صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل کا دورۂ سندھ - خصوصی رپورٹ

صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے ماہ فروری 2025ء میں کراچی اور اندرون سندھ کا تنظیمی، دعوتی دورہ کیا۔ اس دورہ کے دوران کراچی میں شاندار پروگرامز، سیمینارز اور سیرت النبی ﷺ کانفرنس سے تاریخی خطاب کیا۔ صدر منہاج القرآن نے اپنے اس دورہ کے دوران حیدرآباد، ماتلی، دمبالو، ٹنڈو جان محمد، نواب شاہ، درگاہ پیر ذاکری سکرنڈ، کرونڈی شریف، لاڑکانہ اور ڈہرکی میں عوامی سطح پر عظیم الشان کانفرنسز اور سیمینارز میں شرکت کی اور خطابات کئے۔ پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کے ان پروگرامز میں علماء و مشائخ، سیاسی، سماجی راہ نماؤں، منہاج القرآن کے کارکنان اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے مرد و خواتین کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ دورے کے انتظام و انصرام نائب ناظم اعلیٰ سندھ مظہر محمود علوی نے کئے اور ان تمام پروگرامز کے حوالے سے بہترین کوآرڈینیشن کی اور صدر منہاج القرآن کے اس دورہ کو تاریخی بنانے کے حوالے سے سخت محنت کی۔

پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے اپنے خطابات میں امن، محبت، رواداری اور اعتدال پسندی کی تعلیمات کو عام کیا۔ اُن کا کہنا تھا کہ حضور نبی اکرم ﷺ نے حیات طیبہ کا ہر لمحہ نفرتوں کو ختم کرنے، اللہ کی توحید بیان کرنے اور انسانیت کے لئے آسانیاں پیدا کرنے پر محنت کی۔ حضور نبی اکرم ﷺ کی اسی سُنت مبارکہ کی متابعت میں منہاج القرآن اتحادِ اُمت اور انسانی خدمت پر محنت کررہا ہے اور قرآن و سُنت کی حقیقی تعلیمات کا پیغام دے رہا ہے۔

پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے اپنے اس تاریخی دورہ کے موقع پر اسلامیان سندھ و دیگر کمیونٹیز کو یہ پیغام دیا کہ تنگ نظری، نفرت، شدت پسندی اور انتہا پسندی کو اپنے ماحول سے دور کر دیں۔ سندھ کی دھرتی امن سے محبت کرنے والوں کی دھرتی ہے۔ سندھ باب الاسلام ہے۔ سندھ ہزاروں سال کے تاریخی، تہذیبی ورثوں کو محافظ خطہ زمین ہے۔ سندھ پہلے بھی مصطفوی مشن کا مرکز تھا، سندھ اب بھی مصطفوی مشن کا عظیم قلعہ ہے۔

پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے میرپور بھٹورو، ٹنڈو محمد خان، ماتلی، دمبالو، ڈگری، اسلام کوٹ، میروا، میرپور خاص سٹی، شھداد پور، ٹنڈو آدم، دولت پور، بھریا، مورو، بھان سید آباد، سیہون شریف، دادو، خیرپور ناتھن شاہ، اگڑہ لاڑکانہ، میرو خان، شھداد کوٹ، شکار پور، سلطان کوٹ، تنگوانی، ٹھل، جیکب آباد، گھوٹکی، میرپور ماتھیلو اور ڈھرکی کی تنظیمات کی بہترین ورکنگ پر مبارکباد دی اور بطورِ خاص تحریک منہاج القرآن کراچی کے زیرِ اہتمام رحمۃ للعالمین کانفرنس اور یوتھ سیمینار، حیدرآباد میں اتحاد امت کانفرنس، دمبالو میں عظیم الشان ختم نبوت کانفرنس، نواب شاہ میں فقید المثال شان اہل بیت علیہم السلام کانفرنس، لاڑکانہ میں شیخ الاسلام کانفرنس اور ڈھرکی میں عظیم الشان شانِ مصطفیٰ ﷺ کانفرنس کے مثالی انتظامات کو سراہا۔

