنے کے انقلابی نتائج و ترقی کا واضح مشاہدہ یا مطالعہ کیا تھا۔ لہذا وہ اس بات کا داعی بن گیا کہ اسلام یا اھل مذہب کا ریاست و سیاست سے کوئی تعلق و واسطہ نہیں ہونا چاہیے۔ مذہب صرف فرد کے پروردگار سے تعلق سے عبارت ہے۔ اس دائرہ سے باہر مذہب کا کوئی دخل نہیں ہونا چاہیے۔
ان دو انتہائی افکار کے درمیان عامۃ الناس کی اکثریت ہے جو confused ہے اور وہ کسی نہ کسی طرح دونوں انتہاؤں میں سے کسی ایک طرف راغب نظر آتے ہیں۔
اسلام اور دیگر مذاہب میں فرق
اِلتباس و اِبہام کے اس منظر نامہ میں فکری و نظریاتی واضحیت (conceptual clarity) کے حصول کے لیے سب سے پہلے دین اسلام کا دیگر مذاہب بالخصوص یہودیت و مسیحیت سے فرق سمجھنا ضروری ہے۔
اولاً: دونوں مذاہب کی اصل الہامی کتب اور دیگر احکامات تغیر و تبدل کے مراحل سے اتنا گزرے ہیں کہ جو احکام انبیاء کرام پر اترے یا اُنہوں نے بیان فرمائے وہ اصل حالت میں موجود نہیں۔
ثانیاً: دونوں الہامی مذاہب کے بانی نہ سربراہ ریاست بنے نہ انہوں نے کسی سیاسی ریاست کی بنیاد رکھی۔ لہٰذا اُن کے مذاہب کے ہاں سیاسی و ریاستی اَحکام و ہدایات (political orders) سرے سے دستیاب ہی نہیں۔
ثالثاً: اسلام اور دیگر دو الہامی مذاہب میں ایک فرق یہ بھی ہے کہ اسلام کا تصور ریاست و سیاست پاپائیت (theocracy) سے مکمل طور پر پاک ہے۔ انسانی زندگی کا مذہبی پہلو اس کے دیگر بہت سے پہلوؤں میں سے ایک ہے۔ اسلام آخری الہامی دین ہے اور اسلام کا تصورِدین ’مذہب‘ سے بہت مختلف اور وسیع ہے۔ اسلام کا مقصد صرف مذہبی و روحانی اقدار کا فروغ و قیام نہیں بلکہ ظلم و استحصال کی ہر شکل کے خاتمہ، فتنہ و فساد کی سرکوبی اور امن عالم کا قیام بھی ہے۔ یہ بات ہم کسی مفسر، شارح یا مفکر کی تشریحات و افکار کی بنیاد پر نہیں لکھ رہے بلکہ قرآن مجید واضح طور پر اس مقصد کی خود نشاندہی فرماتا ہے: ارشاد فرمایا:
هُوَ الَّذِیْ اَرْسَلَ رَسُوْلَهُ بِالْهُدٰی وَدِيْنِ الْحَقِّ لِيُظْهِرَهُ عَلَی الدِّيْنِ کُلِّهِ لا وَلَوْ کَرِهَ الْمُشْرِکُوْنَ.
’’وہی (اللہ) ہے جس نے اپنے رسول (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کو ہدایت اور دینِ حق کے ساتھ بھیجا تاکہ اس (رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کو ہر دین (والے) پر غالب کر دے اگرچہ مشرکین کو برا لگے‘‘۔
(التوبة:33)
اس آیت مبارکہ میں مقصدِ بعثتِ نبوی ’دین اسلام کا سیاسی اظہار‘ قرار دیا گیا ہے۔ دوسرے مقام پر ارشاد فرمایا:
وَقَاتِلُوْهُمْ حَتّٰی لَا تَکُوْنَ فِتْنَةٌ وَّيَکُوْنَ الدِّيْنُ کُلُّهُ ِﷲِج فَاِنِ انْتَهَوْا فَاِنَّ اﷲَ بِمَا يَعْمَلُوْنَ بَصِيْرٌ.
