دربار غوثیہ (مچھ، بلوچستان) اور اولیاء اللہ کے مزارات پر دہشت گردانہ حملوں کے خلاف پاکستان عوامی تحریک و تحریک منہاج القرآن کا مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرہ
پاکستان عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام اولیاء اللہ کے مزارات پر بڑھتے ہوئے دہشت گردانہ حملے بالخصوص خانقاہ حضور پیر سیدنا طاہر علاؤالدین القادری الگیلانی رحمۃ اللہ علیہ (دربار غوثیہ مچھ بلوچستان) پر دہشت گردوں کے حملہ کے خلاف پورے ملک میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ لاہور میں 12 فروری2015ء کو منعقدہ احتجاجی مظاہرے میں پاکستان عوامی تحریک و تحریک منہاج القرآن کے قائدین، بزم قادریہ سمیت مختلف مذہبی، سیاسی تنظیموں کے علاوہ جید علماء و مشائخ عظام نے شرکت کی۔ عوام الناس کی کثیر تعداد نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر حملے کی مذمت، حملہ آوروں کی گرفتاری اور مزارات کے تحفظ کے نعرے درج تھے۔
پاکستان عوامی تحریک لاہور کے صدر محترم چوہدری افضل گجر نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضور پیر سیدنا طاہر علاؤالدین القادری الگیلانی رحمۃ اللہ علیہ کے دربار غوثیہ بلوچستان میں دہشت گردی کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ موجودہ حکومت کے دور میں اولیاء کرام کے مزارات اور امن و آشتی کا پیغام عام کرنے والی خانقاہیں مسلسل دہشت گردی کی زد پر ہیں اور حکومت مزارات کو سیکیورٹی فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہے۔ حکمران ایمپلی فائر ایکٹ کا سیاسی استعمال کرتے ہوئے ان مساجد اور درسگاہوں کو نشانہ بنا رہے ہیں جہاں سے دہشت گردی کے خلاف آواز بلند ہوتی ہے۔ ایمپلی فائر ایکٹ کے نام پر ان علماء کے خلاف انتقامی کارروائیاں کی جا رہی ہیں جو پہلے ہی دہشت گردی کے خلاف ہیں۔ ان ہتھکنڈوں سے حکمران دہشت گردی کے خلاف قومی ایکشن پلان کو ناکام کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور اپنی ان حرکتوں سے دہشت گردی کو تقویت دے رہے ہیں۔
تحریک منہاج القرآن لاہور کے ناظم محترم حافظ غلام فرید نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان ظالم حکمرانوں کے دور میں حضرت داتا علی ہجویری رحمۃ اللہ علیہ ، حضرت بابا فرید رحمۃ اللہ علیہ ، عبد اللہ شاہ غازی رحمۃ اللہ علیہ کے مزارات سمیت مساجد، مدرسے، امام بارگاہیں، سکول، ہسپتال اور جید علمائے کرام دہشت گردی کا نشانہ بنے، مگر کسی ایک واقعہ کا دہشت گرد نہیں پکڑا گیا۔ دنیائے اسلام کے اہم علمی و تحقیقی مرکزادارہ منہاج القرآن میں بھی دہشت گرد حکمرانوں نے خون کی ندیاں بہا کر دہشت گردوں کے ایجنڈے کو پورا کیا۔ ہم وفاق، بلوچستان اور پنجاب کی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اولیائے اللہ کے مزارات کی سیکیورٹی کو فول پروف بنائے اور حضور پیر سیدنا طاہر علاؤ الدین کی خانقاہ پر حملہ کرنے والے دہشت گردوں کو گرفتار کر کے عبرت ناک سزا دی جائے۔
آرگنائزر بزم قادریہ محترم شہزاد رسول نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کے اس احتجاجی مظاہرے میں شریک ہر شخص امن و سلامتی کا پیامبر بن کر آیا ہے۔ اگر اولیاء اللہ کے مزارات کی بے حرمتی کو نہ روکا گیا اور دہشت گردوں کو نہ پکڑا گیا تو جلد ہی عظمت صوفیاء کے پاسبان بن کر پورے ملک میں سڑکوں پر نکلیں گے۔ دربار غوثیہ پر حملہ ملکی تاریخ کا سیاہ باب ہے اور دہشت گردوں کو کھلی چھٹی دینے والے قومی مجرم ہیں۔ صوفیاء کرام کروڑوں دلوں میں بستے ہیں انکی حرمت کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والے نیست و نابود ہو جائیں گے۔