اسی دورہ سندھ کے دوران درگاہ پیر ذاکری سکرنڈ میں پیر سید منیر شاہ جیلانی ذاکری صاحب کی میزبانی میں عظیم الشان مشائخ کانفرنس ہوئی۔ منھاج القرآن ویمن لیگ کے پلیٹ سے لاڑکانہ میں سیدہ کائنات سلام اللہ علیہا کانفرنس اور چیمبر آف کامرس نواب شاہ میں بھی علمی و فکری سیشن ہوا۔ صدر منہاج القرآن نے تاریخی سیمینارز اور کانفرنسز کے مثالی انتظامات پر میر سیف اللہ خان بھنگر، ریاض احمد نقشبندی، شبیر احمد کھرل، حفیظ اللہ بلوچ، علی محمد شاہ شیرازی قادری، کلیم جٹ ایڈوکیٹ، کاشف قادری، سعید میمن، انور قریشی، غلام حسین منہاجین، فہیم اکبر عباسی، سید زاہد علی شاہ بخاری، یونس دھامرہ، حفیظ اللہ شاہ، عزیز شیخ، دیدار علی سومرو، وقار یونس قادری، نایاب انصاری، زوہیب حسین، حافظ کاشف کمبوہ، حافظ جمن، علامہ کامران، میر ارشد، محمد مٹھل انصاری، طارق مصطفوی، فرحان منھاج، محمد رضا، نبی بخشش، عدنان شاہ، حاجی عبد الرزاق، انعام نیازی، سمیع اللہ سریانی، محمد شفیع لاڑک کو مبارکباد دی۔ پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے منہاج القرآن ویمن لیگ حیدرآباد، ڈگری، نواب شاہ، مورو، بھان سید آباد، دولت پور، شھداد پور اور لاڑکانہ کی خواتین عہدیداروں کو مبارکباد دی اور پاکستان عوامی تحریک سندھ کے صدر ندیم نقشبندی، منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن سندھ کے کوآرڈینیٹر میر سیف اللہ خان بھنگر، سوشل میڈیا ہیڈ تحریک منہاج القرآن سندھ محمد مٹھل انصاری، مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ سندھ کے صدر یاسر کھوسو، منہاج یوتھ لیگ سندھ کے صدر غلام مصطفیٰ بلوچ، منہاج القرآن علماء کونسل کے مرکزی ناظم علامہ اشفاق احمد چشتی اور منہاج القرآن ویمن لیگ سندھ کی مرکزی ناظمہ باجی صائمہ نور صاحبہ کو مثالی انتظامات پر مبارکباد دی۔

بینائے اُمت سیمینار

منہاج القرآن انٹرنیشنل کے صدر پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کا کراچی میں بینائے اُمت سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ انسانیت کی بہترین خدمت علم کا نور بانٹنا ہے۔ منہاج القرآن اور شیخ الاسلام پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے نسلوں کی تعلیم و تربیت کے مثالی ادارے قائم کئے۔ شیخ الاسلام نے اپنی علمی و تحقیقی خدمات سے اُمتِ مسلمہ کو ایک ایسا خزانہ عطاء کیا ہے جو رہتی دنیا تک تشنگانِ علم کی علمی پیاس بجھاتا رہے گا۔ انہوں نے ہزار ہا کُتب کی صورت میں مستند علم دیا۔ انہوں نے محض سوانح نہیں بلکہ سیرت کے ہر پہلو کو قرآن و سنت کی روشنی میں اجاگر کیا۔ اغیار نے ہمیشہ نوجوانوں کے دلوں کو عشق مصطفی ﷺ سے خالی کرنے کی سازشیں کیں۔ شیخ الاسلام کی سیرت نگاری کا مرکز و محور فروغِ عشق مصطفی ﷺ ہے۔ شیخ الاسلام نے اپنے خطابات اور تصانیف کے ذریعے اُمت کا یہ شعور دیا کہ سیرت نبوی ﷺ صرف تاریخی بیان نہیں بلکہ زندگی کے ہر پہلو میں راہ نمائی کا مکمل ضابطہ ہے۔