’’اور (اے اہلِ حق!) تم ان (ظلم و طاغوت کے سرغنوں) کے ساتھ (قیامِ اَمن کے لیے) جنگ کرتے رہو یہاں تک کہ کوئی فتنہ (باقی) نہ رہ جائے۔ اور سب دین (یعنی نظام بندگی و زندگی) اللہ ہی کا ہو جائے، پھر اگر وہ باز آجائیں تو بے شک اللہ اس (عمل) کو جو وہ انجام دے رہے ہیں، خوب دیکھ رہا ہے‘‘۔
(الانفال:39)
اس آیت مبارکہ میں ریاستِ اسلامیہ کو تمام فتنوں کی سرکوبی کے لیے قیامِ امن کی بحالی تک جنگ جاری رکھنے کی تاکید کی گئی ہے۔
اسلام کے اسی وسیع مقصد کے تناظر میں ہی پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے عرب کے نظم و قانون سے آزاد معاشرے میں نہ صرف ایک کامیاب فلاحی ریاست قائم کی بلکہ اپنی زندگی میں اس کو پورے جزیرہ نمائے عرب (Arabian peninsula) تک وسیع کر دیا۔ خلفاء راشدین رضی اللہ عنہم کے دور میں یہ ریاست دنیا کے نقشہ پر ایک منظم، مضبوط، معتبر، حقوق انسانی کی محافظ، جمہوری اقدار کی مظہر، بین المذاہب رواداری اور ہم آہنگی کی امین اورمختلف برادریوں، لسانی اکائیوں اور مذہبی طبقات کے درمیان پر امن بقائے باہمی کے نمونے کے طور پر ابھری۔
مستحقِ امارت کون۔۔۔؟
اسلام اور سیرت مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے زندگی کے ہر پہلو کو develop کرنے کے لیے رہنمائی ہی نہیں دی بلکہ زندگی کے ہر گوشے و پہلو کے حوالے سے بہترین شخصی نمونے (role model) بھی پیدا کیے ہیں۔
حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی حیات طیبہ میں صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کو ذمہ داریاں تفویض کرتے ہوئے درج ذیل حکم قرآنی کو ملحوظ رکھا جاتا۔ ارشاد فرمایا:
اِنَّ اﷲَ يَاْمُرُکُمْ اَنْ تُؤَدُّوا الْاَمٰـنٰـتِ اِلٰی اَهْلِهَا وَاِذَا حَکَمْتُمْ بَيْنَ النَّاسِ اَنْ تَحْکُمُوْا بِالْعَدْلِ اِنَّ اﷲَ نِعِمَّا يَعِظُکُمْ بِهِط اِنَّ اﷲَ کَانَ سَمِيْعًام بَصِيْرًا.
’’بے شک اللہ تمہیں حکم دیتا ہے کہ امانتیں انہی لوگوں کے سپرد کرو جو ان کے اہل ہیں، اور جب تم لوگوں کے درمیان فیصلہ کرو تو عدل کے ساتھ فیصلہ کیا کرو، بے شک اللہ تمہیں کیا ہی اچھی نصیحت فرماتا ہے، بے شک اللہ خوب سننے والا خوب دیکھنے والا ہے‘‘۔
(النساء:58)
تاریخ گواہ ہے کہ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کو اُن کی صلاحیت، قابلیت، طبعی رجحان اور تخصص (specialization) کے بنیاد پر ہی ذمہ داریاں دی گئیں۔
حضرت زید بن ثابت رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا:
نِعْمَ الشَّیْء ُ الْإِمَارَةُ لِمَنْ أَخَذَهَا بِحَقِّهَا وحَلَّهَا، وَبِئْسَ الشَّیْء ُ الْإِمَارَةُ لِمَنْ أَخَذَهَا بِغَيْرِ حَقِّهَا فَتَکُونُ عَلَيْهِ حَسْرَةً يَوْمَ الْقِيَامَةِ
’حکومت اچھی شے ہے مگر اس کے لیے جس نے اپنے حق (یعنی صلاحیت و قابلیت اور نفع بخشی و فیض رسانی) کی بناء پر اسے حاصل کیا اور پھر اس کا حق ادا کیا، اور حکومت اس کے لیے بری شے ہے جس نے حق دار نہ ہونے (یعنی شہرت و خود نمائی اور حرص و لالچ ہونے) کے باوجود اسے حاصل کیا، اس کے لیے حکومت روزِ قیامت باعث حسرت ہو گی۔‘
(طبرانی، المعجم الکبير، 5: 127)
اسلام میں سرکاری عہدہ (public office) تفویض کرنے سے قبل مطلوبہ شرائط و اہلیت کا کس حد تک التزام کیا جاتا ہے، اس کا اندازہ حضرت ابو ذر غفاری ص جیسے زہد و ورع کے پیکر، تقوی و طہارت کے مظہر اور اسلام کی مذہبی تعلیمات کے نمونہ احسن سے مروی اس حدیث سے لگایا جا سکتا ہے کہ ایک مرتبہ انہوں نے خود بارگاہِ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں عرض کیا:
أَلَاَ تَسْتَعْمِلُنِي قَالَ فَضَرَبَ بِيَدِهِ عَلَی مَنْکِبِي ثُمَّ قَالَ يَا أَبَا ذَرٍّ إِنَّکَ ضَعِيفٌ وَإِنَّهَا أَمَانَةُ وَإِنَّهَا يَوْمَ الْقِيَامَةِ خِزْیٌ وَنَدَامَةٌ إِلَّا مَنْ أَخَذَهَا بِحَقِّهَا وَأَدَّی الَّذِي عَلَيْهِ فِيهَا.