احتجاجی مظاہرہ سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق عباسی نے کہا کہ ایک منظم منصوبہ بندی کے تحت اولیاء اللہ کے مزارات اور ائمہ مساجد اور خطباء کے خلاف حکومت کارروائیاں کر رہی ہے اور حکمرانوں کے ایما پر پولیس یہ تاثر پھیلا رہی ہے کہ یہ سب کچھ فوج کی خواہش پر کیا جا رہا ہے۔ ہم فوج کی قیادت سے کہتے ہیں کہ وہ حکمرانوں کی اس سازش پر نظر رکھیں۔ ایسی کارروائیوں سے عوام میں اشتعال پیدا ہو رہا ہے اور اس سے قومی ایکشن پلان کو نقصان پہنچے گا، وفاقی اور بلوچستان کی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ حضور پیر سیدنا طاہر علاؤالدین الگیلانی رحمہ اللہ علیہ کی خانقاہ پر حملہ کرنے والے دہشت گردوں کے ساتھ ساتھ حضرت داتا علی ہجویری رحمۃ اللہ علیہ ، عبد اللہ شاہ غازی رحمۃ اللہ علیہ اور حضرت بابا فرید گنج شکر رحمۃ اللہ علیہ کے مزار ات پردہشت گردی کرنے والوں کو بھی گرفتار کرے۔
مرکزی اور بلوچستان حکومت دہشت گردی کی سفاک کارروائی کے ذمہ دار ہیں۔ دربار غوثیہ مچھ پر حملہ پاکستان کی تاریخ کا سیاہ باب ہے اور دہشت گردوں کو کھلی چھٹی دینے والے قومی مجرم ہیں۔ دربار شریف کو نظر آتش کرنے، قرآنی اوراق کی بے حرمتی اور خادم کو زخمی کرنے والے قومی مجرم ہیں، وہ زیادہ دیر اپنی بزدلانہ کارروائیوں کو جاری نہ رکھ سکیں گے۔
تحریک منہاج القرآن انٹرفیتھ ریلیشنز اور نولکھا پریس بیٹرین چرچ کے زیراہتمام ’’احترام مذاہب سیمینار‘‘
تحریک منہاج القرآن انٹر فیتھ ریلیشنز اور نولکھا پریس بیٹرین چرچ کے زیراہتمام 4 فروری 2015ء کو ’’احترام مذاہب سیمینار‘‘ منعقد ہوا۔ جس میں مسلم، مسیحی، ہندو اور سکھ رہنماؤں نے شرکت کی۔ سیمینار کی صدارت پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر محترم ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کی۔ سیمینار میں صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور محترم طاہر خلیل سندھو، مسیحی رہنما محترم ریورنڈ ڈاکٹر مجید ایبل، محترم سردار بشن سنگھ، محترم سہیل احمد رضا، محترم پنڈت بھگت لال، محترم پادری عمانویل کھوکھر، محترم پادری شاہد معراج، محترم پیر عثمان نوری، محترم مولانا زبیر احمد، محترم مولانا اعجاز احمد، محترم حافظ محمد نعمان، محترم جاوید ولیم، محترم انور گوندل و دیگر سیاسی و مذہبی جماعتوں کے قائدین نے بھی شرکت کی۔
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے محترم ڈاکٹر مجید ایبل نے کہا کہ بدی کی قوتیں مختلف مذاہب کے پیروکاروں کو آپس میں لڑانا چاہتی ہیں لیکن وہ شرمندہ ہوں گی۔ ایسے سیمینارز کا انعقاد نفرتوں کو ختم کر کے محبت کے رویوں کو فروغ دینے کیلئے ہیں۔ گستاخانہ خاکے شائع کرنے والوں کا کوئی مذہب نہیں، وہ شیطان کے نمائندہ ہیں ان پر دہشت گردی کا مقدمہ ہونا چاہیے۔
ڈائریکٹر انٹرفیتھ ریلشنز منہاج القرآن انٹرنیشنل محترم سہیل احمد رضا نے کہا کہ گستاخانہ خاکے شائع کرنے والے انسانیت کے دشمن اور انتہا پسند طبقے کے نمائندے ہیں۔ حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی تعلیمات امن اور محبت پر قائم ہیں، اس لئے انکا کوئی بھی پیروکار ایسی مذموم حرکت نہیں کر سکتا، گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے خلاف پاپائے اعظم پوپ فرانسس کے اظہار یکجہتی کا خیر مقدم کرتے ہیں۔