شیخ الاسلام کی تجدیدی خدمات ہرپہلو سے ہمہ جہتی ہیں۔ آپ نے اتحادِ اُمت، اُخوت و بھائی چارہ، بین المسالک ہم آہنگی، بین المذاہب رواداری، فلاحی و تعلیمی اُمور کے ساتھ ساتھ رجوع الی القرآن و رجوع الی الرسول ﷺ کی تعلیمات کو اُجاگر کیا۔ پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کاکہنا تھا کہ شیخ الاسلام کی سرپرستی میں یتیم بچوں کی تعلیم و تربیت کے لئے آغوش آرفن کیئرہوم اورمستحق طلباء کے لئے ہزار ہا سکالر شپس کا نظام قائم کیا۔ منہاج القرآن کے رفقائے کار و ذمہ داران کی یہ تحریکی ذمہ داری ہے کہ وہ علم و امن کی اس روشنی کو گھر گھر پہنچائیں۔ محبت و بھائی چارہ کو فروغ دیں۔

اس موقع پر 74 ویں سالگرہ کی مناسبت سے کیک بھی کاٹا گیا۔ تقریب میں تقریب میں مرکزی صدر پاکستان عوامی تحریک قاضی زاہد حسین، صدر تحریک منہاج القرآن کراچی مسعود احمد عثمانی، مرکزی صدر منہاج یوتھ لیگ رانا وحید شہزاد، ناظم تحریک منہاج القرآن کراچی عتیق چشتی، سید ظفراقبال، مفتی مکرم خان قادری، شاہد حسین راجپوت، فیضان کلیم، شیخ عماد الدین، جواد انصاری، نصرت رعنا ڈار، فوزیہ جنید سمیت تحریک منہاج القرآن کے جملہ فورمز کے قائدین و کارکنان اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات شریک ہوئیں۔

المواخات برانچ کا افتتاح

کراچی میں اپنی نوعیت کی پہلی المواخات مائیکرو فنانس کمپنی کی برانچ کا افتتاح کرتے ہوئے منہاج القرآن انٹرنیشنل کے صدر و چیف ایگزیکٹو آفیسر ’’المواخات‘‘ پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا کہ اسلام سماجی، معاشی انصاف پر زور دیتا ہے، غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزارنے والوں کی تعداد بڑھ رہی ہے۔ معاشی مسائل ام المسائل ہیں، ان کا حل ڈھونڈے بغیر پرامن اور معتدل سوسائٹی کے قیام کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا۔ حضور نبی اکرم ﷺ نے ہجرت مدینہ کے بعد سب سے پہلا اقدام مالی اعتبار سے کمزور افراد کی معاشی بحالی اور کفالت کا اٹھایا اور انسانیت کو معاشی بھائی چارہ قائم کرنے کی سوچ دی۔ آپ ﷺ کے حکم پر آسودہ حال افراد نے کمزور طبقات کو اپنے وسائل میں شامل کیا۔ یہ مستحسن عمل مواخات مدینہ کے نام سے مشہور ہوا۔ منہاج القرآن کے پلیٹ فارم سے افراد کی باوقار معاشی بحالی کے لئے فکری اور عملی سطح پر تسلسل کے ساتھ کام ہورہا ہے۔ معاشی کفالت کے حصول کے لئے جدوجہد کرنا عبادت ہے۔

انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن کے پلیٹ فارم سے پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار زکوٰۃ کی تقسیم کے نظام میں تبدیلیاں تجویز کی گئی ہیں۔ اسلام کا معاشی نظام فرد کی خودانحصاری کی بات کرتا ہے مگر جس طریقے سے زکوٰۃ تقسیم کی جارہی ہے اس سے مستقل بھکاری بنائے جارہے ہیں۔ زکوٰۃ کی رقم سے چھوٹے چھوٹے کاروبار کروائے جائیں اور ہنر مند بنانے پر یہ رقم خرچ کی جائے۔ ہر سال زکوٰۃ لینے والوں کی تعداد اگر کم ہونے کی بجائے بڑھ رہی ہے تو اس کا مطلب ہے جن مقاصد کے لئے زکوٰۃ تقسیم کی جارہی ہے وہ پورے نہیں ہورہے اور یہ لمحہ فکریہ ہے۔ اس پلیٹ فارم سے متوسط اور ضرورت مند افراد کو کاروبار کے لئے مالی معاونت مہیا کی جائے گی۔ روزگار کے مواقع بڑھانے اور اقتصادی پہیہ چلانے کے لئے چھوٹے کاروبار قائم کرنے کے معاشی کلچر کو پروان چڑھانا ہوگا۔ افتتاحی تقریب میں محمد مسعود عثمانی، ڈاکٹر سلیم اشرف، امجد علی، جمیل الرحمن خان( جوائنٹ ڈائریکٹر سٹیٹ بینک آف پاکستان)، محمد اسلام احمد، نعمان عبدالمجید، اقبال مصطفوی، حافظ عمران، نوید عالم نے شرکت کی۔

ڈہرکی میں شانِ مصطفی ﷺ اور اتحادِ اُمت کانفرنس

پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے تحریک منہاج القرآن ڈہرکی کے زیرِ اہتمام منعقدہ شانِ مصطفیٰ ﷺ اور اتحادِ امت کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیرتِ مصطفیٰ ﷺ اُمت کے لیے کامل نمونہ ہے، جس میں اتحاد، محبت، اخوت اور بھائی چارے کا درس ملتا ہے۔ نبی کریم ﷺ نے مدینہ کی ریاست میں مواخاتِ مدینہ قائم کرکے عملی طور پر امت کو اتحاد اور یکجہتی کی تعلیم دی۔ آپ ﷺ کی سیرت ہمیں سکھاتی ہے کہ رنگ، نسل، زبان اور علاقے کی تفریق سے بالاتر ہوکر صرف ایمان اور محبت رسول ﷺ کی بنیاد پر امت کو جوڑا جائے۔

کراچی میں رحمتِ عالم ﷺ کانفرنس

کراچی کے علاقے گلشن حدید میں منعقدہ ’’رحمتِ عالم ﷺ کانفرنس‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا کہ تاجدارِ کائنات ﷺ کی پیروی میں ہی کامیابی ہے۔ آپ ﷺ نے اتحادِ اُمت کی تعلیم دی۔ اللہ رب العزت کا حکم ہے ’’ اور تم سب مل کر اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھام لو اور تفرقہ مت ڈالو‘‘ اللہ کی رسی قرآن اور حدیث و سُنتِ رسول ﷺ ہے۔ جب اُمت اپنے مسائل و معاملات کے حل کے لئے اتباعِ رسول ﷺ کا راستہ اختیار کرے گی تو اُسے اندھیرے میں روشنی دکھائی دے گی۔ کانفرنس میں مرکزی صدر پاکستان عوامی تحریک قاضی زاہد حسین، صدر منہاج القرآن کراچی مسعود احمد عثمانی، ناظم عتیق احمد چشتی، راؤ محمد طیب، مرکزی صدر منہاج یوتھ لیگ رانا عبدالوحید، علماء کرام اور مشائخ عظام جن میں علامہ محمد اکرم سعیدی (ناظم اعلیٰ جماعت اہلسنت سندھ)، مفتی محمد مکرم خان قادری، صوفی گلزار، علامہ اسلم الرحمن حسینی، علامہ قاری محمد رمضان، صوفی خالد اقبال، سید مصباح الرحمن حسینی، علامہ محمد اسلام، ڈاکٹر محمد اسحاق مصطفائی، ڈاکٹر محمد عمران گھمن، ڈاکٹر محمد شوکت، علامہ سید وسیم الحق، محمد طفیل، پیر لیاقت علی شاہ، چودھری محمد حسین، عبدالغفار سمیت متعدد سیاسی، سماجی اور مذہبی رہنما بھی شریک تھے۔