’یا رسول اﷲ! کیا آپ مجھے عامل نہیں بنائیں گے؟‘ اس پر حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے حضرت ابوذر غفاری رضی اللہ عنہ کے کندھے پر ہاتھ مار کر فرمایا: ’اے ابوذر! تم کمزور ہو! اور یہ امارت امانت ہے اور یہ قیامت کے دن رسوائی اور شرمندگی کا باعث ہوگی، البتہ جو امارت کے حقوق ادا کرے اور اس کی ذمہ داریاں پوری کرے (وہ مستثنیٰ ہو گا)۔‘
(صحيح مسلم، 3: 1457، رقم:1825)
حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا یہ جواب اس بات کا بین ثبوت ہے کہ اسلام کے تصورِ سیاست میں محض عبادت و ریاضت اور زہد و ورع اِستحقاقِ اَمارت اور حصولِ سلطنت و اقتدار کی دلیل نہیں بلکہ اس کے لیے مطلوبہ تقاضے پورے کرنا ہوں گے۔
اس فرمانِ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے یہ امر بھی متحقق ہوتا ہے کہ اسلام کے مذہبی و روحانی پہلو میں خصوصی تجربہ و مہارت رکھنے والے صحابہ کرام رضی اللہ عنہم نے عملاً سیاسی و انتظامی اُمور میں مداخلت کے بجائے اپنے اختصاص (speciality) کی مناسبت سے ساری توجہ مذہبی و روحانی اُمور پر ہی رکھی۔ ان میں علم تفسیر میں حضرت عبد اﷲ بن عباس رضی اللہ عنہ ۔۔۔ علم حدیث میں حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ ۔۔۔ علم فقہ حضرت عبد اﷲ ابن مسعود رضی اللہ عنہ ۔۔۔ شعر و سخن میں حضرت حسان بن ثابت رضی اللہ عنہ جیسے جلیل القدر صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے نام قابل ذکر ہیں۔
یہ اور ان جیسے دیگر بے شمار صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کا اپنے مذہبی میدان میں اعلیٰ ترین مقام ہونے کے باوجود دورِ رسالت یا دورِ خلفائے راشدین میں کوئی سیاسی یا ریاستی ذمہ داری نہ لینا اس نظریہ و فلسفہ کی ناقابل تردید شہادت ہے کہ اسلامی تصورِ سیاست، پاپائیت سے بالکل پاک ہے اور موجودہ دور کے مذہبی طبقہ کا یہ خیال کہ اقتدار میں صرف اہل مذہب ہی آسکتے ہیں اسلامی تعلیمات سے ہم آہنگ نہیں۔
جدا ہو دین سیاست سے تو رہ جاتی ہے چنگیزی
اب تک کی بحث سے یہ امر واضح کرنا مقصود تھا کہ دین اسلام کا مذہبی پہلو، ریاستی و سیاسی معاملات سے آزاد ایک الگ subject ہے۔ اہل مذہب کی اُمورِ سیاست میں شرکت پر نہ پابندی ہے اور نہ ہی یہ لازمی ہے۔ چودہ سو سالہ تاریخ اسلام سے واضح ہوتا ہے کہ کبار اَئمہ و اَسلاف نے عموماً سیاسی و ریاستی معاملات سے الگ تھلگ رہ کر ہی مذہب کی خدمت کی اور اہل مذہب کے لیے یہی اسوہ بہترین راستہ ہے، لیکن اس کا یہ معنی لے لینا کہ دین اسلام ریاستی و سیاسی معاملات میں کوئی رہنمائی نہیں دیتا یا ریاست و سیاست کے باب میں اسلام کا کوئی تعلق و واسطہ نہیں، یہ دوسری انتہا اور اسلامی تعلیمات سے عدم واقفیت ہے۔
پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے باقاعدہ ریاست قائم کر کے اور خلفاء راشدین نے اس ریاست کے استحکام و توسیع کے ذریعے اسلام کے ریاستی و سیاسی احکام بڑی صراحت کے ساتھ واضح کیے ہیں۔ اسلام کے سیاسی و ریاستی احکام ہی اسلام کو دین بناتے ہیں اور اسے دیگر مذاہب سے ممتاز کرتے ہیں۔ ان کو دین اسلام سے الگ کرنا یا ریاست و سیاست کو دین سے کلیتاً آزاد کردینا دین اسلام کے حقیقی تصور میں تحویل کے مترادف ہے۔ دین و سیاست کا دو الگ الگ خانوں میں بٹوارہ کرنے والے اِسی مکتبِ فکر کا رد حکیم الامت علامہ اقبال رحمۃ اللہ علیہ نے بھی فرمایا تھا:
جلال پادشاہی ہو کہ جمہوری تماشا ہو
جدا ہو دیں سیاست سے تو رہ جاتی ہے چنگیزی
اسلام کا تصورِ قومیت
اسلام کے سیاسی و ریاستی احکام و ہدایات کے حوالے سے اہم مسئلہ ’تصورِ قومیت‘ ہے۔ یہ تصور بھی علمی زوال و انحطاط کے دور میں التباس کا شکار ہے۔ اسلام یقینا ریاستی و سیاسی امور میں دیگر مذاہب کے پیروکاروں کو برابر شہری کی حیثیت دیتا ہے بلکہ میثاق مدینہ میں حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے یہود و نصاری اور مسلمانوں کے لیے ریاستِ مدینہ کے تناظر میں ’ملۃ واحدہ‘ یعنی ایک قوم کا عنوان دیا۔ لہٰذا اسلامی تعلیمات کے مطابق کسی خاص جغرافیائی اکائی کے لوگ مل کر اسلامی اصولوں کے مطابق ریاستی نظم و نسق قائم کر کے کسی عمرانی و آئینی دستاویز پر متفق ہو جائیں تو اس ریاست کے تمام شہری بلا تفریق مذہب و نسل ایک قوم تشکیل دیتے ہیں۔ لیکن اس جغرافیائی یا ریاستی قومیت کے جواز کا یہ معنی نہیں کہ پوری دنیا میں رہنے والے مسلمان ایک قوم نہیں ہیں۔ مسلم قومیت کا مکمل انکار قرآن و حدیث کے واضح احکامات سے صرف نظر کرنا ہے جیسا کہ قرآن مجید میں مسلمانوں کے ’اُمّة واحدة‘ اور ’خير اُمة‘ کے الفاظ کے ذریعے مسلمانوں کو ایک ملت و قوم قرار دیا ہے جو آپس میں انّما المومنون إخوة کے تحت رشتہ مواخات میں جڑے ہوئے ہیں۔
مسلمانوں کا دیگر ادیان کے ماننے والوں کے مقابلے میں الگ قوم ہونا اس بات کا متقاضی نہیں کہ اس قومیت کی دنیا میں ایک ہی سلطنت، ریاست یا خلافت یا امامت ہو۔ خلافتِ راشدہ کے دور آخر میں ہی اسلامی دنیا میں عملاً دو الگ الگ حکومتیں قائم ہوگئی تھی۔ بعد ازاں دنیا کے مختلف علاقوں میں الگ الگ امیر، خلیفہ و سلطان موجود رہے جس کی مخالفت یا رد کسی امام یا دینی راہنما نے نہیں کیا۔ لہٰذا انتہا پسند مذہبی طبقات کے ہاں پوری دنیا میں ایک ہی خلافت اسلامیہ کے قیام کے تصور کا کوئی دینی، مذہبی و تاریخی جواز و استدلال موجود نہیں۔
اسلام میں تصورِ سیاست و ریاست
اسلام کا تصور سیاست اس امر کا متقاضی ہے کہ