محترم سردار بشن سنگھ نے کہا کہ سکھ برادری گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کی بھر پور مذمت کرتی ہے، اس شرمناک واقعہ کا جواب تمام مذاہب کو یکجہتی کے ساتھ دینا ہو گا۔ ڈاکٹر طاہرالقادری صاحب امن و محبت کا دوسرا نام ہے، ہم انکی کاشوں کی دل سے قدر کرتے ہیں۔
صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور محترم طاہر خلیل سندھو نے کہا کہ چند شر پسند کبھی بھی دنیا کا امن تباہ نہیں کرسکتے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری تہذیبوں کے ٹکراؤ کے خلاف کام کر رہے ہیں ہم انکی جدوجہد کی قدر کرتے ہیں۔
محترم شاہد معراج نے کہا کہ مکالمہ اچھا عمل ہے، عالمی قوانین کی خلاف ورزی کرنیوالے شرپسندوں کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔
محترم پنڈت بھگت لال نے کہا کہ کوئی شک نہیں کہ ڈائیلاگ ہی مسئلے کا حل ہوا کرتے ہیں۔ حکومت فرانس سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ایسے قبیح فعل میں ملوث عناصر کو فوری گرفتار کرے۔ فرانس حکومت کیلئے ایسے عناصر کا آزاد گھومنا سوالیہ نشان ہیں۔
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے محترم ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کا مذموم عمل بین الاقوامی سطح پر اس حوالے سے قانون سازی کا تقاضا کرتا ہے، تاکہ انبیائے کرام اور الوہی کتابوں کا تقدس پامال کرنے کی کوئی جرات نہ کر سکے۔ حکومت پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری کے عالمی رہنماؤں کو لکھے گئے مراسلے سے رہنمائی لے کر اس معاملے پر متحرک کردار جرات کے ساتھ کردار ادا کرے۔ مذاہب کے درمیان نفرت پھیلانے والے بد ترین لوگ ہیں۔ گستاخانہ خاکے شائع کرنے والوں نے جو مذموم عمل کیا ہے اس پر تمام مذاہب کے رہنما سراپا احتجاج ہیں۔ ایسے لوگوں کے خلاف عالمی عدالت انصاف میں مقدمہ چلایا جائے۔ ایسے شر پسند لوگ امن عالم کیلئے کی جانیوالی کوششوں کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔
احترام مذاہب سیمینار کے شرکاء نے متفقہ طور پر دہشت گردی کے خاتمے، انتہا پسندی اور گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کو تمام مذاہب کے خلاف سازش قرار دیا اور اس گھناؤنے عمل کو پوری دنیا کے امن کو تباہ کرنے کے مترادف قرار دیا۔
محترم ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کا دورہ جنوبی پنجاب
گذشتہ ماہ محترم ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے صدر PAT محترم ڈاکٹر رحیق احمد عباسی اور دیگر مرکزی قائدین کے ہمراہ جنوبی پنجاب کا دورہ کیا۔ اپنے اس دورہ کا آغاز انہوں نے رحیم یار خان سے کیا۔ جہاں ایک عظیم الشان ورکرز کنونشن ہوا جس میں محترم ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے خصوصی گفتگو کی۔ بعد ازاں آپ نے اسلامک سنٹر کا دورہ کیا اور ورکرز سے ملاقات کی۔
رحیم یار خان اور اس سے ملحقہ علاقوں کا دورہ کرنے کے بعد آپ کوٹ مٹھن شریف تشریف لے گئے جہاں آپ نے عظیم صوفی بزرگ حضرت خواجہ غلام فرید رحمہ اللہ علیہ کے سالانہ عرس کے موقع پر منعقدہ قومی امن کانفرنس میں خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر آپ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوفیائے کرام نے ہمیشہ قرآن و سنت سے امن و آشتی کے پیغام کو اپنے کردار سے بیان کیا۔ آج کے موجودہ ملکی حالات کو بہتر کرنے کے لئے صوفیاء کرام کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ جس طرح صوفیاء کرام نے اپنے اخلاق و کردار سے دنیا میں اسلام کا جھنڈا لہرایا۔ اسی طرح اس مظلوم، غریب اور بے بس عوام کو ظالموں سے نجات دلانے کے لئے ایک بار پھر رسم شبیری ادا کرنے کی ضرروت ہے۔ کیونکہ موجودہ سیاسی لیڈر شپ کے قول و فعل کے تضاد اور ظاہری دنیاوی طاقت کو ہر قیمت پر مٹھی میں بند رکھنے کی منفی سوچ نے پاکستان کو ایک معتدل اسلامی اور انسانی معاشرے کے طور پر پنپنے نہیں دیا۔ قوم نے دہشت گردوں کے بہت زخم کھائے مگر حکمرانوں کے ہاتھ مرہم رکھنے کیلئے نہیں بڑھے۔ دہشت گردی کے خلاف لڑنے والوں سے حکمران لڑیں گے تو دہشت گردی ختم نہیں ہو گی۔ موجودہ حالات میں ہم قائد انقلاب کی زیر قیادت پرامن مصطفوی انقلاب کی جدوجہد سے دہشت گردی اور ظلمت کا خاتمہ کریں گے۔
انہوں نے مستقبل کے معمار نوجوانوں سے کہا کہ ان کو علمی و فکری انقلاب کے لئے جدوجہد تیز کرنی ہوگی۔ اقبال کے یہ شاہین ہر نقش کہن کو مٹائیں گے اور ایک جدید اسلامی فلاحی پاکستان کی داغ بیل ڈالیں گے۔ اگر عالم اسلام اپنے وسائل اور دنیاوی طاقت کے مطابق علم اور تحقیق کی سطح پر اپنا عالمی کردار ادا کر رہا ہوتا تو کسی کو توہین آمیز خاکوں کی اشاعت کی جرات نہ ہوتی۔ عالم اسلام بالخصوص پاکستان کی ترقی کا راستہ صرف اور صرف علم کا حصول ہے۔
اس موقع پر آپ نے تصوف کے حوالے سے بھی نہایت علمی و روحانی نکات بیان فرمائے۔ اس کانفرنس میں موجود سینکڑوں علماء و مشائخ نے محترم ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کے خطاب کو سراہتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا۔
محترم پیر پگارو کے فرزند محترم پیر سید محمد عثمان راشدی کی تحریک منہاج القرآن میں شمولیت
گذشتہ ماہ تحریک منہاج القرآن سندھ کے امیر محترم مخدوم ندیم احمد ہاشمی کے تنظیمی دورے میرپور خاص گئے۔ آپ نے وہاں مختلف سرکردہ شخصیات سے ملاقاتیں کیں۔ اس موقع پر سندھ کی معروف شخصیت محترم پیر پگارو کے فرزند محترم پیر سید محمد عثمان راشدی نے تحریک منہاج القرآن میں شمولیت کا اعلان کیا۔ اس موقع پر ممتاز علی سیال نائب صدر پاکستان عوامی تحریک سندھ، خالد بابا ضلعی صدر پاکستان عوامی تحریک میرپور خاص، علامہ غلام حسین خاص خیلی عبدالستار چوھان، حاجی چراخ الدین ملک اور معززین علاقہ نے خصوصی شرکت کی۔
منہاج یورپین کونسل کی تنظیم نو
منہاج القرآن انٹرنیشنل کی یورپین ممالک میں موجود تنظیمات کی نگران باڈی منہاج یورپین کونسل کا 2 سالہ دورانیہ مکمل ہونے پر منہاج القرآن انٹرنیشنل کی مرکزی قیادت کی طرف سے سال 2015 تا 2017ء کے لئے درج ذیل نئی ٹیم کا انتخاب عمل میں لایا گیا:
صدر: محترم اعجاز احمد وڑائچ (ناروے)، سیکرٹری جنرل: محترم بلال اپل (ڈنمارک)، سینئر نائب صدر: محترم چودھری اقبال وڑائچ (اٹلی)، نائب صدر: محترم ظل حسن قادری (سپین)، نائب صدر: محترم حاجی محمد اسلم (فرانس)، جوائنٹ سیکرٹری: محترم قاضی محمد ہارون (فرانس)، سیکرٹری میڈیا: محترم افضال مرزا(اٹلی)، صدر منہاج سکالر فورم: محترم علامہ نور احمد نور (ناروے)، سیکرٹری جنرل منہاج سکالر فورمز: محترم علامہ عبدالستار سراج(ڈنمارک) ، ایگزیکٹو ممبرز: محمد اقبال چوہدری، محمد افضل انصاری (ناروے) ساجد محمود (اٹلی)
- منہاج پیس اینڈ انٹیگریشن (مصالحتی کونسل)۔۔۔ صدر: محمد اقبال شاہ(اٹلی) سیکرٹری جنرل: قیصر نجیب (ڈنمارک)
- منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن۔۔۔۔۔ صدر: حافظ محمد اقبال اعظم (فرانس)، سیکرٹری جنرل: حاجی ارشد جاوید (اٹلی)
- منہاج ویمن لیگ/ منہاج سسٹر لیگ۔۔۔۔ صدر: سمیرا رفاقت (بیلجیم)، سیکرٹری جنرل: طاہرہ فردوس (ناروے)
- منہاج یوتھ لیگ۔۔۔۔۔ صدر: چن نصیب، سیکرٹری جنرل: محمد عمر مرزا (ہالینڈ)