٭ طبقاتِ معاشرہ اور مختلف مذہبی اکائیاں مل کر ایک آئینی ریاست تشکیل دیں۔ یعنی تشکیلِ ریاست اور تدوینِ آئین بنیادی اسلامی احکامات و تصورات میں سے ہے۔ اس مقصد کے حصول کے لیے حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا ریاست مدینہ کی تشکیل اور میثاق مدینہ (Pact of Madina) کی صورت میں ایک آئینی دستاویز کی تیاری ایک قوی ترین اور ناقابل تردید دلیل اور حجت ہے ۔
٭ اسلام نے ریاست کے سربراہ کے تقرر کے لیے اُس ریاست کے شہریوں کی اتفاق رائے یا کثرت رائے کا اصول مقرر کیا ہے۔
٭ امورِ ریاست آمریت یا شخصی حکومت کے بجائے مشاورت سے چلانے کا ضابطہ مقرر کیا ہے جیسا کہ ’واَمرهم شورٰی بينهم‘ کا قرآنی حکم اس باب میں واضح ہے۔
٭ اسلام نے حکمرانوں اور اہل شوری (ممبران پارلیمنٹ) کے لیے عدل، صدق، امانت، دیانت، علمی و ذہنی قابلیت اور جسمانی صحت کے معیارات مقرر کیے ہیں۔
٭ طرزِ حکومت اور نظامِ انتخابات کو اسلام نے اجتہادی امور کے طور پر open چھوڑ دیا تاکہ ہر دور کے تقاضوں اور معاشرے کے رجحانات و میلانات اور معاشرتی صورت کے مطابق اس کی شکل بنائی جاسکے۔
٭ اسی طرح اسلامی نظام میں حکمران کو اقتدار سے الگ کرنے کا اصل اختیار بھی عوام اور شہریوں کو دیا گیا جس کی بنیاد حضرت صدیق اکبر رضی اللہ عنہ کا مسند خلافت سنبھالنے کے فوراً بعد پہلے خطبے کے یہ الفاظ ہیں:
’اے لوگو مجھے تم پر حکمران مقرر کر دیا گیا ہے حالانکہ میں تم سب سے بہتر نہیں ہوں۔ اگر میں اچھائی کی راہ پر چلوں تو میری مدد کرنا اور اگر برائی کی راہ پر چلوں تو مجھے پکڑ کر سیدھا کر دینا۔ تم میری اس وقت تک اطاعت کرتے رہنا جب تک میں اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی اطاعت کرتا رہوں۔ اگر میں اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا نافرمان ہوجاؤں تو تم پر میرے فرمان کی اطاعت قطعاً واجب نہیں۔‘
(ابن کثیر، البدایہ و النھایۃ، 6: 301)
٭ اسلام میں ریاست کے پارلیمان / مجلس شوریٰ کو آئین سازی و قانون سازی کا مکمل اختیار ہے مگر وہ اِسلام کے بنیادی اصولوں و تصورات سے ہم آہنگ قانون و آئین سازی ہی کرسکتی ہیں یہ اختیار مطلق نہیں بلکہ مشروط ہے۔
لہٰذا یہ کہنا کے حکومت کے قیام اور اس کے آئینی قوانین کے حوالے سے دین اسلام کی طرف سے کوئی واضح رہنمائی نہیں یا اس بارے میں مسلمانوں کے کوئی فرائض و وا جبات نہیں، یہ درست مؤقف نہیں۔
بنیادی سیاسی و ریاستی قوانین
اسلام کے نظام سیاست و ریاست کے بنیادی اصولوں میں سے معاشی انصاف، انسانی مساوات، نظام عدل، انسانی حقوق، عوام کی شراکت اقتدار اہم ہیں۔ قرآن مجید میں بھی اَربابِ اقتدار کی بنیادی ذمہ داریاں بیان کی گئی ہیں۔ ارشاد فرمایا:
اَلَّذِيْنَ اِنْ مَّکَّنّٰهُمْ فِی الْاَرْضِ اَقَامُوا الصَّلٰوةَ وَاٰتَوُا الزَّکٰوةَ وَاَمَرُوْا بِالْمَعْرُوْفِ وَنَهَوْا عَنِ الْمُنْکَرِط وَ ِﷲِ عَاقِبَةُ الْاُمُوْرِ.
(الحج:41)
’’(یہ اہلِ حق) وہ لوگ ہیں کہ اگر ہم انہیں زمین میں اقتدار دے دیں (تو) وہ نماز (کا نظام) قائم کریں اور زکوٰۃ کی ادائیگی (کا انتظام) کریں اور (پورے معاشرے میں نیکی اور) بھلائی کا حکم کریں اور (لوگوں کو) برائی سے روک دیں، اور سب کاموں کا انجام اﷲ ہی کے اختیار میں ہے‘‘۔
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ اقامت صلوٰۃ سے مراد محض نمازِ پنج گانہ کی پابندی کروانا ہی نہیں ہے بلکہ معاشرے میں اسلام کی اعلیٰ اخلاقی و روحانی اقدار کے فروغ کے ضروری اقدامات کرنا بھی ہے۔ نظام زکوٰۃ سے مراد معاشرے سے معاشی تفاوت کا خاتمہ، ارتکاز زر کی روک تھام اور معاشرے کے محروم طبقات کو جملہ بنیادی انسانی حقوق کی ضمانت شامل ہے۔ امر بالمعروف (Promotion of good) سے مراد معاشرے میں ان تمام قوانین کی تشکیل اور اُن کی پابندی کروانا جن کی مذکورہ بالا بنیادی اصولوں کے قیام کے لیے ضرورت ہو جبکہ نہی عن المنکر (Prohibition of Crime) سے مراد ہر اس برائی کی روک تھام ہے جو انسانی نظام حیات کے لیے مضر اور نقصان دہ ہو۔
لہٰذا اسلام کا یہ تقاضا ہے کہ افراد معاشرہ مل کر ریاست قائم کریں۔ اس کا آئین و دستور اسلامی اصولوں کی بنیاد پر تشکیل دیا جائے۔ ریاست اپنے بنیادی فرائض ادا کرنے کے لیے جمہوری انداز میں حکمران منتخب کرے۔ حکومتی امور مشاورت کے بنیاد پر طے کیے جائیں اور حکومتی عہدیداران بنیادی ذمہ داریاں ادا کریں۔
نظامِ قضا
یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ اسلام ایک ریاست کے مختلف اداروں کے لیے قوانین اور بنیادی اصول بھی بیان کرتا ہے۔ انہیں اصولوں کی روشنی میں اسلام ریاست کے لیے نظامِ قضا (judicial system) کا قیام چاہتا ہے جو حکومتی اثر و رسوخ سے بالکل آزاد، شہریوں کو عدل و انصاف کی فراہمی اور صرف قانون کی حکمرانی کو یقینی بنانے کی ذمہ دار ہو۔ نظام قانون اُس الوہی ہدایت کی روشنی میں تشکیل دیا جانا لازمی ہے جن کو قرآن، حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سنت و سیرت اور خلفاء راشدین نے قائم کیا۔ البتہ ان کا ڈھانچہ و تفاصیل ہر دور میں وقت اور معاشرے کی ضروریات کو سامنے رکھتے ہوئے اہل شوری (پارلیمنٹ) کی ذمہ داری لگائی گئی ہے۔
نظامِ تعزیرات
اسلام کے نظام قانون کا ایک حصہ نظامِ تعزیرات (Islamic Penal System) ہے۔ نظام تعزیرات کے حوالے سے بھی ہم افراط و تفریط کا شکار ہیں۔ ایک سوچ اسلامی تعزیرات کے نظام کو دقیانوسی اور چودہ سو سال پرانا قرار دے کر آج کے دور میں ناقابل عمل قرار دیتی ہے تو دوسری سوچ نظامِ تعزیرات کے قیام کے ذریعے معاشرے میں اخلاقی اقدار اور قانون کی حکمرانی چاہتی ہے۔ پہلی سوچ تو ہے ہی اِسلام سے متصادم جبکہ دوسری فکر اسلامی مصالح اور شرعی مقاصد سے ہم آہنگ نہیں۔
اسلام ریاست کو اولاً معاشرتی و معاشی انصاف کے قیام، ظلم و ستم اور جبر و استحصال کے خاتمے اور اخلاقی اقدار کا قیام کا پابند کرتا ہے اور جب معاشرے میں اخلاقی و قانونی اقدار قائم ہوجائیں تو اُن کے تحفظ کے لیے تعزیرات کا نظام دیتا ہے۔ تعزیرات کے ذریعے اقدار سے محروم معاشرے میں کبھی اقدار قائم نہیں ہوسکتیں۔ ریاست مدینہ میں بے شمار احکامات کا نفاذ بتدریج (gradually) ہوا اور آج کے رو بہ تنزل حالات میں ایک ریاست اسلام کے سیاسی، معاشی اور معاشرتی نظام کا قیام بھی بتدریج ہی کرسکتی ہے نہ کہ صرف نفاذِ شریعت کے نام پر تعزیرات کے نفاذ سے۔
سیاسی جدوجہد
اسلام ریاست کے باسیوں کو یہ حق دیتا ہے کہ وہ اپنے حکمرانوں کا انتخاب کریں اور اس کے لیے نظام انتخابات کا شفاف، مساوات اور برابر مواقع پر مشتمل ہونا ضروری ہے۔ نیز اہل اقتدار مطلوبہ معیار کے مطابق ہوں۔ اگر ریاست کا نظام ایسا نہیں تو نظام کی اصلاح کے لیے پر امن غیر مسلح جدوجہد بھی افرادِ معاشرے کے فرائض میں سے ہے۔ ریاست کی جغرافیائی حدود کے تحفظ اورکسی بھی جارحیت کے خلاف اسلام جہاد بالقتال یعنی جنگ کی اجازت بھی صرف اسلامی ریاست کو دیتا ہے اور اس کے لیے کڑی شرائط قائم کرتا ہے تاکہ کوئی ریاست اپنے سے بہت بڑی طاقت اور مضبوط دشمن سے جنگ کر کے اپنے ہی شہریوں کے جان و مال کو تباہ کرنے کا باعث نہ بن جائے۔ حیات طیبہ، دور خلفاء راشدین اور اس کے بعد کے جملہ ادوار میں جہاد بالقتال یا اعلان جنگ صرف ریاست کا اختیار تسلیم کیا گیا ہے۔ انفرادی جتھوں، گروہوں نے جب بھی قتال کا نعرہ بلند کیا تو اُن کو خوارج کے قبیل میں شامل کیا گیا۔
مزید برآں کسی ریاست میں حکومت جائز یا ناجائز طریقے سے قائم ہوجائے تو وہ جیسی بھی ہو اُس کے خلاف مسلح بغاوت عسکری جدوجہد کی اسلامی تصورِ سیاست میں کوئی گنجائش نہیں۔ ایسا عمل کرنے والوں کو بالاجماع باغی قرار دے کر اُن کی سرکوبی کو ریاست کے لیے لازم قرار دیا گیا۔
خلاصہ کلام
اسلام کا سیاسی نظام اور ریاستی و معاشی اُصول اتنے جامع و ہمہ گیر اور نفع بخش و فیض رساں ہیں کہ اگر کوئی قوم مذہبِ اسلام قبول کیے بغیر بھی انہیں لاگو کرنا چاہے تو کوئی امر اس میں مانع نہیں ہے اور یہی دین اسلام کا اصل حسن اور صداقت ہے۔ ہمیں اس آفاقی صداقت(Universal truth) کو کبھی نظر انداز نہیں کرنا چاہیے کہ اِس عالمِ آب و گِل میں کامیابی و کامرانی کا انحصار علم و ہنر، حہدِ مسلسل اور عملِ پیہم پر ہے، محض مذہب و روحانیت پر نہیں۔ اقبال نے اس حقیقت کو کتنے خوبصورت انداز میں بیان کیا ہے:
اگر قبول کرے دینِ مصطفی (ص) انگریز
سیا روز مسلماں رہے گا پھر بھی غلام
یعنی نتائج و ثمرات اسلام کی آفاقی صداقتوں کو تسلیم کرنے اور علم وہنر کی بنیاد پر ملیں گے محض تغیرِ مذہب کی بنیاد پر نہیں۔